وحدت نیوز(جھنگ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا 7 روزہ دورہ سنٹرل پنجاب جاری ہے، تنظیمی دورے کے تیسرے روز منڈی بہاوالدین سے فیصل آباد پہنچنے پر کارکنان نے بھرپور انداز میں ڈپٹی والا موٹروے انٹر چینج پر والہانہ استقبال کیا۔ بارش اور موسم میں سردی کی شدت کے باوجود بڑی تعداد میں کارکنان استقبالی ریلی میں شریک تھے۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے فیصل آباد میں ورکرز اجلاس سے خطاب اور میڈیا ہاوسزز کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے ملاقات کے بعد سنی اتحاد کونسل کے چئیرمین صاحبزادہ حامد رضا کے ہمراہ فیصل آباد پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے پیداوار نااہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے سبب ملک بحرانوں کا شکار ہے، پنجاب میں عوام کو بنیادی انسانی حقوق اور سہولیات میسر نہیں، پنجاب میں ہسپتال اور سکولز ویران ہیں، میٹرو پروجیکٹس کے نام پر حکمران کمیشن کمانے میں مصروف ہیں، پنجاب میں سیاسی مخالفین کو انتقامی کارروائیوں کا سامنا ہے، نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں پنجاب میں دہشتگردی سے متاثرہ فریق کو دہشتگردوں کی خوشنودی کیلئے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
صاحبزادہ حامد رضا چیئرمین سنی اتحاد کونسل کی جانب سے علامہ راجہ ناصر عباس کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں فیصل آباد کے معززین شہر سمیت دیگر جماعتوں کے رہنما بھی شریک ہوئے۔ قبل ازیں جھنگ پہنچنے پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا شاندار استقبال کیا گیا۔ انہوں نے جھنگ بار کونسل میں وکلاء سے ملاقات اور خطاب بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون پر عملدرآمد نہ ہونے کے سبب ملک مشکلات کا شکار ہے، وکلاء قانون کی حکمرانی کیلئے اپنا کردار ادا کریں، طبقاتی نظام نے ہمیں کھوکھلا کر دیا ہے، دہشتگردی کے سب سے بڑے سہولت کار اور فنانسر کرپٹ مافیا ہے، کرپشن کیخلاف پوری قوم کی نظریں اعلٰی عدلیہ پر ہیں، اگر کرپٹ عناصر کیخلاف کارروائی نہ کی گئی تو عوام کسی کو بھی معاف نہیں کریں گے، ملکی وسائل لوٹنے والوں کو عبرت کا نشان بنائے بغیر نظام کی درستگی ممکن نہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری 27 جنوری کو ساہیوال اور 28 جنوری کو لاہور کا دورہ کرینگے۔
وحدت نیوز (کراچی) گزشتہ رات کراچی کے علاقے گلستان جوھر میں کالعدم تکفیری جماعت کے سفاک دہشتگردوں کی فائرنگ سے شھید ہونے والے قاری محمد کاظم کی نمازِ جنازہ علامہ مرزا یوسف حسین کی اقتداء میں نمائش چورنگی پر ادا کردی گئی، نمازِ جنازہ میں شھید کے سسر اور مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سابق ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد حسین کریمی اور دیگر اہلِ خانہ سمیت مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے رہنماؤں علامہ سید علی انور جعفری،علامہ مبشر حسن،مولانا صادق جعفری،میر تقی ظفر،صوبائی رہنماء ناصر حسینی سمیت مجلس وحدت مسلمین کے دیگر ذمہ داران و کارکنان سمیت عوام کی کثیر تعداد شریک تھی بعد ازاں شھید قاری محمد کاظم کی تدفین قبرستان وادی حسین ؑ میں عمل میں آئی۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے وحدت ہاؤس کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہر کراچی میں ایک بار پھر بڑھتی ہوئی شیعہ ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفاک تکفیری دہشتگردوں نے دو روز قبل قصبہ کالونی میں ذوالفقار عابدی اور گزشتہ شب ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ محمد حسین کریمی کے داماد قاری قرآن محمد کاظم کو گلستان جوہر میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا ہے، دہشت گردی کے دونوں واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، چوپیس گھنٹوں کے اندر تکفیری دہشتگردوں دو شیعہ وجوانوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جانا حکومتی و ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، حکومت پْرامن ملت جعفریہ کی جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام جبکہ دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کا حکومتی دعویٰ محض طفل تسلیاں ثابت ہو رہی ہیں۔
علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری، علامہ علی انور و میر تقی ظفر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں پے در پے بے گناہوں بالخصوص ملت جعفریہ کے جوانوں کا قتل عام جاری ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں نے تکفیری دہشت گردوں کو آزاد چھوڑ رکھا ہے، کالعدم دہشتگرد جماعتیں کراچی سمیت ملک بھر میں کھلے عام اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، کالعدم جماعتوں کے دفاتر کھلے ہوئے ہیں، جلسے جلوس و اجتماعات کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے۔ کراچی کے در و دیوار کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیموں کے جلسے، جلوس، اجتماعات کے اشتہارات و بینرز سے بھرے پڑے ہیں، حیرت کی بات ہے کہ حکومرانوں و ریاستی اداروں کو کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیاں کیوں نظر نہیں آتیں۔ریاست کو اب اچھے اور برے دہشت گردوں کی تمیز ختم کرنا ہو گی، ملک دشمن عناصر کے ساتھ حکومت کی بے جا لچک نے آج ملک کے ہر شہری کو غیر محفوظ کر رکھا ہے، حکومت کی طرف سے بلند و بانگ دعووں کے کچھ ہی دیر بعدکوئی نیا سانحہ رونما ہو جاتا ہے، جب تک نیشنل ایکشن پلان پراس کی روح کے مطابق عمل نہیں کیا جائیگا، تب تک بے گناہ لاشیں یونہی گرتی رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے سامنے واضح کیا جائے کہ آخر قانون و آئین سے بالا وہ کون سی قوت ہے، جو کالعدم دہشتگرد جماعتوں کے خلاف کارروائیوں میں رکاوٹ کا باعث ہے، دہشت گردی کا خاتمہ کالعدم دہشتگرد جماعتوں کی بیخ کنی سے مشروط ہے، لہٰذا حکومت و ریاستی ادارے قاتلوں سمیت تکفیری دہشتگردوں، کالعدم جماعتوں کے سیاسی و مذہبی سہولت کاروں اور بالخصوص وہ نام نہاد مدارس جو ان تکفیری دہشتگردوں و کالعدم جماعتوں کے سہولت کار ہیں، ان کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے، ، دہشتگردوں کو کچلنے کے لیے ضرب عضب کو پوری قوت سے اہداف کی طرف بڑھنا ہو گا۔ملک دشمن عناصر کے ساتھ معمولی سی لچک نہ صرف ان کے حوصلوں کو تقویت دے گی بلکہ ملک کی سالمیت و بقا کے لیے بھی خطرہ بن جائے گی، نیشنل ایکشن پلان جس مقصد کے لیے تشکیل دیا گیا تھا اسے اس مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا رہا۔دہشت گردی کا خاتمہ تبھی ممکن ہے، جب عسکری و سیاسی قوتیں ایک پیج پر ہوں گی۔ ضرب عضب کی مکمل کامیابی کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل انتہائی ضروری ہے۔
اس سے قبل گزشتہ شب گلستان جوہر میں شہید کئے گئے قاری قرآن محمد کاظم کی نماز جنازہ نمائش چورنگی پر علامہ مرزا یوسف حسین کی زیر اقتدا ادا کی گئی، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال،علامہ مرزا یوسف، علامہ علی انور، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ اصغر شہیدی، علامہ شبیرمیثمی سمیت دیگر علمائے کرام، رہنماؤں سمیت ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک تھے، نماز جنازہ کے بعد ایم ڈبلیو ایم کے تحت بڑھتی ہوئی شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا گیا، احتجاجی مظاہرین نے شیعہ کلنگ میں ملوث تکفیری دہشتگردوں کی گرفتاری، کالعدم جماعتوں، انکے رہنماؤں، کارکنان وسرگرمیوں پر فی الفور پابندی کا مطالبہ کیا، جبکہ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے جمعہ کو کراچی سمیت سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کا بھی اعلان کیا گیا۔ بعد ازاں شہید محمد کاظم کی تدفین وادی حسین قبرستان سپر ہائی وے میں آہوں و سسکیوں کے ساتھ ادا کی گئی۔
وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور روابط ملک اقرار حسین نے ایک اعلیٰ سطحی وفدکے ہمراہ سی ایم ایچ پشاور میں پاراچنار بم دھماکے میں زخمی ہونے والے مریضوں کی عیادت کی اس موقع پر ایم ڈبلیوایم رہنماوں کی جانب سے تمام زخمیوں کی خدمت میں قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی جانب سے پھولوں کے گلدستے اور نقدعطیات کےچیک پیش کیئے گئے ،اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل خیبر پختونخواہ علامہ محمد اقبال بہشتی مسئول مرکزی سیکریٹریٹ ارشاد بنگش اور صوبائی سیکرٹری تربیت مولانا ذوالفقار علی بھی ملک اقرار حسین کے ہمراہ موجود تھے،زخمیوں کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے ملک اقرار حسین کاکہنا تھا کہ پارہ چنار کے مومنین ملت جعفریہ پاکستان کے سر کا تاج ہیں،ہر مشکل گھڑی مجلس وحدت مسلمین پاراچنار کے مظلومین کےشانہ بشانہ کھڑی ہے ہم ہر سطح پہ پارا چنار کے محب وطن پاکستانیوں کے آئینی، قانونی اور جمہوری حقوق کے لئے صدا بلند کریں گے، پوری قوم پارہ چنار کے مومنین کے غم میں برابر کی شریک ہے،آخر میں ایم ڈبلیوایم کے وفد نے تمام زخمیوں کی جلد مکمل صحت یابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے کراچی میں بائیس گھنٹوں کے دوران دو مختلف واقعات میں مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سابق ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد حسین کریمی کے دامادقاری محمد کاظم اورسید ذوالفقار حیدر کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی قاتلوں کی فوری گرفتاری کے احکامات صادر کریں اور انتظامیہ کے ذمہ داران افسران کی اس غفلت پران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کے حالیہ واقعات تشویش ناک ہیں۔ملک میں انارکی اور انتشار پیدا کرنے کے لیے ملک دشمن قوتیں ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہیں۔کالعدم مذہبی جماعتوں کے ساتھ حکومت کی طرف سے لچک کا مظاہرہ ان عناصر کے حوصلوں میں تقویت کا باعث ہے۔سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے قومی سلامتی کو داؤ پر لگانا دانشمندی نہیں پوری قوم سے غداری ہے۔ کالعدم مذہبی جماعتوں کے خلاف بھرپور آپریشن کا ہماری طرف سے بارہا مطالبہ کیا گیا لیکن حکومت کی طرف سے یہ اقدام ذاتی ضرورتوں تک محدود رہا۔جب تک انتہا پسند قوتوں کے خلاف بلاتخصیص کاروائی نہیں کی جائے گی تب تک دہشت گردعناصر کو لگام نہیں دی جا سکتی۔سندھ اور بلوچستان میں ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث مذموم عناصر کی پشت پناہی بھارت سمیت دیگر پاکستان دشمن طاقتیں کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزیدکہا کہ کالعدم مذہبی جماعتیں بھارت کی آلہ کار ہیں۔نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے ان کالعدم جماعتوں کے خلاف موثر آپریشن انتہائی ضروری ہے۔وطن عزیز میں تکفیریت کے فروغ کا سب سے بڑا ذریعہ یہی جماعتیں ہیں۔ملک کی سالمیت و بقا کے لیے ضروری ہے کہ ان دہشت گرد ساز فیکٹریوں کوبند کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے تدارک کے لیے حکومت ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کو متنبہ کیا جائے کہ جس تھانے کی حدود میں ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ رونما ہو گا اس تھانے کے افسر کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ ان واقعات کے ذمہ دار عناصرکو اگر فوری طور پرگرفتار نہ کیا گیا تو پھر ملت تشیع کی طرف سے بھرپور احتجاج سمیت دیگر قانونی و آئینی آپشنز پر غور کیا جائے گا۔
وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان ضلع شگر کے رہنماء ظہیر عباس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شگر سمیت بلتستان کی عوامی اراضی پر ناجائز قبضہ کرنے نہیں دیں گے۔ اخبارات کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلتستان کی زمینیں کسی سکھ سرکاری کی نہیں بلکہ یہاں کے عوام کی ملکیت ہے جس پر قبضہ پورے خطے کے خلاف سازش ہے جسے کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کو ضرورت کی زمینیں چھین کے لے جانا آئین پاکستان اور روح پاکستان کے منافی عمل ہے۔ بلتستان کی زمینوں کو متنازعہ قرار دینے والی حکومت کس منہ سے یہاں کی زمینوں کو انتظامیہ کی زمین سمجھتی ہے۔ حکومتی اقدامات سے عوام میں سخت مایوسی اور احساس محرومی کا اضافہ ہو رہا ہے ۔ شگر کی زمینوں پر خالصہ سرکار کے نام پر قبضے کی کوششوں کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کو زمین کی ضرورت پڑتی ہے جس طرح دیامر کی زمینوں کو معاوضہ دے کر حاصل کیا اسی طرح یہاں کی زمینوں کا بھی معاوضہ ادا کرے ۔ ایک ہی خطے میں دو طرح کے قانون کا اطلاق مختلف سوالات کو جنم دیتے ہیں۔ حکومت اور انتظامیہ کو چاہیے کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے باز رہے اور عوام دوست فیصلے کر کے خطے کو استحکام کی راہ پر گامزن کرے۔