وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام ملک بھر میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، دیگر صوبوں کی طرح جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی یوم احتجاج منایا گیا، ملتان میں نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الحسین نیو ملتان سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، ضلعی سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی، علامہ قاضی نادر حسین علوی اور مولانا عمران ظفر نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے حکومت سے دہشتگردوں، قاتلوں اور تکفیریوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ شیعہ مسلمانوں کے خلاف مسلسل ٹارگٹ کلنگ کی لہر جاری ہے، حکومت کی خاموشی قابل مذمت ہے، ڈیرہ اسماعیل، کراچی، بہاولپور میں شیعہ مسلمانوں کے خلاف جاری کارروائیاں قابل مذمت ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ افسوس کی بات ہے ابھی تک کسی بھی حکومتی عہدیدار نے ان واقعات کی مذمت تک نہیں کی، موجودہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ حالیہ دہشتگردی کے واقعات کا فوری نوٹس لیا جائے اور دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، علامہ قاضی نادر حسین علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایک بار پھر منظم سازش کے تحت فرقہ وارانہ کھیل کھیلا جا رہا ہے، حکومت نے اگر اس کا فوری ایکشن نہ لیا تو آگ مزید پھیلے گی۔ اُنہوں نے نیوزی لینڈ میں نماز جمعہ پر ہونے والے بیہمانہ قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن اس وقت اسلام سے خوفزدہ اور اسلام کے بڑھتے ہوئے رجحان سے پریشان ہے۔