وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے اعلان پر سانحہ پارا چنار کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔اس موقع پر کراچی، اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور، حیدر آباد، ملتان،پشاور، کوئٹہ، گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔جن میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی و صوبائی قائدین کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔مقررین نے پارا چنار میں بم دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔کراچی میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کراچی کے رہنما مولانا مبشر حسن، مولانا علی انور، مولانا نشان حیدر، مولانا صادق جعفری، مولانا احسان دانش، میثم عابدی، میر تقی ظفر و دیگر علما ئے کرام و رہنما و ں نے کہا کہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کو پاکستان میں داخل ہونے سے روکا جائے، امت مسلمہ میں بھڑکائی جانے والی آگ کو طے شدہ سازش کے تحت پاکستان منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،پاکستان کی سالمیت و استحکام داعش اور دیگرکالعدم دہشتگرد جماعتوں کی بیخ کنی سے مشروط ہے،انہیں پاکستان میں فعال ہونے کا موقع دینا اپنے گھر کو آگ لگانے کے مترادف ہو گا، حکومتی اداروں کی لمحہ بھر کی غفلت ملکی بقا و سالمیت کو سنگین خطرات سے دوچار کر کے رکھ دے گی۔ مقررین نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کو ایک جیسی رفتار کے ساتھ اہداف کی طرف بڑھنا ہو گا،دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور سیاسی پشت پناہوں کونکیل ڈالے بغیر مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن نہیں، دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے ملک بھر میں بھرپورآپریشن کا آغاز کیا جائے۔ اس موقع پر علمائے کرام و رہنماو ں نے وزیراعلیٰ و آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ سانحہ پارا چنار کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدرآباد کیجانب سے گذشتہ روز پاراچنار سبزی منڈی میں داعشی دہشت گردوں کی جانب سے ہونیوالے بم دھماکے کیخلاف علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی اپیل پر ایس۔ایس پی چوک سے پریس کلب حیدرآباد تک احتجاجی ریلی نکالی گئی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل ایڈوکیٹ رحمان رضا، ضلعی ترجمان علامہ گل حسن مرتضوی، علامہ عمران علی جعفری اور علامہ علی انور جعفری نے کہاکہ پاراچنار میں 25 محب وطن شہریوں کے بہیمانہ قتل سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں ابھی تک عالمی دہشتگرد گروہ داعش اور انکے سہولتکار سرگرم عمل ہیں۔ہم اس ظلم و بربریت پر کبھی خاموش نہیں رہ سکتے ۔پاکستان کے دشمن عناصر پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کیلئے اور سی پیک منصوبے کو ناکام کرنے کیلئے عالمی دہشتگرد گروہ داعش کو پاکستان میں سہولیات مھیا کرکے دہشتگردی کروانا چاہتے ہیں پاراچنار اس حقیقت کی ایک کڑی ہے ۔ پاکستان میں داعش کی فکر کی کالعدم جماعتیں انکی آلہ کار ہیں اور داعش کے لئے صف بندی کر رہی ہیں حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر عالمی دہشتگرد تنظیم داعش اور انکے حامیوں کیخلاف پاراچنار اور ملک بھر میں آپریشن کیا جائے۔
وحدت نیوز (میرپورخاص) پارا چنار کا واقعہ انسانیت سوز ہے . ملک میں ایک مرتبہ پھر دھشت گردی کی لہر افسوس ناک ہے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کےضلعی سیکرٹری جنرل سید بشیر شاہ نےعلامہ راجا ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر پاراچنار واقعے پر یوم احتجاج مناتے ہوئے میرپورخاص کے وحدت قران سینٹر، نیوکوٹ کے امام بارگاہ پنجتنی، ڈگری مرکزی امام بارگاہ باب العلم اور پریس کلب کے سامنے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارا چنار واقعے میں ملوث افراد انسانیت کے دشمن ہیں انہیں انسان کہنا بھی انسانیت کی توہین ہے . پارا چنار واقعہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سوالیہ نشان ہے . کالعدم تنظیموں کو جب تک لگام نہیں ڈالی جائے گی تب تک دھشت گردی کو لگام دینا ممکن نہیں ہے۔
وحدت نیوز (نصیر آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی اپیل پر ابو تراب چوک سے لیکر نصیرآباد پریس کلب تک شیعہ نسل کشی ، دہشتگردی کے خلاف بلخصوص سانحہ پارا چنار میں ملوث داعشی دھشتگردوں کے خلاف فوجی آپریشن اور ملک میں امن وامان کی بحالی کے لئے ریلی نکالی گئی ، ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم ضلع قمبر کے سیکریٹری جنرل زوار حبدار علی لغاری ، سید اختر عباس ، غلام شبیر جویو ، سید کرار حیدر ، مست علی حیدری اورغلام مصطفیٰ کر رہے تھے ، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کے سانحہ پارا چنار کے واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، اس ملک کے بانیوں کا ہر روز خون بہایا جا رہا ہے اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ، اس ملک میں شیعہ سُنی کی ٹارگٹ کلنگ امریکا ، اسرائیل اور آل سعود کی سوچی سمجھی سازش ہے جس کو اس ملک کی شیعہ سُنی عوام مل کر ناکام بنائےگی ، ہم چیف آف آرمی قمر جاوید باجوہ سے مطالبہ کرتے ہیں فوری طور پرسانحہ پارا چنار میں ملوث دھشتگردوں کے خلاف فوجی آپریشن کر کے ملک میں امن وامان بحال کیا جائے ، تاکے پاکستان کی مظلوم عوام سکھ کا سانس لے سکے ۔
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر سانحہ پارہ چنار کے خلاف اتوار کو یوم احتجاج کے طور پر منایا گیا، اس موقع پراسلام آباد، لاہور،کراچی،پشاور،حیدرآباد،کوئٹہ،گلگت بلتستان،لاڑکانہ میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ سانحہ پارہ چنار کے خلاف ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی پریس کلب کے سامنے مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے دہشت گردی، داعش اور حکومت کے خلاف شدیدنعرے بازی کی، مظاہرے کے شرکاء پینافلیکس اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، ضلعی سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان کے ڈویژنل صدر عاصم سُرانی، نائب صدر احمد حسن ، سید عدیل عباس زیدی، مرزاسخاوت علی اور دیگر نے کی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ پارہ چنار میں دہشت گردگروہوں کی جانب سے حملہ سیکیورٹی اداروں کی ناکامی کامنہ بولتا ثبوت ہے، عالمی دہشت گردو داعش کو پاکستان میں داخل ہونے سے روکا جائے، مفاد پرست اور موقع شناس خارجی طاقتیں پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے لیے چیلنج ہیں، اُمت مسلمہ میں بھڑکائی جانے والی آگ کو ایک منظم سازش کے تحت پاکستان منتقل کیا جارہا ہے، شام سے بھاگنے والے داعش کے دہشت گرد افغانستان کے راستے پاکستان داخل ہورہے ہیں، پاکستان میں ان عناصر کی موجودگی نہ صرف ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو داغدار کرنے کا باعث ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کو ایک رفتار کے ساتھ اہاف کی جانب بڑھناہوگا، دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے ملک بھر میں بھرپور آپریشن کی ضرورت ہے، علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ سانحہ پارہ چنارمتعلقہ اداروں کی غفلت کا نتیجہ ہے ، پارہ چنار کی عوام کو حب الوطنی کی سزاء نہ دی جائے، ایک طرف پولیٹیکل انتظامیہ کی جانب سے پارہ چنار کی عوام کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف دہشت گرد عناصر پُرامن شہریوں کے خلاف وحشیانہ کاروائیوں میں مصروف ہیں، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کاحکومتی دعوی محض اخبارای بیانات تک محدود ہے، آئی ایس او کے ڈویژنل صدر عاصم سرانی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کاتحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، پاکستان کے 20کروڑ عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاناچاہیے، سانحہ پارہ چنار میں ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانا چاہیے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے اعلان پر سانحہ پارا چنار کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔اس موقعہ پر اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور، کراچی، حیدر آباد، ملتان،پشاور، کوئٹہ اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔جن میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی و صوبائی قائدین کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔مقررین نے پارہ چنار میں بم دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔اسلام آبادمیں پریس کلب کے سامنے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما اعجاز حسین بہشتی نے کہا کہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کو پاکستان میں داخل ہونے سے روکا جائے۔مفاد پرست اور موقعہ شناس خارجی طاقتیں پاکستان کی خود مختاری کے لیے چیلنج بنتی جا رہی ہیں۔امت مسلمہ میں بھڑکائی جانے والی آگ کو طے شدہ سازش کے تحت پاکستان منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔پاکستان کی سالمیت و استحکام داعش اور دیگرکالعدم جماعتوں کی بیخ کنی سے مشروط ہے ۔انہیں پاکستان میں فعال ہونے کا موقعہ دینا اپنے گھر کو آگ لگانے کے مترادف ہو گا۔ حکومتی اداروں کی لمحہ بھر کی غفلت ملکی بقا و سالمیت کو سنگین خطرات سے دوچار کر کے رکھ دے گی۔
انہوں نے کہا انتہا پسندعناصر پر ملکی سیاست میں حصہ لینے پر پابندی لگائی جانی چاہیے تاکہ ملک دشمن قوتوں کو سیاسی پشت پناہی حاصل نہ ہو سکے۔مختلف کالعدم جماعتوں کو داعش میں شامل ہونے سے روکنے کے لیے موثر حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وطن عزیز کی حفاظت ہر محب وطن کا قومی فریضہ ہے۔جس کے لیے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کونیک نیتی سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا پارا چنار بم دھماکے میں داعش ملوث ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ متعدد بار اس حقیقت کو آشکار کر چکے ہیں کہ شام سے بھاگنے والے داعش کے دہشت گرد افغانستان کے راستے پاکستان میں داخل ہو رہے ہیں۔پاکستان میں ان عناصر کی موجودگی نہ صرف ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص اور وقار کو بھی داغدار کرنے کا باعث بنے گا۔دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کو ایک جیسی رفتار کے ساتھ اہداف کی طرف بڑھنا ہو گا۔دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور سیاسی پشت پناہوں کونکیل ڈالے بغیر مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے ملک بھر میں بھرپورآپریشن کا آغاز کیا جائے۔