The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ملک حادثوں کی زد میں ہے اور وزیراعظم اپنی کرپشن چھپانے کے لئے بھاگ دوڑ میں مصروف ہیں، ہر دوسرے دن مظلوم محب وطن لوگوں کے گھر لٹتے اور برباد ہوتے ہیں، سیاسی جماعتیں صرف مذمت کرکے کے پیچھے ہٹ جاتی ہیں، ہم بحثیت قوم بےحس ہوچکے ہیں، ملک کی کسی کو فکر نہیں، حکمرانوں اور سیاست دانوں کی جائیدادیں اور کاروبار باہر ہیں، یہاں صرف حکمرانی کا مزہ لینے آتے ہیں، ان کو پاکستان سے نہیں پاکستان کے قومی وسائل لوٹنے سے سروکار ہے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں دیگر علماء کیساتھ ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار میں 70 سے زائد لوگ شہید ہوچکے ہیں، سینکڑوں لوگ زخمی ہیں، جو موت و حیات کی کشمکش میں ہیں، بار بار اس علاقے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ہمیں سکیورٹی اداروں اور نام نہاد حکمرانوں کی طرف سے فقط طفل تسلیاں مل رہی ہیں۔

علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ پاراچنار کے ان سانحات میں اگر غیر جانبدارانہ تحقیقات ہوئیں تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا، لیکن یہ کسی بھی طرح ممکن نہیں، آج تیسرے دن سے پاراچنار کے عوام دھرنا دیئے احتجاج کر رہے ہیں، لیکن نہ ان مظلوموں کی طرف کوئی توجہ دے رہا ہے، نہ ہی کوئی ریاستی ادارہ یا حکومتی کارندے ان کے مطالبات کو سننے کیلئِے تیار ہیں۔ پاراچنار اس وقت پاکستان کا غزہ بن چکا ہے، انٹرنیٹ، موبائل سروسز مکمل طور پر ریاست کی طرف سے بند ہیں، تاکہ ان مظلومین کی آواز دنیا تک نہ پہنچ سکے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ یہ مظلومین کی فریاد ہے، جسے کوئی بھی نمرود و فرعون نہیں دبا سکے گا، ان شاء اللہ نماز عید کے اجتماعات میں پورے ملک میں مظلومین پاراچنار سے اظہار یکجہتی کے لئے بھرپور احتجاجی مظاہرے ہونگے، پاراچنار کے لوگوں کو حب الوطنی کی سزا دی جا رہی ہے، مقامی رضارکار فورس کو ہٹانے کا مقاصد اور اہداف کا اب پتہ چل رہا ہے۔ ہم کرم ملیشیاء کی واپسی کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔

سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ ایک طرف دہشتگردوں کا راستہ صاف کرکے ان کو ہماری نسل کشی کا ٹاسک دیا گیا ہے، دوسری طرف جب لوگ احتجاج کے لئے نکلتے ہیں تو سکیورٹی اداروں میں موجود متعصب لوگ بےگناہوں پر گولیاں برساتے ہیں، آخر اس ملک میں ہونے کیا جا رہا ہے۔؟ ایک آپریشن ابھی جاری تھا دوسرا ردالفساد کے نام سے اعلان کیا گیا، لیکن ہماری نسل کشی میں کمی کی بجائے روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے، کالعدم گروہوں کو پاکستان میں کھلی چھٹی ہے کہ وہ جو چاہے مرضی کریں، خدارا ملک عزیز پاکستان پر رحم کریں اور محب وطن لوگوں پر زمین تنگ کرنے کا سلسلہ بند کریں۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاراچنار کے عوام کے مطالبات فوری حل نہ کئے گئے تو احتجاج کا سلسلہ بعید نہیں پورے ملک میں شروع ہو جائے، پاراچنار کے عوام کرپٹ اور دہشتگردوں کے سہولت کار پولیٹیکل ایجنٹ اور اداروں میں موجود متازع لوگوں سے مذاکرات کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ یہ لوگ عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکے ہیں، عوام ان سانحات کو متعلقہ ذمہ داران کی دہشتگردوں سے ملی بھگت کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔

علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ریاست اور ریاستی اداروں کے اعلٰی حکام پاراچنار کے عوام کے تحفظات دور کریں، کرم ایجنسی کے مظلومین سب سے زیادہ پڑھے لکھے ہیں، محب وطن اور پرامن قوم ہیں، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ایف سی کا کرنل اجمل ملک سکیورٹی کے نام پر وہاں کی خواتین کی بےحرمتی کرتا ہے، نہتے عوام پر دہشتگردوں کیساتھ مل کر گولیاں برساتے ہیں، لیکن اس متنازع کرنل کو وہاں سے ہٹایا نہیں گیا، وہاں پر ایسے افراد کو تعینات کیا جائے، جو وہاں کے لوگوں کے رسم و رواج اور قبائل کی تاریخ سے آگاہ ہو، کل ہم پورے ملک میں عید کے اجتماعات میں احتجاج کر رہے ہیں، اگر مطالبات نہ مانے گئے اور ان پر عملدرآمد نہ ہوا تو ہم پوری دنیا میں احتجاج شروع کرینگے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بہاولپور کے المناک سانحہ پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے رہنماوں اور کارکنوں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور عیدالفطر متاثرین کیساتھ منائیں۔ اس موقع پر مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان سرفراز بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے ملک گیر احتجاج کی حمایت کا اعلان کیا۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار احمد امامی نے کہا ہے کہ سانحہ پاراچنار و کوئٹہ کے شہداءو زخمیوں کے خانوادوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ملک بھر میں عید الفطر کو یوم سوگ منائیں گے، اس موقع پر تمام مساجد میں نمازی سیاہ پٹیاں باندھ کر نماز عید ادا کریں گے، جبکہ سانحہ پاراچنار و کوئٹہ کے خلاف احتجاج کریں گے، عوام سے اپیل ہے کہ شہداءکے خانوادوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عید سادگی سے منائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاو س لجر بازار کراچی میں میڈیا سیل کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک حادثوں و سانحات کی سرزمین بن چکا ہے ، ہر دوسرے دن ہمارے گھر لٹتے اور برباد ہوتے ہیں ، پر سیاست دان صرف افسوس کر کے پیچھے ہٹ جاتے ہیں ، اس غم کا اندازہ تو اسی کو ہے جس پر بیتی ہے ، ہمارے سیاستدانوں کی عیدیں ملک سے باہر، اولاد کاروبار سب باہر ہے ، صرف حکمرانی کیلئے پاکستان کا رخ کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار میں ریڈ زون کے اندر دہشتگردی کا واقعہ رونما ہو گیا ، فاٹا کا علاقہ ہے جو کہ وفاقی حکومت کے ماتحت ہے ، وہاں المناک سانحہ کے باوجود وزیراعظم و وفاقی وزیرداخلہ گورنر کہاں ہیں، کسی کو معلوم ہی نہیں ، وہاںبے گنا شہری مر رہے ہیں اور حکمران شاید عید کی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہشتگردی کے واقعات کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر سکیورٹی اہلکار بھی گولیاں برسا رہے ہیں، وہاں پر موجود کرنل اجمل ملک تلاشی کے نام پر خواتین کی توہین کرتا ہے، کرنل اجمل ملک انتہائی متنازعہ کرنل ہے، جس پر پہلے بھی دہشتگردوں کی سہولت کاری کا الزام ہے، پاراچنار کو غزہ بنایا ہوا ہے ، سو سے زائد لوگ شہید اور ڈیڑھ سے زیادہ زخمی ہیں، پاراچنار کی عوام نے واقعہ کے بعد سے دھرنا دیا ہوا ہے، جس پر نا اہل نواز حکومت یہ شرمناک بیان دے رہی ہے 2013 کے مقابلے میں آج دہشتگردی کم ہوئی ہے ۔

 انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہماری سکیورٹی کے مطالبہ پر نظر ثانی نہ کی گئی تو پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاج کریں گے ، کرم ملیشیا کو سیکیورٹی کیلئے واپس لایا جائے، پاراچنار کے لوگوں کی روایات کے خلاف سکیورٹی چیکنگ کر کے فوج سے نفرت بڑھانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، پاکستان میں دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور منصوبہ بندی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کیوں نہیں کی جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ احمد پور شرقیہ میں ہونے والے واقعہ نے پنجاب حکومت کی گڈ گورننس کا پول کھول دیا ، پیرس بنانے کی باتیں کرنے والوں کیلئے انتہائی شرم کا مقام ہے کہ وہاں اسپتالوں میں بنیادی طبی سہولیات تک مہیا نہیں ہیں۔ علامہ مختار امامی نے کہا کہ سانحہ پاراچنار و کوئٹہ کے شہداءو زخمیوں کے خانوادوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کراچی سمیت ملک بھر میں عید الفطر کو یوم سوگ منائیں گے، اس موقع پر تمام مساجد میں نمازی سیاہ پٹیاں باندھ کر نماز عید ادا کریں گے، جبکہ سانحہ پاراچنار کے خلاف احتجاج کریں گے، عوام سے اپیل ہے کہ شہداءکے خانوادوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عید سادگی سے منائیں۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلسِ وحدت مسلمین صوبہ  سندہ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے پاراچنار میں دھشتگردی کے واقع  کی شدید الفاظ میں  مذ مت کرتے ہوئے اسے حکومت اور ریاستی اداروں کی نااہلی قراردیا ۔انہوں نے کہا کہ تسلسل کے ساتھ پاراچنار میں معصوم انسانوں کا خون ناحق بہایا جا رہا ہے جبکہ حکومت خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے ۔پاراچنار میں ہونے والے مظالم پر ملک بھر کی عوام کو بھرپور احتجاج کرنا چاہیے ۔قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس کے حکم پر عید کے دن سیاہ پٹیاں باندھ کر شیعہ نسل کشی کے خلاف احتجاج کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ قائد شھید علامہ سید عارف حسین الحسینی رح کی سر زمین پاراچنار سے پاکستان کے کروڑوں عاشقان اہلبیت ع کو والہانہ  محبت ہے ۔پاراچنار پر ہونے والے مظالم تکفیری دھشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کے مجرمانہ روئیے  کی عکاس ہے ۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)علامہ برکت علی مطھری صوبائی  سیکریٹری  جنرل مجلس وحدت مسلمین  بلوچستان نے کہا کہ سانحہ پاراچنار  ایک عالمی سازش کا حصہ ہے پاراچنار  میں کئی  واقعات ہوئے ہیں ۔ریاستی ادارے  ناکام  ہیں ، بے گناہ  مسلمانوں کی  پاراچنار میں شہادتیں  ایک افسوسناک  واقعہ ہے۔ پاراچنار کے مسلمان  شیعوں کا نسل کشی  کا ذمہ دار  امریکا  اور غاصب اسرائیل  ہے۔ریاستی  ادارے  پاراچنار  میں کوئی  کردار ادا نہیں کررہے ہیں ۔ سیکورٹی  اور تحفظ  عوام کا ریاستی اداروں  کی ذمہ داری ہےاتنی چیک پوسٹیں  پاراچنار میں کیا کررہی ہیں۔ اس واقعے  کے ملزمان  کوفورا آشکار کریں سہولت کاروں  کو فوجی علالتوں میں فوراََ  سزا دیں۔ہم آرمی چیف پاکستان  سے مطالبہ  کرتے ہیں ایف سی کے ہاتھوں پاکستان میں مسلمان شیعوں کا قتلِ  عام بند  کروائیں  ،وزیر اعظم نے سوائے مایوسی کے کچھ نہیں دیا ،آرمی چیف شیعہ نسل کشی روکنے میں کردار ادا کریں،پاراچنار میں کھلی دہشتگردی  کا سد باب کیا جائے نسل کشی بند کی جائے ۔آل  سعود  اورآل یہود کے ڈالروں  کی وجہ سے شیعوں  کی پورےپاکستان میں نسل کشی بند کیا جائے۔ ریاستی  اداروں  کے ذمہ دار وں سے آرمی چیف پاکستان جواب طلبی کریں  اتنےمظلوم مسلمانوں کا حالتِ  روزہ  میں شہید  کرنا اورکتنے مظلوم پاکستانیوں  کا بے گناہ  خون بھانا ایک انسانیت  کی تذلیل ہے۔لہذا آرمی چیف پاکستان سے مطالبہ  کرتے ہیں  کہ کوئٹہ  سے لیکر کراچی پاراچنار اور پورے پاکستان میں شیعہ  مسلمانوں  کی نسل کشی بند کی جائے۔ملزموں کو فوجی عدالتوں  میں پیش کیا جائے اور پورے نیٹ ورک کو ظاہر کیا جائے۔

وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما سیکریٹری تربیت علامہ اعجاز حسین بہشتی کے زیر قیادت کچورا سکردو بلتستان میں، یوم القدس کی ریلی کا انعقاد، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فلسطین ہمارا ہے، بیت المقدس کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے، القدس کی آزادی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے اور ہر موقع پر فلسطین سمیت دنیا بھر میں موجود مظلومین، کی حق میں صدائے احتجاج بلند کرتے رہیں گے چونکہ یہ مکتب تشیع کا اعجاز ہے کہ ہم نے کبھی بھی ظالم جابر حکمرانوں کے آگے سر نہیں جھکایا اور ہمیشہ مظلومین کی حمایت کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج شام عراق فلسطین ہر جگہ مظومین کے لئے امید کی کرن ملت تشیع کے مقاومتی بلاک ہیں۔

آج جمعہ الوداع کو یوم القدس بھی آیت اللہ خمینی کے حکم پر عمل میں لایا گیا ہے اسی طرح آج اگر امت مسلمہ آیت اللہ خمینی کے حکم پر عمل کرتے ہوئے متحد ہو کر ایک ایک بالٹی پانی بھی اسرائیل کے ناجائز وجود پر گراتا تو اسرائیل نیست و نابود ہو چکاہوتا مگر افسوس کی کچھ خائین حرمین اور دیگر منافق حکمرانوں کی وجہ سے آج عالم اسلام میں اتحاد کی بجائے فرقہ واریت اور ذاتی مفادات کو فروغ مل رہا ہے جس کا خمیازہ ہم پاکستان سمیت مشرق وسطی کے ممالک میں بھگت رہے ہیں۔

اس موقع پر دیگر مقررین نے اسرائیل کے ناپاک وجود کی مذمت کرتے ہوئے مسلمانوں کو اپنے صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی تاکید کی، ساتھ ہی سامعین، نے بھی مردہ باد اسرائی,مردہ باد امریکہ کے فلگ شگاف نعرے بلند کر کے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔کچورا کی یہ القدس ریلی جامعہ مسجد کچورا سے کنڈور چوک تک نکالی گئی اور اس میں امام جمعہ و الجماعت علامہ شیخ صادق نجفی، علما کونسل کچورا کے صدر علامہ احسان دانش و دیگر علمائے کرام، معزیزین اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل  علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے عید سعید الفطر کے پرمسرت موقع پر ملت پاکستان کے نام پیغام میں کہا ہے کہ ماہ مبارک رمضان میں خدا وند متعال کی برکتوں اور رحمتوں کے نزول کے بعد اس کے محبوب بندوں کیلئے عید الفطر ایک عظیم تحفہ ہے اور اس عظیم تحفے کا بہترین استعمال یہی ہے کہ ہم عید الفطر کی خوشیوں میں شہدائے ملت اور اسیران مکتب اہل بیت ؑ کے خانوادگان کو بھی یاد رکھیں بالخصوص شہداء اور اسیران کے بچوں کو یہ احساس نا ہونے دیں کے ان کے والی اور سرپرست ان کے ہمراہ نہیں جو دیگر بچوں کی طرح انہیں بھی نئے کپڑے جوتے دلوائیں اور عیدی دیں لہذٰا میرے اپیل ہے پوری ملت اسلامیہ سے کے وہ سانحہ پاراچنار، سانحہ کوئٹہ، سانحہ بھاولپوراور کراچی کے شہداءکی یاد میں عید الفطرسادگی کے ساتھ منائیں اور معاشرے کے محروم افراد کو عید کی خوشیوں میں لازمی یاد رکھیں یہی قرب خدا کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے ۔

ان کاکہنا تھا کہ اس برس عید کا چاند اہلیان پاکستان کے لیئے سنگین سانحات آزمائشوں اور امتحانات کے ساتھ نمودار ہواہے، عید کے موقع پر سانحہ پاراچنار ، سانحہ کوئٹہ اور سانحہ بہاولپور جیسے تین مختلف سنگین سانحات میں سینکڑوں شہریوں کی ہلاکت نے پوری قوم کو سوگ میں مبتلا کردیا ہے، ہر آنکھ اشکبار ہے، ایسے میں پاکستانی عوام کو چاہئے کہ عید الفطر انتہائی سادگی کے ساتھ منائیں تاکہ جن کے پیارے اس عید پر ان سے بچھڑ گئے ہیں ، انہیں اپنے عزیزوں کے بچھڑجانے کا دکھ کم سے کم محسوس ہو،انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ  عید کی خوشیوں میں شہدائے وطن کو لازمی یاد رکھیں ، قبور شہداء پر حاضری دیں ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) ابھی سانحہ پاراچنار وکوئٹہ کا زخم ہرا ہی تھا کہ بہاولپور میں خوفناک خونی حادثے نے درجنوں قیمتی انسانی کو لقمہ اجل بنا دیا، معمولی سی غفلت نے کتنے ہی گھروں کے چراغ بجھا دیئے، ہلاک شدگان کے پسماندگان کے غم میں برابرکے شریک ہیں ،ملت پاکستان سانحہ پاراچنار، سانحہ کوئٹہ اور اب سانحہ بہاولپور کے باعث عید الفطر انتہائی سادگی کے ساتھ منائیں ، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے بہاولپور کے نزدیک احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکرکے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بظاہر یہ حادثہ انسانی غفلت کے باعث رونما ہوا، لیکن اس عظیم سانحے کے پیچھےبھی ہمارے نااہل، غیر سنجیدہ اور عوامی مسائل سے لاتعلق حکمرانوں کی کوتاہی کارفرما ہے، غربت ، مہنگائی اور بے روز گاری کے شکار عوام نے چند سو روپے کا پیٹرول لوٹنے کے چکرمیں اپنی قیمتی جانوں کو گنواں دیا، اگر ہمارے حکمران عوام کو درپیش مشکلات کے حل میں سنجیدہ ہوتے، انہیں با عزت روزگار دیتے، مہنگائی پر قابو پاتے تو اس سانحے میں ہلاک ہونے والے افراد پیٹرول لوٹنے کی خاطر موت کے منہ میں نا جاتے،علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اس اندھوناک سانحے میں ہلاک ہونے والے شہریوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور مرحومکی مغفرت کی دعا کی ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کی طرف سے ماہ رمضان میں ملک بھر کے مختلف اضلاع میں 3000 مستحق خاندانوں میںراشن پیکج تقسیم کیا گیا جس سے تقریبا  15000 افراد مستفید ہوئے اور یہ سلسلہ رمضان المبارک کے آخر تک جاری رہا حسب سابق راشن پیکج میں آٹا،گھی،دالیں،کھجور،پتی،بیسن،چینی،چاول، ودیگر اشیاء خوردونوش شامل تھیں ۔ خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کی طرف سے کرا چی میں 1200خاندانوں، سندھ میں نوابشاہ،دادو،حیدرآباد، جامشور،مٹیاری ٹنڈوالہ یار میں   300خاندانوں, اوچ شریف علی پور میں100 خاندان،بھکر میں50 خاندانوں، اسلام آباد میں92 خاندانوں،پنڈی میں55 خاندانوں،اٹک میں215 خاندانوں،سرگودھا میں100خاندانوں،منڈی بہائوالدین میں75 خاندانوں، گوجرانوالہ میں200 خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا ودیگر اضلاع میں بھی راشن پیکج تقسیم کیا گیا۔ خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ  کے چیئرمین سید باقر زیدی نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت ثواب کا بہترین ذریعہ ہے مستحق اور ضرورت مندافراد کی مدد کر کے قلبی سکون و اطمینان ملتا ہے sافراد ہماری توجہ اور امداد کے منتظر ہیں ۔رمضان المبارک میں اللہ کی خوشنودی اور ضرورت مندوں کی محتاجی دور کرنے کے لیئے رفاعی کام بہتر عمل ہے ۔خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کی اولین ترجیح دکھی انسانیت کی خدمت اور مستحق ،نادار،افراد کو زندگی کی تمام بنیادی ضروریات فراہم کر کے انکو احساس محرومی سے نکالنا ہے۔ سید باقر زیدی نے کہا کہ اللہ تعالی کو انسان کا سب سے محبوب پسندیدہ عمل جو اللہ کریم کے ہاں افضل ترین عبادت ہے شمار ہوتا ہے وہ اس کی مخلوق میں ضروریات زندگی سے محروم انسانوں کی مدد کرنا ہے ایسے نیک اعمال کی ادائیگی کرنے والے انسان کو  اللہ تعالی کا قرب حاصل ہوتا ہے اور معاشرہ کا ہر فرد بھی اس شخص کو انتہائی عزت واحترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔

وحدت نیوز(سکردو)  مرکزی انجمن امامیہ کے زیر اہتمام امام خمینی رحمتہ اللہ کے فرمان پر القدس ریلی اور جلسہ کا اہتمام جمعتہ الوداع کے فورا بعد کیا گیا۔ تمام دینی سیاسی ، سماجی اور طلبہ تنظیموں نے بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کیا اور عوام کی جمع غفیر نے ناجائز یہودی ریاست اسرائیل سمیت تمام مستکبر طاقتوں کے خلاف احتجاج میں بھرپور شرکت کیں۔مرکزی انجمن امامیہ کیساتھ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع سکردو، شیعہ علماء کونسل بلتستان، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، امامیہ آرگنائزیشن اور تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے نمائندہ علماء و رہنماوٗں نے شرکت کی اور خطابات کئے۔ مرکزی جلسے سے انجمن امامیہ کی نمائندگی کرتے ہویئے شیخ جوادحافظی اور شیخ رضا بہشتی، مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکریٹری جنرل شیخ فدا علی ذیشان، آئی ایس او کے صدر سید اطہر موسوی، جے ایس او کے صدر و دیگر نے خطاب کئے۔ مجلس وحدت مسلمین کے سکریٹری جنرل شیخ فدا علی ذیشان نے اپنے خطاب میں استکباری طاقتوں کو للکارتے ہوئے کہا کہ یہ آج تم بے بس و لاچار مسلمانوں سے نہیں بلکہ طاقتور و توانا اسلامی نظریئے کے مد مخالف ہو، اور ہر جگہ اسلام ناب محمدی نے تمہیں ذلیل و رسوا کردیاہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کی سربراہی میں دولت و طاقت کے بدمست اور ہوس اقتدار کے بھوکے عرب ریاستیں اور انکی بادشاہتیں امام مہدی ؑ کے عالمگیر انقلاب سے خوفزدہ ہیں اور سمجھتے ہیں کہ امریکہ اور اسکے ناجائز اولاد اسرائیل انہیں امام ؑ کے مقابلے میں کامیاب کرنے میں مدد دیگی، لیکن یہ انکی بھول ہے۔ امام ؑ کے ظہور کا جگہ مختص ہے اور حرم کعبہ میں ہی امام قیام فرمائیں گے۔یمن ، شام، عراق، پاکستان، اور فلسطین کے مسائل کو الجھانے کا ذمہ دار امریکہ اور اسکے پالتو دہشت گرد جماعتوں کو گردانتے ہوئے انہیں نے کہا کہ امام خمینی نے کئی دہائی پہلے یہ بات ببانگ دہل کہی تھی کہ دنیا میں مسلمانوں کے تمام تر مسائل کا ذمہ دار امریکہ ہے ، آج ثابت ہوگیا کہ یقینا امریکہ ہی ہر جگہ سازشیں کرکے اپنے مفادات کیلئے منافقین کو اسلام کا لبادہ اورھا کر استعمال کر تا رہا  ہے۔ ان کے مہرے ٹشو پیپر کیطرح استعمال ہوکر انہی کے ہاتھوں ذلیل و رسوا ہوتے رہے ہیں جنکی مثالیں شاہ ایران، صدام حسین، معمر قذافی، وغیرہ ہیں اور یہی حال سعودیہ اور دیگر عرب ریاستوں کے مہروں کا بھی ہو کر رہے گا۔

 آئی ایس او کے صدر نے اپنے خطاب میں فلسطین کے مسلمانوں  پر مظالم ڈھانے والوں کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کو بنیادی شہری و انسانی حقوق سے محروم رکھنے پر حکومت پاکستان کو آڑے ہاتھوں لیا۔ شیخ رضا بہشتی نے یہودیت کی تاریخ اور اول اسلام سے ابتک انکی سیاہ کاریوں پر روشنی ڈالی اور شیخ جواد حافظی نے موجودہ اسرائیل کے وجود، عربوں کی منافقت اور مفادپرستانہ رویوں اور سازشوں پر گفتگو کی اور قرار دیا کہ یہ عالمی ایشو ہے اور مسلمان امام خمینی رحمتہ اللہ کے فرمان سے جدو جہد جاری رکھ کر قبلہ اول کو آزادی دلا کر ہی دم لیں گے۔ جلسے کے آخر میں متفقہ قرارداد منظو رکیا گیا جس میں قبلہ اول کو یہودیوں کے قبضے سے آزاد کرانے، دنیا بھر کے مظلوموں سے اظہار یکجہتی، خصوصا کشمیر، لبنان، عراق، شام، یمن، بحرین، و دیگر کمزور بنائے گئے اقوام سے اظہار ہمدردی کا اعادہ کیا گیا۔ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق، سکردو روڈ، بلتستان یونیورسٹی کے قیام اور دیگر علاقائی امور پر مقامی حکومت کی جانب سے کی جانیوالی منافقتوں اور نا اہلیوں کی بھی بھرپور الفاظ میں مذمت کی گئی۔ جلسے کے دوران مقامی سیاسی نمائندوں کی عوام کے مطالبا ت پر نا اہلی دکھانے اور زبانی جمع خرچ پر ٹرخانے پر شدید نعرے بازی بھی کی گئی، خصوصا سپیکر اور سینئر وزیر کے خلاف نعروں سے بازار گونج اٹھا۔

وحدت نیوز(گلگت) کوئٹہ اور پاراچنار میںسفاک دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائیوں کی سخت مذمت کرتے ہیں۔دشمنوں کی بزدلانہ کاروائیوں سے پاکستان قوم ہرگز مرعوب نہیں ہوگی ۔

مجلس وحدت مسلمین کے رہنما و رکن قانون ساز اسمبلی حاجی رضوان علی نے کوئٹہ اور پاراچنار میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے بے گناہ شہریوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دشمن اپنی بزدلانہ کاروائیوں سے قومی وحدت کو پارہ پارہ کرنا چاہتا ہے ۔دشمن جان لے کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردوں کے مقابلے میں متحد ویکجا ہے اور دہشت گردوں کے ہر وار کا جرات و دلیری سے مقابلہ کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اور پاراچنار میں دہشگردوں کی بربریت نے ثابت کردیا کہ ملک دشمنوں کا ہدف صرف اور صرف امریکہ و اسرائیل مخالف قوتیں ہیں۔آج ملت اسلامیہ اپنے مظلوم فلسطینوں اور کشمیری مسلمانوں کی حمایت میں امریکہ و اسرائیل اور انڈیا کے خلاف سڑکوں پر تھے،دہشگردوں نے امریکہ اسرائیل اور انڈیا کے مفادات کی تحفظ کیلئے ہمیں نشانہ بنایا ہے۔پاراچنار مین پے درپے حملوں نے ثابت کردیا کہ ہمارے سیکورٹی ادارے ان مظلوم عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ظلم و بربریت پر ہرگز خاموش نہیں رہ سکتے ہماری نسل کشی ہورہی ہے اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ان ظالموں کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور خون کے آخری قطرے تک وطن عزیز پر مسلط ان شیطانی قوتوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree