وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں رُکن صوبائی اسمبلی اورحلقہ پی بی 2 کوئٹہ 2 کے عوامی نمائندے آغا محمد رضارضوی نے گزشتہ روز کراچی میں رونماہونے والے واقعہ کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے جس میں 13 پولیس کمانڈوزنے جام شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کراچی میں 13 پولیس کمانڈوزپرطالبان دہشت گردوں کے حملے کوبزدلانہ اورسفاکانہ فعل قراردیتے ہوئے کہاکہ طالبان کسی نرمی کے مستحق نہیں۔ انسان دشمن اورپاکستان دشمن طالبان کے ساتھ حکومت کاامن مذاکرات لاحاصل ہے۔
کراچی اورپشاورمیں حالیہ دہشت گردانہ کاروائیاں حکومت کے لئے کھلاپیغام اورریاستی اداروں کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے کہ طالبان ملک بھرمیں پھیلے ہوئے ہیں اوروہ جب چاہیں، جہاں چاہیں معصوم انسانوں کواپنے دہشت گردانہ کاروائی کا نشانہ بناسکتے ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ طالبان متعددبارکہہ چکے ہیں کہ پاکستان کا جمہوری نظام کافرانہ ہے۔ جس کو وہ کبھی بھی تسلیم نہیں کرسکتے۔ اگروہ پاکستان کے آئین کومانتے توانہیں جنگ کرنے کی ضرورت ہی کیاتھی؟طالبان کسی ابہام کا شکارنہیں۔ وہ پورے پاکستان پراپنی طرزکی شریعت کانفاذچاہتے ہیں۔ اگرابہام یا خوش فہمی کاشکارہیں تووہ حکومت اور چند سیاسی ومذہبی جماعتیں ہیں جن کی طالبان دہشت گردوں کے خلاف آوازبلندکرتے ہوئے خوف کے مارے ٹانگیں کانپتی ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ آنکھیں بندکردینے سے بلی اُن پر حملہ آورنہیں ہوگی۔جبکہ ایسا ہرگزنہیں۔طالبان کو جب کبھی جہاں بھی موقع ملے وہ معصوم انسانوں پرحملہ کرنے سے گریزنہیں کرتیں۔اس کے لئے انہیں کسی وجہ کی ضرورت نہیں۔
آغارضانے اُن حلقوں پرتعجب کا اظہارکیاجو نام نہاد حکومت طالبان مذاکرات کو امن کے لئے امیدکی کرن سے تعبیرکرتے ہیں۔اور عوام کوبے وقوف بناکرہمیشہ کے لئے اپنی کھوئی ہوئی سیاسی ساکھ اورچودھراہٹ کو دوبارہ بحال کرنے کرنے کے خواب دیکھ رہی ہیں۔لیکن وہ نہیں سمجھتے کہ عوام باشعورہیں اوراب مزیداُن کے دقیانوسی اوررَٹے ہوئے من گھڑت اوربے بنیادچکنی چپٹی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ عوام کواچھی طرح معلوم ہے کہ ایم ڈبلیوایم ہی اُن کے مشکل وقت میں اُن کے کام آیاہے۔ایم ڈبلیوہی اُن کے دکھ درد میں ہمیشہ سے اُن کے ساتھ شریک رہاہے۔ ایم ڈبلیوہی وہ سیاسی جماعت ہے جس نے مظلوم ہزارہ قوم کوکوئٹہ میں تنہائی سے نکال کر پاکستان کے دیگرسنی شیعہ عوام کے ساتھ متحدویکجاکردیاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک پاکستان میں قیام امن کی بات ہے، پاکستان کے ہرمظلوم کی حمایت اورہرظالم کے خلاف آوازبلندکرنے کی بات ہے یا پاکستان میں قومی، مذہبی و سیاسی ہماہنگی ، رواداری و بھائی چارے کی بات ہے تو اس کے لئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہر فورم پرتمام معتدل ، وسیع القلب ، روشن فکر، ترقی پسند، انسان دوست و تعلیم دوست قومی، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ کام کررہی ہے۔ اوراِن مقاصد کے حصول کے لئے کسی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گی۔دہشت گردکاکوئی قوم، دین یا فرقہ نہیں ہوتا۔ ہماری نظرمیں پاکستان میں کوئی بھی شخص چاہے اس کا کسی بھی قوم، مذہب یا فرقے سے تعلق ہواگروہ بے گناہ ماراجاتاہے تو وہ شہیدہے۔ اوراس کی جان لینے والادہشت گرداورظالم ہے۔