وحدت نیوز(کراچی) وفاق اور گلگت بلتستان کی حکومت نے عوام کا معاشی قتل کرنے کی کوشش کی ہے، مہدی شاہ کی حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، جنت نظیر خطہ گلگت بلتستان کی عوام تنہا نہیں بلکہ پورے پاکستان کی عوام ان کے ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی، گلگت بلتستان یوتھ کے رہنماوں صداقت علی اشتر اور مظاہر حسین نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے کا انعقاد گلگت بلتستان یوتھ کی جانب سے کیا گیا تھا۔ احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں کی تعداد میں طلباء نے شرکت کی اور گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

 

اپنے خطاب میں رہنماوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام نے تاریخی دھرنا دے کر ملک بھر کی عوام کے لئے ایک مثال قائم کی ہے اور یہ سکھایا ہے کہ اپنے حقوق کے حصول کے لئے کس طرح سے پرامن جدوجہد کی جاتی ہے، گلگت بلتستان کی عوام کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے اپنی استقامت کے ذریعے ظالم حکومت کو گھٹنے پر مجبور کردیا ہے۔ رہنماوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ عوام کے حقوق کو غصب کرنے اور کرپشن کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے مہدی شاہ کی حکومت کو فی الفور برطرف کیا جائے۔

وحدت نیوز(صحبت پور) مجلس وحدت مسلمین ضلع صحبت پور کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت سیکرٹری جنرل غلام حسین شیخ ،سیکرٹری عذاداری سید عارف حسین شاہ ،سیکرٹری سیاسی امور سید نیاز حسین شاہ نے کی۔احتجاجی مظاہرے میں دیگر عہدیداران اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے کا مقصد گلگت بلتستان کی عوام کے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے کی گئی تھی۔ مظاہرین نے 1999اور2000میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق گندم کی سبسڈی کو بحال کرنے کے نعرے لگائے اور اسرائیل اور امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ تھے جن پر گلگت بلتستان کے حق میں نعرے درج تھے ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام کے مسائل حل نہ کیے گئے تو ہم احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے اور ملک گیر احتجاج کریں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کل گلگت بلتستان جائیگی جہاں وہ اتوار کے روزعوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندوں سے ملاقات کریگی۔ یہ بات کمیٹی کے سربراہ افراسیاب خٹک نے مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ افراسیاب خٹک کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی کمیٹی ہفتہ کو سکردو کیلئے روانہ ہوگی اور اتوار کو عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندوں سے ملاقات کریگی۔ انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کے رکن مشاہد حسین سید، نسرین جلیل اور دیگر ارکان بھی ساتھ جائیں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کمیٹی اسکردو سے واپسی پر گلگت بلتستان کے ایشو کو ناصرف سینیٹ میں اٹھائے گی بلکہ قومی اسمبلی میں بھی ان کی آواز کو بلند کیا جائیگا۔ اس سے قبل ناصر عباس شیرازی نے کمیٹی کے رکن و مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید سے ٹیلی فون پر بات کی۔ مشاہد حسین نے ناصر عباس شیرازی کی یقین دہانی کرائی کہ کمیٹی گلگت بلتستان کے عوام کی آواز کو دبنے نہیں دیگی۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحد ت مسلمین کی جا نب سے جمعہ کے روز بعد نماز گلگت بلتستان کے عوام کے سا تھ اظہار یکجہتی کیلئے احتجا جی مظا ہرہ کیا گیا مظا ہرے سے خطا ب کر تے ہوئے علامہ سید ہا شم مو سوی نے کہا کہ حکومت کا رویہ وہاں کے عوام کے سا تھ انتہائی افسو س نا ک ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے 1947 میں ڈوگراں راج سے اپنے زوربازوپرآزادی حاصل کرنے کے بعدرضاکارانہ اورغیرمشروط طورپرپاکستان کے ساتھ الحاق کا اعلان کیا گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی اورآئینی حقوق سے محروم رکھنے کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت کے کارندے طرح طرح سے گلگت بلتستان کے عوام کا استحصال کررہے ہیں۔عملاً گلگت بلتستان کے عوام دوسرے درجے کے شہری کی حیثیت سے زندگی بسرکررہے ہیں۔ جہاں تک گلگت بلتستان کوصوبے کا درجہ دیئے جانے کاتعلق ہے تویہ یہاں کے عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔ گلگت بلتستان کاوزیراعلیٰ برائے نام ہے تمام اہم اختیارات چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کے پاس ہے جو وفاق کا نمائندہ ہے۔

 

گلگت بلتستان کے عوام گزشتہ دو ماہ سے گندم کی سبسڈی کے خاتمے سے آٹے کی قیمت میں ناقابل برداشت اضافے پر مسلسل احتجاج کررہے ہیں اور15 اپریل سے پوراگلگت بلتستان عملاً جام ہے۔ہرطرح کا کاروبار زندگی معطل ہے۔850 روپے آٹے کا تھیلا 1800 روپے میں فروخت ہورہاہے۔گلگت بلتستان سرزمین بے آئین ہے۔عوام آئینی، عدالتی اوربنیادی حقوق سے محروم ہیں۔بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے عوام کاجینامحال ہوچکاہے۔اور اب گندم پرسبسڈی کے خاتمے نے جلتی پرتیل کاکام کیا ہے۔ وفاقی حکومت کا اقدام ظالمانہ، انسان کُش اور عوام دشمنی پر مبنی ہے۔ احتجاج ، ہڑتال ،جلسے جلوس اوردھرنے جمہوری دورمیں عوام کا بنیادی حق ہے۔ جسے کوئی نہیں چھین سکتا۔ہم 15 اپریل سے جاری گلگت بلتستان کے عوام کی گندم سبسڈی کے خلاف جاری احتجاج اوردھرنوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔گلگت بلتستان کی نام نہاد اوربے اختیارانتظامیہ عوامی دھرنوں اورجلسے جلوسوں سے بوکھلاہٹ کا شکارہوچکی ہے اوراوچھے ہتھکنڈوں پر اُترآئی ہے۔اورمعصوم عوام کو ہراساں کررہی ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔گلگت بلتستان میں اشیائے خوردونوش خصوصاً گندم، تیل اورچینی پروفاقی حکومت کی جانب سے سبسڈی ختم کرنے کی شدیدترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ گندم جیسی بنیادی ضرورت کی اشیاء پرسبسڈی کوختم کرناظالمانہ اقدام اورپسماندہ اورغریب عوام کے منہ سے روٹی چھیننے کے مترادف ہے۔ حکمرانوں کے اس عوام دشمن اقدام کی بھرپورمذمت کرتے ہیں۔ اورمطالبہ کرتے ہیں کہ گندم سبسڈی فوری بحال کی جائے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہمیں گلگت بلتستان کے عوام سے دلی ہمدردی ہے۔وزیراعظم نوازشریف، وفاقی وزیربرائے کشمیرافیئراورگلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہرسے مطالبہ کرتے ہیں کہ عوام میں بڑھنے والی بے چینی اوراضطراب کو ختم کرنے کے لئے اشیائے خوردونوش اوردیگرضرورت کی اشیاء پرفی الفور سبسڈی بحال کی جائے۔اورعوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔

 

بیان میں سکول کے طالبعلم حسنین عباس جسے کل بروز جمعہ قلندر مکان کے قریب سے اغوا کیا گیا تھا ، کو حکومت ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نا اہلی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا گیا کہ دن کی روشنی میں طالبعلم کے اغوا کا واقعہ حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے جسکی ہم بھر پور مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزیر داخلہ کے سخت ایکشن کا مطالبہ کرتے ہیں۔

وحدت نیوز(لاہور)گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور پریس کلب کے سامنے مجلس وحدت مسلمین کے کیمپ میں پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری تربیت علامہ احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات  سید ناصر عباس شیرازی نے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے لاکھوں عوام اپنے حق کے حصول کیلئے گزشتہ دس روز سے مسلسل روڈ پر ہیں، جو احتجاجی تحریک میں ایک ریکارڈ ہے۔ ہم ان کی استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے لیکر آج تک ہماری حکومتوں نے اس خطے کے عوام کے حقوق غصب کر رکھے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ نااہل و کرپٹ حکمرانوں نے گندم پر سبسڈی ختم کر کے اپنی سیاسی موت کے پروانے پر دستخط کر دیئے ہیں۔

 

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے سمندر کے سامنے موجودہ حکمران مکڑی کے جالے سے بھی کمزور ثابت ہونگے اور عوام کی تاریخی جدوجہد کامیابی پر منتج ہو گی۔ علاوہ ازیں پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے گلگت بلتستان میں جاری تاریخی عوامی دھرنوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس خطے کے عوام اب بیدار ہو چکے ہیں، ان کے حقوق پر اب کوئی ڈاکہ نہیں ڈال سکتا، پاکستان عوامی تحریک دامے، درہمے سخنے گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ تین دن سے مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام گلگت بلتستان میں جاری عوامی ایکشن کمیٹی کے دھرنوں کی حمایت میں احتجاجی کیمپ جاری ہے۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع جیکب آباد کی جانب سے ضلعی جنرل سیکرٹری حسن رضا غدیری، شاہد حسین جوادی، محمد ابراہیم، ندیم ڈومکی، فیاض احمد کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سامنے گلگت بلتستان میں گندم پر سبسڈی کے خاتمے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے بعد علامتی بھوک ہڑتال کی گئی۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز بھی تھے۔ اس موقع پر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے محب وطن عوام بھوک و بد حالی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ جبکہ ہمارے حکمران دہشت گردوں سے مذاکرات میں مصروف ہیں، جو قابل تشویش ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے مطالبات فوری طور پر تسلیم کئے جائیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree