وحدت نیوز (مظفرآباد) تعلیمی پیکچ بہترین ، عملددرآمد شفاف طریقے سے ہونا چاہیے ، کسی برادری ،پارٹی یا مخصوص طبقے کو فائدہ پہنچانے کے بجائے میرٹ کی بالا دستی کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد کشمیر کے سیکرٹری تعلیم مولانا سید طالب حسین ہمدانی نے آزاد کشمیر کے تعلیمی پیکچ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اگر تو تعلیمی پیکچ تعلیمی انقلاب کے لیے ہے، سکولوں کی حالت زار بہتر بنانے کے لیے ہے، تعلیم کو عام کرنے کے لیے ہے، غریب کی فلاح کے لیے ہے، میرٹ کی بالا دستی کے لیے ہے ۔ تو مجلس وحدت مسلمین اسے سراہتی ہے، لیکن اگر یہ الیکشن کمپین ہے، جیالا نوازی کا ایک پروگرام ہے، سیاست برائے سیاست ہے، میرٹ کے بجائے وزراء کا کوٹہ ہے، تو اسے کسی طور پر بھی قبول نہیں کیا جائے گا۔ مولانا طالب ہمدانی نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت کی نیت اچھی ہو گی ، تعلیمی اصلاحات کے لیے اس نے اس پیکچ کا اعلان کیا ہو گا، اور آزاد کشمیر میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کی خاطر اسے شفاف طریقے سے نافذ کرے گی۔