The Latest
وحدت نیوز (سکردو) آئی ایس او بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام حسینی چوک پر منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے بلتستان کے معروف عالم دین اور ایم ڈبلیو ایم کے رہنما حجتہ الاسلام شیخ غلام فخرالدین نے کہا کہ کربلا حق و باطل کے پیمانے کا نام ہے، کربلا کو ماننے والے کسی ظالم نظام سے حصہ بن سکتے ہیں اور نہ کسی ظلم پر خاموش رہ سکتے ہیں۔ کربلا انسانوں کو درس حریت دیتا ہے، قافلہ کربلا میں شامل ہونے والے اپنے گلے سے ہر طرح کی غلامی کے طوق کو اتار دیتا ہے اور اعلٰی انسانی اقدار کی حفاظت کے لیے میدان میں رہتا ہے۔ کربلا کے واقعے نے انسانیت کو معراج عطا کی ہے اور امام عالی مقام نے کربلا میں تمام انسانی اقدار کو حیات نو دے کر صرف مسلمانوں کو ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کو معراج عطا کی ہے اور حفظ کیا ہے لہٰذا قافلہ کربلا کے سپہ سالار امام عالی مقام صرف مسلمانوں کے نہیں بلکہ تمام انسانوں کے محسن ہیں۔ امام عالی مقامؑ نے کربلا کے لق و دق صحر میں اپنا مال، عزت، جانیں سب کچھ قربان کر کے اسلام اور انسانی اقدار کو حیات بخشی ہے۔ آج اگر دنیا میں ظلم کے مقابلے میں کسی کو قیام کرنے کی ہمت ہے تو وہ کربلا کی مرہون منت ہے، کربلا کی حریت بخش تحریک نے دنیا بھر کی حریت پسند تحریکوں کو توانائی عطا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان میں انتقامی سیاست اور ظلم پر اتری ہوئی ہے اور بے گناہوں کو گرفتار کر کے اپنا اصل چہرہ واضح کر رہا ہے میں کہنا چاہتا ہوں کہ گلگت میں بے گناہ گرفتار شدگان کو فی الفور رہا کیا جائے ورنہ اس ظلم کیخلاف بلتستان میں تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(لاہور) اسرائیلیوں کی جانب سے مظلوم فلسطینی بچے کو زندہ جلائے جانے کے واقعہ کے بعد مسلم حکمرانوں کی خاموشی شرمناک ہے، امریکہ کی جانب سے اسرائیلیوں کو لائنس ٹو کل دیا ہوا ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ فلسطینی عوام کا خون پانی سے بھی سستا ہے، اسرائیل کا وجود کسی مکڑی کے جالے سے بھی زیادہ کمزور ہے مگر افسوس اس امر کا ہے کہ عرب حکمران امریکی آلہ کاروں کا دوسرا نام ہے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے بیداری امت و استحکام پاکستان کانفرنس کے سلسلے میں رابطہ مہم میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب میں کیا. انہوں نے کہا کہ اسرائیل سے توجہ ہٹانے کے لئے یمن اور شام میں تنازعہ کھڑا کیا گیا اور اب صیہونی ظالموں کو پوچھنے والا کوئی نہیں۔ صہیونیوں نے ہمیشہ مسلمانوں کے خلاف شازشیں کی ہیں اور آج بھی دنیا بھر میں فساد کی وجہ صہیونی لابی ہی ہیں جو عالم اسلام کے خلاف ایک منظم منصوبے کے تحت کام کر رہے ہیں، داعش، النصرہ، بوکو حرام، طالبان جیسے وحشی گروہوں کی سرپرستی اسرائیل اور امریکہ ہی کرتے ہیں تاکہ اسلام کا روشن چہرہ مسخ کر سکے.
انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ صیہونی طاقتوں کا سب سے بڑا آلہ کار اس وقت عرب ممالک بنے ہوئے ہیں اسرائیل کی بقا کے لئے امریکی اشارے پر یمن میں نہتے مسلمانوں پر شب خون مارا جا رہا ہے جبکہ فلسطینیوں کو اسرائیلی مظالم سہنے کے لئے تنہا چھوڑ دیا گیا ہے۔ علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ مسلم حکمرانوں نے آج تک فلسطینیوں کے درد کو نہیں سمجھا بلکہ ہر ملک اپنے ذاتی مفاد اور تعصب کی جنگ لڑ رہا ہے، قبلہ اول کی آزادی اور فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلیوں کے مظالم کی روک تھام کے لئے تمام مسلمانوں کو ایک موقف اپنانا ہو گا، دنیا میں امن اور انسانیت کی بقا کے لئے ضروری ہے کہ انبیاء کی سرزمین اور قبلہ اول پر قابض صہیونی دہشت گردوں کیخلاف متحد ہوں اور انسانیت کو ان درندوں کی چنگل سے آزاد کرانے کے لئے کردار ادا کریں۔
وحدت نیوز(سکردو) اسد عاشورا کے سلسلے میں مرکزی مجلس عزا امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام منعقد ہوئی، جس میں ایم ڈبلیو ایم بلتستان کے سربراہ آغا علی رضوی نے خطاب کیا۔ آغا علی رضوی نے اپنی تقریر میں کہا کہ عزاداری ظلم کے خلاف قیام کا نام ہے، عزاداری وقت کے یزید کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا نام ہے، عزاداری انسان کو انسانی اور الہٰی اقدار کی خاطر جان دینے کا درس دیتی ہے، عزاداری سے انسانوں کو جرائت ملتی ہے، عزاداری سے ہمت ملتی ہے، عزاداری سے شجاعت ملتی ہے اور مکتب تشیع کی توانائیوں کا سرچشمہ ہی عزاداری ہے، عزاداری امام حسین ؑ تشیع کی حفاظت کے ضامن ہے، دنیا کی مخالفت کے باوجود اگر کربلا والے زندہ ہیں تو عزاداری کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں عالمی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایران اور چھ عالمی طاقتوں کا ایٹمی معاہدہ ایران کی کمزوری نہیں بلکہ ایران کی فتح کی علامت ہے اور یہ صلح حدیبیہ کی طرح اسلام دشمن طاقتوں کی شکست کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ ایران نے اس معاہدہ کے ذریعے دنیا کے سامنے ایٹمی ملک کی حیثیت کو تسلیم کروایا ہے اور امریکہ ایسا کرنے پر مجبور ہوگیا ہے۔ اس معاہدہ کے بعد بھی رہبر معظم کے نزدیک امریکہ شیطان بزرگ ہے اور عالم اسلام سمیت پاکستان کا دشمن امریکہ ہی ہے۔
انہوں نے کہا دنیا میں اسلام کو کمزور کرنے کے لئے امریکہ و اسرائیل داعش اور القاعدہ کو وجود میں لائے اور اسلام کا منحوس چہرہ پیش کر دیا۔ آج بھی ان درندوں کے ہاتھوں عراق، شام، یمن، افغانستان اور پاکستان محفوظ نہیں ہے۔ ہم ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں اور پاکستان آرمی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی شہنشاہوں کی ہمنوائی میں داعش یمن میں بھی بے گناہوں کو قتل کرنے میں مصروف ہے اور تین مہینے سے ان پر جنگ مسلط کی ہوئی ہے، رمضان جیسے بابرکت مہینے میں بھی یہ جنگ جاری رہی اور اس جنگ میں پاکستان آرمی کو دھکیلنے کی کوشش کی جو کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے ناکام بنا دی۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں سعودی جارحیت کے خلاف گلگت میں نکالی والی ریلی کے مقررین کی گرفتاری افسوسناک اور شرمناک عمل ہے، اگر گلگت بلتستان انتظامیہ نے ان گرفتار ہونے والوں کو رہا نہ کیا اور مقدمات ختم نہیں کئے تو پورے گلگت بلتستان میں صوبائی حکومت کے خلاف تحریک چلائی جائیگی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے علامہ امین شہیدی کے جھوٹے مقدمے میں وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کو حکومتی بیلنس پالیسی کا نتیجہ قرار دیا ہے ، انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ علامہ امین شہیدی کے خلاف بلاجواز اقدام ریاستی امن وامان کو نقصان پہنچانے کا باعث بنے گا، ریاست دہشت گردوں اور امن پسند وں میں فرق کرے، علامہ امین شہیدی کی اتحاد امت کیلئے کاوشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، علامہ امین شہیدی کا بال بھی ٹوٹا تو ذمہ دار نواز حکومت ہو گی، علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کارکنان کو صبر وتحمل کا دامن تھامے رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی قسم کے اشتعال میں آنے کی ضرورت نہیں ہم قانون جنگ قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے لڑیں گےاور فتح یقیناً حق وسچ کی ہوگی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے علامہ امین شہیدی کےخلاف وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر مجلس وحدت مسلمین کے تمام مرکزی رہنماوں سمیت صوبائی سیکریٹری جنرل جن میں سیکریٹری جنرل صوبہ پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی، سیکریٹری جنرل صوبہ سندھ علامہ مختار امامی، سیکریٹری جنرل صوبہ خیبر پختونخواہ علامہ سبطین حسینی، صوبائی سیکریٹری جنرل بلوچستان علامہ مقصودڈومکی،صوبائی سیکریٹری جنرل گلگت بلتستان علامہ نیئر عباس مصطفویٰ اور سیکریٹری جنرل ریاست آزاد جموں کشمیرعلامہ تصور جوادی نے اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے سوشل میڈیا پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر جاری اپنے پیغام میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ امین شہیدی کے انسدادی دہشت گردی عدالت کی جانب سے راجہ بازار سانحے کے جھوٹے مقدمے میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پرشدید درعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علامہ امین شہیدی کے وارنٹ گرفتاری تکفیری اقلیت کو خوش کرنے کی کوشش ہے،علامہ امین شہیدی اتحاد امت کے داعی اور شیعہ سنی وحدت کے سرخیل ہیں ، انہیں راجہ بازار کے واقعے میں ملوث قرار دے کر ن لیگ کی حکومت کالعدم تکفیری عناصرکے زخمیوں پر مرہم رکھنے کی کوشش کررہی ہے، جس کی ہم پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ضلع ملیر کے سیکریٹری جنرل احسن عباس رضوی نے وحدت ہاوس ملیر سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ علامہ امین شہیدی کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کرنا نواز حکومت کی انتقامی پالیسی کا نتیجہ ہے، علامہ امین شہیدی کا جرم فقط تکفیریت کو چیلنج کرنا، اتحاد امت کی جدوجہد اور عزاداری سید الشہداء کے خلاف میڈیا ٹرائل کا مقابلہ کرنا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ علامہ امین شہیدی نا فقط اہل تشیع بلکہ ہزاروں اہل سنت عوام کی بھی دل کی آواز ہیں اور اگر اس آواز کو دبانے کی کوشش کی گئی تو نتائج اچھے نہیں ہو نگے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد ) ملک میں سیاسی عدم استحکام اوردہشت گردی سمیت تمام بحران ہمارے حکمرانوں کے اپنے پیدا کردہ ہیں۔ملک میں سرگرم تکفیری گروہوں اور عسکری لشکروں کو مختلف حکومتوں نے اپنے مقاصد کے حصول کے لیے پروان چڑھایا اور پھر یہی مذموم عناصر ملک دشمن بیرونی طاقتوں کے اشاروں پر وطن عزیزکی تباہی و بربادی کا باعث بنے ۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی سیکریٹریٹ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ مسالک کے نام پر ہمیں ٹکروں میں تقسیم کیا گیا تاکہ پاکستان کے باوفا باسی ایک قوم کی شکل میں یکجا نہ ہو سکیں۔ہمیں اپنی اتحاد و یکجہتی سے اس فکر کو شکست دینا ہو گی۔ اس ملک کے حکمران نا اہل اور عوامی ضروریات سے بے فکر ہیں۔انہیں ترجیحات کے تعین کا بھی ادراک نہیں یہی وجہ ہے کہ توانائی میں کمی ،ڈیموں کی تعمیر جیسے دیگراہم امورکو مسلسل نظر انداز کیا جا ررہا ہے۔ملک میں جاری دہشت گردی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں ضرب عضب کے بہترین نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ ملک کو دہشت گردی کے سرطان سے نجات دلانے کے لیے اس آپریشن کو مکمل کیا جانا انتہائی ضروری ہے۔آخری دہشت گرد کے خاتمے تک اسے جاری رہنا چاہیے۔ان اداروں کے خلاف بھی فوری آپریشن کی ضرورت ہے جو دہشت گردوں کی فکری رہنمائی کرتے ہیں۔ جب تک ان انتہا پسندانہ نظریات کو سختی سے کچلا نہیں جاتا تب تک دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایشائی ریاستوں کو متحد ہو کر سعی کرنا ہوگی۔عالمی دہشت گرد تنظیم داعش دراصل طالبان کا جدید ورژن ہے جسے اضافی خوبیوں کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔ ان اسلام دشمن طاقتوں کا پنپنے کا موقع نہ دیا جائے جومذہب کا لبادہ اوڑھ کر دین اسلام کی تصویر ایک دہشت ناک مذہب کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔تاکہ اقوام عالم کے سامنے اسلام کے تشخص کو تباہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جو بھی حکومت ملک کے مفاد کے لیے کام کر ے گی ہماری طرف سے اسے مکمل حمایت حاصل ہو گی۔جو شخص یا جماعت پاکستان پر چڑھائی کے لیے نیٹو فورسز کو دعوت دیتی ہے اس محب وطن نہیں کہا جا سکتا ۔ نیٹو فورسزاسلام دشمن طاقت کے نام ہے اور اس کی حمایت کرنے والے کی ہم مذمت کرتے ہیں۔علامہ ناصر نے کہا کہ پنجاب پولیس صوبائی حکومت کے عسکری ونگ کے طور پر فرائض سر انجام دے رہی ہے جسے شیعہ سنی قوتوں کے خلاف کاروائی کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ایمپلی فائر ایکٹ کے تحت درود و سلام پڑھنے والوں پر شیڈول فور لاگو کیا جا رہا ہے جب کہ دہشت گرد عناصر دندناتے پھر رہے ہیں۔پنجاب حکومت شیعہ سنی افراد کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا چھوڑ دے۔اس طرح گلگت بلتستان میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں کے خلاف ملک دشمن سرگرمیوں جیسے سنگین الزامات کے تحت جعلی پرچے کاٹے جا رہے ہیں جو سراسر زیادتی، تعصب اور غیر آئینی ہے۔ ہم اس انتقامی کاروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سید عارف حسینی شیعہ سنی وحدت کے داعی تھے۔ انہیں استعماری طاقتوں نے سازش کر کے شہید کرا دیا ۔ قوم کے اس باوفا بیٹے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ۹ اگست کو شہید حسینی کی ستائیسویں برسی منائی جا رہی ہے۔جس میں ملک کے تمام شہد ا کو سلام پیش کیا جائے گا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج مجید اعوان نے مفتی امان اللہ قتل کیس میں کاونٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کومجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی سمیت مزید دو افراد کو فوری گرفتار کرنے کا حکم جاری کیاہے ، اطلاعات کے مطابق پنجا ب حکومت کی ایما پر یہ حکم جاری کیا گیا ہے، تفصیلا ت کے مطابق جامعہ تعلیم قرآن کےمہتم اور سانحہ عاشورہ راولپنڈی کےماسٹر مائنڈ مفتی امان اللہ قتل کیس کے سلسلے میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے علامہ امین شہیدی ،اشتیاق حسین اور کلب عباس کے وارنٹ گرفتاری جاری کیئے ہیں اور کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کا حکم دیا ہے کہ ملزماں کو فوری گرفتا رکیا جائے۔
علاوہ ازیں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے علامہ امین شہیدی کے جھوٹے مقدمے میں وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کو حکومتی بیلنس پالیسی کا نتیجہ قرار دیا ہے ، انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ علامہ امین شہیدی کے خلاف بلاجواز اقدام ریاستی امن وامان کو نقصان پہنچانے کا باعث بنے گا۔
وحدت نیوز (سکردو) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام یمن پر سعودی جارحیت کے خلاف احتجاج کرنے اور آواز بلند کرنے کے جرم میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن گلگت ڈویژن کے صدر جمال حیدر اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت کے متعدد رہنماوں کی گرفتاری کے خلاف منعقدہ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت انتقامی سیاست پر اتر آئی ہے اور چاہتی ہے کہ ایسے ایشوز کھڑا کر کے اپنے سیاسی مخالفین کو دیوار سے لگائے اور کچل دے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے مظلومین کی حمایت کو دہشتگردی سے تعبیر کرنا اور ریلی کے مقررین کی گرفتاری انتہائی شرمناک عمل ہے۔ گلگت بلتستان میں صوبائی حکومت امن کو تباہ کرنے کے درپے ہے عوام ہشیار رہیں اور بھائی چارے کی فروغ اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ جارحیت اور ظلم و بربریت جہاں پر بھی ہو ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔ ہم دنیا بھر کی طرح پاکستان میں دہشتگردوں کے خلاف پاکستان آرمی کیساتھ کھڑے ہیں۔ ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ جب ساری جماعتیں دہشتگردوں سے نرم گوشہ رکھتی تھیں اور ان ملک دشمن عناصر سے مذاکرات کا رٹ لگا رہے تھے تو اس وقت پاکستان آرمی کی نظریاتی اور اخلاقی معاونت کرنے والی جماعت مجلس وحدت مسلمین ہے۔ آج صوبائی حکومت سمیت کوئی بھی حکومت ہمیں کمزور کرنے اور کچل دینے کے در پے دراصل اسی جرم میں اور اس سبب سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں سے نرم گوشہ رکھنے والوں کو واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ آپریشن ضرب عضب سمیت دہشتگردوں کے خلاف اٹھائے جانیوالے پاکستان آرمی کے ہر اقدام کی ہم بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ ہم ملک میں فوجی عدالتوں کو بھی خیر مقدم کرتے ہیں اور دہشتگردوں کے خلاف ملکی سا لمیت کے لیے ہمیں اول صف میں پائیں گے۔ ہماری ان تمام سرگرمیوں کے باوجود ہمارے رہنماوں پر دہشتگردی کا مقدمہ بنانا شرمناک عمل ہے۔ وہ جو ملک سے سب سے زیادہ دہشتگردوں کے مخالف کھڑے ہیں اور دہشتگردوں کی طرف سے جن کو سب سے زیادہ خطرات انہی کیخلاف ایسے مقدمات ناقابل برداشت ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ صوبائی حکومت ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے رہنماوں کے خلاف درج بلاجواز مقدمات کو واپس لے کر فوری طور پر رہا کرے بصورت دیگر ہم احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت اور استحکام کے لیے پاکستان آرمی کی کاروائیاں لائق تحسین ہے، پاکستان آرمی نے دہشتگردوں کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے، ہم پاکستان آرمی کے ان اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور انکے عزائم میں کامیابی کے لیے دعا گو بھی ہیں۔
وحدت نیوز (ملتان) گلگت بلتستان میں مجلس وحدت مسلمین اورامامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے گرفتار بے گناہ رہنماؤں کی رہائی کے لیے ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی،ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی،آئی ایس او پاکستان کے مرکزی نائب صدر سرفراز حیدر، ڈویژنل صدر ڈاکٹر قمر علی رضا،قاسم جعفری، میثم جعفری ، محمد عباس صدیقی،مہر سخاوت علی، دلاور عباس زیدی اور دیگرنے کی۔ مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں گرفتار رہنما غلام عباس ، جی بی اسمبلی کے اُمیدوار مطہر عباس اور آئی ایس او گلگت کے ڈویژنل صدر جمال حیدر کی گرفتاری نواز حکومت کی جانب سے سیاسی انتقام کا نشانہ ہے، ہم پاکستان کے پُرامن شہری ہیں اور اپنے حقوق کی آواز بلند کرنا پاکستان کے ہر شہری کا حق ہے، گلگت میں یمن پر سعودی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنا ہمارا حق ہے، ہم پاک فوج اور قومی سلامتی اداروں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ آپریشن ضرب عضب کا دائرہ کار وزیرستان سے بڑھا کر ملک کے دیگر علاقوں میں بنائے گئے وزیرستان کا بھی خاتمہ کیا جائے۔
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی نائب صدر سرفراز حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت میں گرفتار کیے گئے رہنماؤں پر بے بنیاد مقدمات بنائے گئے ہیں جن کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، پوری دنیا جانتی ہے کہ ہم نے ہر ظلم کے خلاف اور ہر مظلوم کے حق میں آواز بلند کی ہے، گلگت بلتستان کی حکومت نے دہشتگردوں کے دباؤ میں بے گناہ رہنماؤں کو پابندسلاسل کررکھا ہے، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماعلامہ اقتدار نقوی نے وفاقی اور جی بی غکومت سے مطالبہ کیا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما غلام عباس، مطہر عباس اور آئی ایس او کے ڈویژنل صدر جمال حیدر کو فی الفور رہا کیا جائے، ورنہ احتجاج کا دائرہ پورے ملک میں پھیلا دیا جائے گا۔ اس موقع پر رہنماؤں نے گلگت بلتستان حکومت کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔