The Latest
وحدت نیوز(چنیوٹ) علامہ سید علی اکبر کاظمی صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کا اپنے وفد کے ہمراہ ضلع چنیوٹ کاتنظیمی دورہ ۔اس موقع پر سید حسن رضا کاظمی صوبائی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب ، برادر مظہر عباس جعفری صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی اور ظہیر کربلائی صوبائی آفس سیکریٹری بھی ہمراہ تھے ۔
صوبائی صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے ضلعی صدر جناب سید عاشق حسین بخاری اور ضلعی کابینہ کے معزز اراکین سے ملاقات کی اور تنظیمی ، تربیتی امور پر گفتگو کی حالات حاضرہ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ضلعی صدر سید عاشق حسین بخاری نے چنیوٹ کی سیاسی صورتحال پر صوبائی صدر کو بریف کیا ۔
صوبائی صدر نے آنے والے متوقع انتخاب کے بارے ضلعی صدر اور ضلعی کابینہ کو مجلس وحدت کی پالیسی سے آگاہ کیا اور کہا کہ آنے والے الیکشن میں مرکز کی پالیسی کو فالو کیا جائے گا ۔جو پالیسی مرکز دے گا صوبہ اور ضلع اس کو فالو کرے گا ان شاءاللہ ۔ صوبائی صدر نے ضلع چنیوٹ کی کارکردگی کو سراہا اور کافی دیر تک تنظیمی سوالات کے جوابات دیتے رہے ۔
آخر میں تمام تنظیمی دوستوں کو علامہ سید علی اکبر کاظمی نے دستور کے مطابق فعالیت کرنے سفارش کی ضلع اور تحصیل میں تمام یونٹس کی تشکیل اور دیگر تمام امور کو دستور کے مطابق دستوری شکل میں انجام دیا جائے ۔ دستور سے ہٹ کر کوئی فعالیت قابل قبول نہیں ۔ انہوں سفارش کی کہ ضلع میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے دستور اور مسئولین رہنمائے اصول کتابچے پر اسٹڈی سرکل کرائے جائیں ۔
صوبائی صدر نے کہا کہ میں چاہتاہوں کہ ضلع چنیوٹ آئیڈیل ضلع تشکیل پائے ۔ اس کے لئے ضلع بھرکے تنظیمی برادران پر منحصر ہے کہ ضلع بھر کی فعالیت کو دستور کے مطابق انجام دیں ۔ اللہ تعالی ہم سب کا حامی وناصر ہو ۔
وحدت نیوز(اصفہان)شہادت دلسوز جناب شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفھان کی طرف سے مجلس عزاء و ماتم داری کا اہتمام کیا گیا۔مجلس عزا کے نظامتی فرائض انجام دیتے برادر حافظ ملک وسیم نے پروگرام کا آغاز کیا۔مجلس کی ابتداء تلاوت قرآن پاک سے ہوئی جس کا شرف برادر حافظ سلیم شیخ صاحب نے حاصل کیا۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد برادر عقیل المعرفی ، مبشر حسن ، شیخ رئیس عباس ، جون مولائی ، ندیم علوی اور غلام علی بلتستانی نے سوز و سلام پیش کیا۔سلام کے بعد مجلس عزا سے علامہ ڈاکٹر یعقوب بشوی صاحب نے خطاب فرمایا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں سیرة سیدہ طاہرہ سلام اللہ علیہا پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ جناب سیدہ پوری انسانیت کے لیے نمونہ عمل ہے۔ حضرت زھرا سلام اللہ علیہا مدافعہ امامت تھیں مدافعہ غدیر تھی۔سیدہ طاہرہ مظہر نور خداوند متعال ہے۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں مزید بیان کیا کہ ہمیں چاہیے ان ایام کو اھمیت دیں اور بھرپور انداز میں منائیں ۔
مجلس عزا کے بعد برادر فرقان حیدر اور آقای ساجد علی مھدوی نے نوحہ خوانی کی۔پروگرام کے آخر میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے مسئول سید محسن نقوی صاحب نے قم سے تشریف لائے ہوئے مھمان علامہ ڈاکٹر محمد یعقوب بشوی صاحب سمیت تمام شرکت کرنے والے طلاب کا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(فیصل آباد)ڈی گراونڈ پیپلز کالونی فیصل آبادمیں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان فیصل آباد ڈویژن کے زیر اہتمام ہونے والی "استقامت فلسطین کانفرنس" سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور سابق مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ کا خطاب۔طالب علموں اور سینیئر برادران کی شرکت۔
جناب ناصر عباس شیرازی نے فلسطین کی فتح کو قطعی لیکن قربانی کے ساتھ قرار دیتے ہوئے اہل غزہ کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے لبنان کی مزاحمتی تحریک کی قربانی کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اسرائیلی جارحیت کے مقابل اپنا سینہ پیش کر کے اسرائیل کو جنوبی لبنان کے 120 کلو میٹر بارڈر پر قریب نصف اسرائیلی فوج کو انگیج کیا اور سو کے قریب شہادتیں پیش کیں۔
انہوں نے اہل عزہ کی مقاومت کو مثالی قرار دیتے ہوئے مسلم حکمرانوں پر تنقید کی کہ مغرب اور امریکہ کی ایما پر ان حکمرانوں نے اسرائیل سے تعلقات بنانے اور اسرائیل کے جنگی جرائم کے باوجود مظلومین غزہ کو بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی معطل کئے رکھی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی نظریاتی اساس محض ایک ریاستی حل کو قبول کرتی ہے اور دو ریاستی فارمولہ ظلم کو قانونی جواز دینے کے لیے ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اتحاد انبیاء کرام علیہم السلام کا پیغام، جبکہ تفرقہ شیطانی عمل ہے۔ آئمہ معصومین علیہم السلام کی سیرت طیبہ میں اتحاد بین المسلمین کے اعلی نمونے نظر آتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جیکب آباد میں اصغریہ اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن کی ایک تقریب سے "سیرت معصومین علیہم السلام میں اتحاد امت کی اہمیت" کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا ڈویژنل اجلاس "سیرت معصومین علیھم السلام و اتحاد امت" کے عنوان سے ڈسٹرکٹ کونسل ہال جیکب آباد میں منعقد ہوا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم اور سنت میں اتحاد امت کو بڑی اہمیت دی گئی ہے۔ اتحاد انبیاء کرام علیہم السلام کا پیغام، جبکہ تفرقہ شیطانی عمل ہے۔
قرآن کریم امت مسلمہ کو اللہ کی رسی کے گرد جمع ہونے کا حکم دیتا ہے۔ آئمہ معصومین علیہم السلام کی سیرت طیبہ میں اتحاد بین المسلمین کے اعلی نمونے نظر آتے ہیں۔ حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے درس میں تین ہزار اہل سنت علماء و فقہاء شریک ہوتے تھے۔ جنہیں آئمہ اہل بیت علیھم السلام کی جانب سے علم و ہدایت کے ساتھ ساتھ احترام بھی ملتا تھا۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء نے کہا کہ فلسطین حق و باطل کا معرکہ ہے۔ آج فلسطین مظلوم پر اسرائیلی و امریکی جارحیت نے امت مسلمہ اور اہل حق میں قربتیں پیدا کر دی ہیں۔ آج اسلام دشمن سامراجی قوتوں کے افتراق و انتشار پر مبنی تمام تر سازشیں ناکام ہو رہی ہیں اور امت مسلمہ میں اتحاد بین المسلمین کی فضا کو فروغ مل رہا ہے۔ اس موقع پر اصغریہ اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن کے ڈویژن اور ضلعی صدور کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ نو منتخب ڈویژن کابینہ و ضلعی صدور سے علامہ مقصود علی ڈومکی نے حلف لیا۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب جعفری نے ضلع کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں عمائدین اور عوام سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ 3 دسمبر کوہاٹ کچہ پکہ کے مقام پر آزادی فلسطین مارچ کے عنوان سے بڑا اجتماع کیا جائے گا، جس میں کوہاٹ ہنگو اور اورکزئی سے تعلق رکھنے والے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور عمائدین شرکت کرینگے، اجتماع میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور غاصب اسرائیل سے نفرت کا اظہار کیا جائے گا۔
انہوں نے کچہ پکہ قومی مرکز میں علماء اور عمائدین کے بڑے جرگے سے خطاب میں کہا کہ ہم ہر مظلوم کے حامی اور ہر ظالم کے خلاف ہیں، یہ راستہ ہمارے مولا علی علیہ السلام نے ہمیں بتایا، آج دنیائے انسانیت کے مظلوم ترین انسان ہم سے اپنے حق میں آواز اٹھانے کا تقاضا کر رہے ہیں، ہمارا گھروں سے نہ نکلنا اور مظلوموں کے حق میں آواز بلند نہ کرنا حق سے رو گرادنی ہے۔ 3 دسمبر کوہاٹ کا تاریخی اجتماع مظلومین فلسطین سے بھر پور یکجہتی کا غماز ہو گا،نہتے فلسطینی عوام کے لیے صدائے احتجاج بلند کرنا ہم سب پر فرض ہے۔انہوں نے صوبائی وفد کے ہمراہ ابراہیم زئی، بابر میلہ سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور اجتماع کو کامیاب بنانے کے لئے عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی۔
وحدت نیوز( کوہاٹ) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب جعفری اورضلعی صدر کوہاٹ علامہ صابرعلی رجاٸی نجفی کے صدارت میں مرکزی مسجد کوہاٹ کچہ پکہ کے مقام پر کوہاٹ ہنگو اور اورکزئی کے مشران اور عمائدین کا اہم اجلاس ہوا۔جس میں 3 دسمبر کو آزادی فلسطین مارچ کے حوالے سےمشاورت ہوئی۔
اس موقع پر صوبائی صدر جہانزیب جعفری نے کہا فلسطینی مظلومین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے آپ نے بھی میدان عمل میں آنا یے۔ہم گھر گھر جاکر تمام مومنین کو دعوت دینگے۔ ان شاء اللہ 3 دسمبر کو کچہ پکہ کوہاٹ کے مقام پر تاریخی اجتماع کرینگے۔اس موقع پر جج ابن علی نےخصوصی شرکت کیہم وحدت کونسل اور علاقےکےتمام معززمشران کادل سےشکریہ ادا کرتےہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 13جمادی الاول سن 11ہجری دختر رسول اکرم ص حضرت جناب سیدہ فاطمتہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے دلسوز موقع پر حجت دوراں حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مقام معظم رہبری سید علی خامنہ ائ، خاندان عصمت و طہارت کے عاشقوں اور تمام مسلمین جہان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی حیات طیبہ کے تمام پہلو خواتین عالم کے لیے مشعلِ راہ ہیں، آپ نے حضرت امام حسن علیہ السلام اور حضرت امام حسین علیہ السلام جیسے صالح فرزندوں کی تربیت کی کہ جو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قول کے مطابق جوانان جنت کے سردار ٹھہرے ہیں، دختر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پاکیزہ سیرت و کردار نہ صرف خواتین عالم بلکہ تمام انسانیت کے لیے نمونہ عمل ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر خواتین اس مدر پدر آزاد معاشرے میں اپنی ذاتی زمہ داریوں سے بہترین انداز سے انجام دے سکتی ہیں، اس وقت معاشرے میں عورت کو جس قدر و منزلت اور عزت و احترام سے آراستہ کیا گیا وہ حضرت سیدہ فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے وجود کی برکت ہے، آپ تمام عالمین کی عورتوں کی سردار ہیں آپ سلام اللہ علیہا کہ عظمت و منزلت اور خدا کے نزدیک آپ کے عالی ترین مقام و مرتبہ کا اندازہ لگانا بشر کے لیے ممکن نہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)29 نومبر 1977ء کو اقوام متحدہ کے تحت فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن کی مناسبت سے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت رکوانے میں مکمل ناکام رہے ہیں، اقوام متحدہ کا ادارہ بھی لیگ آف نیشنز کی طرح اپنی ساکھ کھو چکا ہے، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کروانے میں مسلسل ناکام رہا ہے، او آئی سی اور عرب لیگ بھی فلسطینی عوام پر اسرائیلی ظلم وبربریت میں برابر کے شریک ہیں، اسرائیل کی جانب سے فلسطینی سرزمین پر ناجائز قبضہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے، حالیہ جنگ میں غاصب صہیونی ریاست جنگی جرائم کی کھلم کھلا مرتکب ہوئی، جس میں چودہ ہزار سے زائد معصوم افراد کو بے دردی سے قتل کیا گیا ہے، سات ہزار بچے اور خواتین شامل ہیں لیکن اس بڑے پیمانے پر کیئے گئے قتل عام پر اقوام متحدہ نے کوئی مؤثر کردار ادا نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت اسرائیل میدان جنگ میں بری طرح نڈھال ہو چکا، حماس کے خلاف اس کے خالی ہاتھ پھول چکے ہیں، اس خفت کو مٹانے کے لیے وہ سویلینز پر روزانہ ٹنوں کے حساب سے بارود برساتا رہا لیکن شکست اس کا مقدر ٹھہری، فلسطینی مظلومین اپنی چار نسلوں سے اس پاگل بھیڑیے کے نرغے میں تھے لیکن اب انہوں نے اس منہ پر ایسا زور دار مکا رسید کیا ہے جس سے اس کے خونخوار دانت اور جبڑے ٹوٹ چکے ہیں، اسرائیل کو امریکہ کی اشیر باد اور مکمل عسکری تعاون حاصل نہ ہوتا تو اس کا وجود ختم ہو جاتا، اب بھی اسرائیل فلسطینیوں کی استقامت اور عزم و حوصلے کے سامنے زیادہ دیر ٹھہر نہیں سکے گا۔
وحدت نیوز(سکردو) اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے کہا ہے کہ سکردو حلقہ نمبر 2 میں کئی تفریحی مقامات ایسے ہیں جن کو دیکھ کر زمین پر جنت کا گماں ہوتا ہے، ہم نے اپنی بساط کے مطابق حلقے کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کیا ہے جو کمی بیشی رہ گئی ہے اس کو آئندہ کی اے ڈی پیز میں پورا کریں گے۔ سڑک پکی ہونے کے بعد شگری بالا میں سیاحوں کا تانتا بندھ جائے گا، یہاں کے تاریخی اور تفریحی مقامات دیکھنے کیلئے ملک بھر سمیت پوری دنیا سے سیاح آئیں گے، سڑک پکی نہ ہونے کی وجہ سے شگری بالا تک رسائی بہت مشکل تھی، سڑک میٹل ہونے کے بعد یہاں کے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بھی بڑی آسانیاں پیدا ہونگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں شگری بالا روڈ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکردو حلقہ نمبر 2 کو ماضی میں بہت نظر انداز کیا گیا، اس حلقے کی تعمیر و ترقی پر کسی قسم کی کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ذاتی نوعیت کے کام بہت ہوئے تاہم اجتماعی مفادات کیلئے کوئی کام نہ ہوا۔ ہماری کوشش یہ رہی ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ اجتماعی مفادات کو مدنظر رکھیں اور اجتماعی امور پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ یولتر ہائی وے کو اردو قمراہ روڈ کی میٹلنگ گرلز ڈگری کالج کا قیام سکولوں کا قیام، رابطہ سڑکوں کی تعمیر و میٹلنگ کے منصوبے قابل ذکر ہیں۔ ہم یہ دعوی نہیں کرتے ہیں کہ عوام کے سارے مسائل حل کر لئے گئے ہیں تاہم مسائل حل کرنے کی حد المقدور کوشش کی ہے۔ عوام خود کو تنہا نہ سمجھیں۔ ان کے ساتھ ہم ہر وقت کھڑے رہیں گے۔ حلقے کے وسائل کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ عوامی مفادات کو کبھی کسی قسم کا نقصان نہیں ہونے دیں گے۔ عوام کے حقوق کی پہلے بھی حفاظت کی ہے، آئندہ بھی کریں گے، وہ کام کبھی نہیں کریں گے جس سے عوام کو نقصان ہو، عوامی مفاد اور فلاح کی نوعیت کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔
وحدت نیوز(ڈیرہ اسماعیل خان)آئندہ جنرل الیکشن کے متعلق مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام مختلف شیعہ تنظیموں اوراکابرین کا مشاورتی اجلاس کوٹلی امام حسین میں منعقد ہوا جس میں ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی صدر غضنفر نقوی ، صوبائی سیکرٹری سیاسیات تنویر مہدی ،ضلعی جنرل سیکرٹری تہور عباس، شیعہ ینگ مین کے عہدیداران میں شامل سید فیاض حسین شاہ بخاری، بشیر جڑیہ، انجمن متولیان کے ہیبت اللہ صدیقی ،خادم حسین ڈی ، اشفاق مغل ، مظہر شاہ ،علمدار شاہ ،سید نثار کاظمی،سمیت دیگر عمائدین اہل تشیع نے شرکت کی ۔
اس موقع پرصوبائی اسمبلی کے حلقہ سٹی ون پر شیعہ نمائندہ سامنے لائے جانے کے لیے شرکائے اجلاس نے رائے پیش کی ، مقررین کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسے امیدوار کی حمایت کرنی چاہیئے جو ہمارے حقوق کا تحفظ کرے شرکائےاجلاس کا کہنا تھا کہ اس سے قبل فیصل کریم کنڈی سے تحریری معاہدہ کیا تھا لیکن کامیابی کے بعد انہوں نے تحریری معاہدہ پر عمل درآمد نہیں کیا تھا جس کی وجہ وہ اب قابل اعتبار نہیں ۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ آمدہ الیکشن کے حوالے سے جمیعت علماء اسلام اور اے این پی نے بھی رابطہ کیا ہے جس کے لیے قومی مشاورت کی ضرورت ہے ۔ اجلاس میں شریک مقررین کی اکثریت نے اس بات سے اتفاق کیا کہ آئندہ الیکشن میں شیعہ برادری سے اپنا نمائندہ ہونا ضروری ہے۔