وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا نے گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے گندم کی سبسڈی کے خاتمے کیخلاف عوام کے احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ 9 روز سے جاری رہنے والے دھرنوں کے باوجود عوام کے مطالبات تسلیم نہ کرنا جی بی حکومت کی آمرانہ ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ وحدت ہاوس پشاور سے جاری اپنے ایک بیان میں ایم ڈبلیوایم کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید عدیل عباس زیدی نے کہا کہ ہم گلگت بلتستان کی غیور عوام کی عظمت، استقامت، شجاعت اور ثابت قدمی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام اپنے حقوق کیلئے گذشتہ 9 روز سے سڑکوں پر ہیں، اور انشاء اللہ وہ اپنے حقوق حاصل کرکے ہی گھروں کو لوٹیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی حکومتوں نے عوام کو نہ صرف مایوس کیا بلکہ ان کے آئینی حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اس حقوق کی جنگ میں گلگت بلتستان کے عوام کے شانہ بشانہ ہیں۔ مہدی شاہ حکومت خود کو مزید رسوائی سے بچانے کیلئے فوری طور پر گندم کی سبسڈی بحال کرے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا سینئر صحافی حامد میر پر حملہ کو آزادی صحافت پر حملہ تصور کرتی ہے، اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، تاہم اس حملہ کی آڑ میں قومی سلامتی کے اداروں پر بلاجواز تنقید درست نہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیرعبدالرشید ترابی نے گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کیلئے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں شرکت کی اور اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیوایم راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل سعید رضوی بھی موجود تھے۔ عبدالرشید ترابی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے عوام کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فی الفور جی بی عوام کے درینہ مطالبات کو تسلیم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور نون لیگ کی حکومت کی طرف سے 9 روز سے خاموشی ثابت کرتی ہے کہ انہیں عوام سے کوئی سروکار نہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام گذشتہ نو روز سے سڑکوں پر ہیں، لیکن نہ تو صوبائی وزیراعلٰی کو کوئی خیال آیا ہے اور نہ ہی ملک کے وزیراعظم اس معاملے میں کوئی دلچسپی لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فی الفور صوبے کی صورتحال کا جائزہ لے اور عوام کے مطالبات تسلیم کرے۔

وحدت نیوز(اسٹاف رپورٹر) گلگت بلتستان میں جاری عوامی ایکشن کمیٹی کی بحالی حقوق تحریک سے اظہار یکجہتی کے لئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر احتجاج کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلنا شروع ہو چکا ہے، اس سلسلے میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے ایم ڈبلیو ایم ضلع راولپنڈی /اسلام آباد کی جانب سے احتجاجی کیمپ لگا دیا گیا ہے، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ شفقت شیرازی نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور اہلیان گلگت بلتستان کی حمایت اور ان کے حقوق کی بحالی کے لئے آواز بلند کرنے پر کیمپ میں موجود کارکنان کے حوصلوں کو سراہا۔

 

دوسری جانب لاہور پریس کلب کے سامنے ایم ڈبلیو ایم ضلع لاہور اور گلگت بلتستان یوتھ کے زیر اہتمام احتجاجی کیمپ لگایا گیا ہے، ٹنڈو محمد خان میں پریس کلب کے سامنے ایم ڈبلیو ایم سندھ شعبہ تنظیم سازی اور ضلع ٹنڈو محمد خان کی جانب سے احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا گیا ہے، جس میں صوبائی رہنما علامہ مختار امامی ،عالم کربلائی اور یعقوب حسینی نے بھی شرکت کی ،نصیر آباد میں ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی سیکریٹری جنرل مولانا اختر عباس نقوی کی سربراہی میں علامتی دھرنا کیمپ لگایا گیا ہے،ضلع بدین کی تحصیل  ماتلی میں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان کی بڑی تعداد نے گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی جس کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنما یعقوب حسینی نے کی ، بعد ازاں تمام کارکنان نے پریس کلب کے سامنے علامتی دھرنا دیا اور بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے۔

 

گلگت بلتستان میں گندم سبسڈی کی بحالی کے لئے میر پور خاص میں ضلعی رہنما بشیر شاہ نقوی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ریلی   پریس کلب پہنچی تو شرکائے احتجاج پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے، نوشہرو فیروزمیں ضلعی سیکریٹری جنرل اعجاز ممنائی  کی زیر قیادت  ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان کی بڑی تعداداہلیان گلگت بلتستان سے اظہار یکجہتی کے لئے پریس کلب پر علامتی بھوک ہڑتال کا کیمپ لگا کر بیٹھ گئے ہیں جس میں صوبائی رہنما امتیاز بخاری بھی شامل ہیں  ، حیدر آباد پریس کے سامنے ضلعی سیکریٹری جنرل علامہ امداد علی نسیمی اور عالم کربلائی کی زیر قیادت ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان نے احتجاجی دھرنا کیمپ لگا دیا ہے اور کارکنان بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے ہیں ،  اس کے علاوہ کوئٹہ ،پنجاب اور سندھ کے دوسرے اضلاع میں بھی حکومت کی جانب سے گندم پر سبسڈی کے خاتمے کے خلاف مسلسل احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصرعباس شیرازی نے گلگت بلتستان میں جاری عوامی احتجاج اور 9 دن سے جاری دھرنوں کے صورت حال پر مختلف جماعتوں اور ہیومن رائٹس کمیشن اورانسانی حقوق کی اداروں کے مسئولین سے گلگت بلتستان کی ہنگامی صورت حال پر کردار ادا کرنے کی اپیل قومی، مذہبی اور سیاسی رہنماوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پورے پاکستان کے لوگوں کو گلگت بلتستان کے عوام کیساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ سرزمین بے آئین گلگت بلتستان کے عوام کو مزید مظلومی اور تنہائی کا شکار کرنا خطے پر مزید منفی اثرات مرتب کریگا اور وطن عزیز کا فطری دفاع دشمن کی کسی سازش کا شکار ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں تحریک چلانے اور گلگت بلتستان کے عوام کی تائید کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے کھل کر کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

 

ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی، مسلم لیگ ق کے سینیٹر مشاہد حسین سید، عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر افراسیاب خٹک، تحریک منہاج القرآن کے نائب سربراہ صاحبزادہ محی الدین قادری، پاکستان عوامی تحریک کے ناظم اعلیٰ خرم گنڈہ پور، جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، پاکستان تحریک انصاف کے راہنمائوں ڈاکٹر عارف علوی اور اعجاز چوہدری، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا اور چیئرمین وائس آف شھداء سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی انسانی حقوق کمیشن اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر سے روابط کے ذریعے یقین دہانی حاصل کی کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کی سبسڈی کے حقوق کے حصول کیلئے وہاں مظلوم عوام کیساتھ ہر محاذ پر کھڑے ہونگے۔

 

دوسری طرف سینٹ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے سربراہ سینیٹر افراسیاب خٹک نے وعدہ کیا کہ وہ سینیٹر مشاہد حسین سید، سینیٹر نسرین جلیل، سینیٹر رضا ربانی سمیت دیگر ممبران سینیٹ کے ہمراہ 26 اپریل کو گلگت بلتستان پہنچ کر تمام سیاسی و علاقائی اکابرین سے ملاقاتیں کر کے گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کی آواز کو پارلیمنٹ میں بلند کریں گے۔

وحدت نیوز(قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم المقدسہ کے سیکریٹری جنرل علامہ غلام محمد فخرالدین نے وحدت ہاوس قم میں منعقده اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں سات روز سے دھرنا جاری ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو تسلیم کرے اور گندم سبسڈی کو بحال کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی بی کے غیور اور محب وطن عوام نے سات روز سے اپنے جائز حقوق کے لئے پُرامن دھرنا جاری رکھا ہوا ہے جو کہ گلگت بلتستان کا تاریخی دھرنا ہے، حکومت کو چاہیئے کہ عوام کے صبر کا امتحان نہ لے اور مطالبات کو فوری تسلیم کرے، ورنہ دهرنوں کا سلسلہ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں تک وسیع کر دیا جائیگا۔ علامہ غلام محمد فخرالدین نے سینیئر اینکر پرسن حامد میر پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت بھی کی اور مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو بےنقاب کیا جائے۔ انہوں نے حامد میر کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

وحدت نیوز(نجف اشرف) مجلس وحدت مسلمین نجف اشرف کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ ناصرعباس نجفی کا گلگت بلتستان کی حکومت کی جانب سے گندم کی سبسڈی ختم کرنے کے خلاف اور عوامی ایکشن کمیٹی کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم گلگت بلتستان کی غیور عوام کی عظمت، استقامت، شجاعت اور ثابت قدمی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام کو کئی برسوں سے اپنے آئینی اور قانونی حقوق محروم کر رکھا ہے اور آئے روز وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے عوام کی تذلیل کا سلسلہ جاری ہے۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ جب گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت نے گندم سبسڈی کو ختم کیا تو اس اقدام کے بعد خطے کی عوام جاگ اُٹھی ہے اور اب وہ اپنے حقوق لے کر رہیں گے۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ گندم سبسڈی، گلگت بلتستان کی حکومت عوام کے آئینی اور قانونی مطالبات کو تسلیم کرے۔ اگر حکومت نے گلگت بلتستان کی عوام کو حقوق نہ دیے تو پاکستان سمیت دنیا بھر احتجاج شروع ہو جائیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree