وحدت نیوز(نجف اشرف) مجلس وحدت مسلمین نجف اشرف کے سیکرٹری جنرل علامہ سید مہدی نجفی نے گلگت بلتستان میں جی بی حکومت کی جانب سے گندم پر دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی گلگت بلتستان مہدی شاہ عوام کو دیے جانے والی گندم کی بیس لاکھ بوریوں میں سے پندرہ لاکھ بوریاں گندم خود کھاگیا ہے، گلگت بلتستان کے عوام جیسے صاف شفاف لوگوں کے مزاج میں کرپشن ڈالنے والے ناسور وزیراعلی اور موجودہ وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات آئینی اور قانونی ہیں، اور یہ عوام کا حق ہے جس کو حکمرانوں نے غصب کیا ہے کئی برسوں سے وہاں کی عوام کو دوسرے آئینی اور شہری حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، علامہ سید مہدی نجفی نے کہا کہ وزیراعلی گلگت بلتستان کو واضح کردینا چاہتا ہوں کہ گندم کی سبسڈی کا خاتمہ گلگت بلتستان کے غیور عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے، حکمرانوں کی غندہ گردی کے خاتمے سے ہی عوام کی محرومی ختم ہوسکتی ہے، اُنہوں نے وزیراعلی مہدی شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دن بدن صوبے بھر میں نظام تعلیم روز بروز گرتا جارہا ہے، کرپشن بڑھتی جا رہی ہے جس کی وجہ سے عوام کے بنیادی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے۔ اگر عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبان نہ مانے گئے تو مہدی شاہ عوام کے غیظ وغضب سے نہیں بچ سکیں گے۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدارحسین نقوی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے حکم پر پورے پاکستان کی طرح ملتان میں بھی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ ملتان سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایم ڈبلیوایم کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدارحسین نقوی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی عوام کو آئینی اور قانونی حقوق سے محروم رکھنا بغاوت پر مجبورکرنے کے مترادف ہے۔اُنہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پورے پاکستان میں گلگت بلتستان کی عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کررہی ہے ۔ اگر مہدی شاہ نے اپنی ہٹ دھرمی کو نہ چھوڑا توبہت جلد بے نقاب ہو جائے گا۔
وحدت نیوز(کراچی) گندم سبسڈی کے خاتمے کے خلاف اہلیان گلگت بلتستان کے تاریخی احتجاج نے ملکی تاریخ میں ایک سنہرے باب کا اضافہ کیا ہے، ملک بھر کے عوام کو استحصالی حکومتی رویئے کے خلاف اٹھ کھڑےہو نے کا حوصلہ گلگت بلتستان کے عوام سے لینا چاہئے ، خائن حکمرانوں سے عوام کے جائز حقوق چھینے کا اصل وقت اب شروع ہو چکا ہے، عوام کمر کس لیں،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کراچی کے پولیٹیکل کونسل کے رکن اور سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی ڈاکٹر حسن جعفر رضوی نےوحدت ہاوس ملیر میں پولیٹیکل کونسل کے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی تا قراقرم حکومتی نا انصافیوں کی داستانیں بھری پڑی ہیں ، ریوینیوکی مد میں اربوں روپےعوام سے لے کر ہڑپ کر جانے والے حکمران عوام کو سستا آٹا اور مسلسل بجلی کی فراہمی میں بھی ناکام ہیں ، وفاق کی نواز حکومت اور گلگت اور سندھ کی پیپلز پارٹی حکومت عوامی مسائل کے حل میں یکسر ناکام نظر آتی ہے، گلگت بلتستان کی عوامی ایکشن کمیٹی نے عوامی حقوق کی جدوجہد میں ایک نیا باب کھولا ہے، پاکستان بھر کے مظلوم عوام کو ظلم ، استبداد اور جبر کے مقابلے میں قیام کر نے کا حوصلہ ملا ہے، گلگت بلتستان کی حکومت عوام کے جائز مطالبات کی منظوری میں مذید ہیل حجت کا مظاہرہ نہ کرے رونہ یہ احتجاج ملک گیر صورت اختیار کر جائے گا۔
انہوں نے وائس آف شہداء کے ترجمان فیصل رضا عابدی کے سینیٹ سے مستعفی ہونے کے پیپلز پارٹی کے فیصلے کو حق کی فتح قرار دیتے ہو ئے کہا کہ تاریخ نے ثابت کر دیا کہ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کا ایجنڈہ مشترک ہے ، دہشت گردی کے خلاف بلاول بھٹو اور آصف ذرداری کے بیانات عوام کے جذبات سے کھلواڑ کے سوا کچھ نہیں ، اگرپیپلز پارٹی کی قیادت اپنے بیانات کے مطابق دہشت گردی کے مخالف ہو تی تو فیصل عابدی کو طالبان کے خلاف اور شیعہ سنی وحدت کے پرچار کے جرم میں سینٹ سے مستعفی ہو نے کا مطالبہ نہ کرتی ، آصف زرداری اور نواز شریف کے درمیان ہو نے والی ملاقات کے فوری بعد فیصل عابدی سے مستعفی ہو نے کا مطالبہ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کی بیک ڈور ڈپلومیسی کا شاہکار ہے۔
وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان کی مختلف سیاسی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کے مشترکہ و نمائندہ پلیٹ فارم “عوامی ایکشن کمیٹی” جس میں مجلس وحدت مسلمین بھی شامل ہےکی اپیل پر گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں گندم پر سبسڈی کے خاتمہ کیخلاف اور 9 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر مکمل عمل درآمد کیلئے آج شٹر ڈاون ہڑتال اور احتجاجی دھرنے دیئے جا رہے ہیں۔ جی بی کی تاریخ میں ایسی کامیاب ہڑتال اور منظم احتجاج اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا، جس میں تمام مکاتب فکر کے افراد کی حمایت شامل ہے۔ اس احتجاج کی کال عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے بنیادی عوامی مسائل پر مشتمل چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد کے لیے دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کے روز ضلع گلگت، غذر، استور، دیامر، اسکردو، گھانچھے اور ضلع ہنزہ نگر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی۔ گلگت میں آج صبح سے ہی شہر کی تمام بڑی و چھوٹی مارکیٹیں بند رہیں اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی معمول سے نہایت کم رہی، جبکہ سرکاری و غیر سرکاری اداروں سمیت تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں حاضری میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ سڑکوں پر پرائیویٹ ٹرانسپورٹ بھی نہ ہونے کی برابر رہی۔ ضلع گلگت کے مضافاتی علاقوں جگلوٹ، دنیور، اوشکھنداس، جلال آباد، بارگو، شروٹ، مناور و دیگر علاقوں میں بھی مکمل ہڑتال ہے۔ اس موقع پر پاکستان کو چین سے ملانے والی شاہراہ قراقرم بھی جگہ جگہ دھرنے دیکر مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کی کال پر کہیں پر بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور ہڑتال مکمل طور پر پرامن ہے۔ گلگت شہر میں مرکزی دھرنا گھڑی باغ کے مقام پر جاری ہے۔ جہاں عوامی ایکشن کمیٹی کے راہنماوں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد مطالبات پر عمل درآمد کیلئے موجود ہیں۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے زیراہتمام گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور پریس کلب کے سامنے علامتی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جس پر گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے حق میں نعرے درج تھے مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید اسد عباس نقوی ،یوتھ آف گلگت بلتستان کے رہنماوُں ابراہیم اسدی اور انجینئر شبیر آخونزادہ نے کی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما سید اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام آج اپنے حقوق کے حصول کے جدوجہد میں عوامی ایکشن کمیٹی کے پرچم تلے جمع ہیں اور مجلس وحدت مسلمین اُن کے بھر پور حمایت کا اعلان کرتی ہے آج کا یہ علامتی احتجاج وفاقی اور گلگت بلتستان کے کٹھ پتلی کرپٹ حکومت کو متنبہ کرنے کیلئے ایک جھلک ہے اگر عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات پر عمل درآمد نہ ہوا تو ہم پاکستان سمیت دنیا بھر میں ان مظلوموں کے حق میں آواز بلند کریں گے اُن کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام بائی چانس پاکستانی نہیں بلکہ بائی چوائس پاکستانی ہے گلگت بلتستان کے عوام کا پاکستان پرانگنت احسانات ہیں یہ پاکستان سے وفا کرنے والوں کی سر زمین ہے یہاں کے عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور پاکستانی ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں اور اس ملک کے نااہل حکمرانوں کے رویے اس خطے کے عوام کو پاکستان سے دور لے کر جا رہے ہیں
مظاہرین سے گلگت بلتستان یوتھ کے رہنما ابراہیم اسدی نے بھی خطاب کیا ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام سے گندم سبسڈی کا حق چھین کر وفاق اور گلگت بلتستان کے ظالم حکمرانوں نے عوام دشمنی کی انتہا کر دی ہے ہم گلگت بلتستان میں عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کی بھر پور حمایت کرتے ہیں اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی منظوری تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔پاکستان کے ناداں حکمرانوں کو ملکی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس خطے کے عوام سے نہیں الجھنا چاہیے ہم اپنے حقوق کی بھیک مانگتے ہوئے پینسٹھ سال گذر گئے اب ہم اپنا حق چھین کر لیں گے ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دشمن طاقتیں گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق پر شب خون مارنے میں ملوث ہیں ہم ان مکروہ چہروں کو عنقریب بے نقاب کریں گے مظاہرے میں مجلس وحدت مسلمین کے کا رکنوں سمیت گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن اور گلگت بلتستان یوتھ کے زیر اہتمام ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور گلگت بلتستان میں عوام کو گندم پر دی جانے والی سبسڈی کے خاتمے پرپاکستان پیپلز پارٹی اور گلگت بلتستان حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی، احتجاج میں شریک مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر استحصالی حکومت مردہ باد، مہدی شاہ سرکار نا منظور، گندم سبسڈی بحال کرو ، گلگت بلتستان حکومت مردہ باد سمیت متعدد نعرے آویزاں تھے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی اور گلگت بلتستان یوتھ کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا مختار امامی ،کراچی کے رہنما حسن ہاشمی، عوامی ایکشن کمیٹی کراچی کے رہنما مولانا علی محمد،، اور گلگت بلتستان یوتھ کے رہنماصداقت علی اشتر کاکہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کا استحصال کیا جا رہا ہے اور انتظامیہ کی جانب سے گندم پر سبسڈی کا خاتمہ عوام کو قتل کرنے کے مترادف ہے، رہنماؤں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے حقوق کے حصول کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان ایک ایسا خطہ ہے کہ جہاں سے پورے ملک کو پانی کی فراہمی ہو رہی ہے اور اس پانی سے بجلی بن کر پورے ملک کو سپلائی کی جا رہی ہے لیکن جس سر زمین سے یہ وسائل برآمد ہو رہے ہیں اسء خطے کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں فراہم کی جانے والی گندم پر سبسڈی کے خاتمے کا اعلان حکومت کی نا اہلی اور بد فعلی اور عوام دشمن ہونے کا کھلا ثبوت ہے۔
شرکائے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اگر گلگت اور بلتستان کے عوام کے بنیادی حقوق کی فراہمی میں رکاوٹوں کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو ملک بھر میں شیعہ او ر سنی عوام مل کر گلگت بلتستان کی طرح نا ختم ہونے والے احتجاج کا آغاز کر دیں گے اور ملک بھر میں حالات کی سنگینی کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہو گی۔انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت بشمول آصف علی زرداری ، بلاول بھٹو سے مطالبہ کیا کہ وہ گلگت بلتستان کی مقامی انتظامیہ کے اس فیصلے کا نوٹس لیں بصورت دیگر ملت گلگت بلتستان کے عوام اس عوام دشمن سازش میں ان کو بھی برابر کا شریک کار سمجھیں گے۔اس موقع پر شرکاء نے مردہ باد پیپلز پارٹی اور شیم شیم کے نعرے لگائے ۔