وحدت نیوز(لیّہ) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری تنظیم سازی سید عدیل عباس زیدی نے ماہ مبارک رمضان میں بڑھتی ہوئی گرانفروشی اور لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقدس مہینہ میں روزہ داروں کیلئے مشکلات کھڑی کرنا پاکستان جیسے اسلامی ملک کے لئے ہرگز شایان شان نہیں۔ ضلع لیہ کے علاقہ چوک اعظم میں افطار ڈنر کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ ملک بھر کی طرح جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے، حکمرانوں کے تمام تر دعووں کے باوجود شدید گرمی میں روزہ داروں کو بجلی بندش کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت 2 سال میں لوڈشیڈنگ کرنے کے وعدے سے مکر گئی ہے، عوام ان دھوکہ باز حکمرانوں کو اچھی طرح جان چکے ہیں۔ انہوں نے ماہ مبارک میں بڑھتی ہوئی گرانفروشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مبارک مہینہ میں بھی گرانفرشی اور ذخیرہ اندوزی گناہ سے کم نہیں، حکومتی نمائندے سستا بازاروں میں پہنچ کر تصاویر بنوانے کی بجائے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کریں اور گرانفروشوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔