The Latest

وحدت نیوز(گڑھی دوپٹہ) حسین ؑ فاتح کربلا، انسانیت کے لیے آپ ؑ کی قربانی تازیست یاد رکھی جائے گی۔آپ ؑ نے آدم ؑ سے لیکر خاتم ؑ تک محنتوں کو بچایا ، آج ساری دنیا حسین ؑ کو یاد کر رہی ہے مگر یزید لعین کا کوئی نام لیوا نہیں ، ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی نے یوم عاشور کے مرکزی جلوس جہلم ویلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ حسین ؑ صرف شیعوں کے نہیں بلکہ انسانیت کے امام ہیں ، جو بھی برائی ، ظلم ، جبر اور قبیح افعال سے نفرت کرتا ہے اس کا امام حسین ؑ ہے ، حسین ؑ کی قربانی بھی انسانیت کے لیے تھی ، اگر حسین ؑ سر نہ کٹاتے تو دین نہیں بچتا تھا ، آپ نے اہل عیال سمیت اپنا سب کچھ دین کی راہ میں لٹا دیا، آج دنیا بھر میں جگہ جگہ حسینؑ حسین ؑ ہو رہا ، یزید لعین کا کوئی نام لیوا نہیں ، اس کا نام ہی گالی بن کر رہ گیا ہے ، حسین ؑ وہ واحد ہستی جو سرکٹا کے بھی زندہ باد ہو گئے ، پیاسے رہ کے بھی جنگ جیت گئے ، اپنے سب اصحاب و احباب کو قربان کر کے بھی فاتح بن گئے ، اور نوک نیزا پر بلند ہو کر قرآن کی تلاوت کر کے بتا دیا کہ تم نے جسے مارا تھا وہ سر کٹا کے بھی زندہ باد ہے جو نہیں مرا تھا وہ جڑے سر کے ساتھ بھی مردہ باد ہے ، حسین ؑ صرف اور صرف نانا محمد ؐ کے دین لیے نکلے ، اپنے جد کی امت کی اصلاح کے لیے نکلے ، اور سب کچھ لٹا کے بتا دیا کہ میرا مقصد کیا تھا ۔ کربلا فلسفہ حیات ہے ، کربلا صرف واقعہ نہیں بلکہ آئین زندگی ہے ۔ آج امت مسلمہ افتراق کے بجائے صرف کربلا کو اپنے لیے درس بنا لے تو کوئی حبیب ابن مظاہر بنے گا ، کوئی زہیر بن قین ، کوئی جون بنے گا تو مسلم ابن عوسجہ بس ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے سوئے ہوئے حسینی ضمیر کو بیدا کریں ۔ دشمن خود ڈھیر ہو جائے گا۔

وحدت نیوز (ہٹیاں بالا) مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دھڑلے سے جاری، عالمی انسانی حقوق کے ادارے خاموش تماشائی، ظلم کی انتہاء ہو چکی ،اب تو جاگا جائے۔ عاشور کے جلوسوں پر لاٹھی چارج اور گرفتاریاں کہاں کی جمہوریت کا اصول ہیں ،عزاداروں کو پابندسلاسل کیا گیا ، جلوس نہیں نکالنے دیئے گئے اور جب نکالے گئے تب لاٹھیاں برسائی گئیں ، مقبوضہ کشمیر کی عوام کو اب مذہبی معاملات و عبادات کی بھی گنجائش نہیں دی جارہی ۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری اطلاعات مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر سید حمید نقوی نے کیا ، انہوں نے کہا کہ مجالس و جلوس ہائے عزا پر پابندی بھارتی تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گی ، انڈیا وقت کے یزید کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ایسی کون سی جمہوریت ہے جو لوگوں کو مذہبی عبادات سے روکے؟ کشمیری اسی لیے تو آزادی چاہتے ہیں کہ وہ حقیقی معنوں میں اپنی زندگی گزار سکیں ، اپنے مذہبی معاملات کی ادائیگی کر سکیں ، انہیں کسی طرح کی روک ٹوک نہ ہو سکے ۔ مگر ان کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا ۔ بھارت یاد رکھ لے کہ یزید نے بھی حسین ؑ کو شہید کر کے سمجھا تھا قصہ ختم ہو گیا ، مگر مظلوم سر کٹا کر بھی فتح یاب ہوئے ظالم سر بچا کر بھی نامراد ہوئے ۔ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ بھارت کو ایک دن ضرور اپنے کیئے پر حساب دینا ہو گا۔ سیکرٹری اطلاعات مولاناسید حمید نقوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کو روز عاشور بھارتی مظالم پر سخت تشویش ہے۔ جبکہ دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر میں کیئے جانے والے بہترین سیکورٹی انتظامات پر چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ، آئی جی آزاد کشمیر ، کمشر ڈویژن ہا، ڈپٹی کمشنر صاحب اور جملہ انتظامیہ ، ڈیوٹی دینے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ اور دعا گو ہے کہ خدا وند ان کی اس ڈیوٹی کو اپنے حضور عبادت شمار فرمائے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی ڈپٹی آرگنائزمولاناسہیل اکبر شیرازی نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جلوس عزاء ومجلس امام حسین پر پابندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کھا ہے کہ کسی بھی صورت میں عزاداری سیدالشہداء امام حسین ع پرپابندی  قابل قبول نہیں  ہے عزاداری ہماری شہ رگ حیات ہے نیشنل ایکشن پلان کے نام پر عزادروں  کوتنگ  کرنا سراسر ناانصافی ہے نیشنل ایکشن پلان دہشت گردوں کےلیے بنا ہے انتظامیہ عزداروں کو تنگ کرنا چھوڑ دے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرے جوکہ آزاد گھوم رہے  ہیں ہم حکام سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ عزاداری روکاوٹیں دورکی جائیں ۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے عزاداری سیل کا اجلاس مرکزی مسئول عزاداری سیل سید اسد عباس نقوی کی زیر صدارت منعقد ہوا،اجلاس میں صوبہ پنجاب کے عزاداری سیل کے عہدیداران نے شرکت کی،اجلاس میں محرم الحرام میں بہترین انتظامات پر انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کی،مرکزی مسئول عزاداری سیل سید اسد عباس نقوی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ملک بھر میں یوم عاشور پر انتظامیہ نے انتہائی ذمہ داری کا ثبوت پیش کرتے ہوئے بہترین سکیورٹی انتظامات کیے جو قابل تحسین ہے،امید ہے کہ شرپسندی اور فرقہ واریت کیخلاف اور امن استحکام کے لئے اسی جذبے کیساتھ آئندہ کے لئے بھی کوششیں جاری  رکھیں گے،علامہ مبارک موسوی نے اپنے خطاب میں انتطامیہ کی کارکردگی کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کی طرح پنجاب میں بھی پرامن انداز میں ایام عزاء کی سکیورٹی و دیگر انتظامات کو ذمہ داری کیساتھ نبھا کر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ نے مثال قائم کی جو قابل ستائش اور لائق تحسین ہے،تاہم پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں کوٹلی لوہاراں مشرقی میں چند مٹھی بھر شرپسندوں نے جلوس عزاء پر حملہ آور ہوکر امن عامہ خراب کرنے کی کوشش کی جس میں سیالکوٹ پولیس ان شرپسندوں پر قابو پانے میں ناکام رہی،شرپسند اب بھی آزاد ہے،اور الٹا عزاداران کیخلاف دہشتگردی کے دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے سیالکوٹ پولیس نے اپنی ناکامی چھپانے کی کوشش کی جو قابل مذمت ہے،ہم وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیں،اور بے گناہوں کو ہراساں کرنے کے عمل کو فوری تدارک کریں۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نےعزاداری سیل کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کربلا سے ہمیں عدل وانصاف،اخوت،بھائی چارے کا درس ملتا ہے۔ہمیں آپس کے اختلافات کو بھلا کر ایک دسترخواں پر بیٹھنا ہوگا۔شیعہ سنی اسلام کے دو بازوں ہیں اور اسلام میں تعصبات کی ہر گز گنجائش نہیں ہے۔ہمیں ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرتے ہوئے بھائی چارے کے ماحول کو پروان چڑھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محرم کے اس مقدس ماہ میں ہمیں تمام تر تعصبات سے بالا تر ہو کر نفرتوں کو بھلانا ہوگا۔کربلاء ایک عظیم درس گاہ ہے۔امام عالی مقام نے سجدے میں سرکٹا کے اسلام کے پرچم کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے سربلند کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد امام عالی مقام کی اس عظیم قربانی کو زندہ رکھنا ہے۔ کربلا ء مسلمانوں کیلئے درس حریت ہیں کربلا ء انسان کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلاتا ہے اور تمام مسلمانوں کی نجات عاشورہ میں مضمر ہے۔ اگر امت مسلمہ غلامی سے نجات چاہتی ہے تو وہ درس کربلاء پر عمل کریں کیونکہ امام حسین ؑ نے کربلاء میں یہی پیغام دیا تھا کہ غلامی کی زنجیروں کو توڑے بغیر مسلمان کامیاب نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلاء نے 61ہجری میں اس وقت کے طاغوت کے خلاف قیام کرکے مسلمانوں کو بتادیا کہ حق کسی باطل کے سامنے جھک نہیں سکتے۔علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اس وقت بھی مسلمانوں کو مختلف طاغوتوں کا سامنا ہے اور یہی طاغوت امت مسلمہ کے اندر فرقہ واریت کے ذریعے انتشار پھیلانے میں مصروف عمل ہے مسلمانوں کو چاہئے کہ مظلوم کربلاء کے پیغام پر عمل کرتے ہوئے غلامی کی زنجیروں کو توڑے تاکہ ملک میں امن و امان قائم ہو۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری سیا سیات سید علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ سنی وشیعہ عزاداران امام حسین ؑ ملک بھر میں تکفیری دہشتگرد وں کی سازشوں کو ہمیشہ ناکام بناتے رہیں گے ،عزاداری نواسہ رسولؐ کے خلاف کسی تکفیری سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی وحدت ہاؤس صوبائی سیکرٹریٹ میں جاری عزاداری سیل کے اجلاس سے خطاب میں کیا اجلاس میں یکم محرم الحرام سے یوم عاشورہ تک صوبہ کے تمام ضلعی سیل کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکرٹری جنرل میثم عابدی، علامہ نشان حیدر ساجدی،علامہ مبشر حسن ،علامہ احسان دانش،علامہ علی انور جعفری،ڈاکٹر مدثر حسین،رضا نقوی ،ناصر الحسینی سمیت ضلعی ذمہ اران موجود تھے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کے مجلس وحدت مسلمین عزاداری سیل 8ربیع اول تک قائم رہے گا اور اس حوالے صوبائی سطح پر مجا لس وجلوس عزاء کی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ اجلاس سے خطاب میں علی حسین نقوی نے عشرہ محرم الحرام کے دوران عزاداران سید الشہداء کو بہترین سیکورٹی و دیگر سہولیات مہیا کرنے کیلئے کی جانے والی انتھک محنت اور کاوشوں پر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ معاون خصوصی برائے مذہبی امور ڈاکٹر قیوم سومرو، ہوم سیکریٹری سندھ، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز سندھ، کمشنر کراچی، بالخصوص ایڈیشنل آئی جی کراچی ، شہر کے تمام ڈی آئی جی ، ایس ایس پی ،ڈپٹی کمشنر زصاحبان اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے آفسران اور جوانوں کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ایام محرم 61 ہجری میں کربلا کی سرزمین پر رونما ہونیوالے عظیم واقعے کی یاد دلاتے ہیں، وہ عظیم واقعہ ہے جس نے اسلام کو نئی زندگی دی، واقعہ کربلا ہمیں اس بات کی طرف دعوت دیتا ہے کہ ہم اسلام پر ہر چیز کو قربان کرسکتے ہیں، لیکن اسلام کو کسی چیز پر قربان نہیں کرسکتے، اس راستے میں اگر جان بھی دینا پڑ جائے تو دریغ نہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم عاشور کی مناسبت سے میڈیا کو جاری کردہ اپنے پیغام میں کیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ امام حسین علیہ السلام نے زمین کربلا پر تمام دینی تعلیمات کو نئی زندگی دی اور نئی روح دی، امام حسین علیہ السلام نے ہمیں کربلا کے میدان میں سبق دیا کہ ہم انسانیت اور مظلوموں کی خاطر قیام کریں، ایثار اور وفا کے اعلٰی ترین نمونے ہمیں کربلا میں ملتے ہیں، کربلا اور امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کی ذات گرامی رہتی دنیا تک کے حریت پسندوں اور غیور مسلم امہ کے لئے مشعل راہ ہیں، امام عالی مقام علیہ السلام نے ظلم و استبداد کے سامنے اپنے بہتر جانثاروں کیساتھ قیام کرکے دنیائے انسانیت کو یہ درس دیا کہ ظالم چاہے کتنا ہی طاقت ور کیوں نہ ہو، اس کے سامنے کلمہ حق کے لئے ڈٹ جانے کا نام ہی حسینیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کربلا حریت پسندوں کی درس گاہ ہے، آج دنیا بھر میں جتنی بھی حریت کی تحریکیں چل رہی ہیں، ان کا مرکز محور امام عالی مقام علیہ السلام کی ذات اقدس ہے، یزید کسی شخص کا نام نہیں بلکہ ایک فاسق، فاجر اور ظلم و بربریت کا کردار ہے، استعماری طاقتیں یزیدی فکر کی پیروکار ہیں، ان کیخلاف آواز اٹھانا اور میدان عمل میں رہنے کا نام ہی حسینیت ہے، کشمیر، فلسطین، شام، یمن میں مسلمانوں کی نسل کشی کے پیچھے چھپے کردار یزید کے پیروکار ہی ہیں، جو نہتے مسلمانوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں، وطن عزیز میں دہشت گردی اور فرقہ واریت کو ہوا دینے والے دراصل اسی فکر کے پیروکار ہیں کہ جنہوں نے کربلا میں نواسہ رسولﷺ اور خاندان رسالت کے گلے کاٹے، امام عالی مقام نے میدان کربلا میں رہتی دنیا تک کی یزیدی قوتوں کو للکارتے ہوئے یہ پیغام دیا، جو دنیا بھر کے حریت پسندوں کے لئے قیامت تک مشعل راہ ہے کہ ذلت ہم سے دور ہے اور مجھ (حسینؑ) جیسا یزید جیسے کی بیعت نہیں کرسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہمیں فکر حسینی پر عمل کرتے ہوئے آپس میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دے کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا، خدا ہمیں ہر دور کے ظالموں کیخلاف میدان عمل میں حسینی کردار ادا کرنے کی توفیق دے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما معروف زاکر اہلبیتؑ علامہ مبشر حسن نے مسجد و امام بارگاہ عابدیہ لیاقت اآباد میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سر تاج انبیاء،خاتم النبین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے اپنی رسالت کا کوئی اجر اپنی امت سے طلب نہ کیا مگر یہ کہ امت انکی آل پاکؑ سے مودت اور محبت کریں۔ بلا شبہ نواسہ رسول ﷺ،سیدالشہداء امام حسین علیہ السلام،حضرت رسول پاک ﷺکے قرابت دار بھی ہیں اور آل عباء کے ایک اہم رکن بھی اور آیۃ مباہلہ کی رو سے فرزند رسول اللہ ﷺ بھی ہیں۔لہذا ہر کلمہ گو مسلمان پرامام حسین ؑ کی محبت اور ان کے دشمنوں سے نفرت فرض ہے۔ماہ محرم وہ مہینہ ہے جس میں نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین ؑ نے یزید جیسے فاسق و فاجر اور بد عقیدہ انسان کی بیعت سے اس لئے انکار کیا چونکہ وہ جس مسند پر جماں ہوا تھا،وہ انبیاء اور انکے معصوم اوصیائکا منصب تھا۔امام حسین ؑ جو وارث خاتم الانبیاء ہیں وہ کیسے اتنے بڑے انحراف اور غصب کو برداشت کرتے کہ جسکی بنا پر پورے اسلامی معاشرے کی بنیادیں متزلزل ہو رہی تھیں اور جسکا اثر صرف اس زمانے تک محدود نہ تھا بلکہ تا قیامت بشر، دین مبین اسلام جیسی ابدی نعمت سے محروم ہو جاتا۔اسی لئے امام حسین ؑ نے یزید کی بیعت کو ٹھکرا تے ہوئے فرمایا کہ و علی الاسلام السّلام اذ قد بلیت الا براع مثل یزید ۔ کہ اسلام پر فاتحہ پڑھ لینی چاہئے اگر یزید جیسا پلید انسان اس امت کا خلیفہ بن بیٹھے۔ پس ماہ محرم الحرام،محمدی اسلام کے خلاف بر سر پیکار قوتوں کی بیعت کے انکار کا نام ہے۔ہر دور کی یزیدیت کے خلاف حسینیت کے قیام کا مہینہ ہے۔محرم الحرام عزاداری سید الشہداء امام حسین ؑ سے تجدید عہد،مودت،محبت اور اظہار وفاداری کا مہینہ ہے ۔

دوسری جانب ملک دشمن تکفیری دہشت گرد اور کالعدم جماعتیں اس ملک کو اندرونی طور پر کمزور کرنے کی اپنی مذموم کو ششوں میں مصروف ہیں اور یہ منحوس یزیدی قوتیں ملک کی سالمیت سے کھیل رہی ہیں لیکن پاکستان کا ہر محب وطن شہری ان تکفیری دہشت گردوں سے نفرت کرتا رہا ہے۔اس ملک میں شدت پسندوں اور کالعدم تکفیری جماعتوں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ہم پاک فوج کے ضرب عضب اور نیشنل ایکش پلان کی بھر پور حمایت کرتے ہیں لیکن ساتھ ساتھ ایسی بعض قوتیں جونیشنل ایکشن پلان کو منحرف کرنا چاہتی ہیں اسکی بھی بھر پور مذمت کرتے ہیں ہم تمام عزاداروں،ماتمی دستوں،بانیان مجالس،ذاکرین عظام اور علماء کرام کے ساتھ ملکر ان شاء اللہ عزاداری سید الشہداء کو پوری قوت اور طاقت کے ساتھ منائیں اور اس راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو پوری طاقت کے ساتھ دور کریں گے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار احمد امامی نے کہا ہے کہ کراچی میں مٹھی بھر تکفیری دہشتگرد عناصر کی جانب سے عزاداران نواسہ رسولؐ پر بڑھتے ہوئے حملے اور اسکے نتیجے میں ہونی والی شہادتوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور ریاستی اداروں کے فول پروف سیکیورٹی کے دعوؤں اور نیشنل ایکشن پلان کی دھجیاں بکھیردی ہیں، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت دہشتگردوں کے خلاف جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کی کامیابی اور سب اچھا ہے کے دعوے کی رٹ لگانے کے بجائے کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیموں اور انکے مذہبی و سیاسی سہولت کاروں، سرپرستوں و دہشتگرد ساز نام نہاد مدارس کے خلاف فی الفور آپریشن کا آغاز کرے، جو محرم الحرام میں کراچی شہر کی پُرامن فضا کو سبوتاژ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلستان جوہر میں منصور صادق زیدی کے قتل اور گلشن اقبال میں مجلس عزاء کے دوران فائرنگ کے نتیجہ میں دو شیعہ افراد کے ذخمی ہونے دہشتگردی کے خلاف نشترپارک تا نمائش چورنگی نکالے گئی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنما میثم عابدی، علامہ مبشر حسن، ناصر حسینی، کاظم عباس بھی موجود تھے۔ احتجاجی ماتمی جلوس میں شریک عزاداران نواسہ رسولؐ سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مختار امامی نے مزید کہا کہ ایک طرف تو کراچی سمیت ملک بھر میں کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیمیں آزادانہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، تو دوسری جانب تکفیری دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے بجائے ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کو شہری و حکومتی اجلاسوں میں مدعو کیا جا رہا ہے، جس کا لازمی نتیجہ کراچی سمیت ملک بھر میں محب وطن اہل تشیع مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ و نسل کشی کی صورت میں برآمد ہو رہا ہے۔ مرکزی رہنما ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ ملک دشمن تکفیری دہشتگرد اور کالعدم جماعتیں مملکت خداداد پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے مسلسل سازشیں کر رہی ہیں، تکفیری یزیدی قوتیں ملکی سالمیت سے کھیل رہی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت و ریاستی اداروں کی صفوں میں ضیا باقیات کی صورت میں تکفیری دہشتگرد عناصر کے سہولت کار موجود ہیں، جونیشنل ایکشن پلان کو منحرف اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو ناکامیوں میں تبدیل کرنا چاہتی ہیں، لہٰذا ملک میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کیلئے حکومتی و ریاستی اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کا صفایا کرنا لازمی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنی شیعہ عزاداران امام حسین ؑ ملک بھر میں تکفیری دہشتگرد عناصر کی تمام تر سازشوں کو ماضی کی طرح اب بھی ناکام بناتے ہوئے عزاداری سید الشہداء کو پوری قوت اور طاقت کے ساتھ جاری و ساری رکھیں گے، عزاداری کو بزدلانہ دہشتگرد حملوں سمیت کسی بھی سازش کا شکار نہیں ہونے دینگے اور نہ ہی ان دہشتگردانہ کارروائیوں سے عزاداروں کے حوصلوں میں رتی برابر بھی کمی واقع نہیں ہوگی۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک علی موسوی نے صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پنجاب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام ایک ایسے وقت میں منا رہے ہیں جب نجس اور ناپاک دشمن اس پاک وطن کی سرحدوں پر اشتعال انگیزی میں مصروف ہے اور ہمارے دلاور مخافظ جذبہ مرتضوی و شبیری سے لیس ہو کر اپنی مادر وطن کا دفاع کر رہے ہیں ،ہونا تو یہ چاہئے تھاکہ اس حساس موقع پر ہم اپنی باہمی وحدت اور نظم کے ذریعے دشمن کو ایک طاقتور پیغام دیتے مگردشمن کے آلا کار جو ہماری صفوں میں گھسے ہوئے ہیں وہ دن رات اس کوشش میں سر گرداں ہیں کہ کس طرح ہمیں داخلی مسائل میں الجھایا جائے۔بعض اوقات ہمارے نا عاقبت اندیش افسران ان کی کی سازشوں کا شکار ہو جاتے ہیں مثلاً عزاداری سید الشہدا جو ہم سب کی مشترکہ میراث ہے اور جو کہ اس وقت ملک کے طول و عرض میں برپا ہے اس پر پنجاب کی جیلو ں میں پابندی لگا دی گئی ہے ، مجلس وحدت مسلمین کے مسلسل رابطہ کرنے کے باوجود اس مسئلہ کو نظر انداز کیا جارہا ہے ، آئین پاکستان ہر شخص کو چاہے وہ اسیر ہی کیوں نہ ہو مذہبی آزادی کی مکمل ضمانت دیتا ہے ،اڈیالہ جیل کی مثال لے لیں جہاں کئی دہائیوں سے ہونے والے اہل تشیع اسراء کے جمعہ کی نماز کے اجتماعات پر پابندی لگائی گئی ہے ،عشرہ محرم الحرام میں وہاں پر ذاکرین کے جانے اور مجالس امام مظلوم پر بھی پابندی لگائی گئی ہے ،ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کی بھی یہی صورتحال ہے اور وہاں حالات بدتری کی طرف جا رہے ہیں ہماری اطلاعات کے مطابق وہاں قیدیوں نے بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے،ہم ایسے ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم ذمہ داران کو ان مشکلات سے آگاہ کرتے رہے ہیں اور اس کے لئے متعدد طریقے اختیار کئے گئے جن میں حکومت وقت سے لے کر انتظامیہ کو خطوط لکھے گے ان سے ملاقاتیں کی گئیں مگر حالات کو خرابی کی طرف دکھیلا جا رہا ہے لہذا آج ہم آپ کے ذریعے ذمہ داران کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ روش کو درست کریں ہم عزاداری مظلوم کربلا پر کسی قسم کا سمجھوتا کرنے کو تیار نہیں اور نہ ہی اس سے ایک قدم پیچھے ہٹیں گے ۔اس موقع پرسید محسن شہریارممبر پولیٹیکل ایگزیکٹیو کونسل مجلس وحدت مسلمین پاکستان،علامہ سید نیاز بخاری،سید حسین زیدی،باقر حسین ایڈوکیٹ،زاہد حسین مہدوی بھی ان کےہمراہ پریس کانفرنس میں شریک تھے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree