وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین نے آج 28 فروری کو آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے یوم مذمت طالبان منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات اور رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے پارٹی دفتر میں کونسلر کربلائی رجب علی مہدی، حاجی عمران اور کامران حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دنوں لاہور میں 50 سے زائد جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق ہم بلوچستان میں بھی آج 28 فروری کو یوم مذمت طالبان منا رہے ہیں۔ نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے ہونگے، جبکہ مغرب کے بعد دعائیہ تقریب اور علمدار روڈ سے مشعل بردار ریلی بھی نکالی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں آگ اور خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے۔ گذشتہ دو روز میں چھ شیعہ عمائدین، علماء، پروفیسرز اور جوانوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جاچکا ہے۔ لیکن کراچی میں قانون نافذ کرنیوالے ادارے اور سندھ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
رکن بلوچستان اسمبلی کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والوں میں پروفیسر سلمان علی آغا، سرور عباس، شہزاد حسین، حماد رضا، صفدر عباس اور پروفیسر تقی ہادی شامل ہیں۔ یہی حال کوئٹہ اور بلوچستان کا بھی ہے۔ آئے روز دہشتگردانہ کارروائیوں سے شہری پریشان ہے۔ کل سریاب روڈ پر ڈاکٹر سید فائق حسین پر فائرنگ کی گئی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت ان ملک دشمن عناصر کے خلاف مکمل ایکشن لے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سندھ حکومت نے ملت جعفریہ کے عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس نہ لیا اور قاتلوں کو گرفتار نہ کیا تو ہم سندھ حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ جمعہ 28 فروری کو یوم مذمت طالبان میں ہمارا بھرپور ساتھ دیں۔