The Latest

وحدت نیوز(ملتان) ملت جعفریہ کا نمائندہ اجلاس مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کی زیرصدارت جامع مسجد الحسین نیو ملتان میں منعقد ہوا، اجلاس میں علامہ سید سلطان احمد نقوی، ریٹائرڈ کیپٹن سید ابوعبداللہ شوکت زیدی، سید اکبر علی کاظمی، سید شعیب حیدر نقوی، سید اشتیاق حسین عابدی، سید اقبال مہدی زیدی، اقبال حسین خان کشفی، غلام عباس خان، مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی، سید قمر عباس زیدی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان کے ڈویژنل صدر قاسم شمسی، عاشق حسین، ملک عامر علی، محمد عباس صدیقی، مہر سخاوت علی، سید فرخ مہدی، سید جواد رضا، مرزا وجاہت علی اور دیگر رہنما موجود تھے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ملتان کی ضلعی انتظامیہ فی الفور نئی جگہ پر امام بارگاہ اور مسجد کی تعمیر کا کام شروع کرے۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ اگر انتظامیہ نے سستی اور نااہلی کا مظاہرہ کیا تو حالات کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ قبل ازیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر ملتان منظر جاوید نے مجلس وحدت مسلمین کی قیادت سے رابطہ کیا اور بعدازاں اجلاس کے نمائندہ افراد کے ہمراہ جگہ کا معائنہ کیا، اس موقع پر علامہ سید اقتدار حسین نقوی، علامہ سید سلطان احمد نقوی، محمد عباس صدیقی، سید ندیم عباس کاظمی، سید قمر عباس زیدی اور دیگر رہنما موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر ملتان نے ملت جعفریہ کے نمائندوں کو یقین دہانی کرائی کہ بہت جلد نئی جگہ پر مسجد و امام بارگاہ کی تعمیر شروع کی جائے گی۔ اس موقع پر علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کسی خام خیالی میں نہ رہے ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ اگر ضلعی انتظامیہ نے ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا تو احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ اجلاس میں موجود تمام رہنمائوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے اگر جلد ازجلد تعمیر شروع نہ کی تو اگست میں میٹر و بس کا افتتاح نہیں کرنے دیا جائے گا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کی علالت کے بعد ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی اور دیگر مرکزی رہنما بھوک ہڑتالی کیمپ میں احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ علامہ احمد اقبال نے کہا ہے کہ علامہ ناصر عباس کی تحریک اصولی، آئینی اور ملت تشیع کے حقوق کے لئے ہے، اسے ادھورا نہیں چھوڑا جا سکتا۔ قائد وحدت جب تک زیر علاج ہیں، اس وقت تک اس کیمپ میں مرکزی کابینہ کے اراکین اور وہ خود موجود رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ محض دعووں سے نہیں ہوگا بلکہ اس کے لئے فوری، موثر اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ہمارا شروع دن سے یہی موقف اور اولین مطالبہ رہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن انتہائی ضروری ہے، اسے ہر حال شروع کیا جانا چاہیے، لیکن موجودہ حکومت اسے مصلحت اور سیاست کی نذر کرتی آئی ہے۔ اس میں مزید تاخیر وطن کی سالمیت و استحکام کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہوگی۔

علامہ احمد اقبال کا کہنا تھا کہ 7 اگست کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تحفط پاکستان کانفرنس کے انعقاد کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔ کانفرنس میں شرکت کے لئے ملک بھر سے قافلے ایک روز قبل ہی پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔ وطن عزیز کے تحفط کے لئے ہم خیال اور محب وطن قوتوں کے یکجا ہونے کا وقت آگیا ہے۔ ملک دشمن طاقتوں کے عزائم خاک میں ملانے کے لئے مشترکہ سیاسی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ علامہ ناصر عباس کی صحت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ رپورٹس آنے کے بعد ہی اصل صورتحال واضح ہوگی، تاہم علامہ صاحب شدید نقاہت اور کمزوری کا شکار ہونے کے باوجود بھوک ہڑتال ختم کرنے پر ابھی تک آمادہ نہیں ہیں، جو ہم سب کے لئے انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ سربراہ مجلس وحدت مسلمین نے بھوک ہڑتال کے خاتمے کو مطالبات کی منظوری سے مشروط کر رکھا ہے۔ حکومت تمام صورتحال سے بخوبی آگاہ ہونے کے باوجود تاخیری حربے اختیار کر رہی ہے، جو حکمرانوں کے لئے بھی نقصان دہ ثابت ہوں گے۔ علامہ ناصر عباس کی خیریت دریافت کرنے کے لئے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوں نے علامہ ناصر عباس کی خیریت دریافت کرنے کے لئے فون کیا اور کی صحت یابی کے لئے دعا کی۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام 7 اگست کو اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی قومی اجتماع میں شرکت کیلئے ہزاروں کارکنان و عوام پر مشتمل کراچی ڈویژن کا قافلہ جمعہ کو روانہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام 7 اگست کو شہید قائد علامہ عارف حسین کی برسی کے سلسلہ میں تاریخی قومی اجتماع "تحفظ پاکستان کانفرنس" کا انعقاد اسلام آباد میں کیا جا رہا ہے، جس میں ملک بھر سے ایک لاکھ سے زائد افراد شریک ہونگے۔ تحفظ پاکستان کانفرنس میں شرکت کیلئے علامہ نشان حیدر کی سربراہ میں ہزاروں کارکنان و افراد پر مشتمل ایم ڈبلیو ایم کراچی کا قافلہ جمعہ کو روانہ ہوگا۔ اس حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انتظامی امور کے حوالے سے وحدت ہاو ¿س کراچی میں ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب میں علامہ نشان حیدر نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلام آباد میںہونے والی تحفظ پاکستان کانفرنس میں شرکت کیلئے کراچی سمیت سندھ بھر سے جانے والے قافلوں کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہون نے کہا کہ شہید قائد حسینی مسالک کے مابین اتحاد و یگانگت اور وطن کے استحکام کی علامت تھے، مجلس وحدت مسلمین انہی کے مشن کو لے کر آ گے بڑھ رہی ہے۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی علالت پر مختلف مذہبی حلقوں، ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں اور کارکنوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ ان کی صحت یابی کے لیے ملک بھر میں یوم دعا کا انعقاد کیا گیا۔ جماعت کے صوبائی و ضلعی دفاتر اور کارکنوں نے گھروں میں علامہ ناصر عباس کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں مجلس وحدت مسلمین کے دفاتر اور مساجد میں قائد وحدت کی صحتیابی کے لیے دعائیں کی گئیں، ملتان میں جامع مسجد الحسین نیو ملتان میں اجتماعی دعائیہ تقریب منعقد کی گئی۔ جس سے مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی اور ضلعی سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی نے خطاب کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان میں جاری ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی اور ریاستی اداروں کے ذریعے ملت تشیع کو نشانہ بنانے کے خلاف علامہ ناصر عباس 80 روز سے بھوک ہڑتال پر تھے۔ ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین کی طرف سے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا اور حکومت کو یہ باور کرایا گیا کہ قائد وحدت علامہ ناصر عباس کے مطالبات آئینی اور اصولی ہیں ان کو فوری طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے لیکن وفاقی حکومت کی روایتی بے حسی قائم رہی جس کے نتیجے میں کم و بیش تین ماہ سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے علامہ ناصرعباس کی صحت اچانک بگڑ گئی۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ حکمرانوں کی یہ رعونت ان کے اقتدار کے زوال کا باعث بنے گی۔ اگر وفاقی حکومت اس بھوک ہڑتال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مثبت اقدامات کرتی تو آج ایک ملک گیر سیاسی و مذہبی جماعت کے سربراہ کی زندگی کو یوں خطرہ نہ ہوتا۔

وحدت نیوز(قم) قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور علامہ حسن ظفر نقوی کی صحت وسلامتی کیلیے  دفتر مجلس وحدت مسلمین  قم کی جانب سے حرم حضرت معصومہ علیها السلام میں  ایک دعائیہ تقریب  کا انعقاد گیا جس میں قم کے طلبہ وعلما ءنے خصوصی شرکت کیاور ان قائدین کی صحت وسلامتی  اور بہوک ہڑتال کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا  کی گئی، دعا کے اختتام پر امور خارجہ کے مسئول علامہ  ڈاكٹر سید  شفقت شیرازی نے شرکاء سے مختصر خطاب کیا.انهوں نے کها کہ قائد وحدت علامہ ناصر عباس جعفری کی ملت تشیع کے حقوق کے حصول کے خاطرپونے تین ماہ سے جاری بھوک ہڑتال سنگین دور میں داخل ہو چکی ہےجسکی وجہ سے انکی طبیعت ناساز ہوچکی ہے اور ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور قوم وملت  کی خاطر انکا حوصلہ بہت  بلند ہے.

علامہ سید شفقت شیرازی نے مطالبات کے حوالے سے کها کہ ابهی تک اچهی پیش رفت ہوچکی ہے اور بعض علاقوں میں عملی طور پر مطالبات نافذ ہوچکے ہیں جیسا کہ ڈ ی آئی خان میں امن فوج کے ہاتهوں  میں دیا گیا اور آرمی چیف نے خود وہاں جاکر آپریشن کا حکم دیا ہےانهوں نے مزید کها کہ گلگت بلتستان کی زمینوں پر قبضے  کا مسئلہ بهی ہائی لائٹ ہو چکا ہے اور حکومت نے  خلاف ورزی کے اوراق مانگے ہیں جسکے ثابت ہونے پر عوام کی زمینیں واپس کی جائنگی.

 یاد ریے  کہ قوم وملت کے حقوق کی جنگ لڑنے والے مجاہد ملت علامہ ناصر عباس جعفری کی صحت   ۸۰ روز سے جاری مسلسل بهوک ہڑتال کی وجہ سے تیزی سے  گر رہی ہے اور وہ ہسپتال میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کر دئیے گئے ہیں۔

وحدت نیوز (قم) ہمارا کشمیر کے ساتھ ایمانی اور دینی رشتہ ہے۔ تمام پاکستانی بلاتفریق مذہب و مسلک کشمیر کی آزادی کے لئے متفق و متحد ہیں۔ ہماری کشمیر کے ساتھ محبت اور عقیدت غیر مشروط ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے امور خارجہ کے مسئول ڈاکٹرعلامہ شفقت شیرازی نے گذشتہ روز آزاد اور مقبوضہ کشمیر کے طلاب کے ساتھ قم المقدس ایران میں ایک نشست میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان دنیا بھر کے مظلوموں خصوصاً کشمیر، فلسطین، نائجیریا، بحرین اور شام کے مظلوم مسلمانوں، انسانوں کی آزادی و دفاع کے لئے آواز اٹھانا اور سیاسی و اخلاقی مدد کرنا اپنی شرعی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے حاضرین پر واضح کیا کہ پاکستان میں قطعاً شیعہ اور سنی جنگ نہیں ہو رہی بلکہ امریکہ اور سعودی عرب کے پالتو مٹھی بھر دہشت گرد بے گناہ  لوگوں کا قتل عام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کے شیعہ اور سنی سب متحد ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف ایم ڈبلیو ایم کے جاری احتجاج اور قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی بھوک ہڑتال  کی حمایت اہل سنت والجماعت کی تمام نمائندہ تنظیموں اور شخصیات نے کی ہے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ استعماری میڈیا کے پروپیگنڈے میں نہ آئیں اور اس حقیقت کو سمجھیں کہ پاکستان میں دہشت گردی شیعہ سنی جنگ نہیں ہے بلکہ پاکستانی مسلمانوں کے خلاف امریکہ اور سعودی عرب کے ایک مخصوص ٹولے کی لڑائی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے سارے مسلمان اس مخصوص ٹولے کے خلاف ہیں۔ انہوں نے سوال و جواب کے دوران کہا کہ یہ کشمیر کے خواص کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کا درست تجزیہ و تحلیل کرکے کشمیریوں کو اصل صورتحال سے آگاہ کریں۔ انہوں نے  کشمیر میں افسپا، ٹاڈا اور نام نہاد پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کو فوری طور پر کالعدم قرار دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ کشمیر میں نافذ کئے جانے والے بدترین ظالمانہ قوانین کو فوری طور پر ختم کروایا جائے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدرعلی مہدی نے اسلام آباد کے مقامی اسپتال میں علامہ ناصرعباس جعفری کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر آئی ایس او راولپنڈی ڈویژن کے صدر اکبر علی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مرکزی صدر آئی ایس او نے پھولوں کا گلدستہ بھی علامہ ناصر عباس کی خدمت میں پیش کیا۔ اس موقع پر علی مہدی کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ تعالٰی چہاردہ معصومین علیہ السلام کے صدقے آپ جلد صحت یاب ہوں گے۔ عیادت کیلئے خصوصی آمد پر مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی صدر آئی ایس او کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے کہ علامہ ناصر عباس جعفری 13 مئی سے بھوک ہڑتال پر ہیں، دو روز قبل انہیں گردوں میں شدید تکلیف کے باعث وفاقی دارالحکومت کے مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں ان کا علاج جاری ہے، اس کے علاوہ آپ دل اور شوگر کے بھی مریض ہیں۔ خیال رہے کہ علامہ ناصر عباس جعفری اسپتال میں بھی بھوک ہڑتال کو جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ اب بھوک ہڑتال ختم کر دیں۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ کے افکار و نظریات کی امین اور ان کے مقدس مشن کی وارث ہے اور اپنی تمام توانائیاں افکار قائد کے فروغ کے لیے بروئے کار لا رہی ہے، انشاء اللہ شہیدحسینیؒ کی برسی کے حوالے سرزمین اسلام آباد پر منعقد ہونے والی تحفظ پاکستان کانفرنس میں ملک کے طول و عرض سے آنے والے فرزندان اسلام مجلس وحدت مسلمین کے پرچم کے سائے میں اپنے محبوب رہنما کی روح کے ساتھ تجدید عہد کریں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 اس موقع پر مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے کہا کہ قائد شہید نے سرزمین وطن پر ملت اسلامیہ کو باوقار انداز میں زندہ رہنے اور ظلم کے مقابل ڈٹ جانے کا حوصلہ دیا، شہیدؒ کے افکار و نظریات ملت کا سرمایہ ہیں اس لیے ان کی ترویج و اشاعت ہم سب کی دینی و ملی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمار ا ملک تاریخ کے انتہائی نازک دور سے گذر رہا ہے، پاکستانی عوام کو مسائل کے گرداب اور معاشی و اقتصادی بحرانوں سے نکالنے کے لیے عزم حسینیؒ کے ساتھ میدان عمل میں اترنے کی ضرورت ہے، انشاء اللہ تحفظ پاکستان کانفرنس عاشقان حسینی ؒ کو نیا عزم اور نیا حوصلہ عطا کرے گا، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی زیر نگرانی 7 اگست کو منعقد ہونے والی تحفظ پاکستان کے انتظامات کے حوالے سے باہمی مشاورت کی گئی اور فرزندان اسلام کے اس تاریخ ساز اجتماع کو یادگار بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) جامعتہ المصطفیٰ کراچی کے سربراہ علامہ ڈاکٹر عقیل موسیٰ نے طلاب دینیہ کے ایک وفدکے ہمراہ بھوک ہڑتال کیمپ کے 83ویں روز مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی پر امن جمہوری جدوجہدسے اظہار یکجہتی کے لئے نیشنل پریس کلب پر قائم بھوک ہڑتال کیمپ کادورہ کیا ایم ڈبلیوایم کے قائدین سے ملاقات کی اور شرکاء سے خطاب کیا،اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ انبیاء اورآئمہ اور ان سے وابستہ تحریکیں افراد کی قلت اور دشمن کے لاؤلشکر اور طاقت سے ہیبت ذدہ نہیں ہوتیں ، الہیٰ اور ولائی تنظیموں میں اہداف مہم ہوتے ہیں ،اگر تحریک کے کارکنان کو اپنی راہ کے صادق ہونے کا یقین ہو تو یہی کامیابی کی دلیل ہوتی ہے، علامہ راجہ ناصرعباس نے جو ہمت دکھائی ہے وہ عزم ہی ان کی کامیابی کی دلیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جو کہ اسلام کے نام پر وجودمیں آیا تھا، اس کے اصل سے اسلام کو نکال دیا گیا یعنیٰ پاکستان کے جسم سے روح ک ونکال دیا گیا، اس کے قیمتی ادارے مفلوج کردیئے گئے، چونکہ اس وطن عزیز کی بنیاد مخلص افراد نے ڈالی جنہوں نے بے لوث قربانیاں دیں ان کے چاہنے اور ماننے والے اس وطن کوبے جان نہیں ہونے دیں گے ، پاکستان کو اس کے وجود کے اصل اہدافات کی جانب پلٹانے کے لیئے ہمیں متحدہوکرعزم وہمت کے ساتھ قیام پاکستان کے وقت والا عزم وارادہ کرنے کی ضرورت ہے ، ہم سے سوال کیا جاتا ہے کہ آپ جو یہ احتجاج کرتے ہیں اس کاکیا نتیجہ نکلے گا جس کی کہیں سنوائی ہی نہیں ، انہیں سوچنا چاہیے کہ آئمہ اوراہل بیت ؑ نے کبھی کسی ظلم یا ظالم کے سامنے سرتسلیم خم نہیں کیا بلکہ ہمیشہ انہیں للکارہ اور ان کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی موومنٹ کو معاشرے میں زندہ رکھنے کیلئے وژن کا ہونا بہت ضروری ہے،بغیر ہدف کے تحریکیں زیادہ موثر امور انجام نہیں دے پاتیں ، شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی بھی ایک وژنری شخصیت تھے اور وہ ہمیں بھی اہدافی امور میں سرگرداں دیکھنا چاہتے تھے،انشاء اللہ جلد یا بدیرہم شہید حسینی ؒ کے خوابوں کو مکمل کرکے دکھائیں گے ، شہید حسینیؒ کی اٹھائیسویں برسی آن پہنچی ہے ماضی سے زیادہ جوش اور ولولے کے ساتھ پوری ملت اس عظیم شہید کی یاد کو منائیگی،انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارا مزاج بن چکا ہے کہ ہم قیمتی سرمائے کی اس وقت قدرکرتے ہیں جب اسے کھو دیتے ہیں ،کمال تب ہے جب اس قیمتی سرمائے کی اس کی زندگی میں قدر دانی کی جائے اس کی زندہ مثالیں شہید قائد، شہید استاد سبط جعفر،شہید خرم زکی اور دیگر ہیں ، لہذٰ ا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی صورت میں موجود عظیم سرمائے کی اس کی زندگی میں قدر کریں ناکہ اسے کھودینے کے بعد اسکی یاد منائیں ۔بعد ازاں علامہ ڈاکٹر عقیل موسیٰ نے مقامی اسپتال میں اپنے وفدکے ہمراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل احمد اقبال رضوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملت کے حقوق کے لیے علامہ ناصرعباس جعفری کی بلاتھکان جدوجہد، جرات اوراستقامت کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔وطن عزیز میں ملت تشیع کو درپیش مشکلات کےازالے کے لیے  80 سے زائد دن بھوک ہڑتال پر رہنے کے بعد ان کی طبیعت کافی بگڑ گئی اور گزشتہ رات ان تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کرانا پڑا۔وہ عارضہ قلب اور شوگر کےمرض میں پہلے سے مبتلا تھے۔مسلسل بھوک ہڑتال نے ان کے گردوں اور اعصاب کو شدید متاثر کیا ہے۔ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد بھی وہ بھوک ہڑتال ختم کرنے پرآمادہ نہیں جو ہمارے  لیے تشویش اور اضطراب کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ایک بڑی سیاسی و مذہبی جماعت کے سربراہ  کے مطالبات پر وفاقی حکومت کا کان نہ دھرناجمہوری اقدارکے منافی ہے۔حکومت کی اس رعونت اور بے حسی کےخلاف ہم خاموش نہیں بیٹھے گے۔ہماری یہ احتجاجی تحریک کسی اور انداز سے اب آگے بڑھے گی۔انہوں نے کہا 7 اگست کوشہید عارف حسین کی برسی کے سلسلہ میں تحفظ پاکستان کانفرنس کا انعقاد اسلام آباد میں کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہوں گے۔قائد حسینی مسالک کے مابین اتحاد و یگانگت اور وطن کے استحکام کی علامت تھے۔مجلس وحدت مسلمین انہی کے مشن کو لے کر آ گے بڑھ رہی ہے۔پاکستان کے داخلی و خارجی مسائل سے نبر د آزما ہونے کے لیے  پاکستان کی تمام محب وطن قوتوں کو یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس اور کرپشن کے حوالے سے ہمارا موقف بالکل واضح اور شفاف ہے۔پانامہ لیکس کے ذمہ داران کے خلاف موثرکاروائی ہونی چاہیے۔کرپشن ہی وہ ناسور ہے جس نے ہماری ملک کی اقتصادی بنیادوں کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے۔وطن عزیز کی سالمیت و استحکام کرپشن کے خاتمے سے مشروط ہے۔جو بھی جماعت کرپشن کے خلاف آوازبلند کرے گی ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree