The Latest

وحدت نیوز(لیہ) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے رہنما سید عدیل عباس زیدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عشرہ محرم کے دوران ضلع لیہ میں بہترین انتظامات کرنے پر ضلع لیہ کی انتظامیہ کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پورے ضلع میں اس بار ضلعی انتظامیہ نے سیکورٹی سمیت تمام تر انتظامات بہترین انداز میں انجام دیئے، پولیس، ٹاون انتظامیہ، سول ڈیفنس، محکمہ صحت کے ملازمین نے عزاداری سید الشہدا (ع) میں ملت تشیع کیساتھ بھرپور تعاون کیا، واپڈا کی جانب سے آغاز کے 8 روز میں رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کی گئی، جس کی وجہ سے عزاداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم  9 اور 10 محرم الحرام کو بلاتعطل بجلی فراہم کی گئی، جو کہ احسن اقدام ہے، انہوں نے کہا کہ ہم بانیان مجالس، لائنسداران، متولیان امام بارگاہ، اور عزاداران امام حسین (ع) کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اس بار بھی بہترین انداز میں عشرہ محرم مناتے ہوئے نواسہ رسول (ص) کو شاندار طریقہ سے خراج تحسین پیش کیا، اور اہل سنت برادران کے پرخلوص تعاون کو بھی انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ ولایت حسین جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عزاداری سید الشہداء ہمارا آئینی جمہوری اور قانونی حق ہے، جس سے ہم ایک اینچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہاکہ امام حسین علیہ السلام نے ظلم کے خلاف آواز بلند کی جو دین حق کی بقاء کا باعث اور یزیدی حکومت کے خاتمے کا سبب بنا۔ آج بھی عزاداران ظلم کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں اور واضح کر دیتے ہیں کہ ہم کسی طور ظلم قبول نہیں کریں گے۔علامہ ولایت جعفری نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں عزاداری امام ؑ اور سبیلوں کے خلاف بعض اقدامات ہوئے جسکی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم کسی صورت اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ عزاداری سید الشہداء پر کوئی قدغن لگائی جائے۔ حکومت پنجاب اور حکومت سندھ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے بجائے عزاداری اور پُر امن جلوس کو محدود کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں سالوں سے جو کام دہشت گردکرنے کی کوشش کررہے ہیں آج وہ کام سندھ اور پنجاب حکومت کے زیر نگرانی ہو رہی ہے۔ دہشت گرد چاہتے یہی ہے کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس پر پابندیاں عائد کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ، سندھ حکومت کوچاہئے کہ عزادارن سید الشہداء مجالس اور جلوس عزاء کرنے کی مکمل آزادی دیں اور عزاداران کو تحفظ فراہم کرے بصورت دیگر انہیں شدید احتجاجوں کا سامنا ہوگا۔ بیان کے آخر میں انہوں نے کہا کہ عزاداری سید الشہداء ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت میں کی جاتی ہے۔ جو تمام مظلوم انسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کو ظاہر کرتی ہے اور رہتی دنیا تک یہ عزاداری قائم و دائم رہے گی۔

وحدت نیوز(دولت پور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر انتظام (مقصد کربلا کانفرنس) منعقد ہوئی ۔کانفرنس کی صدارت ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کی جبکہ کانفرنس سے مولانا ڈاکٹر محسن علی قمی ،عطاء حسین لانگاہ اور صوبائی رابطہ سیکریٹری شفقت حسین لانگاہ نے بھی خطاب کیا۔
                
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے  ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ کربلا ہر دور کے انسانوں کے لیے عظیم درسگاہ ہے،اس لیے ہر دور کی باطل یزیدی قوتیں پیغام کربلا سے خائف رہی ہیں۔14صدیوں میں باطل طاغوتی قوتوں نے 14مرتبہ کربلا کو تاراج کرنے کی کوشش کی ، مگر حسین ؑابن علی ؑکا پیغام اب عالمی انقلابی تحریک میں تبدیل ہوچکا ہے۔آج دنیا بھر میںپیغام کربلا کے وارث عصر حاضر کی یزیدیت کے مقابل سینہ سپر ہیں،موت سے نہ ڈرنا ،  اللہ تعالیٰ پر کامل ایمان ویقین اور ظالموں کے مقابلے میں بے خوف ہوکر میدان میں آنا ، ہر دور کے حسینیوں کی پہچان ہے۔نائیجیریا کے ابراہیم زکزاکی ،حجاز مقدس کے شیخ باقر النمرؒ سے لیکر سر زمین پاکستان کے سیدعارف حسین الحسینی  ؒ عصر حاضر کے کربلائی ہیں۔
             
 انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت یوم عاشور کے سلسلے میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کرے، ضلع جعفر آباد بلوچستان میں عزاداری کے جلوسوں کو روکنے کی کوشش قابل مذمت ہے۔ جلوس عزا ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے، روکنے کی سازش قبول نہیں۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) یوم عاشور ایک ایسا دن ہے جب امام حسین علیہ السلام اور آل رسولؐ کو ظالموں نے کربل کے میدان میں شہید کیا تھا اور دختر رسول ؐ و علی ؑ کو اسیری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل عباس علی نے سیدہ کونین و خواہر حسین بی بی زینب سلام اللہ علیہا کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب یزیدی فوج نے امام حسین ؑ کو میدان کربلا میں شہید کیا تو وہ بی بی زینب کو اسیر بنا کر دربار یزید میں لے گئے اور بی بی سلام اللہ علیہا کو بے شمار مصائب کا سامنا کرنا پڑا تھا ، جو ظلم یزید نے کیا وہ رہتی دنیا تک ظلم کی سب سے بد ترین شکل ہے اور اس ظلم کیلئے یزید کو شدید احتجاجوں کا سامنا آج تک کرنا پڑ رہا ہے۔ عباس علی نے کہا کہ امام حسین ؑ نے ہمیں میدان کربلا میں صبر، تحمل، اصل بندگی اور حق کا ساتھ دینے کا درس تو دیامگر اس درس کو بی بی زینب سلام اللہ علیہا نے دنیا کے تمام افراد تک پہنچایا اور ہمیں پیغام حسینی سے آگاہ کیا۔ اگر بی بی زینب سلام اللہ علیہا اپنے اس عظیم مقصد میں کامیاب نہ ہو پاتی تو آج یزید دینِ خدا اور دینِ حق کی ایک الگ ہی تصویر ہم تک پہنچاتا اور مسلمانوں پر عذاب الٰہی نازل ہوتی۔وہ بی بی زینب سلام اللہ ہی تھی جنہوں نے ہمیں امام حسین علیہ السلام کے مقصد سے آگاہ کیا اور پیغام حسینی کو اس قدر عام کیا کہ آج دنیا کے ہر کونے میں امام حسین ؑ کے محبین اور عشقان اپنے عقیدت کے اظہار اور یزید کے خلاف احتجاج کیلئے گھروں سے باہر سڑکوں اور روڈوں پر نکل آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم واقعہ کربلا کا جائزہ لے تو ہمیں معلوم ہوگا کہ یزید کو حضرت امام حسین ؑکی ذات سے نہیں بلکہ انکے فکر اور اصلاحات سے عداوت تھی۔ حضرت امام حسین ؑ کی قربانیوں نے اسلام کو جو تقویت دی وہ رہتی دنیا تک قائم رہے گی لہذا کہا جا سکتا ہے کہ حضرت ؑ کی شہادت ایک شخص یا فرد کی نہیں ایک سوچ ، فکر اور نظریے کو شہید کرنے کی سازش ہے۔ یہ لوگ دین حق کو زندہ رکھنے کے لئے ہی توآئے تھے کربلا میں اور نماز کی برپائی ہی کے لئے تو اسیری قبول کی تھی،تاریخ کا دقیق مطالعہ کرنے سے یہ تمام مشکلات حل ہو جاتی ہیں۔بیان کے آخر میں جلوس عاشورہ کے دوران انتظامیہ کی جانب سے بہترین سیکورٹی اور انتظامات پیش کرنے پر انہیں تحسین سے نوازتے ہوئے کہا گیا کہ جلوس کے دوران انتظامات بہت اچھے تھے اور ہمیں امید ہے کہ انتظامیہ آئیندہ بھی ایسے ہی اچھے کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے اور سب سے بہترین انتظام یوں ہوگا کہ دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کی جائے تاکہ ہمیں مستقبل میں حساس اور خراب حالات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ ہاشم موسوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے اہلِ بیت پیغمبرؐ  کی مودت کو اجر رسالت قرار دیتے ہوئے اسے تمام مسلمانوں پر واجب کیا ہے اہلِ بیت اطہار ؑ کے ایام غم کو شایان شان طریقے سے منانا مودت و محبت کے مصادیق میں سے ایک ہے۔ یوم عاشورہ وہ عظیم دن ہے، جس میں اسلام کو بچانے کی خاطر اہل بیت پیغمبر ؐ  اور ان کے اصحابؓ نے لازوال قربانیاں پیش کیں جسکی وجہ سے آج نمازیں، مساجد عبادات سمیت دین مبین اسلام زندہ وجاوید ہے، لہذا یوم عاشورہ ایام اللہ میں سے ایک اہم دن ہے جسکا یاد کرنا اور دوسروں کو یاد دلانا ضروری ہے۔ اس دن نکالا جانے والا جلوس کسی خاص مسلک یا قوم سے مخصوص نہیں ہے حتیٰ اس میں غیر مسلم بھی شامل ہوتے ہیں۔ یہ ایک تاریخی جلوس ہے جسکا روٹ مسلمہ طور پر طے شدہ ہے اس روٹ کو محدود کرنے کی باتیں تعصب اور فرقہ وارانہ سوچ پر مبنی ہے، ہم نے کسی مسجد کو بند کرنے یا تالہ لگانے کا مطالبہ کبھی نہیں کیا بلکہ ہمیشہ سے ہر فورم پر یہی مطالبہ کیا ہے کہ مساجد میں شیعہ سنی مشترکہ نماز جماعت کا اہتمام کیا جائے جس میں تمام شیعہ سْنی مسلمان اہل سنت امام جماعت کی اقتداء میں نماز ادا کریں تو مسلمانوں میں محبت واخوت پیدا ہو کر اتحاد بین المسلمین کو فروغ ملے گا۔ اس طرح کا بیان دینے کی بجائے مولانا فضل الرحمان سمیت تمام قومی لیڈرز اور خصوصاً اہلسنت علماء  جلوس عاشورہ میں شرکت کر کے مسلمانوں میں اخوت ومحبت کا عملی پیغام دیں تاکہ مسلمان بھائیوں میں نفرتوں کا مکمل خاتمہ ہو کر وطن عزیز میں امن و امان قائم ہو سکے۔ دہشت گردی سے پہلے اہل سنت عوام بڑی تعداد میں جلوس ھاے عزاء  میں شرکت کرتے تھے حتیٰ کہ بازار کی دکانیں بھی کھلی رہتی تھی لیکن دشمنان اسلام نے اتحاد بین المسلمین کے خاتمے کیلئے فرقہ وارانہ دہشتگردی کا آغاز کیا اور جلوس ھاے عزاء کو محدود کرنے کا مطالبہ کیا۔ جس کو کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔


وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کہا کہ محرم الحرام بلخصوص عاشورائے محرم کے موقع پر سکیورٹی اداروں کی کارکردگی مجموعی طور پر اطمینان بخش رہی اور بہتر سکیورٹی انتظامات پر جی بی پولیس، آرمی کے جوان ، جی بی اسکاوٹس اور انتظامیہ کی مجموعی کاوش لائق تحسین ہے اور سراہے جانے کے قابل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انتظامی فورسز کے علاوہ دیگر اسکاوٹس بلخصوص العباس اسکاوٹس ، امامیہ اسکاوٹس اور دیگر سکاوٹس کی کارکردگی بھی لائق صد تحسین ہے جنہوں نے رضاکارانہ طور پر سکیورٹی خدمات سر انجام دیں۔ آغا علی رضوی نے کہا انتظامیہ اور فورسزکے علاوہ ریسکیو کی ٹیموں کی کاوش ، محکمہ صحت کے عملوں کی کاوشیں بھی لائق تحسین و تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ روایات کے برخلاف اس بار محکمہ برقیات نے جس انداز میں محرم الحرام میں بجلی لوڈشیڈنگ پر قابو کی وہ بھی مجموعی طور پر بہتر اور لائق تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سکیورٹی ادارے بلخصوص پولیس کے جوانوں کی وقت کے تقاضوں کے مطابق تربیت کے اقدامات اٹھائے بلخصوص انہیں وقت کے چیلننجز کے مطابق لیس کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے پہلے عشرے میں انتظامیہ کی طرف سے پاکستان کے دیگر شہروں سے علماء کی آمد پر پابندی سے یہ تاثر پیدا ہوگیا ہے کہ عزادا ر ں کی وجہ سے بدامنی ہوتی ہے کیونکہ سال بھر کسی اور طبقے پر جی بی میں پابندی عائد نہیں ہوتی صرف مجالس کے آنے والے علماء پر پابندی افسوسناک اور شرمناک تھی ۔ اس میں بیلنس کرنے کے لیے کعلدم جماعتوں کے افراد پر پابندی عائد کر کے کھاتہ برابر کرنے کی کوشش کی جبکہ محرم میں کالعدم جماعتوں کے افراد کا نہ کوئی جی بی میں کام ہے اور نہ انکی جی بی میں آمد کے حوالے سے کوئی ماضی رہا ہے۔ آئندہ ایسے جانبدرانہ کارروائیوں سے باز رہے بلخصوص علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی گلگت میں آمد پر پابندی کو سرے سے قبول نہیں کرتے اسے مارائے قانون اور آئین قرار دیتے ہیں ہم جب چاہے اپنے سربراہ کو گلگت میں دعوت دے سکتے ہیں اس صورت میں جو مسائل پیدا ہونگے اسکی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) مجالس و جلوسوں کی بھرپور سیکورٹی ، انتظامیہ کے اقدامات لائق صد تحسین ہیں ۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ نے کیا ، انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری ،آئی جی پولیس، کمشنر صاحبان ڈویژن ہا،ڈپٹی کمشنر صاحبان اور ڈیوٹی دینے والے اہلکاران و آفیسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، انتظامیہ کی بھرپور سیکورٹی سے کسی قسم کا کوئی نقصان واقع نہیں ہوا ۔ مجلس وحدت مسلمین اظہار اطمینان کرتے ہوئے آئندہ بھی انہی اقدامات کی امیدکرتی ہے ۔ سید محسن رضا نے اپنے مختصر اخباری بیان میں کہا کہ الحمد للہ آزاد کشمیر میں عاشورہ محرم بخیرو آفیت گزر گیا ۔ اس پر انتظامیہ کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے اپنے کام بطریق احسن انجام دیا ۔ ہم دعا گو ہیں کہ خدا وند متعال ان کی اس ڈیوٹی کو اپنے حضور عبادت شمار فرمائیں ۔

وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے نیورنگاہ سکردو میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کربلا ظلم کے خلاف قیام اور خدا کی خوشنودی کے لیے سب کچھ قربان کرنے کا نام ہے۔ دنیا میں ظالموں کے خلاف برسر قیام تحریکیں اور حریتیں پسند تحریکیں واقعہ کربلا کا نتیجہ ہے۔ کربلا نے مظلوموں کو ظالموں خلاف قیام کرنے کی جرائت بخشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ کربلا اتمام حجت ہے۔ اس واقعے کے بعد کسی کے لیے بہانہ نہیں رہتا کہ ظالموں کے ساتھ سمجھوتہ کرے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو بھی واقعہ کربلا سے درس لیتے  ہوئے اسلامی اور انسانی اقدار کو محفوظ کرنے کے  لیے قیام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کسی تاریخی ایام کے منانے کا نام نہیں بلکہ تجدید عہد کا نام ہے۔ہمیں چاہیے کہ واقعہ کربلا سے درس لیتے ہوئے وقت کے ظالموں اور یزیدوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور کسی بھی سطح پر دین پر آنچ آنے کی صورت میں ظالموں سے سمجھوتہ نہ کرے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ محرم الحرام جیسے مقد س مہینے میں ایبٹ آباد اور کراچی میں امام باگارہ کے متولیاں کی ٹارگٹ کلنگ انتہائی افسوسناک اور قومی ایکشن پلان پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مجالس کے اجتماعات کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سیکیورٹی ادارے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ عزاداران بھی سکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپورتعاون کرے۔

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سربراہ آغاعلی رضوی نے آئی ایس او بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام مرکزی مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت بلتستان کے برجستہ علمائے کرام کو فورتھ شیڈول میں ڈال کر اپنی حقیقت کو واضح کر رہی ہے۔ پاکستان کے متدین اور اتحاد بین المسلمین کے داعی حجتہ الاسلام شیخ محسن علی نجفی کو شیڈول فور میں ڈال کر صوبائی حکومت نے مکتب تشیع کی توہین کرنے کی کوشش کی ہے۔ ہم متنبہ کرتے ہیں کہ شیخ محسن علی نجفی سمیت کسی بھی عالم دین کو شیڈول فور میں ڈال کر اپنی حکومت کے گڑھا نہ کھودیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں صوبائی حکومت کی پالیسیاں جانبدارانہ اور معاندانہ ہے جسکے خلاف آوا ز بلند کرنا ہر عزادار کے لیے ضروری ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ یمن میں جنازہ پر آل سعود کے حملے کے نتیجے میں ہونی شہادتیں انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ آل سعود امریکہ کے اشارے پر یمن میں بے گناہوں کا خون بہا رہا ہے ۔ امریکہ دنیا بھر میں اسلام کو کمزور کرنے کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں۔ داعش ، طالبان اور دیگر دہشتگرد جماعتوں کے بانی امریکہ ہے اور امریکہ ہی انکو اسلحہ فراہم کر تا ہے۔ یہی امریکہ پاکستان میں بلخصوص گلگت بلتستان میں شہر شہر اور گلی گلی میں گھسا ہوا لیکن انتظامیہ آنکھیں رکھنے کے باوجود ڈالروں کی گھن گرج کے سبب کچھ دیکھ نہیں پا رہی ہے۔ بعض نام نہاد مذہبیوں کو بھی امریکہ این جی اوز نے خرید لیا ہے اور امریکہ کا گن گا رہا ہے۔ امریکہ ایجنسوں کی گلگت بلتستان میں موجود سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ امریکی ایجنسیاں اپنی این جی او ز کے ذریعے نہ صرف اطلاعات لیتی ہیں بلکہ یہاں کی تہذیب و ثقافت اور اسلامی اقدار کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ مغربی کلچر کے فروغ پر گامز ہے۔ انتظامی سربراہ امریکی تنظیموں کو لگام دیں ورنہ عوام خود انکے خلاف نکل آئیں گے۔ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کے پاکستان آرمی کی جوانی کی قربانیاں اور شہادتیں لائق تحسین ہیں۔ ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان آرمی کے شانہ بشانہ ہے۔ موجودہ حکومت دہشتگردی کے خلاف سنجیدہ نہیں بلکہ انکی صفوں میں دہشتگردوں کے سہولت کار موجود ہیں۔ قومی ایکشن پلان کا رخ موجودہ حکومت نے دہشتگردوں سے موڑ کر بے گناہ محب وطن پاکستانیاں کی طور موڑ دیا ہے جو کہ ناقابل برداشت ہے۔ آغا علی رضوی نے کہاکہ عزاداری کل کے یزید سے اظہار نفرت اور آج کے یزید کو للکارنے کا نام ہے۔ ہم کل کے یزید کو برا بھلا کہہ کر خاموش نہیں رہیں گے بلکہ آج کے یزیدوں کے خلاف اور ظالموں کے خلاف بولتے رہیں گے ۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے لودھراں کی انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب ، گزشتہ رات گرفتار کیے گئے 15مومنین کو رہا کردیا گیا۔ ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے ترجمان ثقلین نقوی کے مطابق گزشتہ رات بستی ڈومرا میں مجلس عزاء کے دوران پولیس نے طاقت کے زور پر 15بے گناہ مومنین کو گرفتار کرلیا گیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی محرم کمیٹی کے کنوینر محمد عباس صدیقی موقع پر پہنچ گئے، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع لودھراں کے سیکرٹری جنرل منظور حسین مگسی کی قیادت میں مومنین کی بڑی تعداد نے پولیس کی کاروائی کے خلاف شدید احتجاج کیاگیا۔بعدازاں مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے کنوینر محرم کمیٹی محمد عباس صدیقی کی قیادت میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لودھراں اسد سرفراز خان سے کامیاب مذاکرات کیے،  مذاکرات کے بعد گزشتہ رات گرفتار 15مومنین کو رہا کردیا گیا اور اس بات کا وعدہ کیا گیا ہے بستی ڈوگرہ کے جلوس کے روٹ کا معاملہ بھی آج حل کردیا جائے گا۔ اس موقع پر منظور حسین مگسی، ملک بخت یار ایڈووکیٹ، سید محمد سمیع گردیزی اور دیگر رہنما موجود تھے۔ بعدازاں محرم کمیٹی کے کنوینر محمد عباس صدیقی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عزاداری سیدالشہداء پر کسی قسم کی کوئی پابندی قابل قبول نہیں ہے یہ ہماراآئینی اور قانونی حق ہے جسے کوئی نہیں چھین سکتا، اُنہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ عزاداروں کو تنگ، خوفزدہ اور ہراساں نہیں کرے گی تو مجلس وحدت مسلمین انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی، اگر انتظامیہ نے عزاداروں کے خلاف کسی قسم کی کوئی کاروائی کی ملک بھر میں مجالس اور ماتمی جلوسوں کو احتجاج میں تبدیل کردیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree