وحدت نیوز(لاڑکانہ) گلگت بلتستان میں وفاقی وصوبائی حکومت کی نااہلی اور مہنگائی ، لوڈشیڈنگ میں ہو شربہ اضافے اور گندم پر دی جانے والی سبسڈی کے خاتمے کے خلاف علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر لاڑکانہ میں بعد نماز جمعہ ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد و امام بارگاہ جعفریہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی سیکریٹری جنرل طارق حسین بدوی نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنا حکمرانوں کی فرعونیت کی عکاسی کرتا ہے، مہنگائی ، لوڈشیڈنگ،کرپشن اور گندم کی آسمان سے باتیں کر تی قیمتوں نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، مہدی شاہ گلگت بلتستان کے نااہل ترین وزیر اعلیٰ ثابت ہوئے ہیں ، جو کہ آج تک اپنے صوبے کے عوام کے مسائل سے حل کے لئے ایک قدم بھی نہ اٹھا سکے۔ طارق بدوی نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو جلد از جلد تسلیم نہ کیا تو مجلس وحدت مسلمین ملک بھر میں احتجاج کا دائرہ کار بڑھا دے گی۔واضح رہے کہ لاڑکانہ کی تحصیل رتوڈیرو اور ڈوکری میں بھی اہلیان گلگت بلتستان سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاج کیا گیا۔

وحدت نیوز(ٹنڈو محمد خان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع ٹنڈومحمد خان کے زیر اہتمام علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر گلگت بلتستان میں گندم پر سبسڈی کے خاتمے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ضلعی سیکریٹری جنرل محب علی بھٹو نے کی ، جب کہ صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل عالم کربلائی اور صوبائی سیکریٹری تنظیم سازی یعقوب حسینی نے خصوصی شرکت کی،ریلی میں  شریک بڑی تعداد میں مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر گلگت بلتستان کے محروم عوام سے اظہار یکجہتی اور وفاقی اور صوبائی کے استحصالی رویئے کے خلاف نعرے درج تھے،ریلی شہر کے گشت کر تے ہوئے پریس کلب پہنچی تو مظاہرین تین روزہ علامتی بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے ، اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے مقررین نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ وفاقی اور صوبائی حکومت کا سوتیلی ماں جیسا سلوک انتہائی افسوس ناک ہے، عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنازیادتی ہے، عوامی ایکشن  کمیٹی گلگت بلتستان کی جانب سے پیش کردہ چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کی بھر پور تائید کرتے ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریڑی تبلیغات علامہ اعجاز بہشتی نے وحدت سیکریٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں چار روز سے دھرنا جاری ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو تسلیم کریں اورگندم سبسڈی کو بحال کریں۔گلگت بلتستان کے غیور اور محب وطن عوام چارر روز سے اپنے جائز حقوق کے لئے پُر امن دھرنا جاری رکھا ہوا ہے جو کہ گلگت بلتستان کا تاریخی دھرنا ہے حکومت کو چاہیے کہ عوام کے صبر کا امتحان نہ لیں اور مطالبات کو فوری تسلیم کریں۔ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے آئینی حقوق سے محروم ہونے کے باوجود ہر مشکل وقت میں وطن عزیز کے لئے قربانیاں دی ہے اور گلگت بلتستان کے جوانان پاکستان کے ہر محاز پر دشمن سے نبرد آزما ہے مگر افسوس کہ حکومت پاکستان نے چار روز گزنے کے باوجود گلگت بلتستان کے عوام کے جائز اور آئینی حقوق کو تسلیم نہیں کیا۔

 

علامہ اعجاز حسین بہشتی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے حوصلے کے ٹو کے مانند بلند اور پُر عزم ہے وہ اپنے جائز مطالبات کے تسلیم ہونے تک میدان میں رہینگے ۔حکومت پاکستان نے ہمیشہ گلگت بلتستان کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا ہے گلگت بلتستان کے پاکستان سے الحاق ہوئے ۶۶ سال گزر چکے ہیں مگر ابھی تک آئینی حقوق سے محروم ہے اب نوبت یہاں تک آگئی ہے کہ عوام سے اُس کے بنیادی حقوق بھی غصب کیئے جارہے ہیں جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان جغرافیائی طور پر نہایت اہم خطہ ہے اور یہ پاک چین رابطے کا واحد زمینی راستہ بھی ہے جو چار روز سے دھرنےکے باعث بند ہے ۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی گلگت بلتستان کی عوام کی حمایت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لیے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدارحسین نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، سید دلاور عباس زیدی، مرزا وجاہت علی اور دیگر نے کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈزاُٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم ملتان کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھاکہ گلگت بلتستان کا کرپٹ وزیراعلی عوام کے غیض وغضب سے ڈرے اگر عوام کے حقوق نہ مانے گئے تو اس کی حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے ہم احتجاج کرتے رہیں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصرعباس شیرازی ایڈووکیٹ نے گلگت بلتستان گندم سبسڈی ایشو اور گلگت بلتستان میں 3 دن سے جاری مکمل شٹرڈاوُن ہڑتال اور دھرنوں کی صورت حال پر مختلف قومی جماعتوں کے رہنماوُں سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما لیاقت بلوچ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری، پاکستان عوامی تحریک کے ناظم خرم نوازگنڈا پور اور ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار سے گلگت بلتستان میں جاری عوامی احتجاج پر تفصیلی گفتگو کی۔ پاکستان کی قومی جماعتوں کے رہنماوُں نےناصر شیرازی سے گلگت بلتستان عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی پرامن جدوجہد میں ہم ان کے ساتھ ہیں، ساتھ ہی یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ جمعہ کے روز ایک بھر پور پریس کانفرنس کی جائے گی جس میں قومی جماعتوں کے رہنما شریک ہو کر گلگت بلتستان کے عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کریں گے۔

وحدت نیوز(بلتستان) گلگت بلتستان میں گندم سبسڈی تحریک اور دیگر عوامی مطالبات پر مشتمل چارٹر آف ڈیمانڈ پر تیسرے روز بھی عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر احتجاجی دھرنے جاری ہیں۔ بدھ کے روز صوبائی حکومت بالخصوص وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کی دعوت پر عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندہ وفد نے مذاکرات کیلئے سی ایم ہاوس کا دورہ کیا وفد میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنما بھی شامل تھے اور دن بھر طویل مذاکرات جاری رہے۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران صوبائی حکومت نے بہت سے مطالبات منظور بھی کر لئے، تاہم عوامی ایکشن کمیٹی کے راہنماوں نے تمام مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اور یوں مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے۔ بعدازاں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کے راہنماوں کا کہنا ہے کہ چارٹر آف ڈیمانڈ پر مکمل عمل درآمد تک احتجاجی دھرنے جاری رہینگے۔

 

دوسری جانب بلتستان بھر میں دھرنوں میں شدت آنے لگی ہے۔ آج صبح سے ہی تمام سڑکیں بند رہیں، تعلیمی ادارے، بینک، تجارتی مراکز اور عدالتیں مکمل طور پر بند ہیں۔ اس سلسلے میں یادگار شہداء اسکردو میں موجود دھرنے میں نواحی علاقوں سے ہزاروں افراد پر مشتمل قافلوں کی آمد شروع ہوگئی ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ تمام مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے۔ واضح رہے کہ حالیہ دھرنا بلتستان کی تاریخ کا طویل ترین دھرنا ہے اور افراد کی شرکت غیر معمولی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree