وحدت نیوز (مظفرآباد) شہادت امام حسین ؑ میں ایسی حرارت جو کبھی دلوں کو ٹھنڈا نہیں ہونے دے گی، کربلا ایسا معجزہ حسینی کہ تا قیام قیامت اپنا درس دیتا رہے گا، انتظامیہ آزاد کشمیر بھر میں چہلم جلوسوں کے فول پروف سیکورٹی کا اہتمام کرے ، چہلم سید الشہداء ؑ شایان شان طریقے سے منایا جائے، عزادار رسولؐ گرامی قدر کو ان کے بیٹے کا پرسہ دیں گے، ان خیالات کا اظہار ریاستی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے سلطان پور پٹھاناں میں مجلس عزا سے خطاب کے بعد معززین علاقہ سے ملاقات کے دوران کیا ، انہوں نے کہا کہ جب تک کائنات باقی ہے ذکر حسین جاری رہے گا، شہادت امام حسین ؑ مومنوں کے دلوں میں ایسی حرارت جو کبھی ٹھنڈا نہیں ہونے دے گی۔ کربلا ایسا معجزہِ حسین ؑ کہ تاقیام قیامت اپنا درس جاری رکھے گا۔ مظلوموں محروموں و محکوموں کو درس حریت دیتا رہے گا، کربلا میں چہلم امام حسین ؑ کے موقع پر دو کروڑ سے زائد افراد کا جمع ہونا اس بات کی واضح دلیل ہے کہ باطل جتنی کوششیں کر سکتا ہے کر لے ، جتنے حربے استعمال کر سکتا ہے کر لے ، لیکن رسول ؑ کے بیٹے کے ذکر کو کبھی نہیں دبا سکے گا۔ وہ کہ جس نے اسلام کی بقاء کے لیئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا ، وہ کہ جس نے نیزے کی نوک پر بھی قرآن پڑھ کر لشکر یزید کو بتا دیا کہ تم زندہ رہ کر بھی مردہ باد ہو ہم سرکٹا کر بھی زندہ باد ہیں ، یزید کو داخل دشنام کا دیا، نام یزید گالی بن کر رہ گیا، نام حسین ؑ تا ابد زندہ باد ہو گیا۔ علامہ تصور جوادی نے کہا کہ اس سال بھی چہلم سید الشہدا ؑ بھرپور انداز میں منایا جائے گا، ملک بھر کی طر ریاست میں بھی چہلم کے جلوسوں کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں عزادارن امام مظلوم ؑ رسول ؐ کو پرسہ پیش کریں گے، انتظامیہ فول پروف سیکورٹی انتظامات کرے ۔