وحدت نیوز(کبیروالا) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے تحصیل کبیروالا کا ایک روزہ دورہ کیا، جس میں مختلف عوامی اجتماعات، کارنر میٹنگز اور تنظیمی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ علامہ اقتدار نقوی نے دورہ کبیروالا کے دوران معروف صحافی اور ضلعی امن کمیٹی کے سید ذوالقرنین حیدر بخاری سے اُن کے والد کے انتقال پر تعزیت کی اور اُن کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ بھی پڑھی۔ اس موقع پر سید عدیل عباس زیدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ قبل ازیں اُنہوں نے عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مقدس سرزمین پر امریکی صدر جیسے منحوس شخص کے قدم ناقابل قبول ہیں۔
افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان اور اسلام کے ترجمان نہیں بلکہ امریکہ اور یہودیوں کے ترجمان بنے ہوئے ہیں۔ پاکستان اور اسلام کو باہر سے نہیں اندرونی خطرات لاحق ہیں، ایک منظم سازش کے تحت دوبارہ ملک کو امریکی کالونی بنانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، حکومت امریکی خوشامد اور چاپلوسی میں سی پیک کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین سمیت ہر مسلمان امریکی صدر کے دورہ پاکستان کی مخالفت کرے گا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور ممتاز تجزیہ کارسید ناصرعباس شیرازی ایڈوکیٹ کا بین الاقوامی خبر رساں ادارے سے خصوصی انٹرویو میں کہنا تھا کہ امریکہ نے بغداد میں دو جرائم کئے ہیں، ایک قاسم سلیمانی کی گاڑی پر حملہ کیا، دوسرا قاسم سلیمانی کو شہید کیا، عین الاسد پر حملہ گاڑی کا بدلہ تھا، قاسم سلیمانی کی شہادت کا بدلہ لینا ابھی باقی ہے۔ فکری غلامی میں جکڑے سعودی حکمران امریکی مفادات سے ہٹ کر سوچنے کیلئے تیار ہی نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ناصر شیرازی نے کہاکہ جو میں نے ایران میں میں دیکھا ہے، وہ ایک جدید انقلاب دکھائی دے رہا ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے ایک بار پھر انقلاب آگیا ہو، یہ دنیا کا سب سے بڑا جنازہ تھا، رہبر معظم نے فرمایا کہ پہلے میں شہید کے کاموں کی تائید کرتا تھا، شہادت کے بعد بھی ان کے کام کی تحسین کرتا ہوں۔ وہ شہید ہوکر بھی بڑا کام کر گئے۔ وہ زندہ رہ کر تو بہت کچھ کر رہے تھے، مگر شہید ہو کر بھی وہ بہت بڑا کام کر گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مجھے ایران میں ایک بڑی تبدیلی نظر آئی، ایران کے عوام جو معاشی پالیسیوں سے پریشان تھے، وہ سب اپنی حکومت کی پشت پر کھڑے ہوگئے ہیں۔ یہ تبدیلی صرف ایران میں نہیں بلکہ خطے میں دیکھی جا رہی ہے۔ عراق کی پارلیمنٹ اور عراقی آئمہ و علمائے کرام نے عراق میں امریکہ کے وجود کو مزید تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ حاج قاسم سلیمانی کے جنازے میں اڑھائی کروڑ ایرانیوں نے شرکت کرکے ثابت کر دیا ہے کہ ایران اب ایک طرز پر ہی سوچ رہا ہے۔ جنازے میں ایرانی قوم کی یہ شرکت ایک قسم کا امریکہ مخالف ریفرنڈم تھا۔
ان کاکہنا تھاکہ پاکستان ان ممالک میں سے ہے، جس کے عوام نے بھرپور انداز میں امریکی اقدام کی مذمت کی ہے اور مذمت کا یہ سلسلہ جاری ہے۔ تمام مکاتب فکر امریکہ کیخلاف ایک آواز ہیں۔ پاکستان کے شیعہ اور سنی ایران کیساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان کے عوام خطے میں تناو کو پاکستان کے حق میں بہتر نہیں سمجھتے، کیونکہ زمینی حقائق یہ ہیں کہ ایران میں عدم استحکام پاکستان کیلئے درست نہیں اور پاکستان میں عدم استحکام ایران کیلئے ٹھیک نہیں۔ پاکستان کے عوام امریکہ دشمن اور مذہبی رجحان رکھنے والے ہیں۔ اب اکثریت کا جھکاو ایران کی طرف ہوچکا ہے۔ مردہ باد امریکہ ریلیاں نکلیں، یہ پاکستان میں بیداری کی ایک لہر ہے۔ اہلسنت جماعتوں نے بھی بڑھ چڑھ کر مذمت کی۔ ملی یکجہتی کونسل کے وفد نے ایران کا دورہ کیا۔ ایرانی قوم کو پاکستان کے عوام کے جذبات پہنچائے۔
ناصرشیرازی نے کہاکہ پاکستانی حکمران بالخصوص وزارت خارجہ امریکہ کی بولی بول رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے حاج سلیمانی پر حملے کی جس طرح مذمت کی جانی چاہیئے تھی، وہ نہیں کی گئی، حتیٰ کہ حاج قاسم سلیمانی کو شہید تک کہتے ہوئے بھی ہمارے حکمران ہچکچاہٹ کا شکار رہے۔ اب صورتحال یکسر تبدیل ہوچکی ہے، اب عوامی دباو بہت زیادہ ہے۔ حکمرانوں کیلئے امریکہ کی حمایت کرنا مشکل ہوگا۔ اگر ایران امریکہ جنگ ہوتی ہے تو فوری طور پر اثر پٹرول کی قیمتوں پر پڑے گا، جس سے پاکستان میں ایک اور بحران جنم لے لے گا اور پاکستان اس پوزیشن میں نہیں کہ کوئی بحران برداشت کرسکے۔ اس لئے ایران کا استحکام پاکستان کا استحکام ہے۔ ایران کے ایٹمی پروگرام پر بھی دباو ہے، اس دباو کا اگلہ مرحلہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ہوگا۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کے فلاحی شعبے خیر العمل ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے فلاحی سرگرمیاں جاری ، موسم سرما کے پیش نظر ضرورت مند افراد میں گرم کپڑوں کی تقسیم محترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی خصوصی ہدایات پر محترمہ عظمیٰ نقوی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور محترمہ نسیم زہرہ سیکرٹری شعبہ عالمات و ذاکرات نے شہر کے مختلف پسماندہ علاقوں کا دورہ کیا۔اس دوران سردی کی شدت کے باعث پریشان مومنین کی حالت زار کو مد نظر رکھتے ہوئے کپڑے اور گرم چادریں تقسیم کی گئیں۔
شہزادئ کونین سیدہ فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے فرمان کو بیان کرتے ہوئے محترمہ عظمیٰ نقوی کا کہنا تھا کہ اپنے اردگرد ایسے افراد کہ جن کے پاس لباس نہیں انہیں لباس اور جن کے پاس کھانا نہیں انہیں کھانا مہیا کرو بی بی فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا کا یہ قول ہمیں اپنے معاشرے کے نادار اور مستحق طبقے کے حقوق کی یاد دہانی کرواتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایام فاطمیہ کے دوران مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور اس خدمت کو بھرپور انداز میں سر انجام دیتے ہوئے مزید علاقوں میں اپنے مستحق بہن بھائیوں کی امداد کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
وحدت نیوز(لکی مروت) لکی مروت میں گذشتہ ماہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پشتو کے معروف شاعر سید افگار بخاری کی رسم چہلم ان کے آبائی علاقہ میں ادا کی گئی۔ جس میں مختلف مکاتب فکر کی شخصیات اور افراد نے شرکت کی۔ جبکہ مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخوا کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی نے خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔ رسم چہلم کے بعد علاقہ کے عوام نے شہید افگار بخاری کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف ریلی نکالی اور بھرپور احتجاج کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے شہید افگار بخاری کے قاتلوں کی فوری طور پر گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ وحید کاظمی نے کہا کہ شہید افگار بخاری کا قتل علاقہ کے پرامن ماحول خراب کرنے کی سازش ہے، حکومت فوری طور پر شہید کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز کو اس وقت لاتعداد چیلنجز کا سامنا ہے۔جن کا مقابلہ دور اندیشی، تدبر اور بہترین حکمت عملی سے ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت جس منشور کا واویلا مچا کر اقتدار میں آئی اس پر عمل درآمد کی ابھی تک کوئی جھلک نظر نہیں آتی۔پاکستان کو بیرونی ڈکٹیشن اور قرضوں سے آزاد کرنے، ملکی معیشت کی مضبوطی، بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ، انصاف کی بلاتحصیص فراہمی سمیت تمام دعوے کھوکھلے ثابت ہو رہے ہیں۔غریب کے لیے زندگی گزارنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ جس گھر میں راشن کے اخراجات پورے نہیں ہوتے وہاں تعلیم و ہنر کے لیے وسائل کی دستیابی کیسے ممکن ہے۔
علامہ باقرعباس زیدی نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت ناتجربہ کاری کی بھینٹ چڑھتے ہوئے دکھائی دے رہی ہے۔ حکومت کے قریب موجود موقع پرست عناصر کا بھی اس بدحالی میں کلیدی کردار ہے۔عالمی طاقتوں کے مہرے بھی پاکستان کے استحکام کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں نے عوام کو سخت مایوس کیا ہے۔حکومت خود بھی خیالی دنیا میں رہتی ہے اور عوام کوبھی سہانے خواب دکھا کر خوش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ان کاکہنا تھاکہ موجودہ صوتحال میں مجلس وحدت کے ذمہ داران کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کو درپیش مشکلات اور کسی بھی غیر منصفانہ طرز عمل پر خاموش رہنے کی بجائے اپنے اصولی موقف کے ساتھ میدان عمل میں رہیں اور عوام کی درست سمت میں رہنمائی کرتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ کے جبری گمشدہ افراد کے لئے علمائے کرام آواز اٹھائیں کیونکہ یہ عمل غیر قانونی غیر آئینی اور غیر انسانی ہے۔صوبائی سیکرٹریٹ وحدت ہاوس کراچی اجلاس میں مولانا رضا محمد سعیدی،علی حسین نقوی،چوہدری اظہر حسین،یعقوب الحسینی،منور جعفری، ارشد اللہ،زہیر حیدر،محمد حیدر،ناصر الحسینی سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔
وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس و حدت مسلمین کے رہنما علامہ علی انور جعفری سمیت دیگر رہنماؤں نے عالم اسلام کے عظیم مجاہدقاسم سلیمانی اور ان کے رفقا پرحملے اور امریکی پالیسیوں کے خلاف حیدر آباد پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام 24جنوری کوبعد از نماز جمعہ قدم گاہ مولا علیؑ سے حیدر آباد پریس کلب بھرپوراحتجاجی امریکہ مردہ باد ریلی نکالی جائے گی۔
علامہ علی انور جعفری کا کہنا تھا کہ ریلی کا مقصد خطے میں امریکہ کی بڑھتی ہوئی جارحیت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارد کرانا ہے۔ ساری دنیا کے سامنے امریکی کے ناپاک ارادوں کا پردہ چاک ہو چکا ہے۔ امریکی پالیسیاں عالم اسلام اور خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔اسلامی ممالک کی سالمیت امریکی مداخلت کے خاتمے سے مشروط ہے۔امریکہ کے جارحانہ عزائم کے خلاف ایران کا جرات مندانہ موقف ایمانی غیرت کا عملی اظہار ہے۔اس عالمی دہشت گرد سے نجات حاصل کرنے کے لیے امت مسلمہ کو ایران کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حاج قاسم سلیمانی عراق کی دعوت پر سرکاری دورے پر تھے۔وہ اہم مسلم ممالک کے درمیان دوریاں ختم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے تھے۔کسی ملک کی انتہائی اہم اور ذمہ دار شخصیت کو نشانہ بنا کر امریکہ نے بدترین دہشت گردی کا مظاہرہ کیا۔قاسم سلیمانی نے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کو شکست دے کر عراق سے باہر نکالا۔امریکہ کے ہاتھوں قاسم سلیمانی کی شہادت اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ امریکہ اسلام دشمن تنظیم داعش کی پشت پر کھڑا ہے اور اس کے لیے راستے ہموار کر رہا ہے۔امریکہ کا وجود پورے خطے کے لیے خطرے کی علامت بن چکاہے۔امریکہ اور اس کے حواری ایران کے اس لیے مخالف ہیں کہ امریکہ کے ناپاک عزائم کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے مقدسات ہر مسلمان کو اپنی جان سے زیادہ عزیز ہیں۔شیعہ سنی کسی کو آل رسولﷺ کے مزارات کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔عراقی پارلیمنٹ کی طرف سے امریکی فوج کے انخلا کی منظوری کے بعد ان کے خطے میں قیام کا کوئی جواز باقی نہیں۔امریکہ کو فوراََ اپنی افواج واپس بلانا ہوں گی۔
پریس کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنمامولانا گل حسن مرتضوی،مولانا عمران علی دستی،برادریعقوب الحسینی،رحمان رضا وارثی ایڈوکیٹ اورمختلف ضلعی سیکرٹریز سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔