وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا نے گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے گندم کی سبسڈی کے خاتمے کیخلاف عوام کے احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ 9 روز سے جاری رہنے والے دھرنوں کے باوجود عوام کے مطالبات تسلیم نہ کرنا جی بی حکومت کی آمرانہ ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ وحدت ہاوس پشاور سے جاری اپنے ایک بیان میں ایم ڈبلیوایم کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید عدیل عباس زیدی نے کہا کہ ہم گلگت بلتستان کی غیور عوام کی عظمت، استقامت، شجاعت اور ثابت قدمی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام اپنے حقوق کیلئے گذشتہ 9 روز سے سڑکوں پر ہیں، اور انشاء اللہ وہ اپنے حقوق حاصل کرکے ہی گھروں کو لوٹیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی حکومتوں نے عوام کو نہ صرف مایوس کیا بلکہ ان کے آئینی حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اس حقوق کی جنگ میں گلگت بلتستان کے عوام کے شانہ بشانہ ہیں۔ مہدی شاہ حکومت خود کو مزید رسوائی سے بچانے کیلئے فوری طور پر گندم کی سبسڈی بحال کرے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا سینئر صحافی حامد میر پر حملہ کو آزادی صحافت پر حملہ تصور کرتی ہے، اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، تاہم اس حملہ کی آڑ میں قومی سلامتی کے اداروں پر بلاجواز تنقید درست نہیں۔

وحدت نیوز(اسٹاف رپورٹر) گلگت بلتستان میں جاری عوامی ایکشن کمیٹی کی بحالی حقوق تحریک سے اظہار یکجہتی کے لئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر احتجاج کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلنا شروع ہو چکا ہے، اس سلسلے میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے ایم ڈبلیو ایم ضلع راولپنڈی /اسلام آباد کی جانب سے احتجاجی کیمپ لگا دیا گیا ہے، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ شفقت شیرازی نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور اہلیان گلگت بلتستان کی حمایت اور ان کے حقوق کی بحالی کے لئے آواز بلند کرنے پر کیمپ میں موجود کارکنان کے حوصلوں کو سراہا۔

 

دوسری جانب لاہور پریس کلب کے سامنے ایم ڈبلیو ایم ضلع لاہور اور گلگت بلتستان یوتھ کے زیر اہتمام احتجاجی کیمپ لگایا گیا ہے، ٹنڈو محمد خان میں پریس کلب کے سامنے ایم ڈبلیو ایم سندھ شعبہ تنظیم سازی اور ضلع ٹنڈو محمد خان کی جانب سے احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا گیا ہے، جس میں صوبائی رہنما علامہ مختار امامی ،عالم کربلائی اور یعقوب حسینی نے بھی شرکت کی ،نصیر آباد میں ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی سیکریٹری جنرل مولانا اختر عباس نقوی کی سربراہی میں علامتی دھرنا کیمپ لگایا گیا ہے،ضلع بدین کی تحصیل  ماتلی میں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان کی بڑی تعداد نے گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی جس کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنما یعقوب حسینی نے کی ، بعد ازاں تمام کارکنان نے پریس کلب کے سامنے علامتی دھرنا دیا اور بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے۔

 

گلگت بلتستان میں گندم سبسڈی کی بحالی کے لئے میر پور خاص میں ضلعی رہنما بشیر شاہ نقوی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ریلی   پریس کلب پہنچی تو شرکائے احتجاج پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے، نوشہرو فیروزمیں ضلعی سیکریٹری جنرل اعجاز ممنائی  کی زیر قیادت  ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان کی بڑی تعداداہلیان گلگت بلتستان سے اظہار یکجہتی کے لئے پریس کلب پر علامتی بھوک ہڑتال کا کیمپ لگا کر بیٹھ گئے ہیں جس میں صوبائی رہنما امتیاز بخاری بھی شامل ہیں  ، حیدر آباد پریس کے سامنے ضلعی سیکریٹری جنرل علامہ امداد علی نسیمی اور عالم کربلائی کی زیر قیادت ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان نے احتجاجی دھرنا کیمپ لگا دیا ہے اور کارکنان بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے ہیں ،  اس کے علاوہ کوئٹہ ،پنجاب اور سندھ کے دوسرے اضلاع میں بھی حکومت کی جانب سے گندم پر سبسڈی کے خاتمے کے خلاف مسلسل احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

وحدت نیوز(کوہاٹ) مجلس وحدت مسلمین ضلع کوہاٹ کے سیکرٹری جنرل حاجی علی داد خان نے کہا ہے کہ ہم بچوں کی تربیت پر خاص توجہ دے رہے ہیں، کیونکہ یہی بچے ہماری قوم کا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے لئے تربیتی ورکشاپ منعقد کرکے ان کو معاشرے میں موجود برائیوں سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع کوہاٹ کے علاقہ مرئی بالا میں منعقدہ محفل ختم قرآن اور تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تربیتی نشست میں بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدارحسین نقوی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے حکم پر پورے پاکستان کی طرح ملتان میں بھی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ ملتان سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایم ڈبلیوایم کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدارحسین نقوی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی عوام کو آئینی اور قانونی حقوق سے محروم رکھنا بغاوت پر مجبورکرنے کے مترادف ہے۔اُنہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پورے پاکستان میں گلگت بلتستان کی عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کررہی ہے ۔ اگر مہدی شاہ نے اپنی ہٹ دھرمی کو نہ چھوڑا توبہت جلد بے نقاب ہو جائے گا۔

وحدت نیوز(ہری پور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی دپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید شفقت شیرازی نے ہری پور میں ایم ڈبلیوایم کے گذشتہ روز رہا ہو نے والے صوبائی رہنما علامہ وحید عباس کاظمی سے ملاقات کی اس موقع پر پریس کانفرنس کر تے ہو ئے علامہ شفقت شیرازی کا کہنا تھا کہ مملکت خدا داد نازک ترین دور سے گذر رہا ہے، دہشت گردی اورلاقانونیت پہلے ہی ملکی جڑوں کو کھوکلا کر رہی ہے، اب انتظامی اداروں میں بڑھتا ہوا تعصب اور تکفیری سوچ مذید خرابیوں کو جنم دے رہی ہے، علامہ وحید عباس کاظمی اور نیئر عباس جعفری کی بلاجواز گرفتاری بھی اسی متعصب سوچ کی عکاسی تھی، جس کی ہم پر زور مذمت کر تے ہیں، اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کر تے ہیں کہ ہری پور کی ضلعی انتظامیہ کے متعصبانہ رویئے کی تحقیقات کی جائیں اور کالی بھیڑوں سے انتظامی اداروں کو پاک کیا جائے،اس موقع پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہو ئے علامہ وحید عباس کاظمی نے کہا کہ ہری پور کی ضلعی انتظامیہ میرے اقدام قتل میں ملوث ہے، جنہوں نے مجھے بلا وجہ گرفتار کر کے بد نام زمانہ کوہستان جیل منتقل کیا جبکہ چالیس پولیس اہلکاروں نے قانون کی حدوں کو کراس کرتے ہوئے میرے گھر داخل ہو کر تذلیل کرنے کی کوشش کی جس کی تمام تر ذمہ داری ڈی پی او ہری پور ، اے ایس پی واحد محمود اور ڈی سی ہری پور پر عائد ہوتی ہے۔ان کامذید کہنا تھا کہ اقدام قتل میں ملوثہری پور کے متعصب ضلعی منتظمین کو فوری طور پر معطل کیاجائے ورنہ میں تمام تر ثبوتوں کے ساتھ عدالت کا دروازہ کھٹکاؤں گا، صوبائی حکومت میری اور تمام شہریوں کی جان کے تحفظ کی ذمہ دار ہے ، اگر میری جان کو کوئی نقصان پہنچا تو ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہو گی۔

وحدت نیوز(ہری پور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ خیبرپختونخواکے سیکریٹری امورتنظیم سازی علامہ سید وحید عباس کاظمی کو خیبر پختونخوا پولیس نے بلاوجہ گرفتار کر لیا ہے، اطلاعات کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے پہلے ان کے گھر پر چڑھائی کی جب علامہ وحید کاظمی گھر پر نہ ملے تو ان کے بوڑھے والد کو پولیس گرفتار کر کے ہمراہ لے گئی، بعد ازاں علامہ وحید عباس کاظمی والد کی تلاش میں متعلقہ تھانے پہنچے تو پولیس نے انہیں گرفتار کر کے کوہستان جیل منتقل کردیا ہےاوران کے  والد کو رہا کر دیا ہے ، پولیس زرائع کا کہنا ہے کہ کل علامہ صاحب نے ہری پور میں مجلس عزا سے خطاب کر نا ہے جس سے نقص امن کا خطرہ ہے اس بناء پر انہیں گرفتار کیا گیا ہے ، وحدت نیوزکو زرائع سے موصول ہو نے والی اطلاعات کے مطابق کل کالعدم تکفیری جماعت کے رہنما لدھیانوی اور فاروقی کی ہری پور آمد متوقع ہے اس بناء پر علامہ وحید عباس کاظمی کو بلاجواز گرفتار کیا گیا ہے، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ سبطین حسین الحسینی نےعلامہ وحید عباس کاظمی کی بلاجواز گرفتاری پر شدید احتجاج کر تے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ دہشت گردوں کو لگام ڈالنے کے بجائے محب وطن شہریوں کو پابند سلاسل کر رہی ہے جو کہ آئین وقانون کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے۔ صوبائی حکومت جلد از جلد علامہ وحید عباس کو رہا کر ے ورنہ صوبے بھر میں بھر پو ر احتجاج کیا جائے گا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree