وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی اورعلامہ امین شہیدی پاک افغان سرحد پر جام شہادت نوش کرنے والے میجر عدیل شاہدزیدی کی رہائش گاہ پر گئے اورانکے والد شاہدزیدی سمیت اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔شیعہ رہنماؤں نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دھرتی کو اپنے ان جانثار سپوتوں پر فخر ہے جنہوں نے مادر وطن کی محبت کو اپنی جانوں پر ترجیح دی اور ارض پاک کو ناقابل تسخیر بنایا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح تحریک پاکستان میں شیعہ قوم نے ہر طرح کی قربانی دی ہے اسی طرح تکمیل اور تعمیر پاکستان کے لیے بھی ڈٹی ہوئی ہے اور ہمیشہ اسی طرح ڈٹی رہے گی۔کشمیر کی سرحد ہو یا بھارت وافغان بارڈر ، سیاچن کےبرف پوش پہاڑہوں یا وزیرستان کے بیابان ہر محاذپر مکتب اہل بیت ؑ کے بہادر سپوتوں نے آئمہ اطہارؑ کی سیرت پرچلتے ہوئے قربانیوں کی عظیم داستانیں رقم کی ہیں ۔
رہنماؤں نے مزیدکہاکہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ کی ہماری قوم نے بھاری قیمت ادا کی ہے۔ہمارے باصلاحیت نوجوانوں کا خون اس ملک کی آبیاری میں شامل ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم ماردوطن کا مضبوط دفاع ہیں اور ارض پاک کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی کبھی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے شہید کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہادت ہمارے اجداد کا ورثہ ہے یہ اللہ تعالیٰ کے خاص بندوں کے حصے میں آتی ہے۔میجرعدیل زیدی شہیدکی جرات و استقامت کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے اہل خانہ کےلئے صبرجمیل اور شہید کی بلندی درجات کے لیے دعا بھی ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) دنیا بھر کی طرح لاہور میں بھی یوم مردہ باد امریکہ منایا گیا جس میں امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین کےمرکزی رہنماؤں اور کارکنوں نے بھرپورشرکت کی۔ ریلی کی قیادت ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنمااور ممتاز عالم دین علامہ امین شہیدی، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی، ایم ڈبلیوایم پنجاب کے سیکریٹری جنرل علامہ مبارک موسوی،ایم ڈبلیوایم لاہور کے سیکریٹری جنرل علامہ حسن ہمدانی سینئر رہنما افسر رضا خان، سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ احتجاجی ریلی لاہور پریس کلب سے شروع ہوئی اور امریکی قونصلیٹ کے سامنے پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی جہاں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے امریکہ کے اپنا سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کرنے کے اقدام کی پرزور مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں کا لہو ضرور رنگ لائے گا اسرائیل بہت جلد نابود ہو جائے گا۔
وحدت نیوز(کراچی) وحدت یوتھ کراچی ڈویژن کے زیراہتمام جشن معصومین ؑکا مسجد وامام بارگاہ مدینتہ العلم گلشن اقبال میں شاندارانعقادکیا گیا، پروگرام کاآغاز قاری علی احسن سیکریٹری امور تربیت وحدت یوتھ کراچی ڈویژن نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ نظامت کے فرائض شہید استاد سبط جعفرکے رفیق اور دیرینہ ساتھی الحاج ناصرعبا س اور ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مبشرحسن نے انجام دیئے،شہرکراچی کے معروف شعراءاہل بیتؑ جناب قمرحسنین، میرحیدر حسین تکلمؔ، ثمرحسنین سمیت معروف منقبت وثناءخوانِ اہل بیت ؑجناب شجاع رضوی، مختار فتحپوری،دستہ امامیہ کے صاحب بیاض وسیم الحسن عابدی، امانت علی خان و غلام عباس خان (سونو مونو)، صبیب عابدی ، میثم زیدی، زاہد رضاو دیگر نے بھی بارگاہ معصومین ؑ میں اپنی منفردانداز میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ محمد امین شہیدی، صوبائی رہنماعلی حسین نقوی،ڈویژنل سیکریٹری جنرل مولانامحمد صادق جعفری، مولانا نشان حیدرساجدی، مولانا سید حمید حسین الحسینی ، علامہ مبشر حسن ،مولانا غلام عباس کمیلی،رضی حیدررضوی ،مختلف سماجی شخصیات اور مومنین کی بڑی تعدادمیں شرکت کی،مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ محمد امین شہیدی نے جشن کی محفل سے خصوصی خطاب کیا، جشن کے اختتام پر ایام عزاءمیں شہرکراچی کی مختلف مجالس وجلوس ہائے عزاءمیں سکیورٹی کے بہترین انتظامات اور عزاداروں کی خدمت میں پیش پیش رہنے والے وحدت یوتھ کراچی کےرضا کاروں میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنمامولانا صادق جعفری، مولانا نشان حیدر، مولاناغلام عباس کمیلی،مولانا حمید حسین الحسینی، میر تقی ظفر، احسن عباس رضوی اور رضی حیدرکے ہاتھوں اعزازی اسنادبھی تقسیم کی گئیں، جشن کےاختتام پر حاضرین کے لئے طعام کا اہتمام کیاگیاتھا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے ممتاز قانون دان شہید سید سیدین زیدی ایڈووکیٹ اور شہید حبدار حسین کے ایصال ثواب کے لئے امام بارگاہ جی سکس ٹو اسلام آباد میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے مومنین نے بھرپور شرکت کی۔ مجلس ترحیم سے شہید سید سیدین کے فرزند ارجمند سید مزمل زیدی اور علامہ محمد امین شہیدی کے خطاب کیا۔ علامہ سید احمد اقبال رضوی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین نے بھی اس مجلس ترحیم میں شرکت کی۔ اس موقع پر علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ مقام شہادت ایک درجہ کمال ہے، ان کو نصیب ہوتا جو معرفت الہی کے راہی ہوتے ہیں،ملت کا ہر شہید قوم کے مقدر کا ستارہ اور ملت کے ماتھے کا جھومر ہے اس وقت ہمارے ملک کا ہر حصہ ملت جعفریہ کے باوفا بیٹوں کے پاکیزہ خون سے رنگین ہو چکا ہے اور قبرستانوں کے شہر آباد ہو گئے ہیں لیکن آج شہادت کے درجے پہ فائز ہونے والے شہید محمد سیدین زیدی حقیقتا شوق شہادت سے سرشار اور سالہا سال سے اسی تمنا میں اپنی زندگی کے آخری سال گزار رہے تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) گذشتہ دنوں مسجد وامام بارگاہ باب العلم آئی ایٹ اسلام آبادمیں تکفیری دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے مجلس وحدت مسلمین کے سابق لیگل ایڈوائزر، سابق ایڈووکیٹ جنرل سندھ معروف قانون دان شہید سید محمد سیدین زیدی ایڈووکیٹ کو آہوں اور سسکیوں میں ایچ الیون قبرستان اسلام آبادمیں سپرد لحد کردیا گیا، تدفین میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سمیت علامہ امین شہیدی، علامہ اقبال بہشتی، علامہ سخاوت قمی، محسن شہریار، ارشاد بنگش سمیت دیگر رہنما، معززین شہر اور پسماندگان کی بڑی تعداد شریک تھی، شہید سیدین زیدی کے تدفین کے موقع پر تلقین کی تلاوت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے فرمائی، اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی شوریٰ عالی کے رکن علامہ امین شہیدی نے کہا ہے کہ شہید قائد کے پیغام سے تجدید بیعت کے لیے جس طرح ساری قوم آج یکجا کھڑی ہے اس پر خدائے بزرگ و برتر کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ اہلسنت اور اہل تشیع کا بھرپور اجتماع شہید قائد کے خوابوں کی تعبیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریڈ گراونڈ اسلام آباد میں مہدی برحق کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائد کی رہنمائی کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ آج ایک طویل جدوجہد کے بعد مجلس وحدت مسلمین ملت کے لیے میدان میں موجود ہے اور عوام اپنی اس نمائندہ جماعت کے ساتھ کھڑی ہے۔ علمی، فکری، اقتصادی اور شعوری اعتبار سے قوم کو اگلے تیس سالوں میں غیر معمولی مقام تک لے جانے کا لائحہ عمل ہمیں طے کرنا ہے۔ اس کے لیے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی صلاحتیوں کو بڑھانا ہوگا اور شرح الصدر کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملت کے تمام طبقات کو ساتھ ملانے کی اشد ضرورت ہے۔