وحدت نیوز(گلگت) معروف قانون دان سید ریاض حسین کاظمی سابق سیکرٹری فنانس ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن گلگت بلتستان نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کردیا۔اس بات کا اعلان انہوں نے ڈویژنل آفس وحدت ہائوس گلگت میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت ڈویژن کے سیکرٹری جنرل شیخ محمد بلال سمائری سے ملاقات کے موقع پر کیا ، اس موقع پر ایم ڈبلیوا یم کے رہنما غلام عباس ، سعیدالحسنین اور عارف قنبری بھی موجود تھے ۔ ریاض حسین کاظمی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ملت مظلوم پاکستان خصوصاًوادی گلگت کے عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے ایم ڈبلیو ایم کی قیادت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں ، ایم ڈبلیو ایم عوامی مسائل کے حل کے لئے جو خدمات انجام دے رہی ہے وہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے لئے قابل تقلید ہیں ، میری خواہش ہے کہ ملک و قوم کی خدمت مجلس وحدت کے پلیٹ فارم سے کروں ۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت ڈویژن نے گلگت بلتستان کے عوام کو گندم پر دی جانیوالی سبسڈی کی بحالی کیلئے پورے گلگت بلتستان میں احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ گلگت ڈویژن نے سیکرٹری جنرل علامہ محمد بلال سمائری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی طاقت سے حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے۔ یہ علاقہ انتہائی پسماندہ علاقہ ہے اور یہاں کے باشندے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزاررہے ہیں ۔ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے اور اب سبسڈی کے خاتمے سے غریب عوام کے گھروں کے چولہے بجھ جائیں گے۔لہٰذا حکومت ہوش کے ناخن لے اور سبسڈی کو بحال کرے ورنہ پھر احتجاجی تحریک کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہے۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا شیخ نیئرعباس مصطفوی نے اپنے ایک بیان میں طالبان سے مذاکرات کے حکومتی فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ملکی آئین کو تسلیم نہ کرنے اور ہزاروں بیگناہ و معصوم پاکستانی عوام کے خون سے ہولی کھیلنے والے دہشت گردوں سے مذاکرات درحقیقت شہداء کے خون سے غداری اور ملک میں طالبان کی فکر کو پروان چڑھانے کے مترادف ہے۔ انکا مزید کہنا ہے کہ مذاکرات کے نام پر دہشت گردوں اور انکے سرپرستوں کی حوصلہ افزائی اور محب وطن پاکستان شیعہ و سنی عوام کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے جو استحکام پاکستان کیخلاف سوچی سمجھی سازش ہے۔
وحدت نیوز(بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں گندم کی سبسڈی اٹھا کر عوام سے جینے کا حق بھی چھین رہی ہے، گلگت بلتستان میں گندم کی سبسڈی اٹھانا غریب عوام پر ڈرون حملے کے مترادف ہے۔ مسلم لیگ کے دلربا نعرے اور جاذب پالیسیاں مبنی برحقیقت نہیں۔ غریب عوام کو سہولت فراہم کرنے بجائے انہیں بند گلی میں لے جایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساٹھ سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے بعد گلگت بلتستان کے عوام پر واحد احسان اور وطن سے بےلوث عقیدت و محبت کا صلہ گندم سبسڈی کی صورت میں تھی اسے بھی اٹھانے کی تیاریاں اور قیمیتں بڑھانا لمحہ فکریہ ہے۔ گندم سبسڈی کے حوالے سے بلتستان میں بھرپور آواز بلند کیجائے گی اور نام نہاد سیاسی رہنماوں کو عوامی طاقت کے ذریعے واضح کر دیں گے کہ کس طرح حقوق حاصل کیے جاتے ہیں اور آئندہ کسی سیاسی مداری کو عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔
آغا علی رضوی نے کہا عوام نے ووٹ دے کر سیاسی نمائندوں کو اس لیے منتخب کیا تھا تاکہ وہ عوام کو سہولیات فراہم کریں اور اسمبلی میں عوامی حقوق کی جنگ لڑیں، لیکن انہوں نے ہر وہ اقدام اٹھائے جس سے غریب عوام کی زندگی اجیرن ہو جائے۔ گلگت بلتستان میں ٹیکس کا نفاذ، گندم سبسڈی کو اٹھانا، اقربا پروری اور فلاحی و ترقیاتی پروگراموں میں خردبرد گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ خیانت ہے۔ عوام کو مشکلات، مسائل، مہنگائی، بیروزگاری میں دھکیلنے والوں کو حق نہیں کہ عوامی نمائندگی کے دعوے کریں۔
وحدت نیوز (گلگت) گلگت بلتستان جیسے ہارڈ ایریا میں کام کرنے والے ڈاکٹرز کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرکے علاقے کے پریشان حال عوام پر رحم کیا جائے۔ حکومت گلگت بلتستان کی طرف سے ڈاکٹرز کے ہڑتال کا نوٹس نہ لینا اور ان کے جائز مطالبات کو تسلیم نہ کرنا اس علاقے کے عوام کے ساتھ انتہائی زیادتی ہے۔ موجودہ حکومت اپنی عیاشیوں پر تو اربوں روپے خرچ کررہی ہے لیکن عوام کے بنیادی مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔بیورکریٹس پہلے سے ہی 80 فیصد الاؤنسز سے لطف اندوز ہیں جبکہ مقامی ملازمین خاص کر قیمتی انسانوں کی زندگی کو بچانے والوں کو جائز مراعات سے محروم رکھنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئرعباس مصطفوی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ڈاکٹروں سے ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں ڈاکٹرز کو مراعات نہ ملنے کی وجہ سے اپنی تعلیم مکمل کرنے والے ڈاکٹرز اس علاقے میں اپنی خدمات سرانجام دینے سے کترارہے ہیں۔ بیشتر قابل اور ہونہار ڈاکٹرز مراعات کی عدم فراہمی کی وجہ سے علاقہ چھوڑ چکے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کے غریب عوام پر رحم کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں۔
وحدت نیوز(گلگت) ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی ہفتہ وحدت مسلمین نہایت عقیدت و احترام اور روایتی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے۔ گلگت شہر میں ہفتہ وحدت کے حوالے سے سنی اتحاد کونسل اور ایم ڈبلیو ایم گلگت ڈویژن کے زیراہتمام ایک مقامی اسکول میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں شیعہ و سنی علماء کے علاوہ سینکٹروں کی تعداد میں تمام مکاتب فکر افراد نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ منظور قادری اور مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا شیخ نیئر مصطفوی نے اپنے خطاب میں اتحاد بین المسلمین کے فروغ اور امن کے پیغام کو معاشرے میں پھیلانے کیلئے ملکر جدوجہد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ تقریب میں مختلف نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت (ص) میں عقیدت کے پھول بھی نچھاور کئے۔