وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین سمیت دیگر مرکزی قائدین سے بات چیت کا عمل جاری ہے اور ہمیں امید ہے کہ تحریک انصاف سکردو اور گلگت کے بیشتر حلقوں میں مجلس وحدت مسلمین کا ساتھ دے گی۔اس سلسلے میں ہماری اس وقت تک ہونے والی تمام ملاقاتیں انتہائی حوصلہ افزا رہی ہیں ۔ گلگت بلتستان میں نون لیگ کو شکست دینا مجلس وحدت مسلمین اور تحریک انصاف کا مشترکہ ہدف ہے اور اس ہدف کو کامیاب بنانے کے لیے دو طرفہ تعاون کا فارمولا طے کیا جا رہا ہے۔اسی طرح ختلو ، ہنزہ اور استور کے حلقہ میں تحریک انصاف کے امیدواروں کا کامیاب کرنے کے لیے ہماری انتخابی شوری دوستی کا حق ادا کرنے کی پوزیشن میں ہے۔گلگت بلتستان کے تمام حلقوں میں ہمارے امیدوار انتہائی دلجمعی اور پُرعزم انداز میں انتخابی مہم میں مصروف ہیں اور ہم نے کسی بھی حلقہ سے دستبردار ہونے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ہمارے صوبائی رہنماعلامہ نیئر صفوی اپنے حلقے کے تمام امیدواروں میں سب سے زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہیں اور روزانہ بیشتر شخصیات اپنی برادریوں کے ہمراہ ان کی حمایت کا اعلان کررہی ہیں جس سے ان کے حلقہ میں مجلس وحدت مسلمین کی کامیابی کے آثار واضح دکھائی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاست میں اصولوں کو مقدم رکھا ہے یہی وجہ ہے کہ مسترد شدہ افراد کو مجلس نے کوئی جگہ نہیں دی۔ صرف ان لوگوں کوایم ڈبلیو ایم نے ٹکٹ دیا گیا جو کردار کے لحاظ سے بہترین شہرت رکھتے تھے۔سید ناصر شیرازی نے کہا گلگت بلتستان میں شیعہ سنی وحدت کے عملی اظہار کی بنیاد ہماری تنظیم نے رکھی ہے۔ ہم فرقہ پرستی کو ملکی سالمیت و استحکام کے لیے زہر قاتل سمجھتے ہیں۔ہمارا جینا مرنا اس ملک کے لیے ہے۔ ہماری حب الوطنی کی اس سے بڑھ کر اور کیا دلیل ہو گی کہ ہم نے ملکی سلامتی و امن کے دشمن طالبان کے خلاف بھرپور آپریشن کا سب سے پہلے مطالبہ کیا جبکہ مسلم لیگ نون کی حکومت اس کی مخالف تھیں۔ مسلم لیگ نون شروع سے فرقہ واریت کے لیے کام کر تی رہی ہے اور اب بھی شیعہ سنی تخصیص کے نعرے بلند کر کے انہیں جدا جدا ثابت کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے جو گلگت بلتستان کے لوگ کے درمیان اخوت و وحدت کے خاتمے کی ایک سازش ہے۔ ہم نے باہمی اخوت و وحدت سے اس سازش کو ناکام بنانا ہو گا۔ ہم شیعہ سنی بن کر نہیں بلکہ محب وطن بن کر ان ملک دشمن عناصر کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے۔

وحدت نیوز(گلگت)برمس پائین کے عوام نے گزشتہ روز عوامی ریفرنڈم کے ذریعے مجلس وحدت مسلمین کے نامزد امیدوار محمد الیاس صدیقی کو بھرپور حمایت کا یقین دلایا ۔ علاقہ برمس پائین کے عوام کا اقدام لائق تحسین ہے ،مجلس وحدت مسلمین پر بھرپور اعتماد کرنے پر تہہ دل سے ممنون و مشکور ہیں ۔جوانوں اور بزرگوں کے عزم اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ منتخب ہوکر علاقے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ترجمان و نامزد امیدوار برائے جی بی ایل اے 1 گلگت 1 محمد الیاس صدیقی نے برمس پائین میں عوامی ر یفرنڈم کے کیلئے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے عوام کی آواز بن گئی ہے جس نے نہایت ہی کم عرصے میں عوام دوست پالیسیوں اور عملی جدوجہد کے نتیجے میں انتہائی مقبولیت حاصل کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ہمارا مقابلہ کرپٹ اور دھوکے باز سیاست کاروں سے ہوگا جنہوں نے ہمیشہ عوامی مینڈیٹ کی توہین کی ہے۔مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی اندرونی خلفشار کا شکارہوکر کرپٹ اور نادھندگان کو ٹکٹ جاری کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔باریاں لینے والی ان جماعتوں کے نامزد امیدوار عوامی حمایت سے محروم ہیں جبکہ مسلم لیگ نواز جھوٹے وعدوں اور سرکاری مشینری کے استعمال سے الیکشن پر اثر انداز ہونے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہے ۔

وحدت نیوز (گلگت ) خواتین تعمیری سرگرمیوں کے ذریعے معاشرے میں انقلابی تبدیلیاں برپا کرسکتی ہیں ،مجلس وحدت مسلمین کے پلیٹ فارم سے گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑی جائیگی۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی سیکرٹری سیاسیات شکیلہ نبی نے بارگو میں خواتین کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی نے بینظیر بھٹو انکم سپورٹ کے نام پر علاقے کی خواتین کو بھکاری بنادیا ہے ،ہماری خواتین صلاحیتوں کے اعتبارسے کسی بھی علاقے کی خواتین سے پیچھے نہیں۔ماضی میں انہی جماعتوں نے جھوٹے نعرے لگاکر ہمارا استحصال کیا ہے اور عملی طور پر خواتین کے بہبود کیلئے کوئی پروگرام مرتب نہیں کیا۔مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین علاقے میں خواتین کی بہبود کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے گی اور تعلیم یافتہ اور ہنر مند خواتین کو گھر کی دہلیز پر روزگار کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ 8 جون کو خواتین خیمے پر مہر ثبت کرکے گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی میں بھرپور کردار ادا کرینگی۔انہوں نے کراچی میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدر دی کرتے ہوئے دہشت گردوں سخت الفاظ میں مذمت کی اور حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ کیا جائے۔

وحدت نیوز(گلگت)گلگت بلتستان کے عوام آزمائے ہووں کو مسترد کرکے تعلیم یافتہ نوجوان قیادت کو خطے کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنے کا موقع دیں،روائتی اور مورثی سیاست نے علاقے کو محرومی اور بدحالی کے سوا کچھ نہیں دیا،آج بلند و بانگ دعویٰ کرنے والے بتائیں کہ جب عوام 12 دن تک سڑکوں پر اپنے بنیادی حق سبسڈی کے لئے بیٹھی تھی تب یہ لوگ کہا ں تھے؟اب وہ دور نہیں رہا کہ عوام کو بیووقف بنا کر اقتدار کے مزے لوٹیں،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیا ت سید ناصر شیرازی نے گلگت میں ورکرز اجلاس سے خطاب میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ عوام اسمبلی میں صرف چہروں کی تبدیلی نہیں چاہتی بلکہ نظام کی مکمل تبدیلی کے خواہاں ہیں،پیپلز پارٹی کے سابق حکمرانوں نے اس علاقے کے ساتھ جو سلوک کیا ہے اس کے نتائج 8 جون کو مل جائے گا،موجودہ حکمران بھی لولی پوپ کے سہارے الیکشن کو ہائی جیک کرنا چاہتے ہیں،اگر یہ حکمران علاقے اور اس کے عوام کے ساتھ مخلص ہیں تو ان کو ان کا آئینی حق دیا جائے،چند مفاد پرستوں کو نواز کر عوامی رائے خریدنے کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،خطے کے عوام ان بہروپیوں سے بخوبی واقف ہیں،انشااللہ 8 جون عوامی فتح کا دن ہوگا اور خلق خدا ہی اس خطے پر راج کریگی۔



وحدت نیوز(مظفرآباد)سانحہ صفوراہ چورنگی کراچی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا ملک گیر ایک روزہ سوگ، کفریہ فتووں کی دکانیں اس واقعے کی اصل ذمہ دار، قانون نافذ کرنے والے ادارے انہیں فی الفور بند کروائیں، مسلمانوں کی جان و مال کا تحفظ حکومتوں کا اولین فرض ، سفاک درندوں کی مذموم ترین کاروائیاں وفاقی و صوبائی حکومتیں ہوش کے ناخن لیں ، مظلوم عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور حکمران وی وی آئی پی پروٹوکول انجوائے کر رہے ہیں ، ان خیالات کا اظہار ریاستی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی و سیکرٹری سیاسیات سید تصور عباس موسوی نے سانحہ صفورہ چورنگی کراچی کے حوالے سے کابینہ کے تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسماعیلی برادری سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں انہیں یہ یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کے شانہ بشانہ ہیں ، دشمن لاکھ کوشش کر لے وہ اپنے مقصد میں کامیابی حاصل نہیں کر سکتا ، یہ پرامن اسماعیلی برادری کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،یہ سانحہ پوری قوم کا سانحہ ہے،امن عامہ کی صورتحال کو خراب کرنے میں اور فرقہ واریت جیسے ناسور کو پھیلانے میں را کی سرپرستی میں کالعدم جماعتیں سر گرم ہیں ، ان کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے،نیشنل ایکشن پلان تو لایا گیا ، مگر اس کے ساتھ ساتھ کالعدم جماعتوں کو غیر ملکی استعمار کی سرپرستی میں دوبارہ منظم ہونے کا موقع دے دیا گیا ، اور ان کی ایسی منظم کاروایاں ، حکومت کو اس پر جوابدہ ہونا ہو گا ، مظلوموں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، حکمرانوں کو اس کا جواب دینا ہوگا، کراچی صفورا چوک واقعہ کھلی دہشت گردی، قائد کے شہر میں دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں اور شاہ صاحب خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہے ہیں ۔

رہنماؤں نے مزید کہاکہ کالعدم و تکفیری جماعتیں اس ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیں جبکہ حکمرانوں نے انہیں کھلی چھٹی دے رکھی ہے، صوبائی حکومت امن عامہ کے حوالے سے ناکام ہو چکی ، وزیراعلیٰ سندھ کو اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے فوری مستعفی ہو جانا چاہیے، تکفیری دہشت گردوں نے ملک کے امن عامہ کو یر غمال بنا رکھا ہے، بیچ چوراہے سرعام نہتے شہریوں کا قتل ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی مستعدی دکھانی ہو گی ، عوام کے ٹیکس سے تنخواہ لینے والے عوام کی حفاظت نہیں کر سکتے تو انہیں گھر چلے جانا چاہیئے ،تنخواہ عوام سے اور سیکورٹی وی وی آئی پیز کو اس ملک میں کیسا نظام ہے؟ عوام کے جان و مال کی حفاظت ان کے اولین فرائض میں شامل ہے ۔اس سے رو گردانی کسی صورت قابل برداشت نہیں ہے۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سفاک درندوں کو عبرت ناک انجام سے دو چار کریں ،کمیٹیوں اور تحقیقات کے اعلانات پہلے بھی بہت سنے اس واقعے کے ذمہ داران کو مثال بنایا جائے ، تا کہ کوئی بھی درندہ اس قسم کی کاروائی کے بارے میں سوچتے ہوئے بھی کانپ اٹھے۔

وحدت نیوز(مظفرآباد،کوٹلی، میرپور، ہٹیاں ، نیلم،باغ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ریاست گیر سوگ، ضلعی ہیڈکوارٹرز پر عہدیداران و کارکنان نے شمعیں روشن کر کے سانحہ صفورہ چورنگی پر اسماعیلی برادری سے اظہار یکجہتی کیااورسانحہ کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی، مظفرآباد میں علمدار چوک کے مقام پر شمعیں روشن کیں گئیں ,شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ ہم اسماعیلی برادری کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ، اسماعیلی برادری کی اس ملک کے لیئے بڑی خدمات ہیں ، انہوں نے اس ملک کی تعمیر و ترقی میں بڑا کردار ادا کیا ہے،محب وطن اسماعیلیوں کا قتل عام ، قانون نافذ کرنے والے اداروں تحقیقات کر کے عبرتناک انجام تک پہنچائیں ، کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر پابندی برائے نام نہیں انہیں پابندکیا جائے، گو کہ اس میں را ملوث ہے مگر را کے سہولت کاروں کو پکڑا جائے ، را کو کون سپورٹ کر رہا ہے اور کیوں سپورٹ کر رہا ہے دیکھا جائے، ملک پاکستان نازک ترین دور سے گزر رہا ہے ، اس موقع پر مذہبی انتہا پسندی کو ہوا دینے والوں ، کفر کفر کا راگ الاپنے والوں ، آئے روز فرقہ واریت کو ہوا دینے والوں کو بھی پکڑا جائے ، پوچھا جائے کیوں کر رہے ہو، کس کی ایما پر کر رہے ہو؟ تکفیری دہشت گرد جو کہ را ، امریکہ و اسرائیل کے ایجنٹ ہیں سے پاک سرزمین کو پاک کیا جائے، جائے وقوعہ سے داعش کے پمفلٹ ملنا ، سیکورٹی اداروں کو اس جانب بھی متوجہ ہونا ہو گا۔ داعش کی پاکستان میں سرگرمیاں جو کہ والچاکنگ سے شروع ہوئیں ، اس وقت وفاقی وزیر داخلہ کہتے رہے کہ داعش کا کوئی وجود نہیں ، ٹھیک ہے داعش کا وجود نہیں ، تو داعش جیسے نظریات رکھنے والوں کو گرفت میں کیوں نہیں لایا جاتا؟ کیا پاکستان کو بھی شام، ایراق اور یمن بنانے کی سازش کی جارہی ہے، وہ ملک کہ جو وحدت کی شمع روشن کر کے وجود میں آیا ، وہ مملکت خداداد پاکستان کہ شیعہ سنی نے ملکر بنایا ، آج انہیں باہم دست و گریبان کرنے کے لیئے طرح طرح کے حربے استعمال کیئے جارہے ہیں ، ڈالر اور ریال کی چمک دھمک سے لوگوں کے منہ سے زہر اگلوایا جا رہا ہے، ایسے حالات میں ہم شیعہ سنی بھی یہ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان جیسے ملکر بنایا تھا ایسے ہی ملکر بچائیں گے، اغیار اور ان کے ایجنٹوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، داعش ہو یا کوئی لشکر ہماری اس وطن سے وفاداری کو چیلنج نہیں کر سکتا۔ اس ملک میں دیدہ نادیدہ ہاتھ ناامنی پھیلا کر بنیادیں کھوکھلی کر رہے ہیں ، ہم اس اجتماع کے توسط سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کہ جو خواب خرگوش کے مزے اقتدار کے ایوانوں میں آ کر لیتے ہیں وہ مستعفی ہوتے ہوئے گھر جا آرام کریں ، اپنی ناکامی کا اعتراف کریں ، وہ حق حکمرانی کھو چکے ہیں آئے روز شیعہ سنی نہتے عوام کی ٹارگٹ کلنگ ہوتی ہے ،وہ کہتے ہیں کہ یہ کام تو طالبان نے کیا ہے، ہم سوال کرتے ہیں کہ ان کو روکنے ، طالبان جیسے ناسوروں کو کچلنے کے لیئے ہی عوام نے آپ کو مینڈیٹ دیا تا کہ آپ ان کے بنیادی حق زندگی کے لیئے تو بہتر اقدام کر سکیں ، اب جبکہ آپ ایسا نہیں کر سکے آپ حق حکمرانی کھو چکے ہیں ، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلوں کو بے نقاب کرتے ہوئے انجام سے دوچار کیا جائے۔اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔شرکاء سے ریاستی سیکرٹری یوتھ سید عمران حیدر، سیکرٹری تعلیم مولانا طالب ہمدانی، سیکرٹری تنظیم سازی مظفرآباد مولانا محبت کاظمی ، امامیہ آرگنائزیشن کے نمائندہ سید وقار کاظمی، ایم ڈبلیو ایم مظفرآباد کے رہنما سید شاہد کاظمی، ڈی ایس ایل وقار نقوی و دیگر نے بھی خطاب کیا، شرکاء نے ہاتھوں میں شمعیں اٹھا رکھیں تھیں جبکہ علمدار چوک میں چراغاں کر کے اسماعیلی برادری سے اظہار یکجہتی کیا۔قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ریاست بھر میں ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر چراغاں کر کے اظہار یکجہتی کیا گیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree