وحدت نیوز(لیہ) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری تنظیم سازی سید عدیل عباس زیدی نے پاک فوج کی جانب سے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن ’’ردالفساد‘‘ شروع کرنے کے اعلان کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آپریشن آخری دہشتگرد کے خاتمہ تک جاری رہنا چاہیے، وطن عزیز پاکستان میں پائیدار امن کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے پاک فوج کے موثر اقدامات عوامی خواہشات کی ترجمانی کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے میں اگر حکومت کی طرف سے سنجیدہ اقدامات کئے جاتے تو آج ملک کو اتنے سانحات نہ دیکھنے پڑتے۔ شرپسندوں کے خلاف آپریشن میں رینجرز کو مکمل اختیار دیئے جانے چاہیے، تاکہ سیاسی دباؤ سمیت کوئی بھی بیرونی مداخلت ان پر اثر انداز نہ ہوسکے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف فوج کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ردالفساد مطلوبہ نتائج کے حصول تک جاری رہنا چاہیے، تاکہ وطن عزیز دہشت گردی کی لعنت سے پاک ہوسکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں اور سکیورٹی فورسز کے جن باہمت اہلکاروں نے دہشتگردوں سے لڑ کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، پوری قوم کو ان پر فخر ہے، مجلس وحدت مسلمین دہشتگردی کے خلاف مہم میں سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ ہے۔