وحدت نیوز(راولپنڈی)سانحہ راولپنڈی کے گرفتار ملت تشیع کے بےگناہ اسیران کو جلد از جلد رہا کیا جائے، آج کا مظاہرہ اسیران کی رہائی کی تحریک کا آغاز ہے اگر پنجاب حکومت نے یکطرفہ کارروائیاں نہ روکی اور اسیران کو رہا نہ کیا گیا تو پھر ملک گیر تحریک چلائیں گے، پنجاب حکومت دہشتگردوں کی سرپرستی کرنا چھوڑ دے، ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم ضلع راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل سعید الحسن رضوی، ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر عباس، مولانا سلیم حیدر جعفری، ایس یو سی راولپنڈی کے صدر مولانا قاسم جعفری، مولانا اکبر کاظمی، مولانا ساجد شیرازی، راحت کاظمی و دیگر مقررین نے ایم ڈبلیو ایم اور دیگر ملی تنظیموں  کے زیراہتمام اسیران سانحہ راجہ بازار کی رہائی کیلئے نکالی جانیوالی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ملک میں حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آ رہی، دہشتگردوں کو کھلی چھٹی دے دی گئی ہے، جبکہ دوسری طرف پاکستان سے محبت کرنے اور بنانے والوں کے ساتھ ناروا سلوک رکھتے ہوئے انہیں بےگناہ اسیر کیا جا رہا ہے۔ ظہیر عباس نقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت نااہل ہو چکی ہے، دہشتگردوں کی سرپرستی کرنا چھوڑ دے۔

 

مولانا سلیم حیدر جعفری نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، اسیران کو رہا نہ کیا گیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک چلائیں گے، ملک کو دہشتگردوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گے، پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے۔ مولانا قاسم جعفری نے کہا کہ پنجاب حکومت تنگ نظری سے کام نہ لے اور ہمارے جذبات سے نہ کھیلے، قانون کا احترام کرتے ہیں، صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا تو ملک بھر میں نکلیں گے، مقررین نے مطالبہ کیا کہ اسیران کے ساتھ غیر انسانی و غیر اخلاقی سلوک روکا جائے۔ سانحہ عاشورہ کے پس پردہ سازش کو بےنقاب کیا جائے۔ شہید مظہر مبارک اور عزاداروں پر ہونے والے حملوں میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کیا جائے اور آج تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے۔ 2 ماہ سے مساجد اور امام بار ہوں کی بےحرمتی پر کیا ایکشن لیا گیا ہے بتایا جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ آئندہ جمعہ کو پنجاب حکومت کیخلاف راولپنڈی میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک بلاجواز گرفتار بیگناہ افراد کی رہائی عمل میں نہیں آتی۔ریلی میں شیعہ علماکونسل کے کارکنان کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔

وحدت نیوز(کراچی) ایم ڈبلیوایم کے کارکنان اور رہنماؤں کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے، وفاقی و صوبائی حکومت نے کالعدم جماعتوں کو تحفظ فراہم کیا آج شہر قائد میں عوام اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھتی ہے، حکومت شیعہ نسل کشی ٹارگت کلنگ کے خلاف پر اعلیٰ عدالتی کمیشن قائم کرے، صوبائی حکومت زبانی جمع خرچ کے بجائے شیعہ افراد کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکریٹری جنرل حسن ہاشمی نے وحدت ہاؤس کراچی میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں علامہ علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن، سلمان حسینی، حیدر زیدی، علی حسین نقوی سمیت کابینہ کے دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سرپرستی میں کالعدم تکفیری دہشت گردوں کے بہت سے نیٹ ورک چل رہے ہیں، شیعہ پروفیسرز اور ڈاکٹرز کو قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں تو دوسری جانب شہر کی جامعات میں بھی کالعدم گروہوں کا نیٹ ورک منظم ہو رہا ہے، اب شہر کی جامعات بھی محفوظ نہیں رہیں، حکومت و قانون نافذ کرنے والے ادارے صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلا رہے ہیں، دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے و فاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، تکفیری ایجنڈے کے تحت ملت تشیع پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔

 

حسن ہاشمی نے کہا کہ مرکزی رہنماؤں کی احتجاجی تحریک پر لبیک کہتے ہیں اور اب ایم ڈبلیو ایم مظلوموں کی آواز بن کر ملک گیر احتجاج کریگی، کراچی سمیت پورے ملک میں بے گناہ لوگ مارے گئے، کوئٹہ، کراچی، لاہور، راولپنڈی، گجرات، پشاور، چشتیاں، ملتان، بھکر، ڈی جی خان اور چکوال میں بے گناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے درندوں کو قانون کی گرفت میں نہیں لیا گیا، اس کے بر عکس کراچی اور راولپنڈی میں ملت تشیع کے بے گناہ افراد کو بلاجواز گرفتار کیا گیا اور انہیں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ہم نے صرف مظلومیت کی آواز بلند کی جس کی پاداش میں ہمیں تشد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، وفاقی و صوبائی حکومت بلوچستان کے رئیسانی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہماری زخموں پر نمک پاشی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی کے دوران کے چھ مساجد و امام بارگاہیں آتشزدگی کا نشانہ بنیں لیکن کسی بھی وفاقی یا صوبائی عہدیدار نے مساجد کا جائزہ لینے کی کوشش ہی نہیں کی، حکمران ہمیں مجبور کر رہے ہیں کہ ہم مظلومین کوئٹہ کی طرح پنجاب کے رئیسانیوں کے خلاف اٹھیں، انشاء اللہ ہماری پر امن جدوجہد صرف پاکستان تک محدود نہیں رہے گی۔

 

انہوں نے وفاقی حکومت کی طالبان سے مذاکرات کی بزدلانہ پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سفاک قاتلوں اور درندوں کی زبان پر شریعت کا مطالبہ زیب نہیں دیتا، طالبان کی شریعت فتنہ ہے فساد ہے جسے قبول نہیں کیا جا سکتا، دہشت گردوں کی زبان پر شریعت کا مطالبہ شریعت کی توہین ہے، مذاکرات ان لوگوں سے کئے جاتے ہیں جن کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا وطن بے ناموس لوگوں کے ہاتھوں قیدی بنا ہوا ہے حکومت ہوش کے ناخن لے اور مزاکرات کے نام پر مظلوم عوام کو دہشت گردی کا نشانہ نہ بنوائیں اور ان دہشت گردوں کے خلاف ملک بھر میں فوجی آپریشن کرے اور ان خون آشام بلاؤں کا ملک سے مکمل خاتمہ کرے۔

وحدت نیوز(کراچی) صوبائی حکومت کالعدم جماعتوں کی پشت پناہی کر رہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے 6 سالہ دور حکومت میں شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ نے دہشتگردی کے سابقہ سارے ریکارڈ توڑ دیئے، کالعدم جماعتوں کا عملی راج قائم ہوا تو دوسری جانب دہشتگرد حکومتی سرپرستی میں اپنے آپ کو منظم کرتے رہے، صوبائی حکومت کے اراکین اپنے محلات میں چین کی نیند سوتے رہے، بھتہ خور، چوری ڈاکہ زنی، لینڈ مافیا اور ٹارگٹ کلنگ کا بازار گرم ہے، حکومت نام کی کوئی شے نظر نہیں آتی۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے وحدت ہاؤس کراچی میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں ایم ڈبلیوایم کراچی کے سیکرٹری جنرل حسن ہاشمی، علامہ علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن، عالم کربلائی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ شیعہ ڈاکٹرز، علماء، صحافیوں، اکابرین اور تاجروں کو کالعدم جماعتوں کی طرف سے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں، دوسری جانب گذشتہ 7 ماہ سے صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے، اُس کے باوجود روزانہ کتنی ماؤں کی گودیاں اُجڑ جاتی ہیں مگر صوبائی حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔

 

علامہ مختار امامی نے کہا کہ وزیراعلٰی سندھ اور گورنر سندھ جواب دیں کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کن دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں، شیعہ نسل کشی پر آج تک وزیراعلٰی کا کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا اور نہ کسی کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا کہ جو ملت جعفریہ کے دکھوں کا مداوا کرتا اور شیعہ افراد کا قتل عام روکتا اور دہشتگردوں کو پکڑا جاتا مگر ایسا نہیں ہوا، اس کے برعکس صوبائی حکومت کی جانب سے نمک پاشی کی جا رہی ہے، کالعدم گروہوں کے دفاتر شہر قائد کے مخصوص علاقوں میں کھلے ہوئے ہیں جن کو حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سکیورٹی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کی کامیابی کے ڈھول پیٹتے دکھائی دیتے ہیں، سزا کسی ایک مجرم کو بھی نہیں دلوا سکے، جرائم کی شرع میں روزانہ اضافہ ہی ہو رہا ہے اور شہر قائد میں کوئی شہری خود کو محفوظ تصور نہیں کرتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلٰی کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دی جانے والی رقوم محض قومی خزانہ پر بوجھ ہی بنے گی، دہشت گردی کو قابو کرنے کیلئے خالص قومی جذبہ کی ضرورت ہے جو سندھ حکومت میں دکھائی نہیں دیتا۔ انہوں نے وزیراعلٰی سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ محض زبانی جمع خرچ کا وقت گذر چکا ہے، دہشت گردی کی روک تھام کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین نے پاکستان کے تمام مظلوموں کی آواز بن کر حکومت کی طالبان نواز پالیسیوں کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے، یہ اعلان ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری تبلیغات علامہ شیخ اعجاز حسین بہشتی، سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین، وحدت یوتھ کے چیئرمین سید فضل عباس نقوی ایڈووکیٹ اور ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری بھی موجود تھے، علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب دہشت گردوں کی سرپرست بن چکی ہے اور تکفیری ایجنڈے کے تحت ملت تشیع پر مظالم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، ان مذموم کارروائیوں میں وزیراعلٰی میاں شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثناءاللہ کو وفاقی حکومت کی مکمل سرپرستی حاصل ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گذشتہ چار سالوں سے مسلسل شیعہ نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے لیکن کسی ایک بھی قاتل کو گرفتار نہیں کیا گیا، گریسی لین راولپنڈی و ڈھوک سیداں میں ہونیوالے دھماکوں کے ملزمان اور ڈھوک حسو میں ایم ڈبلیو ایم کے مشیر قانون کے بھائی کے قاتل آزاد پھر رہے ہیں، لاہور اور گجرات میں بےگناہ لوگ مارے گئے ان کے قاتل گرفتار نہیں ہوئے، اسی طرح چشتیاں، ملتان، بھکر، ڈی جی خان اور چکوال میں بےگناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے درندوں کو قانون کی گرفت میں نہیں لیا گیا۔

 

علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ اس کے برعکس راولپنڈی میں ملت تشیع کے بےگناہ افراد کو بلاجواز گرفتار کیا گیا اور انہیں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اس وقت بھی ہمارے پچھتر افراد پابند سلاسل ہیں اور ان کے ساتھ جیل میں انتہائی شرمناک سلوک کیا جا رہا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہم نے صرف مظلومیت کی آواز بلند کی، جس کی پاداش میں ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، حکومت پنجاب بلوچستان کے رئیسانی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہمارے زخموں پر نمک پاشی کر رہی ہے، حکومت اور ریاستی ادارے ساٹھ ہزار پاکستانیوں کے قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لینے کی بجائے ان کے ناز اٹھا رہے ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں انکے ذاتی ڈرائیور کو پولیس کی وردیوں میں ملبوس کچھ لوگ پکڑ کر لے گئے، ان پر رات بھر وحشیانہ تشدد کرتے رہے۔ ایم ڈبلیو ایم بھکر کے ضلعی سیکرٹری جنرل سفیر حسین شاہانی کو چار ساتھیوں سمیت سرگودھا عدالت سے واپسی پر جوہر آباد کے علاقے سے اغوا کیا گیا، سرگودھا میں ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی دفتر پر چھاپہ مار کر کارکنوں اور مالک مکان کو بچوں سمیت اغوا کیا گیا۔

 

ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہم تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہم پرامن قوم ہیں اور پرامن عوامی جدوجہد کے ذریعے مظلومیت کی طاقت سے تکفیریوں کے سرپرست حکمرانوں کا راستہ روکیں گے، انہوں نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی کی آڑ میں گرفتار کئے گئے ہمارے تمام افراد انتہائی تعلیم یافتہ اور مہذب افراد ہیں، ان کا کسی جرم کے حوالے سے کوئی ریکارڈ نہیں، انہیں محض ظلم کے خلاف آواز بلند کرنیکی پاداش میں پابند سلاسل کیا گیا، ہم انہیں پرامن جدوجہد سے آزادی دلائیں گے۔ انشاءاللہ ہمارا کوئی بھی اسیر جیل میں نہیں رہے گا، انہوں نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی کے دوران چھ مساجد و امام بارگاہیں آتشزدگی کا نشانہ بنیں، لیکن کسی بھی وفاقی یا صوبائی عہدیدار نے مساجد کا جائزہ لینے کی کوشش ہی نہیں کی، حکمران ہمیں مجبور کر رہے ہیں کہ ہم مظلومین کوئٹہ کی طرح پنجاب کے رئیسانیوں کے خلاف اٹھیں، انشاءاللہ ہماری پرامن جدوجہد صرف پاکستان تک محدود نہیں رہے گی، انگلینڈ، امریکہ، کنیڈا، یورپ، جہاں بھی پاکستانی آباد ہیں وہاں احتجاج ہوگا۔

 

علامہ ناصر عباس جعفری نے طالبان کے ساتھ حکومتی مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مذاکرات دہشت گردوں اور قاتلوں کو ٹائم دینے کی ایک سنگین سازش ہے، دہشت گردوں کے مطالبات سامنے آچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ آج معصوم انسانوں کے قاتل شریعت کے نفاذ کی بات کرتے ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اسلام رحمت للعالمین (ص) کا مذہب ہے، جنہوں نے اخلاق کے ذریعے لوگوں کے دل جیتے، سفاک قاتلوں اور درندوں کی زبان پر شریعت کا مطالبہ زیب نہیں دیتا، طالبان کی شریعت فتنہ ہے، فساد ہے، جسے قبول نہیں کیا جاسکتا، دہشت گردوں کی زبان پر شریعت کا مطالبہ شریعت کی توہین ہے۔ مذاکرات ان لوگوں سے کئے جاتے ہیں جن کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہو، انہوں نے مزید کہا کہ ہم انشاءاللہ سنی اتحاد کونسل اور دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر مادر وطن کو آئینی اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے ان ظالموں کے چنگل سے آزاد کرائیں گے۔

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت ڈویژن نے گلگت بلتستان کے عوام کو گندم پر دی جانیوالی سبسڈی کی بحالی کیلئے پورے گلگت بلتستان میں احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ گلگت ڈویژن نے سیکرٹری جنرل علامہ محمد بلال سمائری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی طاقت سے حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے۔ یہ علاقہ انتہائی پسماندہ علاقہ ہے اور یہاں کے باشندے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزاررہے ہیں ۔ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے اور اب سبسڈی کے خاتمے سے غریب عوام کے گھروں کے چولہے بجھ جائیں گے۔لہٰذا حکومت ہوش کے ناخن لے اور سبسڈی کو بحال کرے ورنہ پھر احتجاجی تحریک کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ شرک کے عالمی مرکز یعنی امریکہ کے ساتھ کوئی دوستی نہیں ہوسکتی، امریکہ عالمی فتنہ کا مرکز ہے ہمارا اس سے ٹکراؤ ہے اور انشاءاللہ جب تک یہ جنگ جاری رہے گی، ہم بھی اپنی پوری طاقت کے ساتھ اس جنگ میں حاضر رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انقلاب اسلامی کی سالگرہ کے موقع پر ایم ڈبلیوایم کے شعبہ تربیت کے تحت کراچی کی مسجد و امام بارگاہ مدینۃ العلم میں منعقدہ ’’معرفت خط امام خمینی (رہ) سیمینار‘‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ علی افضال رضوی و دیگر علمائے کرام سمیت مجلس وحدت کے کارکنان نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں علامہ ناصرعباس جعفری کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد صرف رضائے الٰہی کا حصول ہونا چاہیئے، تنظیمی افراد کی ذمہ داری ہے کہ اپنی فعالیت کو قرب خدا کے حصول کا وسیلہ قرار دیں۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی (رہ) نے ہمارے مبارزہ کو ایک جہت عطا کی ہے اور یہ بتا دیا ہے کہ اس دنیا میں عالمی استکبار (امریکہ) سب سے بڑا شیطان ہے، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہمیں اس مبارزہ کو جاری و ساری رکھنا ہے۔

 

علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ شرک کے عالمی مراکز کے ساتھ کبھی دوستی نہیں ہوسکتی، قرآنی اصولوں کے مطابق ان سے ہمارا ہمیشہ سے ٹکراؤ ہے اور جب تک حق و باطل کا معرکہ جاری ہے یہ ٹکراؤ بھی جاری رہے گا، بس ہمیں اس مبارزہ کا حصہ بنتے ہوئے امام خمینی (رہ) کے افکار پر کاربند رہنا ہے اور اس میں کسی بھی صورت ٹھراؤ نہیں پیدا ہونے دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کی جنگ دمشق کے یزید اور کوفہ کے ابن زیاد کے خلاف جنگ نہیں تھی بلکہ یہ ہر دور کے یزید اور ابن زیاد کے خلاف قیام تھا، اگر جناب اکبر (ع) اور جناب قاسم (ع) نے کربلا میں قیام کیا تو ان کا قیام ہر دور کے شرک کے مراکز کے خلاف قیام تھا، یہ ہمارے لئے سعادت ہے کہ ہم اس قیام کا حصہ ہیں، لہٰذا عالمی استکبار کے خاتمے تک ہمیں یہ مبارزہ و قیام جاری رکھنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امام خمینی (رہ) کا انقلاب صرف ایران کی عوام کے لئے نہیں تھا بلکہ یہ مظلوموں کا ظالموں کے خلاف قیام تھا اور آج دنیا بھر کے مظلوم چاہے وہ ایران میں ہوں، شام میں ہوں، فلسطین میں ہوں، عراق میں ہوں یا پاکستان میں امام خمینی (رہ) کے اس انقلاب کے ثمرات سے ہی باطل کے خلاف اس مبارزہ کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree