وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے صوبائی رہنما حجت الاسلام شیخ احمد علی نوری نے سانحہ منٰی کے دلخراش سانحہ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال مکہ مکرمہ میں کرین گرنے اور منٰی میں بھگڈر مچنے کی وجہ سے اب تک کی رپورٹ کے مطابق تین ہزار سے زائد حجاج زخمی اور جان بحق ہوچکے ہیں اور بہت سارے حجاج اب تک لاپتہ ہیں، ان کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے، چونکہ سعودی حکومت اصل حقائق چھپا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سانحات سعودی حکومت کے ناقص انتظامات اور سکیورٹی کے فقدان کی وجہ سے رونما ہوئے ہیں۔ انہوں نے ان سانحات میں شہید، زخمی اور لاپتہ ہونے والے حجاج کا اصل قصوروار سعودی حکومت کو ٹھہرایا۔ انہوں نے بتایا کہ عالم اسلام اور خصوصاً او آئی سی کو ان سانحات پر نوٹس لینے اور آئندہ حج انتظامات کو اپنی تحویل میں لینے کا مطالبہ کیا۔
ایم ڈبلیوایم کے فلاحی شعبے کی جانب سے ملک بھر کے سینکڑوں مستحقین میں سینکڑوں من قربانی کا گوشت تقسیم
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے فلاحی شعبے خیرالعمل فاونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام اس سال عید قربان پر 80 جانوروں کی قربانی کی گئی. جس کا گوشت غرباء . مساکین اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تقسیم کیا گیا،جب کہ ملک بھر میں فلاحی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ایم ڈبلیوایم کے کارکنان نے قربانی کے جانوروں کی کھالیں بھی جمع کیں ،ہیت امام حسین ؑکویت کے تعاون سےخیر العمل فائونڈیشن کی جانب سے اندرون سندھ حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان،ماتلی، دولت پور، نوابشاہ، پنجاب کے شہروں چنیوٹ، لیہ، شیخوپورہ،سرگودھا، گلگت اور سکردو سمیت ملک بھر کے متعدد اضلاع میں قربانی برائے مستحقین کا اہتمام کیا گیا، کراچی کے ضلع شرقی، ضلع ملیر، ضلع جنوبی اور ضلع وسطی نے بھی اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا جبکہ کئی سو کلو گوشت خانوادہ شہداءاور مستحق مومنین میں تقسیم کیا گیا،جبکہ مختلف اضلاع نے اپنی مدد آپ کے تحت کئی ٹن قربانی کا گوشت غرباء ، مساکین اورسیلاب متاثرین میں تقسیم کیا گیا، خیرالعمل فائونڈیشن کے قائم مقام چیئرمین مسرت کاظمی نے ہیڈ آفس سے جاری ایک بیان میں ہیت امام حسین ؑ، قربانی کی کھالیں دینے والے مخیرحضرات اور خیرالعمل فائونڈیشن کے رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا ہے ، ان کی نیک خواہشات کی تکمیل کی دعا اور آئندہ بھی اسی طرح تعاون جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین کی رکن صوبائی اسمبلی گلگت بلتستان بی بی سلیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سانحہ بڈھ بیر میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حساس مقامات تک دہشت گردوں کی رسائی کو ناممکن بنا دیا اور دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک مائنڈ سیٹ ہے جس کے پیچھے تکفیری سوچ کار فرما ہے جس کی جڑیں عوام میں موجود ہیں اس سوچ کے خاتمے کے بغیر دہشت گردی پر قابو پانا مشکل ہے۔ ایک عرصے سے حکمرانوں نے اپنے مقاصد کے کیلئے اس سوچ کو پروان چڑھایا اور آج سویلین سمیت ہماری سرحدوں کے محافظ ان کا نشانہ بن رہے ہیں۔ آپریشن ضرب عضب کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں میں اسلام کے نام پر دہشت گردی کی تعلیم دینے والوں کے خلاف آپریشن کی ضرورت ہے تاکہ دہشت گردی کو پروان چڑھانے والی فیکٹری ہی ختم ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کی اس لعنت سے تبھی چھٹکارا ممکن ہے کہ فوجی آپریشن کے ساتھ ساتھ حکومتی وانتظامی معاملات کو بھی درست کیا جائے۔ کرپشن، اقربا پروری، رشوت، لوٹ کھسوٹ جہاں دہشت گردی کو پروان چڑھانے کا باعث بنتے ہیں وہاں عدالتوں سے انصاف کا نہ ملنا اور پولیس گردی بھی ایک موثر وسیلہ ہے، حکومتیں انتظامیہ اور عدلیہ کے اعلٰی عہدوں پر خداشناس افراد کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی جائیگی تب تک بحران پیدا ہوتے رہینگے، لہٰذا قوم و ملک کا مستقبل سنوارنے کیلئے حکومتوں کو ذاتی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر فیصلے کرنا پڑینگے۔
وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سربراہ اور معروف عالم دین علامہ آغا علی رضوی کو ایم ڈبلیو ایم پاکستان گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا اضافی عہدہ دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے دورہ جی بی کے موقع پر گلگت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آغا علی رضوی کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کا اضافی چارج دینے کا اعلان کر دیا۔ آغا علی رضوی کو غیر معمولی فعالیت اور صلاحیتوں کی وجہ سے مقبولیت حاصل ہے، بالخصوص جوان طبقہ انہیں خلوص دل سے چاہتا ہے۔ آغا علی رضوی کی غیر معمولی مقبولیت اور مختلف ایشوز پر حکومت کے خلاف قیام کو بھی مزاحمت و مقاومت کی علامت کے طور پر لیا جاتا ہے، گلگت بلتستان میں ہونے والے دہشتگردی کے تمام واقعات پر انہوں نے دھرنے دیئے اور احتجاجی تحریکیں چلائیں۔ جی بی میں گندم سبسڈی کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے اٹھنے والی تحریک میں انکا کلیدی کردار رہا۔ تمام ملی اور علاقائی مسائل پر حکومت کے خلاف ڈٹ جانے کے سبب حکومتی ادارے انہیں پسند نہیں کرتے۔ نہایت اہم ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان میں انکی زندگی کو دہشتگردوں اور دیگر قومی مجرمین کی طرف سے شدید خطرہ بھی لاحق ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے رہنما نے انہیں دبے الفاظ میں حکومت کے خلاف سخت اقدامات اٹھاتے رہنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی بھی دی ہے۔
وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پشاور میں ایئر فورس کیمپ پر حملہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی ہے اور اس طرح کی کارروائیوں سے پاکستانی قوم خوفزدہ نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردوں کے دن گنے جا چکے ہیں اور دہشتگردوں کی کمر مکمل طور پر توڑ دی گئی ہے اور پاکستان آرمی کے ہاتھوں دہشتگرد عبرت کا نشان بننے والا ہے، اس وقت دہشتگرد جو ہاتھ پیر مار رہے ہیں، دراصل ان پر نزع کی کیفیت طاری ہے اور عنقریب دم توڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کے جوانوں کی کارروائی لائق تحسین ہے، انکی بروقت کارروائی سے دہشتگرد اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہوئے۔ دہشتگرد چاہتے ہیں کہ اپنی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے قوم پر اپنی دہشت اور خوف بٹھائیں، شاید انہیں اندازہ نہیں کہ پاک فوج اور پاکستانی قوم شہادت سے گبھرانے والی نہیں ہے، شہادتوں سے افواج پاکستان کے پائے استقامت میں لغزش نہیں آسکتی، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ملکی سلامتی کے ضامن ہے، آپریشن ضرب عضب کو ملک کے گوشہ گوشہ میں پھیلانے کی ضرورت ہے۔ جب تک دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو بھی تختہ دار پہ لٹکایا نہیں جاتا دہشتگردی کا مکمل خاتمہ مشکل ہے۔
وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے گلگت پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نالائق حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا ہے، ملک میں قانون حاکم نہیں, عدلیہ عوام کو انصاف دینے میں ناکام ہوچکی, سیاست دان عوام کی خدمت کی بجائے تجارت کرتے ہیں۔ قومی وحدت پر تفرقہ بازی غالب آچکی ہے, امن و محبت کی جگہ دہشت گردی نے لی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے عاشق ہیں, حکمرانوں نے یہاں کے عوام کو حقوق دینے کی بجائے قتل و غارت گری کو ترویج دے کر علاقے کو جہنم بنا دیا ہے، پہلے سے زیادہ گلگت بلتستان کے عوامی حقوق کیلئے جدوجہد کرینگے۔ مستقبل میں پاکستانی معیشت کا دارومدار پاک چائنہ اقتصادی کوریڈور پر ہے، حکومت نے اس اہم منصوبے میں گلگت بلتستان کے عوام نظر انداز کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نون سے ہماری سیاسی مخالفت ہے لیکن ایک دوسرے کے دشمن نہیں، نواز لیگ سیاسی مخالفت کی وجہ سے پنجاب اور گلگت بلتستان میں سیاسی انتقام لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام پرامن لوگ ہیں اور گندم سبسڈی تحریک کے دوران اپنی وحدت کا بھرپور ثبوت فراہم کیا, لیکن حکمرانوں کو اس علاقے میں سنی شیعہ وحدت پسند نہیں۔ پوری دنیا میں الیکشن کے ذریعے پاور شپ تبدیل ہوتی رہتی ہے, لیکن پاکستان میں عدلیہ کے معزز ججوں کی نگرانی میں انجینیئرڈ الیکشن ہوتے ہیں۔
پاک چائنہ اقتصادی کوریڈور پر بات کرتے ہونے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پاکستانی معیشت کا دارومدار اسی اقتصادی کوریڈور پر ہے، اقتصادی کوریڈور کمیٹی میں گلگت بلتستان کے عوام کو نمائندگی ملنی چاہیئے۔ گلگت بلتستان میں ٹیکسوں کے نفاذ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طرف وفاقی وزراء گلگت بلتستان کو متنازعہ علاقے قرار دے رہے اور دوسری طرف ٹیکسوں کا اجراء کرکے غیر آئینی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ حکمران اگر چاہیں تو گلگت بلتستان کے عوام جو 68 سالوں سے آئینی حقوق سے محروم ہیں، بیک جنبش قلم آئینی حقوق دے سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں گلگت بلتستان کے عوام حقوق کی راہ میں رکاوٹ نہیں۔ نیشنل ایکشن پلان پر بات کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، مسلم لیگ اپنے سیاسی مخالفین کو کچلنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ یمن پر سعودی جارحیت کے خلاف پورے پاکستان میں مظاہرے ہوئے اور پاکستان عوام اور پارلیمنٹ نے یمنی مسلمانوں کے خلاف پاک فوج کے دستے سعودی عرب بھیجنے کی بھرپور مخالفت کی اور خود پاک فوج نے سعودی خواہش کی تکمیل سے انکار کر دیا، لیکن گلگت بلتستان میں ہمارے کارکنوں اور علماء کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کئے گئے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم گلگت بلتستان میں اخوت اور بھائی چارے کی فضا قائم کرینگے، یہاں کے عوام کے حقوق کیلئے پورے پاکستان میں آواز اٹھاتے رہینگے۔