وحدت نیوز(گلگت) انقلاب مارچ کی اتحادی جماعتوں پاکستان عوامی تحریک، مجلس وحدت مسلمین پاکستان، پاکستان مسلم لیگ ق، سنی اتحاد کونسل گلگت بلتستان کے رہنماؤں کامشترکہ اجلاس ریویریا ہوٹل گلگت میں منعقد ہوا ،اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی،محمد الیاس صدیقی، غلام عباس، عارف حسین قنبری پاکستان عوامی تحریک کے اورنگزیب ایڈوکیٹ، پاکستان مسلم لیگ ق کے بشیر احمد،مرزا حسین، آمنہ انصاری ، مسرت ظفراور سنی اتحاد کونسل کے قاری ولایت نے شرکت کی۔
اتحادی جماعتوں کا یہ اجلاس ملک عزیز پاکستان کو موجودہ حکمرانوں کے ظلم وستم سے پاکستانی عوام کو آزادی دلوانے کے خاطر آزادی مارچ اور انقلاب مارچ کے نتیجے میں پیدا شدہ مخدوش حالات کے تناظر میں طلب کیا گیا ۔اجلاس میں ملک میں پیدا شدہ بحرانی کیفیت سے نکلنے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری سربراہ پاکستان عوامی تحریک کے پیش کردہ دس نکاتی ایجنڈے،جس میں گلگت بلتستان کے حقوق سرفہرست ہیں پر مکمل اتفاق کیا گیا۔


ان رہنماؤں نے اجلاس کے دوران کہا کہ 67 سالوں سے آمروں اور جمہوریت کے علمبرداروں نے پاکستانی عوام کا استحصال کیا ہے اور حقیقی جمہوریت کے ثمرات سے عوام الناس کو دور رکھا ہوا ہے۔ آئین پاکستان کی دھجیاں بکھیر دی گئی ہیں اور آئین اور جمہوریت کے نام پر پاکستانی عوام کا گلہ گھونٹ دیا گیا ہے۔ آج جب نظام بدلنے اور آئین پاکستان کی تمام شقوں پر عمل درآمد کی بات ہورہی ہے تو مفاد پرست ٹولہ کھل کرسامنے آیا ہے ۔ یہ ٹولہ انتخابات میں دھاندلی کرکے جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار پر قابض ہونا چاہتے ہیں اور موجودہ حالات میں پاکستانی عوام نظریاتی طور پر دو واضح طبقات میں منقسم ہوگئے ہیں۔ ایک طبقہ جو انقلاب اور آزادی کا خواہاں ہے جو معاشرے کا مظلوم طبقہ ہے تو دوسرا طبقہ اشراف اور امراء کا طبقہ ہے جس نے غریب عوام کی کمائی پر ہاتھ صاف کئے ہیں اور عوام کی خون پسینے کی کمائی سے بیرون ملک جائیدادیں بنالی ہیں۔
ان حالات میں ایک پاکستانی کی حیثیت سے اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کو اپنا شرعی ذمہ داری سمجھتے ہوئے انقلاب اور تبدیلی کو ناگزیر قرار دیا جاتا ہے۔موجودہ حکمرانوں کی طرز حکمرانی نے اس ملک کو تباہی کے دہانے تک پہنچادیا ہے اور آج اس ملک کے عوام کی تقدیر بدلنے کا وقت آپہنچا ہے ۔ اجلاس میں شریک رہنماؤں کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں جاری کردہ اعلامیہ کے اہم نکات ذیل میں درج کئے جاتے ہیں۔


۱۔ یہ اجلاس انقلاب مارچ کی مکمل تائید کرتا ہے اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی جانب سے پیش کردہ مطالبات سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے حکومت کو فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتا ہے۔
۲۔ یہ اجلاس ڈیڈ لائن کے ختم ہونے تک مطالبات کو تسلیم نہ کیا گیا تو پورے گلگت بلتستان کو جام کرنے کے ساتھ شاہراہ قراقرم کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بلاک کردیا جائیگا۔
۳۔ کل مورخہ 19 اگست 2014 شام 5 بجے سکوار چونگی پر دھرنہ دیا جائیگا اور شاہراہ قراقرم کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا جائیگا اور ظالم حکمرانوں خاتمے تک دھرنا جاری رہیگا۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے قومی اپوزیشن پارٹیز کو پیش کیئے گئے چاروں اضافی نکات کے تسلیم ہونےکا باقائدہ نوٹس پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے جاری کردیا گیا ہے، نوٹس پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکریٹری جنرل خرم نواز گنڈہ پور کی جانب سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری ناصر عباس شیرازی کے نام جاری گیا گیا ہے، جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مطالبات کو قومی اپوزیشن پارٹیز کے چارٹر آف ڈیمانڈ کا حصّہ بنایا گيا ہے، ناصر شیرازی نے وحدت نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اپوزیشن پارٹیز کی جانب سےاصلاحاتی ایجنڈے میں  ایم ڈبلیوایم کے اضافی اصلاحاتی نکات کی شمولیت انقلابی تحریک میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی، ایم ڈبلیوایم نے ایجنڈے میں خطہ بے آئین گلگت بلتستان کےآئینی وسیاسی حقوق کے حصول کو سر فہرست رکھا ہے جو کہ   وہاں کہ عوام کا 66سالہ پرانا مطالبہ ہے، ناصر شیرازی کے مطابق ایم ڈبلیوایم کے تسلیم شدہ چارمطالبات درج ذیل  ہیں۔

 

۱)گلگت بلتستان کو پاکستان کے مکمل آئینی صوبے کی حیثیت دے کر قومی اسمبلی اور سینٹ میں گلگت بلتستان کی مکمل نمآئندگی یقینی بنای جاۓ گی۔

۲)تکفیریت آئینی اور قانونی جرم ہے، شیعہ و سنی مسلّمہ اسلامی مکاتب فکر ميں سے کسی کی بھی تکفیر ناقابل تلافی جرم قرار دی جاۓ گی اور اس کے حسبِ ضرورت آئینی ترامیم کی جائيں گی۔

۳) عسکری دہشت گردوں، جنہوں نے وطن عزیز کے اسٹریٹجک ایسٹس، پاک فوج اور بے گناہ پاکستانی شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگے ہوۓ ہیں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف بھرپور کاروائی کی ج ضرورت ہے۔ بے لاگ احتسابی عمل کے ذریعے قاتلوں اور ان کے سرپرستوں کو قرار واقعی سزائيں دی جائيں گی۔

۴) اوقاف کے نظام میں انقلابی اصلاحات کرتے ہوۓ اس کے 2 الگ شعبہ قائم کیے جائیں گے۔ 1۔ شعبہ اوقاف اہلِ سنت 2۔ شعبہ اوقافِ اہل تشیع ان دونوں شعبہ جات کی گورننگ باڈی ميں ان مکاتب فکر کی نمائندہ جماعتوں کی بھرپور نمائندگی یقینی بنائی جاۓ گی۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے حکمرانوں کیخلاف عوامی جدوجہد کیلئے فیصلہ کن عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں کمیٹیوں کا قیام مرکزی مانیٹرنگ سیل سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی کی نگرانی میں اسلام آباد میں قائم کر دیا گیا ہے جبکہ صوبائی کمیٹیوں کی نگرانی صوبائی سیکرٹری جنرلز اور پولیٹیکل سیکرٹریز کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار عوامی رابطہ مہم کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کے ورکرز گھر گھر رابطہ مہم کا آغاز کریں گے جس کے ذریعے مہنگائی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ اور بدامنی سے ستائے عوام کو ان غیر آئینی اور دھاندلی کے ذریعے اقتدار پر قابض حکمرانوں کیخلاف جدو جہد کے لئے پیغام پہنچائیں گے۔ سید ناصر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں، حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا اندازہ ان کے وزراء کے بیانات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔

 

سید ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ ہم کسی ایک صوبہ یا کچھ اضلاع سے نہیں بلکہ پاکستان بھر سے نکلیں گے، سیاچن کی گلیشئر سے لے کر کراچی اور گوادر کی ساحل تک ہمارے کارکنان سڑکوں پر ہونگے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ افواج پاکستان عوام اور ملک کے محافظ ہیں، حکمران اپنے ناجائز اقتدار کی تحفظ کیلئے فوج کو استعمال کرنے میں کامیاب نہیں ہونگے، پرامن عوامی احتجاج کے راستے میں رکاوٹ ڈالی گئی تو ملک بھر کے شاہراہوں اور چوراہوں پر دھرنے دینگے۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی، سیکرٹری جنرل سندھ علامہ مختار امامی، سیکرٹری جنرل خیبر پختونخواہ علامہ سبطین کاظمی، سیکرٹری جنرل بلوچستان علامہ مقصود ڈومکی، سیکرٹری جنرل آزاد جموں کشمیر علامہ تصور جوادی، سیکرٹری جنرل گلگت بلتستان علامہ نیئر مصطفوی نے شرکت کی۔

وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کے اپیل پر راولپنڈی، لاہور، پشاور، کوئٹہ ، ملتان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے ساٹھ سے زائد شہروں میں غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کیخلاف اور فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کیے گئے۔ اس موقع پر مظاہرین نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے اور اسرائیلی پرچموں کو نذر آتش کیا۔ لاہور پریس کلب پر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ اسرائیلی مظالم پر عرب حکمرانوں کی خاموشی اور مغربی ممالک کی حمایت در اصل صہیونی ایجنڈے کا حصہ ہے آج غزہ میں مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموش رہنے اسلامی ممالک دراصل امریکہ کے اشاروں پر خاموش ہیں ۔سید اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ مظلوم فلسطنیوں اور غزہ کے شہداء سے اظہار یکجہتی کے لئے حکومت یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء،سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اس یوم القدس کے جلوس میں شرکت کرکے اسلام دشمنوں کے نا پاک عزائم کو بے نقاب کریں۔



راولپنڈی میں لیاقت باغ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کی۔ اس موقع پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری، راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل سعید رضوی اور دیگر رہنما ء بھی موجود تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسد ی نے کہا کہ غزہ کے ایشو پر عالم اسلام اور بالخصوص عرب ممالک کی خاموشی قابل مذمت اور قابل افسوس ہے۔ ابتک صیہونی فوج کی کارروائیوں میں پانچ سو سے زائد مظلوم فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ امام خمینی کے حکم پر جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس منایا جائیگا اور ملک گیر عظیم الشان ریلیاں نکالی جائیں گی۔ علامہ عبدالخاق اسدی نے دو روز قبل ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر نقوی سمیت دو محافظ اور ایک ڈرائیور کے آغوا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے چاروں کارکنان کو راولپنڈی پولیس نے اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی مخالفت کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اگر کارکنوں کو رہا نہ کیا گیا پنجاب حکومت کے خلاف راست اقدام اٹھائیں گے۔ مظاہرے کے اختتام پرامریکہ اور اسرائیل کاپرچم بھی نذر آتش کیا گیا۔

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے صوبائی ترجمان الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کیلئے نرم گوشہ رکھنے والی بعض سیاسی جماعتیں اور رہنماء دیامر میں انتہا پسندوں کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن کی مخالفت کر کے علاقے کو وزیرستان بنانا چاہتی ہیں۔ اگر آج دیامر میں دہشت گردوں کا قلع قمع نہ کیا گیا تو کل دیامر کے عوام کی وہی حالت ہوگی جو آج وزیر ستان کے عوام کو درپیش ہے اور بعض سیاسی رہنما چند دہشت گردوں کو فائدہ دینے کیلئے دیامر کے پورے عوام کے ساتھ دشمنی نبھا رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی دیامر میں آپریشن کی مخالفت سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائیوں نے دیامر کو پوری دنیا میں بدنام کر دیا ہے۔ مسلم لیگ ن بتائے کہ کیا سانحہ کوہستان، لولوسر، گونر فارم اور ننگا پربت پر غیر ملکی کوہ پیمائوں کا قتل عام معصوم عوام نے کیا ہے۔؟ ٹارگیٹڈ آپریشن کی مخالفت دراصل دیامر کے عوام کے ساتھ کھلی دشمنی ہے جبکہ دیامر کے پرامن عوام، سیاسی و مذہبی رہنماء آپریشن کی مکمل حمایت کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے گلگت بلتستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جائے تاکہ ان دہشت گردوں کو علاقے میں منظم ہونے کا موقع نہ مل سکے۔ وزیرستان آپریشن سے بچنے کی خاطر دہشت گردوں نے ملک کے دیگر علاقوں کا رخ کر لیا ہے اور گلگت بلتستان میں بھی ان دہشت گردوں کے داخلے کے خطرات موجود ہیں، صوبائی حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی فول پروف انتظامات نظر نہیں آ رہے ہیں۔

وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ زاہد حسین زاہدی نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ چلاس میں پولیس تھانے پر مسلح حملہ ایک عظیم طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے اور اس واقعے کے بعد گلگت بلتستان میں دہشت گردی کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے سکیورٹی ادارے خواب غفلت سے بیدار ہوجائیں، بالخصوص خفیہ ادارے شاہراہ قراقرم سمیت تمام اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر کڑی نظر رکھیں۔ ملک کے دیگر حصوں کی طرح دہشت گرد اپنا ردعمل گلگت بلتستان میں بھی دکھا سکتے ہیں، جسکا گلگت بلتستان متحمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلتستان انتظامیہ کےسکیورٹی کے حوالے سے اقدامات نہ ہونے کے برابر اور دہشت گردوں کا خیر مقدم کرنے کی مانند ہیں۔ انہیں نہ آپریشن کی فکر ہے اور سکیورٹی خطرات کی، بلکہ وہ بلتستان کے امن کو تباہ کرنے کے لیے در پردہ مصروف عمل ہیں۔ اسوقت بلتستان کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر کڑی نگرانی کی ضرورت ہے، یہاں کی سکیورٹی اقدامات اطمینان بخش نہیں۔ اگر بلتستان میں کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو صوبائی حکومت سمیت بلتستان انتظامیہ کی سستی اور غفلت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے سلسلے میں ہم پاکستان آرمی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور متاثرین آپریشن کی امداد کے لئے بڑی سطح پر مہم کا آغاز کیا جائے گا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree