وحدت نیوز(ایبٹ آباد)مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ کے سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین حسین الحسینی کی آمد پر سیکرٹر ی تنظیم سازی KPK مولانا سیدوحید عباس کاظمی اور سیکرٹری جنرل ضلع ایبٹ آباد سید مدثر علی کاظمی نے انکا استقبال کیا۔اس کے بعد مرکزی سیکرٹری جنرل KPK سید سبطین حسین الحسینی صاحب کو چھچھہ میرا تحصیل حویلیاں کا دورہ کروایا گیا۔جہاں پر انھوں نے تحصیل حویلیاں کی برزگ شخصیت سید مطلوب حسین شاہ صاحب سے ملاقات کی اور مسجد و امام بارگاہ کے لئے وقف شدہ زمین کا معائنہ کیا ۔اور اس مقام پر انھوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ یہاں پر مسجد و امام بارگاہ کی اشد ضرورت ہے۔ اور ہم اپنی کوشش کو بھروئے کار لاتے ہوئے اس مقام پر مسجد و امام بارگاہ کے قیام کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔


اس کے بعد سیکرٹری جنرل KPK نے تحصیل حویلیاں کی معروف مذہبی شخصیت میر محمد عرف روڑا سائیں کے ایصال ثواب کے لئے ان کے مرقد پر فاتحہ خوانی کی اور انکے فرزند خانویز علی کی خدمت میں انکے والد کی وفات پر تعزیت کی۔بعد اذاں انھوں نے تحصیل حویلیاں میںMWMضلع ایبٹ آباد کے سیکرٹری تنظیم سازی سید اظہر حسین شاہ کے ہاں وحدت پارکنگ ہاؤس کا افتتاح کیا اور انکے بھائی اور والد محترم کی قبور پر فاتحہ خوانی کی۔ اس کے بعد سیکرٹری جنرل KPKنے تحصیل حویلیاں یونٹ کی کابینہ کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ایبٹ آباد کی کابینہ کے سہ ماہی اجلا س میں ضلع ابیٹ آباد امام بارگاہ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔جب کہ MWM خیبر پختونخواہ کی مجلس شوریٰ عالیٰ کے سینئر رہنما علامہ آغا جہانزیب حسین جعفری نے صدارت کے فرائض انجام دیئے۔ اور انکے ہمراہ MWM,KPK کے سیکرٹری تنظیم سازی مولانا وحید عباس کاظمی اور قلب عباس نے بھی شرکت کی۔انکے علاوہ اس اجلاس میں ایبٹ آباد ڈسٹرک کی کابینہ، تحصیل حویلیاں یونٹ کی کابینہ ، کاکول یونٹ ،ناڑہ ستوڑہ اور کرہکی کی افراد نے شرکت کی۔


ڈسٹرکٹ ایبٹ آباد کی سہ ماہی کابینہ کے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ؐ سے کیا گیا۔ اس کے بعد سیکرٹری جنرل ضلع ایبٹ آباد سید مدثر علی کاظمی نے اپنی کابینہ کی سہ ماہی کارگردگی کی تفصیل سے آگاہ کیااور تحصیل حویلیاں یونٹ کے سیکرٹری جنرل سید سبطین حسین شاہ نے MWM, KPK کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور دیگر حاضرین محفل کااس اجلاس میں آمد پر شکریہ ادا کیا۔جبکہ سیکرٹری تنظیم سازی KPK مولانا وحید عباس نے MWM کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔انکے بعد مجلس شوریٰ کے سینئر رہنما علامہ آغا جہانزیب حسین جعفری نے اتحاد بین المسلمین پر روشنی ڈالی۔بعد اذان سیکرٹری جنرل MWM,KPK نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تمام ممبران کے مسائل سنے اور انکے حل کے لئے ا پنے بھرپور تعاون کی یقین دھانی کرائی اورکاکول یونٹ کے نو منتخب سیکرٹری جنرل سید سبطین حسین شاہ سے حلف لیا۔

وحدت نیوز(بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام ایک تعزیتی اجلاس کا انعقاد ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم بلتستان کے زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے صوبائی سیکرٹری فلاح و بہبود، بلتستان کی معروف دینی درسگاہ جامعۃ النجف اسکردو کے وائس پرنسپل حجتہ الاسلام شیخ احمد علی نوری اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن کے سابق ڈویژنل صدر و چیئرمین الہٰدی فاونڈیشن علی احمد نوری کی والدہ ماجدہ گذشتہ دنوں علالت کے باعث داعی اجل کو لبیک کہہ گئی۔مرحومہ کی رحلت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ اجلاس میں مرحومہ کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی گئی۔ اجلاس کے آخر میں مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔مرحومہ کو اسکردو الڈینگ پکورا میں سپرد خاک کیا گیا۔ انکی نماز جنازہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ آغا مظاہر حسین موسوی کی اقتدا میں ادا کی گئی۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے مرکزی دفتر میں یوم القدس کے زخمیوں میں ایم پی اے سید محمد رضا، ایم ڈبلیوایم کوئٹہ ڈویژن کے سیکرٹری جنرل سید محمد عباس، کونسلر کربلائی رجب علی اور کونسلر کربلائی عباس علی نے زخمیوں میں چیکس تقسیم کیے اس دوران ایم پی اے سید محمد رضا نے کہا کہ یوم القدس کے شہداء بلند پایہ کے شہداء تھے جنہوں نے ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انکے پاک خون کی بدولت پاکستانیوں کا سر عالم اسلام میں بلند ہو گیا کیونکہ ان شہداء نے اپنا خون اس بیت المقدس اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے بہایا جسکے تقدس کا ذکر خود پروردگار عالم نے اپنی کتاب میں فرمایا، جسکی آزادی تمام مسلمانان عالم کے لیے سوالیہ نشان بنا ہوا ہے۔ تمام امت مسلمہ پر یہ فرض بنتا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے لیے اپنی آواز بلند کرے ورنہ اس معاملے میں ہماری غفلت خدا کے حضور میں مجرمانہ غفلت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ ان شہداء کو قومی اور حکومتی سطح پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تمغہ شجاعت سے نوازتے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑھ رہا ہے کہ خود انہیں شہداء اور زخمیوں پر (FIR) کاٹی گئی جو انتہائی شرمناک عمل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ حتی الامکان ان شہداء کے خانوادوں اور زخمیوں کی دلجوئی ہوسکے۔آخر میں یہ اعلان کیا گیا کہ جن زخمیوں کو چیکس نہیں ملے وہ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی دفتر سے رابطے میں رہے اُنکے چیکس پاس ہونگے۔ اس موقع پر زعماء و اکابرین کی ایک بڑی تعداد شریک تھے۔

وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان کی مشہور و معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور سابق چیئرمین بلدیہ گلگت محمد الیاس صدیقی ایم ڈبلیوایم میں شامل ہوگئےہیں ۔ ان کی شمولیت کے موقع پرڈویژنل سیکریٹریٹ  وحدت ہائوس میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ محمد بلال سمائری نےمحمد الیاس صدیقی کو ایم ڈبلیو ایم میں شمولیت پر مبارک باد پیش کی اور ان کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا ، علامہ بلال سمائری نے محمد الیاس صدیقی کو ہار بھی پہنائے ۔واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں سیاسی ، مذہبی، سماجی اور قومی شخصیات کی مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ، وکلاء برادری سے تعلق رکھنے والے معززین بھی بڑی تعداد میں ایم ڈبلیو ایم میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں ۔ جن کا ہدف ایم ڈبلیو ایم کے پلیٹ فارم سے گلگت بلتستان کے محروم عوام کے غصب شدہ حقوق کا حصول ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے پولیٹیکل سیکریٹری عبداللہ مطہری نے وفد کے ہمراہ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے چیئر مین ارشاد بخاری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ایم ڈبلیوایم کے وفد میں کراچی ڈویژن کے پولیٹیکل سیکریٹری علی حسین نقوی ، صوبائی رہنما ناصر حسینی و دیگر شامل تھے ، ایم ڈبلیو ایم کے وفد اور ارشاد بخاری کے درمیان دو طرفہ دلچسپی کے امور سمیت ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت ہو ئی، ارشاد بخاری نے ٹرانسپوٹر ز کو درپیش مسائل سے بھی ایم ڈبلیو ایم کے وفد کو آگاہ کیا ، ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں اور ارشاد بخاری نے ملاقاتوں کے سلسلے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا رضوی نے کہا ہے کہ آج طالبان اور دیگر ناموں کی شکل میں ملک میں جتنی بھی جہادی اور دہشت گرد تنظیمیں ہیں یہ سب ضیاءالحق کے دور کی کشمیر اور افغانستان میں مداخلاتی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔ یہ تمام شدت پسند، دہشت گرد اور کالعدم تنظیمیں ضیاء کے دور سے لے کر آج تک مختلف ادوار میں وجود میں لائی گئیں ہیں۔ اِن کے قیام کے لئے پارلیمینٹ سے کوئی منظوری نہیں لی گئی۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیوایم کے رکن بلوچستان اسمبلی نے کوئٹہ میں جوانوں کے ایک اسٹڈی سرکل گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ممالک میں مداخلت، اور پاکستان میں اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے والی معتدل سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی آواز کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دبانے اور منتخب جمہوری حکومتوں کو دہشت گردی کے نام پر دباؤ میں رکھنے، شہروں میں ایف سی اور رینجرز کی شکل میں جمہوری حکومتوں کو بےبس کرنے کے لئے خفیہ اداروں اور پاکستان کی غیر جمہوری قوتوں نے بھیڑیوں اور درندوں کی شکل میں اِن دہشت گرد تنظیموں کو نہ صرف پال رکھا ہے بلکہ اِن دہشت گرد کالعدم تنظیموں کو اپنا اثاثہ بھی قرار دیتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستان بھر میں اِن کے خلاف کبھی بھی کوئی سنجیدہ کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ کسی کو گرفتار کرکے سزاء دی گئی۔ بلکہ گرفتاری کے بعد جیلوں سے باقاعدہ فرار بھی کرایا گیا، نصیراللہ بابر کا بیان ریکارڈ میں موجود ہے۔ جس میں انہوں نے کہا تھا کہ طالبان میرے بیٹے ہیں۔ ہم بھی غیر سابقہ اور موجودہ حکمرانوں، آمروں اور خفیہ اداروں سے یہی کہتے ہیں کہ طالبان اور جہادی تنظیموں کے کارکُن آپ کی پالی ہوئی اولاد ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ہمسایہ ممالک میں مداخلت، ناجائز، غیرانسانی، غیر جمہوری مقاصد کے حصول اور ایک خاص مسلک کے عقائد کو پاکستان میں مسلط کرنے کے لئے آمروں، آمروں کی پیداوار جمہوری حکومتوں اور خفیہ اداروں نے جہادی تنظیموں، طالبان، فرقہ پسند دہشت گرد تنظیموں کا قیام عمل میں لاکر پاکستان کو اغیار کے ہاتھوں فروخت کر دیا ہے۔ جن ممالک کو دہشت گرد اور جنونی جنگجوؤں کی ضرورت ہوتی ہے وہ پاکستان سے رابطہ کرتے ہیں اور پاکستان انہیں ایکسپورٹ کرتا ہے کیونکہ پاکستان نے گذشتہ چالیس سال سے دہشت گردوں کی لاکھوں کی تعداد میں کھیپ تیار کی ہے۔ جو کسی بھی ملک میں ایکسپورٹ کے لئے ہمیشہ تیار ہوتی ہے۔ اب جبکہ دہشت گردوں میں سے کچھ امریکہ اور ہندوستان کے آلہ کار بن چکے ہیں اور پاکستان میں معصوم عوام، خفیہ اداروں کے دفاتر اور فوجی مقامات کو نشانہ بنانا شروع کیا تو اِن حکمرانوں کو مخصوص دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا خیال آیا ہے لیکن اپنے ہی پالے ہوئے طالبان کے ساتھ نام نہاد امن مذاکرات کا ڈھونگ رچا کر عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ ہم اُن تمام آمروں، خفیہ اداروں اور آمروں کی پیداوار جمہوری حکومتوں سے یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ آپ کے پالے ہوئے دہشت گردوں کے ہاتھوں جس طرح پچاس ہزار معصوم عوام کا خون بہایا گیا، اِس کا ذمہ دار کون ہے۔ شہداء کے لواحقین کِن کے ہاتھوں میں اپنے پیاروں کا لہو تلاش کرے۔

 

آمروں، خفیہ اداروں اور آمروں کی پیداوار جمہوری حکومتوں کے پالے ہوئے دہشت گردوں کی کارروائیوں کے نتیجے میں پاکستان بےگناہ اور معصوم عوام، خواتین، بچے، پولیس، فوج، ڈاکٹرز اور انجینیئرز کا مقتل گاہ بن چکا ہے۔ اِن کی شہادتوں کا ذمہ دار کون ہے۔ حکمرانوں کو، پاک فوج کو، خفیہ اداروں کو پچاس ہزار شہداء کا اگر ذرہ برابر بھی خیال ہے، اگر اِنہیں پاکستان کی بقاء اور سلامتی عزیز ہے، تو افواج پاکستان پورے ملک میں بلا امتیاز پاکستان کی تاریخ کا سخت ترین آپریشن کریں۔ دہشتگردوں کے خلاف کسی قسم کی نرمی کا مظاہرہ نہ کریں۔ یہ دہشت گرد پاکستان کے لئے، دنیا میں امن کے قیام کے لئے، پاکستان کے ہمسایہ ممالک میں امن کے لئے خطرہ بن چکے ہیں۔ اِن ناسوروں کے خلاف جب تک پاکستان میں آپریشن نہیں کیا جائے گا۔ اس وقت تک پاکستان اور دنیا میں امن نہیں آئے گا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree