وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی نےپریس کانفرنس میں گلگت بلتستان کے عوام کی گندم سبسڈی کے خلاف جاری احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء کربلائی رجب علی، رشید علی طوری، حاجی عمران علی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی حب الوطنی اور قربانیاں روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ دشمن کیساتھ لڑی جانیوالی جنگوں میں گلگت بلتستان کے عوام پاک فوج کا سہارا بنیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام گذشتہ دو ماہ سے گندم کی سبسڈی کے خاتمے سے آٹے کی قیمت میں ناقابل برداشت اضافے پر احتجاج کررہے ہیں۔ 15 اپریل سے پورا گلگت بلتستان جام ہے اور کاروبار زندگی معطل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم پر سبسڈی ختم ہونے کی وجہ سے 850 روپے آٹے کا تھیلہ 1800 میں خریدنے پر مجبور ہے۔ عوام آئینی عدالتی اور بنیادی حقوق سے محروم ہے۔ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے عوام کا جینا محال ہو چکا ہے اور اب گندم پر سبسڈی کے خاتمے نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف وفاقی وزیر برائے کشمیر افیئر اور گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر عوام میں پائی جانے والی بے چینی کو ختم کرنے کیلئے اشیاء خوردنوش اور دیگر ضرورت کی اشیاء پر فی الفور سبسڈی بحال کریں۔ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو مجلس وحدت مسلمین اپنی دیگر حلیف جماعتوں کیساتھ ملکر اسلام آباد کوئٹہ اور دیگر شاہراہوں میں احتجاج دھرنوں کا سلسلہ شروع کرے  گی۔

وحدت نیوز(لاہور) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کو بھی تھر بنانا چاہتی ہے گلگت بلتستان کے عوام گذشتہ 8دنوں سے کھلے آسمان تلے سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں وفاقی و صوبائی گورنمنٹ خاموش تماشائی بنے عوام کا استحصال کرنے میں مصروف ہیں ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ امتیاز کاظمی نے لاہور پریس کلب پر گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ہونے والے مظاہرئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

 اُن کا کہنا تھا کہ ہم گلگت بلتستان کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کافطری دفاع ہیں وطن دشمن قوتیں اس علاقے میں بھی بلوچستان جیسے حالات پیدا کرنے کے درپے ہیں ہم اُن ملک دشمنوں کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دینگے مظاہرے میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلبا نے بھی شرکت کی بلتستان سٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنما ساجد حسین اور شجاعت علی نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان کے محب وطن عوام کو پاکستان دشمن کہہ کر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان مہدی شاہ نے عوام کی توہین کی ہے پیپلز پارٹی کی موجودہ گلگت بلتستان کے حکومت نے سوائے کرپشن اور مہنگائی کے عوام کو کچھ نہیں دیا اب گلگت بلتستان کے عوام اپنا حق اس کرپٹ عناصر سے چھین کر لیں گی عوام اب فقط سبسڈی پر اکتفا نہیں کریگی بلکہ ان چوروں لٹیروں کو عوامی احتساب کے کٹہرے میں لا کھڑا کریں گے۔

 

گلگت بلتستان یوتھ کے رہنماوُں تحسین علی ،دیدار علی ہنزائی ،شبیر آخونزادہ اور ابراہیم اسدی نے بھی خطاب کیا اُن کا کہنا تھا گلگت بلتستان وہ بے آئین خطہ ہے جو کہ 67 سالوں سے تمام تر بنیادی حقوق سے محروم ہے یہاں تک کہ یہاں کے لوگ پاکستان کے نیشنل الیکشن میں ووٹ تک کاسٹ نہیں کر سکتے اس علاقے کے لوگ 67 سالوں سے پاکستان کے سخت ترین سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں لیکن نہ یہاں کے لوگ قومی اسمبلی کے ممبر بن سکتے ہیں اور نہ ہی سینیٹ کے ممبر بن سکتے ہیں، آخر یہ ظلم کب تک --------؟؟ اُن کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے ثارٹرڈ آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہ ہوا تو ایک نہ ختم ہونے والا بحران پیڈا ہوجائے گا جس کی ذمہ داری موجودہ وفاقی و صوبائی حکمران ہونگے

وحدت نیوز(اسلام آباد) گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے مجلس وحدت مسلمین نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے پارلیمنٹ ہاؤس ڈی چوک تک ریلی نکالی اور گندم پر سبسڈی واپس لینے کے حکومتی فیصلے کی مذمت کی۔ ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کی۔ ریلی کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان سمیت ملحقہ علاقوں میں گندم سبسڈی ختم کرکے حکومت نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ و غیر دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے۔ اس علاقے سے گندم سبسڈی کا خاتمہ وہاں کے عوام کے لیے سخت تشویش اور مشکلات کا باعث ہے اور اس مشکل میں ہم وہاں کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ جب تک حکومت انکے مطالبات مان نہیں لیتی اس وقت تک جی بی کے عوام کے شانہ بشانہ ہمارا بھرپور احتجاج جاری رہے گا۔ اہلیان گلگت بلتستان کو گذشتہ 67 سالوں سے آئینی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، جو سراسر زیادتی کے زمرے میں آتا ہے۔ حکومت کی طرف سے ایسا امتیازی سلوک قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ موجودہ حکمران تعجب انگیز ذہنیت کے مالک ہیں جو آئینی حقوق کے حصول کے لیے پُرامن جدوجہد کرنے والے افراد کو شرپسند کا نام دیتے ہیں جبکہ دوسری طرف 60 ہزار افراد کے قاتلوں کو امن دوست سمجھتے ہوئے مذاکرات کے لیے بےچین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ دونوں جماعتوں نے گلگت بلتستان میں استحصال کی لاتعداد مثالیں رقم کی ہیں۔ انہیں سفری سہولیات میں دشواریاں ہیں، ان کا آئینی حق تسلیم کرنے سے ہمیشہ انکار کیا جاتا رہا۔ اس سے بڑھ کر اور کیا ستم ظریفی ہوگی کہ معدنی وسائل سے مالا مال اس سرزمین پر بسنے والوں کو اپنے ہی وسائل استعمال کرنے کی اجازت نہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملک کے ہر صوبے میں الگ الگ اصول وضع کر رکھے ہیں۔

 

دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے کہا کہ حکومت کی غیر سنجیدہ اور ناقص پالیسیوں نے ملک کو بدامنی کا شکار کر دیا ہے، کسی کی جان و مال محفوظ نہیں۔ انہوں نے نامور صحافی حامد میر پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم حملے میں ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ ہمیں قومی اداروں کو بھی مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ کسی کو یہ اجازت نہیں ہونی چاہیے کہ وہ ملکی سلامتی کے اداروں کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنائے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کا استحکام ریاستی و حکومتی اداروں اور عوام کی مضبوطی سے مشروط ہے۔ ہم نے مل کر وطن عزیز کو مضبوط بنانا ہے۔ دہشت گردوں اور ملک دشمن عناصر کی اس ملک میں کوئی جگہ نہیں۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے جائز مطالبات کا حل نہ ہونا، حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان میں غریب عوام کو اشیائے خورد و نوش پر سبسڈی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئے دن پیٹرول سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں‌ اضافہ موجودہ حکومت کی عوام دشمن پالیسی کی عکاسی کرتی ہیں۔ جمہوری حکومت کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ عوام کو بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کی محب وطن عوام گذشتہ تین دنوں سے گندم پر سبسڈی ختم کرنے کیخلاف دھرنا دیئے بیٹھے ہیں، لیکن حکومت کی جانب سے کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ بہترین سیاحتی ثقافت کا حامل یہ علاقہ وطن عزیز کی کئی مشکلات کو حل کر سکتا ہے۔

 

 امام جمعہ کوئٹہ کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے یہ سرزمین بے آئین آج بھی بنیادی حقوق سے محروم ہے۔ نہ یہاں کوئی کشمیر طرز پر آزاد پارلیمان ہے، نہ دیگر صوبوں کی طرح ایک مکمل صوبے کے اختیارات۔ حد تو یہ ہے کہ قبائلی علاقہ جات کو پارلیمنٹ میں حاصل نمائندگی کے جیسا حق بھی اس خطے کے عوام کو حاصل نہیں ہے۔ ستم بالائے ستم یہ ہے کہ گلگت بلتستان کے محروم عوام کو چار دہائیوں سے حاصل گندم کی سبسڈی کے حق کو بھی واپس لینے کا اعلان کردیا گیا ہے، جو سراسر ناانصافی اور ظلم کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گلگت بلتستان کے عوام کے مطالبے کو نہیں مانا گیا تو کوئٹہ میں بھی بھرپور دھرنا دیا جائے گا۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصرعباس شیرازی نے ایم ڈبلیوایم پنجاب سیکریٹریٹ میں علامہ سید شفقت شیرازی، علامہ ابوذر مہدوی،علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ اقبال کامرانی، علامہ امتیاز کاظمی اور علامہ حسن رضا کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام سے روٹی کا نوالہ چھینا جا رہا ہے، گلگت بلتستان کے عوام کا احتجاج اور دھرنا جاری ہے، لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی، اس لئے مجلس وحدت مسلمین نے فیصلہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے ملک گیر مظاہرے کئے جائیں، تاکہ بے حس حکمرانوں تک گلگت بلتستان کے مظلوم عوام کی آواز پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر گندم کی سبسڈی بحال کرے۔ حکومت کی عوام دشمنی افسوسناک ہے اور گلگت بلتستان کے عوام کو پاکستان سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے۔

 

سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے اپنی خوشی سے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا تھا اور وہ پاکستان کے شہری ہیں، لیکن حکومت نے اس سرزمین کو جہاں بے آئین رکھ کر ان کا استحصال کیا، وہیں اب گندم کی سبسڈی ختم کرکے وہاں بغاوت پھیلانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا حکمران اس بات سے لاعلم ہیں کہ ان کے اس فیصلے کے کتنے بھیانک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ آئی ایم ایف کا ایجنڈا ہے، جس کے تحت گلگت بلتستان کے عوام کو بھوک و افلاس کا شکار کرکے انہیں بغاوت پر اکسایا جا رہا ہے، تاکہ وہاں بدامنی پیدا ہو اور پاک چین دوستی متاثر ہو، رہنمائوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ملک گیر مظاہرے کرے گی اور ان میں گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان، گلگت بلتستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ نیئرعباس مصطفوی نےاحتجاجی دھرنے کے شرکاءسے پانچویں روزخطاب کرتے ہوئے  کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے طول و عرض میں گذشتہ چار دن سے جاری فقید المثال اور منظم احتجاجی دھرنوں نے کرپٹ اور نااہل صوبائی حکومت اور مہدی شاہ سرکار کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ طویل عرصے بعد عوامی ایکشن کمیٹی کے مشترکہ و نمائندہ پلیٹ فارم پر گلگت بلتستان کی 16 اہم سیاسی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کا 9 نکاتی ایجنڈہ پر اتفاق اور اسکے حصول کیلئے عملی جدوجہد نے ثابت کر دیا ہے کہ اب عوام اپنے حقوق کیلئے بیدار ہو چکے ہیں اور کسی قسم کا حربہ ہمیں تقسیم نہیں کرسکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تمام مطالبات کی حتمی منظوری تک دھرنے جاری رکھے جائینگے اور ہر فیصلہ مشاورت سے کیا جائیگا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree