وحدت نیوز(بلتستان) گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے گندم پر سبسڈی کے خاتمے اور غذائی اجناس کی قیمتوں میں ہوشربہ اضافے کے خلاف مکمل شٹر ڈائون اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی ، ہڑتال کی کال مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام منعقدہ آل پارٹیز اجلاس میں فیصلے کے بعد دی گئی ، جس میں گلگت بلتستان کی مختلف سیاسی ، مذہبی اور قوم پرست جماعتیں بھی شامل تھیں ، اس سلسلے میں اسکردو کے اہم چوراہوں شاہراہوں پر بھی دھرنے دیئے گئے۔ سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن علامہ آغا علی رضوی نے ان تمام دھرنوں کا دورہ کیا اور عوام سے خطاب کیا۔علامہ آغا علی رضوی کا کہنا تھا کہ جب تک حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہیں کر تی اور گندم پر سابقہ سبسڈی کو بحال نہیں کیا جاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ، ہماری احتجاجی تحریک اسی زور و شور سے جاری رہے گی، حکومت نے عوام کے منہ سے نوالہ تک چھینے کا فیصلہ کر لیا ہے، گلگت بلتستان کے عوام حکومت کے اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف آخری دم تک سراپا احتجاج رہیں گے۔
وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل سے استفادہ کرنے کے سب سے زیادہ حقدار یہاں کے مقامی افراد ہیں۔ کسی ادارے کو ہمارے قدرتی وسائل کی بندر بانٹ کا اختیار حاصل نہیں ہے اور اگر زبردستی کی گئی تو بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ دنیا کی نظریں گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل کی طرف لگی ہوئی ہیں اراکین کونسل اور ممبران اسمبلی اپنے ذاتی مفادات کی خاطر علاقے کو گروی رکھنے سے باز آ جائیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمیں پاکستان گلگت ڈویژن کے ترجمان سعید الحسنین نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں کچھ ناعاقبت اندیش اہلکاروں نے ناقص قوانین KANA ڈویژن سے پاس کروا کر علاقے میں نافذ کرنے کی کوشش کی جسے اس علاقے کے عوام نے مسترد کیا ہے۔ اب گلگت بلتستان کونسل کے ذریعے عوام دشمن رولز بنوا کر گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل کی بندر بانٹ کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ یہ یاد رکھیں کہ غیر مقامی افراد یا کمپنیوں کو اس علاقے کے قدرتی وسائل کے استفادے کیلئے لائسنسز کا اجراء کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے اور بلوچستان جیسے حالات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ لہٰذا متعلقہ اداروں کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ ایسے کسی اقدام سے گریز کیا جائے جو یہاں کے عوام کے مفاد کے خلاف ہو۔
وحدت نیوز(روندو) وفاقی حکومت کی طرف سے گلگت بلتستان میں گندم کی قیمت بڑھانے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن تحصیل روندو کے زیراہتمام گلگت اسکردو روڈ پر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رضا انصاری، رہنما پی پی پی اقبال دلبر، سید مہدی ہرداس، الطاف عابدی نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ گندم کی قیمت میں اضافہ معاشی قتل کے مترادف ہے، حکومت اپنے ظالمانہ اقدامات کے ذریعے عوام سے جینے کا حق چھیننے کے درپے ہو گئی ہے۔ مقررین نے کہا کہ گندم کی قیمت کو پرانی سطح پر نہ لایا گیا تو احتجاجی تحریک کا سلسلہ بڑھایا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں گلگت بلتستان کو حصہ دیا جائے ،گندم کی قیمت بڑھانے سے قبل گلگت بلتستان کو دریائے سندھ کی رائیلٹی دی جائے اور بیرونی ملک سفارت خانوں میں گلگت بلتستان کے افراد کو بھی خصوصی کوٹہ دیا جائے۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت ڈویژن کے زیراہتمام گلگت بلتستان میں گندم کی سبسڈی کے خاتمے کے متنازعہ فیصلے کیخلاف بینظیر چوک سے اتحاد چوک تک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم گلگت ڈویژن کے سیکرٹری جنرل شیخ بلال سمائری نے کی جبکہ مظاہرے میں بڑی تعداد میں مختلف سیاسی و مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کے راہنماوں اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ اتحاد چوک پہنچ کر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم گلگت ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ شیخ بلال سمائری نے کہا کہ آج کا یہ احتجاجی مظاہرہ علامتی احتجاج ہے اگر حکومت نے گندم پر سبسڈی کے خاتمے کا اعلان واپس نہ لیا تو پھر پورے گلگت بلتستان میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ساتھ لیکر بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائیگا۔
وحدت نیوز(بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام گلگت بلتستان میں حالیہ گندم کے بحران اور قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے ایک احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا پہلا مرحلہ جمعہ سے شروع ہوا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام بلتستان بھر میں مختلف مقامات پر احتجاجی اور علامتی دھرنے دیئے گئے۔ اس سلسلے میں کھرمنگ، گول، روندو، گمبہ اسکردو اور یادگار شہداء اسکردو پر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور علامتی دھرنا بھی دیا گیا۔ یادگار شہداء اسکردو پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید مظاہر حسین موسوی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والی حکومتوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔ ہم اپنے حقوق کسی کو غصب کرنے نہیں دیں گے۔ آج کے حکمرانوں نے جن میں صوبائی اور وفاقی دونوں شامل ہیں گٹھ جوڑ کر کے عوام سے روٹی بھی چھین بھی ہے۔ اس علاقے سے حاصل ہونے والی آمدنی اسی علاقے کی تعمیر و ترقی پر خرچ ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی قیمت اکتوبر 2013ء کی حالت پر نہ لائی گئی تو پورے گلگت بلتستان کو جام کر دیں گے اور حکومتی مشینری بےبس ہو جائے گی، کیونکہ خدا کی طاقت کے بعد عوام کی طاقت سب سے بڑی طاقت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت محکمہ تعلیم میں کرپشن کے حوالے سے تحقیقاتی کام کر رہی ہے اسے شفاف انداز میں جاری رہنا چاہیے اور نااہل لوگوں کو نکال باہر کرنا چاہیے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم بلتستان ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل فدا حسین نے کہا کہ ہم پاکستان کے سرحدی محافظ ہیں۔ ہمارے خطے میں انتہائی قیمتی معدنیات ہیں، اس علاقے میں سیاحت کے لئے پوری دنیا سے لوگ آتے ہیں، یہ علاقہ چین جیسے معاشی طور پر ترقی یافتہ ملک کے لئے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے لیکن اس علاقے کے عوام غربت میں پسے جا رہے ہیں۔ یہاں کے دریاوں سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے لیکن ان نااہل حکمرانوں کو اپنی ذات کے علاوہ کسی چیز سے کوئی سروکار نہیں، ان لوگوں نے اپنے مفادات کے لئے کرپشن کر کے علاقے کے عوام کے مفادات کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور ان لوگوں کی نااہلی سے کئی دنوں سے اسکردو میں تندور بند پڑے ہیں، اگر ان لوگوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو یہ تحریک رکنے والی نہیں۔ انہوں نے کہا اگر گندم سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ واپس نہیں لیا گیا تو بلتستان میں گاوں گاوں اور ہر ہر محلے میں احتجاج ہوگا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اسلام آباد اسکردو کے لیے متبادل روڈ کی تعمیر، آئینی حقوق، این ایف سی ایوارڈ میں گلگت بلتستان کے حصہ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے دریائے سندھ کی رائیلٹی، گرگل اسکردو روڈ کی بحالی، سوست بارڈر اور سیاحت کی آمدنی صوبے کے حوالے کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس موقع پر کھرمنگ کے نوجوان رہنماء انجینئر شبیر اور پیپلز پارٹی کے رہنماء نجف علی نے بھی خطاب کیا۔
ادھر سب ڈویژن کھرمنگ میں مجلس وحدت کی اپیل پر لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور کرگل لداخ روڈ کو کئی گھنٹوں کے لیے بند کر دیا۔ کھرمنگ میں مرکزی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین تحصیل کھرمنگ کے سیکرٹری جنرل شیخ اکبر علی رجائی نے کہا کہ جب تک گندم سبسڈی کے خاتمے کا فیصلہ واپس نہیں لیا جاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ سب ڈویژن کھرمنگ میں کھرمنگ خاص کے علاوہ باغیچہ، ترکتی، ہمزی گون، اولڈینگ اور طولتی میں بھی مختلف مقامات پر بھی احتجاجی جلسے ہوئے۔ اسی طرح گمبہ اسکردو میں بھی مجلس وحدت تحصیل گمبہ کے زیراہتمام احتجاجی جلسے کا انعقاد ہوا۔ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت تحصیل گمبہ کے سربراہ صادق حسین شاہ نوری نے کہا کہ حکومت کے اس ظالمانہ اقدام کے خلاف متحد اور منّظم ہو کر مربوط تحریک چلائی جائے گی اور اس اقدام کی واپسی تک تحریک جاری رہے گی۔ اس موقع پر شیخ محمد حسین واعظی نے کہا کہ صوبائی حکومت بالخصوص وزیر خوراک کا اقدام عوام دشمنی پر مبنی ہے۔ اس طرح کی عوام دشمن اور غریب کُش پالیسی والے حکمران عوامی سیلاب میں خس و خاشاک کی طرح بہہ جائیں گے۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان، گلگت بلتستان کے صوبائی ترجمان سعید الحسنین نے انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ کی مناسبت سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کی سرزمین پر خمینی (رہ) بت شکن کی ولولہ انگیز و انقلابی قیادت میں رونما ہونے والے عظیم اسلامی انقلاب کی بدولت پوری دنیا میں اسلام حقیقی کا روشن چہرہ متعارف ہوا اور اس انقلاب کے ثمرات سے ناصرف مسلم تحریکوں بلکہ دنیا بھر کے مستضعفین اور مظلومین نے استفادہ کیا اور انکے کیلئے نوید سحر لیکر ابھرا۔ انکا مزید کہنا ہے کہ اسلامی انقلاب سے پہلے اسلامی دنیا مختلف گروہوں اور بلاکوں میں بٹی ہوئی تھی، علاقائی تعصبات کے ساتھ ساتھ مذہبی منافرت اور فرقہ واریّت عروج پر تھی۔ بادشاہ صاحبان اپنی مکروہات کو چھپانے کے لئے درباروں میں علمی مناظروں کے نام پر شیعہ، سنّی علماء کو اکٹھا کرکے فرقہ وارانہ مباحث کو ازسر نو زندہ کرتے تھے اور پرانے اختلافات کو پھر سے بھڑکاتے تھے چنانچہ لوگ اپنے دینی جذبے کے باعث فرقہ وارانہ جھگڑوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے اور یوں یہ بغض و حسد نسل در نسل آگے چلتا رہتا، لوگ ایک دوسرے کو گریبان سے پکڑے رکھتے تھے اور حکمران رنگ رلیاں مناتے تھے۔ اسی طرح استعماری طاقتیں بھی اپنے مفادات کے حصول کے لئے ہمفرے اور لارنس آف عریبیہ کی طرح کے اپنے جاسوسوں کے ذریعے مسلمانوں کے خلاف سازشوں میں مصروف رہتی تھیں۔ اس طرح کے جاسوس مسلمانوں کی صفوں میں گھس کر فسادات اور فرقہ واریّت کو ہوا دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے اسلامی انقلاب نے شیعہ اور سنّی مسلمانوں کو صدر اسلام کی طرح بھائی بھائی بننے کا شعور عطا کیا۔ ایران کے شیعہ و سنّی علماء کے اتحاد اور اتفاق سے تمام دنیا کے مسلمانوں نے متفق اور متحد ہونے کا شعور لیا، ملت ایران نے عملی طور پر متحد ہو کر پورے عالم اسلام کو یہ باور کرایا ہے کہ مسلمانوں کی اصل طاقت اتحاد میں مضمر ہے۔