وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رکن شوریٰ عالی و ممبر صوبائی اسمبلی آغا رضا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بے روزگاری صوبہ بلوچستان کے اہم ترین مسائل میں سے ایک ہے بے روزگاری کی وجہ نوجوان منشیات اور دیگر منفی سرگرمیوں کی طرف رجحان پیدا کر رہے ہیں اور ھماری نوجوان نسل تیزی سے تباہی کی طرف بڑھ رہی ہے ایسی حالت میں صوبے کے نوجوانوں کو روزگار مہیا کرنا خوش آئند بات ہے تاہم وزراء اور دیگر زمہ داروں کے رویوں سے لگ رہا ہے کہ اس مسئلے میں بھی بڑی سطح بد عنوانیاں رو نما ہوگی اور قومیت کی نام پر بھرتیاں کر کے بعض اقوام خصوصاً ہزارہ قوم کے جوانوں کو ان ملازمتوں سے محروم رکھا جائے گا یا پھر برائے نام چند ایک بھرتیاں کی جائیں گی ۔ ہزارہ قوم کے جوان ہمیشہ سے اپنی قابلیت اور میرٹ کی بنیاد پر ملازمتیں حاصل کرتے رہے ہیں لیکن گزشتہ چند سالوں میں بھرتیوں کے ریکارڈ سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ہزارہ قوم کو سرکاری محکموں سے وائٹ واش کرنے کا پروگرام بنا لیا گیا ہے موجودہ صوبائی حکومت کے پہلے ڈھائی سالہ دور میں تو ملازمتوں میں ہزارہ قوم کو مکمل نظر انداز کیا گیا اور وزراء اور سیکریٹریز نے میرٹ کو پامال کرتے ہوئے قومیتوں کی بنیاد پر بھرتیاں کر کے قوم پرستی کو ہوا دی۔ اور اب بھی ان کے غیر زمہ دارانہ رویوں کی وجہ سے صوبے کے قابل نوجوانوں میں احساس محرومی بڑھ رہی ہے موجودہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنائاللہ زہری صوبے کے تمام محکوم اقوام کے لیے امید کی ایک کرن بن کر سامنے آئے ہیں لہذا ان سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ میرٹ پر بھرتیوں کو یقینی بنائیں اور ہزارہ قوم کے جوانوں پر خصوصی توجہ دیں اور انھیں ملازمتیں دیکر ان کے احساس محرومی کا ازالہ کریں۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا متنازعہ کردار اور متعصبانہ طرز عمل ان کے اقتدار اور امریکہ کی سالمیت کے لیے سخت نقصان دہ ثابت ہو گا۔ صرف اسلامی ممالک پر ویزہ کی پابندی لگا کر امریکی صدر نے یہ باور کرایا ہے کہ ان کی مخاصمت دہشت گرد عناصر سے نہیں بلکہ امت مسلمہ سے ہے۔ عالم اسلام باہمی اخوت و اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ سے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کرے تو امریکی صدر کے ہوش ٹھکانے آ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے تیل کے ذخائرسے اربوں ڈالر منافع حاصل کرنے والی استعماری طاقتیں مسلمانوں کو باہم دست و گریبان کر کے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مصروف ہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا ہے کہ ہمیں گروہی و مسلکی حدبندیوں سے نکل کر دین محمدی پر باہم ہونے کی ضرورت ہے۔ مسلمان ممالک پر امریکی پابندیاں انسانی حقوق کے منافی اور عالمی قوانین سے متصادم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر ذی شعور اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ امریکہ عالم اسلام کا ازلی دشمن ہے۔ افغانستان اور عراق سمیت دنیا کے دیگر مسلم ممالک کے لاکھوں بے گناہوں کے خون سے اس کے ہاتھ رنگے ہوئے ہیں۔ امت مسلمہ کو دوست دشمن کی پہچان کرنا ہو گی وگرنہ یکے بعد دیگر سب کی باری آنی ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے حکمرانوں کو جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس امریکی اقدام کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے تھی۔ غیر مسلم حکمران تو ٹرمپ کے اس تعصب آمیز رویہ پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں لیکن مسلم ممالک کی طرف سے خاموشی ہمارے وقار کے لیے سخت دھچکا ہے۔ تاریخ شاید ہے کہ صرف انہی لوگوں کا نام تاریخ میں سنہرے حروف سے رقم کیا جاتا رہا جو باطل قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر حق کا برملا اظہار کرتے رہے۔ علامہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ ٹرمپ کو ہوش میں لانے کے لیے ضروری ہے کہ امریکی پالیسیوں کے حوالے سے امت مسلمہ بھی اپنے لائحہ عمل میں نمایاں تبدیلی لائے۔
وحدت نیوز (پاراچنار) مجلسِ وحدت مسلمین کرم ایجنسی کے رہنماؤں نے پاراچنار بم دھماکے کی جوڈیشل انکوائری کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ملک کے دیگر علاقوں کی طرح دہشتگردی سے متاثرین کو پانچ سے دس لاکھ روپے دیئے جائیں، پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلسِ وحدت مسلمین کے صوبائی رہنما مسرت بنگش، کرم ایجنسی کے سیکریٹری جنرل شبیر ساجدی، شفیق حسین طوری، مزمل حسین طوری اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پاراچنار میں بار بار بم دھماکے افسوس ناک ہے جس میں بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور علاقے کے امن کو تباہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے پاراچنار بم دھماکے کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انسانیت کی کی قتل میں ملوث عناصر کو منظر عام پر لانا ضروری ہے. رہنماؤں نے کہا کہ ملک کے دیگر علاقوں میں دہشتگردی میں جاں بحق افراد کے ورثا کو دس لاکھ سے بیس لاکھ روپے دیئے جاتے ہیں جبکہ گزشتہ سال تک پانچ لاکھ کی ادائیگی کے باوجود پاراچنار کے حالیہ بم دھماکے کے شہداء کے ورثا کو تین تین لاکھ روپے دیئے گئے جوکہ ظلم اور ناانصافی ہے لہذا کم سے کم دس لاکھ روپے کے امداد شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کیا جائے،رہنماؤں نے کہا کہ داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں افغان سرحد کے اس پار اکٹھا ہو رہے ہیں مگر کرم ایجنسی میں لوگوں کو اسلحہ جمع کرنے کا کہا جا رہا ہے اور عوام سے اپنا دفاع کا حصہ بهی چھیننا جا رہا ہے. حکومت داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کی سر گرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے محب وطن قبائل کو مزید مضبوط بنائیں۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ذیلی ادارے خیر العمل فاونڈیشن کے تحت پیپٹائٹسس سے بچاو مہم کے عنوان سے امام بارگاہ صاحب العصر(عج) گلشن حدید اسٹیل ٹاون میں فری ویکسینشن کیمپ کا اہتمام کیا گیا ،جہاں پربلا تفریق 600 افرادکو ہیپاٹائٹس بی و سی سےتحفظ کے لئے فری ٹیکے لگائے گئے اور پیپاٹائٹس کی تشخیص کیلئے فری ٹیسٹ بھی کیئے گئے،اس موقع یوسی ناظم گلشن حدیدغلام رضا جتوئی، مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے رہنما مولانا نشان ساجدی سمیت علاقہ کے معززین و علماء کرام نے بھی میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اور مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے عوام الناس کی رنگ و نسل و فرقہ کی تفریق کیئے بغیر خدمت کو سراہا، جبکہ یوسی ناظم گلشن حدید غلام رضاجتوئی نے آئندہ ۱۷ فروری کو لگائے جانے والی فری ویکسینیشن کیمپ میں اپنی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔
وحدت نیوز(شکار پور) سانحہ شکار پور کے شہدا ءکی دوسری برسی کے حوالے سے شہداء کمیٹی کی جانب سے منعقدہ عظمت شہدائے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ سانحہ شکار پور پاکستان کی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب ملک دشمن عناصر نے معصوم اور بے گناہ جانوں کو موت کے گھاٹ اتار کر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کی۔یہ امر ہمارے لیے اضطراب کا باعث ہے کہ دو سال گزرنے کے باوجود بھی اس واقعے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہر ے میں نہیں لایا گیا۔فوجی عدالتوں کے قیام کے بعد پوری قوم کو اطمنان تھا کہ اس ملک کو اب دہشت گردی کے عفریت سے چھٹکار ا حاصل ہو جائے گا لیکن بدقسمتی سے چند مخصوص سانحات کے ذمہ داروں کے خلاف فیصلوں کے علاوہ کوئی ایسا قابل ذکر فیصلہ نہ ہوا جس سے شہد ا کے لواحقین کی داد رسی ہوئی ہو۔سندھ حکومت کی طرف سے شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کیے گئے وعدے بجا طورپر پورے نہیں کیے گئے۔سانحہ جیکب آباد اورسانحہ شکار پور کی طرح متعدد سانحات کا شکار ہونے والو ں کے غمزدہ وارثان آج بھی انصاف کے متلاشی اور حکمرانوں کی بے حسی پر سراپا احتجاج ہیں۔حکومت عوام کا خون چوسنے میں مصروف ہے۔انہوں نے اپنے مفادات کے سوا کسی سے کوئی غرض نہیں۔حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں نے ملک کو بحرانوں کو شکار کر دیا ہے۔جمہوریت کے نام پر جمہوری اقدار کا جنازہ نکال کر رکھ دیا گیا۔ سیاسی جماعتوں میں بھی دہشتگردوں کے سہولت کار موجود ہیں جو کارروائی نہیں ہونے دیتے۔ پاکستان ایساملک بن چکا ہے جس کی دیواریں نہیں، جوچاہتا ہے گھس آتا ہے۔حکومت شکار پور سمیت سندھ بھر میں کالعدم مذہبی جماعتوں کے خلاف بھرپور آپریشن کرے اور ان مدارس پر بھی پابندی لگائی جائے جہاں اسلام کے نام پر تکفیریت کا نصاب پڑھایا جا رہا ہے۔جب تک دہشت گرد ساز اداروں کا خاتمہ نہیں ہو گا تب تک ملک میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی مجموعی صورتحال تشویشناک ہے۔قانون و انصاف کی بجائے اختیارات کی حکمرانی نے ظالم کو مضبوط اور مظلوم کی زندگی کو اجیرن کر رکھا ہے۔ریاست میں قانون نام کی کوئی شے موجود نہیں۔پُرامن سیاسی و مذہبی کارکنوں کو نہ صرف ہراساں کیا جاتا ہے بلکہ غائب کر دیا جاتا ہے جو بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ہر محکمہ کرپشن کا شکار ہے۔عوام کو اپنے چھوٹے سے چھوٹے جائز کام کے لیے بھی ترلے کرنا پڑتے ہیں۔جس کا بنیادی سبب اعلی حکام کا اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے چشم پوشی ہے۔حکومتی وزراء کالعدم جماعتوں کے رہنماؤں سے دوستانہ تعلقات استوار کرنے کے لیے بے چین نظر آتے ہیں۔بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول دشوار بنا رکھا ہے۔حکمران اپنی تما م تر توانائیاں عوام کی فلاح و بہبود کی بجائے اقتدار کو بچانے میں صرف کر رہے ہیں۔ قومی اداروں میں کلیدی عہدوں پر نا اہل افراد کو بھرتی کر کے ملک کے نفع بخش اداروں کو دانستہ طور پر تنزلی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے تاکہ نجکاری کی راہ ہموار کی جا سکے۔ ملک کے سرکاری اداروں میں اعلی انتظامی عہدوں کی بندر بانٹ نے معاشی طور پر ملک کے تمام اہم اداروں کوعدم استحکام کا شکار کر کے رکھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سمیت دیگر بڑی سیاسی جماعتوں کو ان قومی امور پر بھی توجہ دینی چاہیے۔اقتدار کے حصول کی جنگ میں عوامی حقوق کی پرواہ نہ کرنا بدترین ناانصافی ہے۔عوام کے ووٹ کی طاقت سے اسمبلی تک پہنچنے والے اراکین کو عوام مشکلات کا درک کرنا ہو گا۔اس موقع پرمرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی،مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی،صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی،علامہ دوست علی سعیدی،عالم کربلائی،مختار دیو سمیت وارثان شہداء شکارپور نے بھی خطاب کیا ۔
وحدت نیوز (سکھر) مجلس وحدت مسلمین ضلع سکھر کی شوری کا اجلاس مرکزی امام بارگاہ میں منعقد ہوا،جس میں مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی اور صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی نے خصوصی شرکت کی ،ضلعی سیکریٹری جنرل چوہدری اظہر حسن نے ضلعی کابینہ کے اراکین کا اعلان کیا اور صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے نامزد اراکین ضلعی کابینہ سے حلف لیا، اس موقع پر ضلعی سیکریٹری جنرل چوہدری اظہر کاکہنا تھا کہ ایم ڈبلیوایم ضلع سکھر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے فکر اور فلسفے کی روشنی میں ہمیشہ مظلوموں کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔