وحدت نیوز(دیامر) اہلیان دیامرکی محبت، مہمان نوازی اور اپنائیت کو کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے۔ امن، اخوت، اور خیر سگالی کا جو پیغام لیکر اہلیان بلتستان دیامر پہنچے وہ امن کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائیگا۔ گلگت بلتستان کے تمام لوگوں کو مذہبی اور مسلکی خول سے نکل کر عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے جدوجہد کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار بلتستان سے خیرسگالی کا پیغام لیکر آنے والے عوامی ایکشن کمیٹی بلتستان ریجن کے نمائندہ وفد کے اراکین اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنما فدا حسین، احمد حسین ظفر، مولانا محمد اسحاق ثا قب، ڈاکٹر شجاعت میثم، انجینئر شبیر حسین، علامہ شبیر حسین رجائی، جاوید، غلام شہزاد آغا، اعجاز، عاشق حسین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے حقوق کے لئے متحد ہونا پڑے گا۔ حکمرانوں نے 67سالوں سے ہمیں متنازعہ بنا رکھا ہے۔ جس کی وجہ سے نہ حقوق ملتے ہیں، اس کی بنیادی وجہ ہماری آپس کی رنجشیں اور عداوتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشہ ڈیم کے تمام مسائل فوری حل کریں اور سرحدی تنازعات کا فوری حل نکالیں۔ اس حوالے سے اہلیان بلتستان دیامر کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر فورم میں ساتھ دینگے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دیامر میں تعلیم کے فروغ کے لئے کردار ادا کریں اور ضلع بھر میں انفراسٹرکچر کی بحالی پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے حقوق کی جدوجہد کو تیز کرنے کے لئے ایک وحدت اور ایک قوم بنکر ظالموں کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔
وحدت نیوز(قم المقدسہ) جامعہ روحانیت بلتستان کے ایک وفد نے صدر جامعہ روحانیت حجت الاسلام والمسلمین محمد علی ممتاز کی قیادت میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری سےوحدت ہاوس قم میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاکستان کی موجودہ صورت حال اور بالخصوص گلگت بلتستان کے آئنده انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جامعہ روحانیت بلتستان کے جنرل سیکرٹری حجت الاسلام والمسلمین مشتاق حسین حکیمی نے گلگت بلتستان میں ہونے والے عام انتخابات کے بارے میں جامعہ روحانیت بلتستان کا موقف بیان کیا اور آئنده الیکشن کے حوالے سے اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ملک کی تعمیر اور ترقی کے لئے سب کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ آخر میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام والمسلمین غلام محمد فخرالدین نے جامعہ روحانیت کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ملک بھر اور گلگت بلتستان میں کرپشن، اقرباء پروری، دہشت گردی و طالبان نواز حکومتی پالیسیوں اور موجودہ استحصالی نظام کیخلاف بھرپور عوامی جدوجہد کے آغاز کیلئے گلگت بلتستان میں عوامی اجتماع کا اعلان کر دیا۔ بیداری ملت و استحکام پاکستان کنونشن 18 مئی کو اسکردو یادگار شہداء پر منعقد ہوگا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید مہدی شاہ کے مطابق اس تاریخ ساز عوامی اجتماع میں تمام مکاتب فکر کے رہنماوُں اور عوام کی بھرپور شرکت ہوگی۔ ملک بھر سے مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات اس عوامی اجتماع میں شریک ہونگے۔
اجتماع میں سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ناصر عباس جعفری، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما حسن محی الدین قادری، وائس آف شہدائے پاکستان کے ترجمان سابق سینیٹر سید فیصل رضا عابدی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر عباس شیرازی و دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نمائندگان شریک ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی تاریخ کا سب سے بڑا یہ اجتماع موجودہ استحصالی نظام کیخلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ گلگت بلتستان کے عوام پہلے ہی 12 روزہ عوامی جدوجہد کے ذریعے معاشی قارونوں، سیاسی فرعونوں اور مذہبی بلعم بعوروں کو مسترد کرچکی ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) گلگت بلتستان کے عوام کو تاریخی احتجاج اور استقامت کی بدولت حقوق کے حصول پر مبارک باد پیش کرتے ہیں ، غیور قوم نے ثابت کر دیا کہ اتحاد واتقاق کی برکت سے ہر کام ممکن بنایا جا سکتا ہے،عوامی ایکشن کمیٹی کی لیڈر شپ اور گلگت بلتستان کے عوام کی بہادری اور استقامت پر پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے، حقوق کے حصول کی جنگ بہت طویل ہے یہ تو نقطہ آغاز ہے، بارہ روزہ احتجاج میں اپنے اور پرائے سب آشکار ہو گئے، اس خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گلگت بلتستان میں بارہ روزہ طویل اور کامیاب تاریخی دھرنے کے اختتام اورعوامی ایکشن کمیٹی کے نو نکاتی چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کی وفاقی وصوبائی حکومت کی جانب سے منظوری پر اپنے تہنتی پیغام میں کیا۔
مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے پیغام میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ آج ایک مرتبہ پھر حق کی فتح ہوئی اور باطل شکست کھانے پر مجبور ہواہے، بارہ روز تک کھلے آسمان تلے بیٹھنے والے غیور عوام کی استقامت رنگ لائی اور ظالم حکومت گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوئی، گلگت بلتستان کےعوام کے ساتھ ساتھ وہ تمام سیاسی مذہبی جماعتیں ، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور شہری جنہوں نے خطہ بے آئین گلگت بلتستان کے حقوق کی بحالی کے لئے آواز بلند کی سب خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔ملک کو درپیش سنگین خطرات اور جاری دہشت گردی میں کہ جب عوام خوف مایوسی اور عدم تحفظ کا شکار ہیں ، عوامی جدوجہد سے اپنے جائز حقوق کا حصول کسی معجزے سے کم نہیں ،ملک بھر میں بسنے والے اٹھارہ کروڑپسماندہ شہری گلگت بلتستان کے عوام سے سبق لیتے ہوئے اپنے حقوق کےحصوک کے لئے میدان میں اتر آئیں، گندم سبسڈی کی بحالی کی تحریک عظیم مقاصد کے حصول کی تحریک کا نقطہ آغاز ہے نہ کہ نقطہ انجام ، اس تاریخی احتجاج نے جہاں نے ظالم حکمرانوں کو ذلیل و رسوا کیا وہیں عوام سے دوری اختیار کرنے والی مذہبی وسیاسی جماعتوں کے چہروں سے بھی نقاب نوچ ڈالی ہے، انشاءاللہ گلگت بلتستان کےغیور اور بیدار عوام خائن و نا اہل سیاسی ومذہبی جماعتوں کو آئندہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں ان کی خیانتوں کا سلہ ضرور دیں گے۔
وحدت نیو(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے دو روزہ سیاسی کونسل کے اجلاس کے اختتام پرپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں عوامی سیلاب کے مقابلے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو جھکنا پڑا گلگت بلتستان کے لوگوں نے عوامی جدوجہد کے ذریعے اپنے حقوق کی جنگ لڑکر یہ ثابت کر دیا کہ وہ اپنے آئینی حقوق کو بھی حاصل کرکے دم لیں گے 12 روز کے دھرنوں میں لاکھوں افراد کی شمولیت نے یہ ثابت کیا کہ لوگ اپنے مسائل کا حل پرامن جدوجہد کی ذریعے حاصل کر سکتے ہیں اور بندوق کی نوک پر ملک کو یرغمال بنا کر مذاکرات کے نام پر اپنے مطالبات کو منوانے والے ملک دشمن عناصر ہیں اور وہ تمام جماعتیں اور گروہ جو مطالبات کی وکالت کرتے ہیں انہیں بھی آئین ‘ پاکستان سے ماوراقدام کرنے کے جرم میں کٹہرے میں کھڑا کرنے کی ضرورت ہے پریس کانفرنس میں علامہ عبدالخالق اسدی سیکرٹری جنرل پنجاب،علامہ اصغر عسکری ترجمان پنجاب،و سیاسی کونسل مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ممبران شریک تھے۔
سید ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ ہم صحافیوں پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہیں اور کسی ایسے عمل کی تائید نہیں کرتے ہیں جس میں تحقیقات سے قبل کسی پر الزام عائد کر ے ہم آزاد ی اظہار رائے کے حامی ہیں لیکن اسکے بھی دائرہ کار اور ضابطوں کی بھی پابندی کی حمایت کرتے ہیں ۔
طالبان نواز وفاقی وصوبائی حکومت کے ایماء پر ملک طول عرض میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں کے بلا جواز گر فتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں یہ مسلم لیگ ن کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے کراچی میں جاری شیعہ نسل کشی میں وفاقی اور صوبائی حکومت برابر کے ذمہ دار ہیں کراچی آپریشن درست نتائج نہیں دے پا رہا کراچی کو دہشت گردوں اور اسلحے سے پاک کرنے کیلئے فوجی آپریشن کا مطالبہ کرتے ہیں ہم گلگت بلتستان میں سبسڈی ایشو میں عوامی ایکشن کمیٹی اور مجلس وحدت مسلمین کے احتجاجی مظاہروں کی حمایت کرنے پر ان تمام قومی جماعتوں اور سیاسی شخصیات کے شکر گزار ہیں جنہوں نے گلگت بلتستان کے عوامی جدوجہد کی حمایت کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں گرفتار ہونے والے لشکر جھنگوی کے دہشت گردوں شیعہ سنی شخصیات کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں موجودہ صوبائی گورنمنٹ کردار ادا کرے حکومت پنجاب اگر مخلص ہے تواُن دہشت گردوں کے سرپرستوں اور جن مدارس نے ان دہشت گردوں کو پناہ اور سپورٹ فراہم کرتے رہے اُن کیخلاف فوری کاروائی کی جائے تاکہ دہشت گردوں کی ان نرسریوں کا خاتمہ کر کے شہرکو خون خرابے سے بچایا جاسکے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیراہتمام گلگت بلتستان میں گندم سبسڈی کے خاتمے کیخلاف اور گلگت بلتستان میں جاری عوامی ایکشن کمیٹی کی 12 روز سے جاری عوامی دھرنوں جس میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ شریک ہیں، کی حمایت میں پریس کلب لاہور کے سامنے احتجاجی کیمپ چوتھے روز بھی جاری ہے۔ احتجاجی کیمپ میں دورے کے موقعے پر سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام گزشتہ ایک عشرے سے کھلے آسمان تلے بے حس حکمرانوں کیخلاف سراپا احتجاج ہیں، گھڑی باغ گلگت اور یادگار چوک سکردو تحریر چوک بنا ہوا ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ وہاں کے بے حس حکمران اور وفاقی حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی بے حسی عوامی احتجاج کو سول نافرمانی کی طرف لے کر جارہی ہے۔ گلگت بلتستان کے پرامن عوام کو آخر کس چیز کی سزا دی جا رہی ہے۔
علامہ عبدالخالق اسدی نے پاکستان میں کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیموں، سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار ہمدردی اور ان کے سو فیصد جائز مطالبے کی حمایت کے لئے میدان میں نکلیں اور بے حس حکمرانوں کیخلاف اُٹھنے والی اس تحریک کی حمایت کر کے سرزمین بے آئین گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار ہمدردی کریں، علاوہ ازیں مجلس وحدت مسلمین کے سیاسی کونسل نے بھی گلگت بلتستان کے موجودہ صورتحال پر غور کے لئے سیاسی کونسل کا اجلاس طلب کر لیا ہے جو کہ صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پنجاب میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی کی صدارت میں جاری ہے، کل 27 اپریل شام 5 بجے اجلاس کے اختتام پر اعلامیہ اور پریس کانفرنس کے ذریعے آیندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔