The Latest
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین بیدیاں روڈ یونٹ لاھور کے زیر اہتمام عید شجاع کے موقع پر محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جشن سے ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور کی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی نے خطاب کیا ،اس موقع پر یونٹ اراکین نے محترمہ حنا تقوی کا پرجوش استقبال کیا اور گل پاشی کی۔
جشن سے خطاب کرتے ہومحترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا ماہِ ربیع الاوّل وہ مبارک و بابرکت مہینہ ہے جس میں وجہ تخلیق کائنات محبوب خدا حضرت محمد مصطفی(ص) اس دنیا میں تشریف لاے اور اپنے نور مبارک سے ظلمتوں کے پردے چاک کیے انھوں نے کہا خاتم النبیینؐ کی ذات گرامی رہتی دنیا تک کی بشریت کے لیے سرچشمہ ھدایت ہے۔
فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف رویے پر گفتگو کرتے ہوئے حنا تقوی نے کہا کہ فرانسیسی صدر ایمینوئل میکرون نے پیغمبر اسلام کےگستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی حوصلہ افزائی کر کے ’اسلام پر حملہ‘ کیا ہے۔ جو کسی بھی مسلمان و عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلَّم کے لیے قابلِ قبول نہیں۔
اپنے خطاب میں مقبوضہ جموں وکشمیر پر بھارتی تسلط و قبضے کے 73 سال مکمل ہونے پر محترمہ حنا تقوی نے کہناتھاکہ یہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم، جنگی جرائم، نسل کشی اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کرے اور کشمیری عوام کی آزادی کے لیے اقدامات کرے۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے فلاحی شعبے المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کی جانب سےشہر قائد کے درجنوں مقامات پر جلوس جشن عید میلادالنبی ؐ کے شرکاء کے استقبال کیلئے کیمپس اور سبیلیں لگائی جائیں گی، جہاں ان کی مشروبات سے تواضع کی جائے کی اور گل پاشی کی جائے گی، ان خیالات کا اظہار المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل سید زین رضارضوی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔
انہوں نے کہاکہ ہر سال کی طرح اس سال بھی المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کراچی ڈویژن قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی ہدایت پر 12 ربیع الاول کو برادران اہل سنت کی جانب سے نکالے جانے والے جلوس ہائے میلاد النبیؐ کا پرجوش استقبال کریں گے اور ان کیلئے سبیلیں بھی لگائی جائیں گی ۔
انہوں نے مزید کہاکہ ضلع وسطی، ضلع ملیر، ضلع لانڈہی کورنگی ، ضلع شرقی، ضلع جنوبی اور ضلع غربی کے درجنوں مقامات پر استقبالیہ کیمپس اور سبیلیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے، جہاں شیعہ سنی علمائے کرام خطاب بھی کریں گے۔
وحدت نیوز(لاہور)فرانس میں حضرت محمد مصطفی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخئ اور فرانسیسی صدر کے بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئےمجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زھرا نقوی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت ناقابل برداشت ہے مسلمانوں کے نزدیک سب سے زیادہ عظیم ہستی رسول کریم ؐ ہیں جن کی محبت کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا ۔
انھوں نے کہا کسی بھی مہذب ملک اور قوم کو یہ زیب نہیں دیتا کہ دوسرے ادیان کے مقدسات کی توہین کرے فرانسیسی میگزین نے دوبارہ آزادی اظہار رائےکی آڑ میں اس فعل قبیح کو انجام دے کر مسلمانوں کو رنجیدہ کیا ہےجس پر پوری دنیا کے مسلمان شدید احتجاج کر رہے ہیں ۔
انھوں نے کہا آزادی اظہار رائے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ رسول اللہ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کی جائےمسلمان اپنی جان پر کھیل کر اپنے پیارے نبیؐ کی حرمت کا دفاع کریں گے ،انھوں نے کہا کہ فرانسیسی حکام نفرت انگیز بیانات سے انتہا پسندی کو ترویج دے رہے ہیں جس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے ،اس سے پہلے کہ حالات قابو سے باہر ہوجائیں فرانس کو اپنے اس مجرمانہ فعل پر معافی مانگنی چاہئیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے فرانسیسی سفیر کو طلب کر کی شدید احتجاج ریکارڈ کروایا گیا ہے تاہم تمام مسلم ممالک کو اس قابل مذمت ، نفرت آمیز اور منظم اسلامو فوبیا مہم کے خلاف ٹھوس اور موثر اقدامات کرنا ہونگے۔
وحدت نیوز(گلگت)ہماری قیادت نے خطے کی تمام تر صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوے جو بھی فیصلہ جات کیے ہیں ہمیں من و عن تسلیم کرنے چاہیے عوام اپنے قائدین کے ساتھ مخلصانہ اور بے لوث کوششوں کو جاری رکھیں تو بہت جلد مثبت نتائج دیکھنے کو ملیں گے، ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری سیاسیات محترمہ نرگس سجاد جو کہ ان دنوں گلگت بلتستان کے سیاسی دورہ پر ہیں نے نومل حلقہ 1 میں خواتین کے اجتماع سے گفتگو کرتے ہوئےکیا ۔
انھوں نے کہاکہ موجودہ سیاسی جدوجہد میں عوام اپنے قائدین کے شانہ بشانہ میدان میں موجود رہی تو اہداف تک رسائی آسان ہو جائے گی ،ان کا مذید کہنا تھا کہ ہمارا ہدف گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دلانا ہے اور اس ہدف کی تکمیل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل گلگت سائرہ ابراہیم کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی باشعور اور وطن دوست عوام اس بات کا مشاہدہ کر رہی ہے کہ ان کے حقوق کی جنگ کے لیے میدان عمل میں مجاھدانہ کردار کون ادا کر رہا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ حقوق کے حصول کی اس جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں کیونکہ ہمارے بچوں کا مستقبل اسی صورت محفوظ اور روشن ہوسکتا ہے جب اس خطے کو صوبہ کا درجہ دے دیا جائےگا۔
وحدت نیوز(گلگت) جنرل الیکشن گلگت بلتستان 2020 کی سیاسی مہم کو جاری رکھتے ہوئےمجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات محترمہ نرگس سجاد اور سیکرٹری جنرل گلگت محترمہ سائرہ ابراہیم نے برمس کے علاقے کا دورہ کیا اور خواتین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر محترمہ نرگس سجاد نے خواتین سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ سرزمین گلگت بلتستان ایک اہم اور قدرت کے بیش بہا خزانوں کا حامل خطہ ہی اسی لیے دشمن بھی اپنی پوری طاقت سے میدان میں اتر رہا ہے اور یہاں کے بچوں کو اپنی سازشوں میں الجھا رہا ہےایسے میں باشعور خواتین کا میدان میں حاضر رہتے ہوے مثبت سیاسی کردار ادا کرنا بہت ضروری ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ یہاں کی خواتین اپنے علاقے کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گی اور دشمن کی ہر چال کو ناکام بنائیں گی انھوں نے گزشتہ الیکشن میں انجام دی گئی خواتین کی کاوشوں کو سراہا اور اس بات کی امید ظاہر کی آج بھی یہ خواتین اس سرزمین کی حفاظت میں اہم کردار ادا کریں گی۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل گلگت سائرہ ابراہیم کا کہنا تھا جس طرح ہماری باشعور خواتین نے تعلیمی میدان میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا ھے اسی طرح سیاسی میدان میں بھی اپنی شمولیت سے خطے کی بہتری اور ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی ۔
وحدت نیوز(گلگت)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات محترمہ نرگس سجاد اور سیکرٹری جنرل گلگت محترمہ سائرہ ابراہیم نے جٹل یونٹ میں خواتین کے ساتھ ملاقات کی محترمہ نرگس سجاد نے خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی میدان میں کامیابی و فتح کے لیے باشعور خواتین کا کردار نہایت اہم ہے۔
انھوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین سیاسی میدان میں بھی بہت اہمیت کا حامل ہے اور گلگت کی خواتین اس الہی پلیٹ فارم سے خطے کی تقدیر بدلنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گی اس موقع پر سیکرٹری جنرل گلگت محترمہ سائرہ ابراہیم نے خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ گلگت کی خواتین نے ہمارا حوصلہ بڑھایا ہے اور بہترین رد عمل پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئینی حقوق کے حصول کے لیے ہماری خواتین نے ہمیشہ آواز بلند کی ہے ہمارے خطے کی خواتین تعلیمی میدان میں بھی آگے بڑھ رہی ہیں انھوں نے کہا تعلیم یافتہ ، تربیت یافتہ اور جرات مند خواتین ملک و قوم کی ترقی میں ریڑھ کی ھڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات محترمہ سیدہ نرگس سجاد جو کے ان دنوں گلگت بلتستان کے دورے پر ہیں ،دنیور میں خواتین کارکنان سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ مجلس وحدت مسلمین ایک بڑی سیاسی طاقت بن کر ابھری ہے اور آج ہمارا دشمن ہم سے خوفزدہ ہے، انہوں نے کہا کے پی ٹی آئی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا معاہدہ آئینی حقوق کے حصول کا ایک زریعہ ہے، خطے کی ترقی و خوشحالی اور عوام کے آئینی حقوق کے حصول کے لیے ہر قسم کی جدوجہد جاری رہے گی، انہوں نے کہا کے ہم مرکزی سطح پر گلگت بلتستان کے حقوق کے حصول کے لئے یہاں کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر حد تک جانے کو تیار ہیں۔
اس موقع پر مرکزی سیکرٹری شعبہ جوان اور سیکرٹری جنرل گلگت محترمہ سائرہ ابراہیم نے کہا کے مجلس وحدت مسلمین نے کبھی عوامی حقوق پر سودابازی نہیں کی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم نے گلگت بلتستان میں جو بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیا ہے وہ یہاں کی عوام کے وسیع تر مفاد میں ہے ہم نے بھرپور اکثریت کے باوجود پی ٹی آئی کے ساتھ آئینی صوبے کےلئے معاہدہ کیا ہے۔
دنیور میں خواتین کارکناں سے خطاب کرتے ہوئےانھوں نے کہا کہ ہم نے آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لئے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے ہم نے آئینی صوبے کے حصول کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہے اور ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں یہ چند سیٹیں کوئی معنی نہیں رکھتیں۔ انھوں نے کہا ہم امید کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے اس پر عملدرآمد کرے گی۔
وحدت نیوز(نارووال) مرکزی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین اورایم پی اے سیدہ زھرا نقوی کی خصوصی ھدایات پر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کے وفد کا نارووال دورہ ، متاثرہ خواتین سے ملاقات نارووال میں پولیس کے جارحانہ تشدد کے واقعے میں متاثرہ خواتین سے ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات عرفا عباس نے وفد کے ہمراہ گلستان زھرا امامبارگاہ نارووال میں ملاقات کی ۔
پولیس کے خواتین پر تشدد اور بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے عرفا عباس کا کہنا تھا کہ درندہ صفت پولیس افسر نے خواتین اور بچیوں پر تشدد کرکے یزیدی فعل انجام دیا ہے اور پولیس کی وردی کو داغدار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس واقعے نے ایک آزاد و خود مختار ریاست اور ایک مقبوضہ ریاست کے فرق کو ختم کر دیا ہے حکام بالا کو اس واقعے کا نوٹس لے کر مجرمان کو کیفرکردار تک پہنچانا ہوگا اور مظلوموں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانی ہوگی تاکہ ریاست مدینہ کے قیام کی عملی تصویر واضح ہوسکے۔
انھوں نے متاثرہ خواتین کو رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زھرا نقوی کا خصوصی پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ ہم اس مشکل وقت میں آپکے ساتھ ہیں اور واقعے کے خلاف ہر فارم پر آواز بلند کی ہے اور انصاف کی فراہمی تک کرتے رہیں گے ۔اس موقع پر خواتین نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وفد کا شکریہ ادا کیا ۔مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے متاثرہ بچیوں میں کتب اور اسکارف بھی تقسیم کیے گئے ۔
وحدت نیوز(لاہور) پنجاب پولیس کی جانب سے نارووال میں خواتین عزاداروں اور معصوم بچوں پر بہیمانہ تشدد اور اغواکے خلاف مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی کی جانب سے توجہ دلاؤ نوٹس پنجاب اسمبلی میں جمع کروادیا گیا۔
توجہ دلاؤنوٹس میں سیدہ زہرا نقوی نے کہاکہ خواتین پر پولیس کی طرف سے جارحانہ تشدد کیا گیا ۔خواتین کے ساتھ مرد پولیس اہلکاروں نے سر عام دست درازی اختیار کی ۔پنجاب پولیس نارووال کے متعصب ایس ایچ او ریاض تاثیر چیمہ کی بربریت نے ایک خود مختار اور مقبوضہ ریاست کے فرق کوختم کردیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ عوام کے ہجوم میں خواتین کے احترام کو بے رحمی اور شرمناک انداز سے پامال کیا گیا اور کئی خواتین تاحال لاپتہ ہیں ۔زہرا نقوی نے مطالبہ کیا کہ حکومت نے ذمہ دران پولیس اہلکاروں کے خلاف اب تک کیا کارروائی کی ہے ایوان کو مکمل تفصیل سے آگاہ کیا جائے؟
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل وممبر پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے نارووال میں خواتین پر پولیس کے جارحانہ تشددکو پولیس گردی کا بدترین اور المناک واقعہ قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے ساتھ مرد پولیس اہلکاروں کی سر عام دست درازی اختیارات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔پنجاب پولیس کے متعصب ایس ایچ او ریاض تاثیر چیمہ کی بربریت نے ایک خود مختار اور مقبوضہ ریاست کے فرق کوختم کردیا ہے کل تک مقبوضہ کشمیر اور اسرائیل کے غصب شدہ علاقوں میں پولیس کی درندگی کے جو مناظر دیکھ کر دل دھل جاتے تھے آج وہ وطن عزیز کی گلی کوچوں میں دہرائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی سے احتجاج کرتے ہوئے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر ضروری دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہےکہ خواتین کی تذلیل کے اس واقعہ پر خاموش نہیں رہیں گے۔عوام کے ہجوم میں خواتین کے احترام کو جس بے رحمی اور شرمناک انداز سے پامال کیا گیا اس نے پولیس کے شعبے میں ہونے والی نام نہاد اصلاحات کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔طاقت اور اختیارات کے زور پر کسی بھی غیر آئینی اقدام کی مجلس وحدت مسلمین کھل کر مخالفت کرے گی۔انہوں نے گرفتار اور لاپتا خواتين کی فوری بازیابی اور قانونی شکنی کے مرتکب پولیس افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔