وحدت نیوز(چینیوٹ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ سیدہ معصومہ نقوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل ضلع چینیوٹ محترمہ حنفیہ عمر دراز نے تحصیل لالیاں کا دورہ کیا اور نیا یونٹ تشکیل دیا ۔محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے تحصیل لالیاں میں منعقدہ ایام فاطمیہ کی مجلس عزا سے خطاب کیا۔ بعد ازاں تقریب حلف برداری منعقد کی گئی جس میں محترمہ نجمہ بتول کو یونٹ سیکرٹری جنرل اور محترمہ کنیز فاطمہ کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا اور حلف لیا گیا۔
وحدت نیوز(شکارپور) شہداء شکارپور کی پانچویں برسی کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان تحصیل گڑھی یاسین کے زیر اہتمام پیدل مارچ جاری ہے۔پیدل مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ شہداء راہ حق سے تجدید عہد کے لئے نکلنے والے در حقیقت ظلم و ظالم سے بیزاری کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم شہداء کے وارث ہیں ان کے مشن اور مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔انہوں نےکہا کہ 5 سال گذر گئے مگر ہمیں انصاف نہ ملا آج بھی شہداء کے وارث انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں اعلی عدالتیں مظلوم شہداء کے قتل میں ملوث مجرموں کو تختہ دار پہ لٹکائیں۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) سابق سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع مظفرآباد مولانا سید مجاہد حسین کاظمی کے چچا مرحوم سید عابد حسین کاظمی کی نماز جنازہ علامہ سیدتصور حسین نقوی الجوادی کی اقتدا ءہڑیالاہ سیداں مظفرآبادمیں ادا کر دی گئی۔نماز جنازہ کے بعد مرحوم کی میت کو آزادکشمیر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔مرحوم کی تدفین مقامی قبرستان میں کر دی گئی۔نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر علاقے کی سیاسی ومذہبی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شریک تھی ۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع مظفرآباد کی ضلعی کابینہ کے چھے اراکین نےاپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔حلف برداری کی تقریب وحدت سیکرٹریٹ مظفرآباد میں سید غفران علی کاظمی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین مظفرآباد کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔اجلاس میں ریاستی کابینہ کی نمائندگی سیکرٹری روابط سید عامر علی نقوی نے کی۔
سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین مظفرآباد سید غفران علی کاظمی نے اپنی کابینہ میں نو منتخب عہدیداران سیکرٹری تنظیم سازی سید انور شاہ نقوی،سیکرٹری ویلفیئرسید محبت حسین نقوی،سیکرٹری یوتھ آغا زریب علی،کوآرڈینیٹر ایمپلائیز ونگ مختیار بھٹی،سیکرٹری میڈیا سیل سید نادر کاظمی،سیکرٹری روابط سید احسان گیلانی سےحلف لیا۔
بعد ازاں سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین مظفرآباد نے نو منتخب عہدیدارن کو مبارک باد پیش کی اور آئندہ ہفتہ کابینہ مکمل کرنے کے ساتھ یونٹ سازی کے عمل کو ضلع بھر میں بڑھانے کا اعادہ کیا۔اجلاس کے اختتام پر شہید قاسم سلمانی و دیگر شہدا اسلام خصوصاً شہدا ئےجموں و کشمیر کی بلندی درجات کے لیے فاتحہ اورعالم اسلام کی فتح و نصرت اور کشمیری مسلمانوں کی جلد آزادی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ قراقرم کوآپریٹو بنک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں من پسند افراد کو شامل کر کے اس پر قبضہ جمانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ اگر میرٹ پر ممبران کا انتخاب نہ ہوا تو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔
ایک بیان میں الیاس صدیقی نے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ان لوگوں کو رکن بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جن کی تنخواہ بھی اسی بنک میں موجود نہیں، دوسری جانب سابق جی ایم نے من پسند افراد اور اپنے قریبی عزیزوں، رشتہ داروں کو تھوک کے حساب سے شیئرز فروخت کیے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ انہوں نے 52 لوگوں کو اپنے شیئرز فروخت کیے، اب ان باون شیئر ہولڈرز کے ذریعے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں اپنے من پسند لوگوں کو شامل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب جن لوگوں نے اس ادارے میں کروڑوں روپے کا سرمایہ لگایا ہے اور جن کی وجہ سے یہ بنک چل رہا ہے ان کو شیئر ہولڈر نہیں بنایا گیا۔ ایک اہم سوال یہ بھی ہے کہ ایک قومی ادارے کا شیئر کس طرح رات کے اندھیرے میں فروخت کیا گیا، کس ضابطے کے تحت دیا گیا؟ کیونکہ شیئر فروخت کرنے کا بھی ایک طریقہ ہے، لیکن یہاں کسی کو بھی کانوں کان خبر ہونے نہ دی گئی۔ گلگت بلتستان کے اہم ترین قومی ادارے پر قبضہ جمانے کی کوشش کو ناکام بنایا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری فوری طور پر نوٹس لیں اور من پسند لوگوں کو بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہونے نہ دیں، اگر چیف سیکرٹری بھی ان کے ہم نوا بن گئے تو ہم عدالت جائیں گے اور اس قومی ادارے کو بچائیں گے۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش کے بحران اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے حکومت کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔ عام آدمی کی زندگی مشکل سے مشکل تر ہوتی جا رہی ہے۔ آخر کب تک عوام کو محض وعدوں اور امیدوں کے نام پر تسلی دی جاتی رہے گی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آٹے کے بحران کے ساتھ ساتھ دیگر اشیائے خورد و نوش کی قلت کے بارے میں بھی خبریں آنا شروع ہو چکی ہیں۔ ناقص انتظامی کارکردگی کے باعث حکومت اپنی مقبولیت رفتہ رفتہ کھو رہی ہے۔ اگر ملک کی اس طرح بحرانوں کی نذر کیا جاتا رہا تو پاکستانی سیاست میں تحریک انصاف کی کوئی جگہ باقی نہیں بچے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ غذائی اجناس کی قلت اگر مصنوعی طور پر پیدا کی جارہی ہے تو ذمہ داران کے خلاف کاروائی کرنا حکومت کا فرض بنتا ہے۔ حکومت ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو قانون کے شنکجے میں لے۔ ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جانا چاہیے جو مافیا کا کردار ادا کرتے ہوئے عوام کی زندگی کو اجیرن بنا رہے ہے۔ عوام نے تحریک انصاف کو جس تبدیلی کے لیے ووٹ دیا تھا اس کی عملی شکل بھی نظر آنی چاہیے تاکہ یہ ثابت ہو سکے کہ عوام کا فیصلہ درست تھا۔ اگر موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہی تو پھر عوام اسے ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیں گے۔