The Latest

وحدت نیوز (اسلام آباد) جامعہ امام صادقؑ میں منعقدہ مرکزی پیام وحدت کنونشن کے اختتام پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تیسری مدت کیلئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا مرکزی سیکریٹری جنرل کا منتخب ہونے  کے بعد تنظیمی عہدیدران و کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم و ملت کی سربلندی اور وطن کے استحکام کے لیے میری جدوجہد بلا خوف خطر جاری رہے گی، میں آپ جیسےپاک ، نجیب، شریف ،کریم دوستوں کی ہمکاری کے بغیر معاشرے میں عدل الہیٰ کے نفاذکی تحریک کا پرچم نہیں اٹھا سکتا،میں یقین دلاتا ہوں کہ ہماری جدوجہد کی تاریخ کے کسی صفحے پر  خیانت کی سیاہی کے دھبے نہیں ملیں گے،شہید قائدعالامہ عارف حسین الحسینی کے مشن عظیم کی تکمیل کیلئے اکیلا بھی رہ گیا تو خون کے آخری قطرے تک میدان میں حاضر رہوں گا،کوئی بھی حکمران ہمیں ہمارے اصولی موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔انہوں نے کہاہم معاشرے کو شیعہ اور سنی نہیں بلکہ ظالم اور مظلوم کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں بلا تخصیص مسلک و مذہب دو گروہ ایک دوسرے کے مقابلے میں صف آرا ہیں۔ایک گروہ مظلومین کا اور دوسرا ظالمین کا۔ہمیں آپ ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑا دیکھیں گے۔پاکستان کے پاک وجود کو داعش سمیت کسی بھی دہشت گرد طاقت کے نجس وجود سے آلودہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وطن عزیز کو اس وقت لاتعداد چینلجز کا سامنا ہے۔نفرتیں پھیلا کر قوم کو تقسیم کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے تاکہ پاکستان قوم متحد نہ ہو سکے۔ہمیں اپنے اتحاد و اخوت کے عملی اظہار سے ان ناپاک ارادوں کو خاک میں ملانا ہو گا۔حکمران عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی بجائے آئے روز گرتی ہوئی لاشوں کے تماش بین بنے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹرز، پروفیسرز ،ہونہار طلبہ اور علم کی روشنیاں بکھیرنے والوں سے زندگیاں چھینی جا رہی ہیں۔ہمارے لوگوں کی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے اور دوسری طرف نیشنل ایکشن پلان کے نام پر ہمارے ہی لوگوں کے خلاف مقدمات بھی درج ہو رہے ہیں۔ قانون انصاف کو طاقت کے زور پر پامال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد جتنا بڑا مجرم ہے اتنا ہی بڑا مجرم اس کا سہولت کار بھی ہے۔ دونوں ملک کے امن و سکون اور انسانیت کے دشمن ہیں۔وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے ان مذموم عناصر کے سختی سے کچلنا ہو گا۔عالمی استکباری قوتیں پاکستان کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھ سکتیں۔ان کے حلقہ اثر سے آزادی ہی حقیقی آزادی سمجھی جائے گی۔یہ طاقتیں قائد و اقبال کے اسلامی پاکستان کو مسلکی پاکستان کی شکل دینا چاہتے ہیں تاکہ تصادم کی راہ ہموار ہو ۔اس ملک میں بسنے والے سنی ، شیعہ ،عیسائی، ہندو اور دیگر تمام مکاتب فکر کو مذہب و مسلک کی بنیاد سے آزاد ہو کر برابری کے حقوق حاصل ہیں۔جہاد کشمیر اگر عین اسلامی تھا تو ریاست اعلان کرتی ہم بھی فرنٹ لائن میں بھارت کے خلاف صف آراءہوتے ایک مخصوص سوچ کے حامل گروہ کو کیوں جہادی بنایا گیا، ملک میں موجود سیاستدانوں، فوج، بیورکریسی اور عدلیہ سمیت سب کو اپنی اپنی حدود میں رہتے ہوئے قومی ترقی و خوشحالی کے لیے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔جن کا کام سیاسی جماعتیں بنایا نہیں وہ یہ کام نہ کریں، گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے حقوق دے جائیں۔ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے جہادی گروہوں کو پالنے کی ضرورت نہیں اگر جنگ کرنی ہے تو تو عوام کو آواز دی جائے ۔ملک کے باوفابیٹے ایک آواز پر میدان میں موجود ہوں گے۔پاک ایران مضبوط تعلقات کےہائی لیول  اسٹریٹجک کونسل تشکیل دی جائے جسے میں دونوں ممالک کے لوگ شامل ہوں تاکہ غلط فہمیوں کو تقویت نہ مل سکے اورمتنازعہ معاملات کا احسن انداز میں حل نکالا جا سکے۔پاک ایران کے مضبوط تعلقات خطے کے استحکام میں بہترین کر دار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی حقوق کے حصول کے لیے آئینی جدوجہد جاری رہے گی۔جو لوگ ریاست میں مسلح جدوجہد کے قائل ہیں وہ غدار ہیں۔مقاصد کے حصول کے لیے آئین و قانون کی پابندی ہمارا طرہ امتیا ز رہا ہے۔پاکستان میں مہذب احتجاج کی روایت ہم نے ڈالی ہےآج جس کی تقلید کی جاتی ہے۔پانامہ لیکس کے منظر عام پر آنے کے بعد یہ حقیقت آشکار ہو چکی ہے کہ حکمران صرف کرپٹ ہی نہیں بلکہ اخلاقی قدروں سے بھی عاری ہیں۔ہم اس کرپشن کے خلاف پورے عزم اور نئے ولولے سے آگے بڑھیں گے۔

وحدت نیوز(اسلا م آباد)علامہ راجہ ناصر عبا س جعفری کوبھاری اکثریت سے تیسری مرتبہ برائے (سال19-2016)کیلئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا مرکزی جنرل سیکرٹری (سربراہ) منتخب کر لیا گیا۔ مرکزی سیکرٹری جنرل کے انتخاب کے لیے ملک بھر کے 80 سے زائد اضلاع ، پانچوں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور مرکزی کابینہ سےتعلق رکھنے والے  اراکین مرکزی شوریٰ نے انتخابی عمل میں حصہ لیا۔رائے شماری جامع امام الصادقؑ میں ہوئی،جنرل سیکرٹری کی نشست کے لیے علامہ ناصر عباس جعفری کے مد مقابل انتخابی مقابلے میں  علامہ امین شہیدی اور علامہ احمد اقبال رضوی شامل  تھے ۔نتائج کا اعلان شوری عالی کے چیئرمین علامہ شیخ صلاح الدین نے کیا۔

تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے علامہ ناصر عباس جعفری مجلس وحدت مسلمین کے تیسری بار سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے ہیں، انہیں شوریٰ مرکزی نے بھاری اکثریت سے ایک بار پھر سیکرٹری جنرل کیلئے منتخب کرلیا ہے، شوریٰ عالی کے سربراہ علامہ شیخ حسن صلاح الدین نے نئے جنرل کا اعلان کیا، اس سے پہلے گذشتہ روز شوریٰ عالی کے اجلاس میں علامہ ناصر عباس نے درخواست کی تھی کہ ان کا نام ڈراپ کیا جائے اور کسی کو یہ ذمہ داریاں سنبھالنے کا موقع دیا جائے، تاہم ذرائع کے مطابق شوریٰ عالی کے معزز ممبران نے یہ کہتے ہوئے نام شامل کرلیا تھا کہ یہ فیصلہ شوریٰ عالی نے اکثریت رائے اور باہمی مشاورت سے کرنا ہے۔ کنونشن کے آخری روز مرکزی شوری کا اجلاس طلب ہوا جس میں تمام اضلاع سے دو دو ارکان، صوبائی کابینہ کے ارکان اور سبکدوش مرکزی کابینہ کے ارکان نے شرکت کی اور انتخابی عمل میں حصہ لیا۔ اجلاس کو شوریٰ عالی کی طرف سے تین نام پیش کیے گئے تھے جن میں علامہ ناصر عباس جعفری، علامہ محمد امین شہیدی اور علامہ احمد اقبال رضوی شامل تھے۔ شوریٰ مرکزی سے ان تین ناموں میں سے کسی ایک نام کو سیکرٹری جنرل کے طور پر منتخب کرنے کا کہا گیا۔ ممبر شوریٰ عالی علامہ سید حسنین گردیزی کی سربراہی میں تمام انتخابی عمل انتہائی شفاف طریقے سے انجام پایا۔ اس موقع پر علامہ ناصر عباس کا شاندار استقبال کیا گیا اور فلک شگاف نعرے بلند کیے گئے۔ تمام علماء کرام اور شوریٰ مرکزی کے ارکان نے علامہ ناصر عباس جعفری کو مبارکباد پیش کی اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ کنونشن کے موقع پر ملک بھر سے 80 زائد اضلاع شریک تھے۔ کنونشن میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے بھی ذمہ داران موجود تھے

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مرکزی کابینہ سمیت اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے،آئندہ تین برس کیلئےنئے مرکزی سیکریٹری جنرل کا انتخاب عمل لانے کیلئےووٹنگ کا عمل سربراہ شوریٰ عالی حجتہ الاسلام علامہ شیخ حسن صلاح الدین کی نگرانی میں جاری ہے ، اراکین شوریٰ مرکزی  شوریٰ عالی کی جانب سے اعلان کردہ تین ناموں جن میں علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ، علامہ امین شہیدی اور علامہ احمد اقبال رضوی شامل ہیں میں سے کسی ایک کے بحیثیت مرکزی سیکریٹری جنرل انتخاب کیلئے حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں ، ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد نماز ظہرین کے اختتام پر پیام وحدت کانفرنس منعقد کی جائے گی اور بعدازاں شوریٰ عالی کی جانب سے نومنتخب مرکزی سیکریٹری جنرل کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کی مرکزی شوریٰ کے اراکین پر مشتمل قافلہ مرکزی کنونشن میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ گیا ہے
 ایم ڈبلیو ایم کے ترجمان علامہ علی انور جعفری کے مطابق قافلہ کی قیادت صوبائی رہنما مولانا نشان حیدر، ناصر حسینی، حیدر زیدی، مولانا احسان دانش، مولانا صادق جعفری نے کی۔ روانگی کے موقع پر مولانا نشان حیدر کا کہنا تھا کہ پیام وحدت کنونشن ملک میں وحدت، امن و آشتی اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، ایم ڈبلیو ایم کے قیام کا مقصد ملک میں داخلی وحدت قائم کرکے استعماری قوتوں کے خلاف سینہ سپر ہونا ہے، ہمارا ماضی گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ ملک میں تکفیریت کے خلاف اپنی آواز بلند کی اور اپنے اہل سنت برادران کے ساتھ مل کر عملی جدوجہد کے ذریعے ملک میں امن کے قیام کی راہ ہموار کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکزی کنونشن میں ملک بھر سے علمائے کرام، ذاکرین عظام اور تنظیمی احباب شرکت کریں گے۔ مرکزی کنونشن میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، علامہ امین شہیدی، علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ مختار امامی، علامہ باقر زیدی، ناصر عباس شیرازی، مہدی عابدی سمیت دیگر مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔ مرکزی کنونشن کے آخری روز آئندہ تنظیمی سال کیلئے نئے سیکریٹری جنرل کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

وحدت (مظفرآباد) آزاد کشمیر کے آمدہ الیکشن میں مجلس وحدت مسلمین کا جاندار کردار ہوگا، پاکستان اور گلگت بلتستان کے الیکشن کے بعد آزاد کشمیر میں بھی بھرپور فعالیت کریں ، مشاورتی عمل شروع ہے ، انٹرا پارٹی الیکشن کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ،ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ نے یہاں مظفرآباد میں صحافی برادران کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا اس موقع پر ریاستی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی، سیکرٹری سیاسیات سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ ، سیکرٹری اطلاعات سید حمید حسین نقوی بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین وہ واحد جماعت ہے جو گراس روٹ لیول تک کے فیصلوں کا احترام کرتی ہے ، کراچی سے کشمیر تک ہم نے اتحاد و وحدت کے لیے کام کیا ، اس کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے ، ملک کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کے محافظ بن کر میدان میں اترے ہیں ، ملک دشمنوں کے لیے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے ، ہم نے ہمیشہ مثبت سیاست کی ، ہماری سیاست شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی امنگوں کی ترجمان ہے ، حضرت علی ؑ کے فرمان کے مطابق کہ ہر مظلوم کے حامی اور ظالم کے دشمن بن جاؤ ، ہم آگے بڑھ رہے ہیں ، ظالم کا تعلق کسی بھی مسلک سے ہو گا ہم اس کے مخالف ہیں اور مظلوم کا تعلق جہاں سے بھی گا ، ہم اس کے حامی و مدد گا ر ہیں ، ملکی امن ،سلامتی ، بھائی چارے کے لیے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم خدمت خلق کی سیاست کرتے ہیں ، ہم پرھی لکھی اور نیک سیرت قیادت متعارف کروائیں گے ، پاکستان و گلگت بلتستان میں جہاں بھی ہمارے ممبران اسمبلی ہیں وہ بلا تفریق مذہب و مسلک انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ، ہم خدمت انسانیت پر یقین رکھتے ہیں ، شیعہ سنی وحدت کے لیے کام کرنے والی واحد ہماری جماعت ہے جس نے عملی مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان میں کئی مثالیں رقم کیں ہیں ،پاکستان میں کئی جگہ اہلسنت نے ہمارے ساتھ تعاون کیا اور جہاں انہیں ہماری ضرورت پڑی ہم نے بھی دریغ نہیں کیا، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان بنانے والے پاکستان بچانے کے لیے اکٹھے ہوجائیں ، تفرقہ بازی کرنے والی کالی بھیڑوں کو اپنی صفوں سے نکال دیں ،تکفیری عناصر ملک و اسلام دشمن ہیں، ان کا ملکر مقابلہ کریں گے ، تاریخ گواہ ہے طالبان سے مذاکرات کی مخالف میں سب سے مضبوط آواز مجلس وحدت نے بلند کی اور اپنے مؤقف پر قائم رہی ، ان کی مذموم کاروائیوں کے خلاف علم بغاوت بلند کیا اور پھر وقت نے ثابت کیا کہ ہمارا مؤقف ملک دوست مؤقف تھا۔

سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے تمام تر مسائل سے باخوبی آگاہ ہے، وہ خطہ جہاں سے پورے ملک کو بجلی تقسیم کی جارہی ہے ، شدید ترین لوڈشیڈنگ کا شکار ہے، نیلم جہلم پراجیکٹ کے لیے کوئی معاہدہ نہیں ہے ، سڑکوں کی حالت خراب ہے ، کئی دنوں سے نیلم کی عوام محصور ہے اور اس جانب کسی نے کوئی توجہ نہیں دی ، اسی طرح صحت ، تعلیم اور روزگار کے مسائل ہیں جن کے لیے مجلس وحدت آواز اٹھائے گی۔ خطے کی محرومیوں ،استحصالیوں اور نااانصافیوں کے خلاف بھرپور عوامی جدوجہد کریں گے ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مجلس وحدت مسلمین کا ایک کلی منشور ہے کشمیر کے لیے الگ سے ترتیب دیں گے ، دوست کام کر رہے ہیں بہت جلد منشور عوام کے سامنے پیش کریں ، منشور عام آدمی کی آواز ہو گا ، مجلس وحدت مسلمین کے تمام تر فیصلے پولیٹیکل کونسل آزاد کشمیر کرے گی ، اوپر سے کوئی بھی فیصلہ نافذ نہیں کیا جائے گا۔ پولیٹیکل کونسل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر بااختیار ہے یہاں کے معروضی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے جو بھی فیصلہ ہو گا ، قیادت ان کے ساتھ ہو گی۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا مرکزی تین روزہ ''پیام وحدت کنونشن ''جمعہ سے اسلام آباد میں شروع ہوگیا، کنونشن کی صدارت مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس راجہ ناصر عباس جعفری کریں گے، کنونشن میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے صوبائی اور ضلعی رہنما شریک ہوں گے۔ پیام وحدت کنونشن میں ملتان سے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی کی قیادت میں اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ ملتان سے وفد میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، وسیم عباس زیدی، انجینیئر مہر سخاوت علی اور میڈیا کوارڈینیٹر ثقلین نقوی شامل ہیں۔ کنونشن میں دیگر تنظیموں کے سربراہان اور رہنما بھی شرکت کریں گے۔ کنونشن کے آخری روز آئندہ تین سال کے لیے نئے مرکزی سیکرٹری جنرل کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس سے قبل علامہ ناصر عباس جعفری تنظیم کے سیکرٹری جنرل ہیں۔ کنونشن کے آخر میں نومنتخب سیکرٹری جنرل میڈیا کو بریفنگ دیں گے اور تنظیمی پالیسیوں کا اعلان کریں گے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے زیر اہتمام ایک روزہ تربیتی ورکشاپ مدرسہ خاتم النبیین ۖ میں منعقد ہوئی۔ ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین، ملک میں دینی اقدار کی سربلندی اور فکر خمینی کے احیاء کے لئے تشکیل دی گئی۔ ہم تنظیم کو الٰہی اھداف کے حصول کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ دریں اثناء مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کی صوبائی کابینہ، ڈویژنل اور ضلعی ذمہ داران، مرکزی تنظیمی کنونشن میں شرکت کے لئے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ وفد کی قیادت صوبائی سیکریٹری امور جوان عبدالوہاب لغاری، غلام عباس لاشاری،سید شبیر شاہ کر رہے ہیں۔ وفد کی روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پیام وحدت کنونشن ملک میں اتحاد بین المسلمین اور سامراج مخالف جدوجہد کا مظہر ہوگا، اپنی انقلابی جدوجہد کے باعث مجلس وحدت مسلمین عوام کی امیدوں کا مرکز بن چکی ہے۔ بھارتی ایجنٹ کے بعد افغانی جاسوس کی گرفتاری اس بات کا بین ثبوت ہے کہ ملک میں جاری فرقہ وارانہ منافرت اور دھشت گردی کے پیچھے بیرونی قوتوں کا ہاتھ ہے۔ ایسے درجنوں امریکی ایجنٹ ملک کے گلی کوچوں میں دندناتے پھر رہے ہیں، مگر ہمارے ارباب اقتدار میں امریکی جرائم سے پردہ اٹھانے کی ہمت اور حوصلہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اب سندھ کے مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے مراکز کے خلاف آپریشن کا آغاز کرے، کیونکہ دہشت گردوں کے مراکز کے خلاف آپریشن ناگزیر ہوچکا ہے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام تین روزہ مرکزی "پیام وحدت کنونشن" کا آج اسلام آباد میں آغاز ہو گیاہے، جس میں شرکت کے لئے کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک بھر سے اسی سے زائد اضلاع شرکت کر رہے ہیں۔ کنونشن 8 اپریل تا 10 اپریل تک جامع امام الصادق جی نائن ٹو اسلام آباد میں جاری رہے گا۔ تنظیمی کارکنان و عہدیداران کے علاوہ ملک بھر سے علماء کرام اور نامور مذہبی، سماجی و سیاسی شخصیات بھی شرکت کریں گی۔ یہ کنونشن اس اعتبار سے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا انتخاب بھی اسی کنونشن کے موقع پر عمل میں آئیگا۔ تنظیمی منشور کے مطابق ہر تین سال بعد مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا تقرر کیا جاتا ہے۔ دستور کے مطابق ہر تین سال بعد تمام صوبے اپنی جانب سے شوریٰ عالی کو نئے سیکرٹری جنرل کیلئے دو، دو نام ارسال کریں گے، اسی طرح مرکزی کابینہ بھی اپنی جانب سے دو نام ارسال کرے گی، جس پر شوریٰ عالی دیئے گئے ناموں میں سے دو نام اور اپنی طرف سے ایک نام شامل کرکے تین نام مرکزی شوریٰ میں پیش کرے گی۔ مرکزی شوریٰ ان تین ناموں سے ایک نام کو مرکزی سیکرٹری جنرل کے طور پر چن لے گی، دستور کے مطابق 51 فیصد سے زائد ووٹ لینے والا امیدوار تنظیم کا نیا سیکرٹری جنرل قرار پائیگا۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری  نے گذشتہ روز کراچی میں سر عام شفق موڑ پر نماز جمعہ سے واپسی گھر جاتے ہوئے گھات لگائے ہوئے ملزمان کی جانب سےایک شیعہ باپ بیٹے اور بھتیجے کی ٹارگٹ کلنگ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو ریاستی اداروں کی نا اہلی قرار دیا ہے ۔ وحدت ہاؤس کراچی سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہر قائد ایک بار پھر کالعدم دہشتگرد جماعتوں کی آماجگاہ بنتا جا رہا ہے جس کی بڑی وجہ حکومت و ریاستی داروں کی جانب سے ابتک کسی کالعدم جماعت کے خلاف آپریشن نہیں ہے شہر میں دوبارہ فرقہ واریت پھیلانے کی سازش کی جا رہی ہے جس کی واضح مثال آج بفرزون جامع مسجد و امام بارگاہ باب نجف سے نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد گھر جاتے ہوئے ایک ہی خاندان کے تین افراد کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیاواقعے میں ایک ہی گھر کے دو بے گناہ افراد 55سالہ شاہد حسین کاظمی عرف ہاشم اور ان کے بیٹے 28سالہ علی سجاد کاظمی دہشتگردوں کی فائرنگ سے موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ ان کے عزیز25سالہ شمیم رضوی شدید زخمی ہیں دہشتگری کے اس واقع کی جتنی مذمت کی جائے کم ہیں ۔علامہ راجہ ناصرعباس  نے واقعے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے حکومت سے قاتلوں کی جلد از جلد گرفتاری سمیت شہرمیں کالعدم جماعتوں کے خلاف آپریشن کا مطالبہ کیا۔دریں اثناء دہشتگردی کے واقعے میں شہید شاہد حسین کاظمی اور ان کے لخت جگرعلی سجاد کاظمی کی نماز جنازہ بعد نماز عشاء مسجد و امام بارگاہ خیر العمل انچولی میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین وادی حسین کی قبرستان سپر ہائیوے میں جائے گی ۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویزن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پانامہ لیکس کے انکشافات حقیقات پر مبنی ہیں۔ ہمارے ملک میں کرپشن اور بدعنوانی اس لئے بڑھی کہ کسی نے بھی آئین اور قانون کی پابندی نہیں کی۔ پانامہ لیکس اسکینڈل میں جو بھی ملوث ہیں اُن کو عوام کے سامنے جوابدہ ہونا چاہئے، جب تک ملک میں آئین اور قانون کی پاسداری نہیں کی جاتی اُس وقت کسی کا احتساب کرنا مشکل ہے، ملک اس لئے بحرانوں سے دوچار ہے۔ یہاں جب تک کوئی بھی کرپشن یابدعنوانی میں ملوث ہوتاہے تو وہ اپنی سرمایہ کاری کسی اور ملک منتقل کرکے پھر اُس کو صاف و شفاف قرار دیئے ہیں، وزیر اعظم ایک با اختیار کمیشن بنائیں۔ میاں نواز شریف اپنے بچوں کے ساتھ کمیشن میں پیش ہوں۔ پانامہ لیکس پر جیو ڈیشل کمیشن بنانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انکشافات کی تحقیقات الیکشن کمیشن، ایف آئی اے، نیب اور ایف بی آر کو کرنی چاہئے۔ چیف جسٹس آف پاکستان اس معاملہ پر از خود نوٹس لیں۔ ہمارے حکمران، سیاستدان اور اشرافیہ احتساب سے ماورا ہیں، ان کا جوڈیشل کمیشن سے کچھ نہیں بگڑے گا۔ ہمارے ملک کو دہشت گردی اور بہت سے دیگر مسائل کا سامنا ہے، لیکن ہمارے حکمران اور اشرافیہ فرضی کمپنیوں کے ذریعے سمندر پار دولت کےَ انبار رکھتی ہے۔ یہ تمام افراد پاکستان کے با اثر خاندان ہیں، یہ خاندان پاکستان کے مختلف جماعتوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ اوریہ وہ کمزوری ہے، جس کی وجہ سے پاکستان میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کے کسی مقدمے کا فیصلہ نہیں ہوتا، کیونکہ ملک کی ہر حکومت اور اپوزیشن کے ڈانڈے پانامہ کی اس فرم سے جاکر ملتے ہیں۔ ملک میں مقدمہ بنانے، تحقیقات کرنے اور فیصلہ کرنے والے بھی اس فرم کے کلائنٹ ہیں۔ یہ تمام لوگ ایک خاص مقام پر ایک ہو جاتے ہیں، یہ ایک دوسرے کے مفادات کا خیال رکھتے ہیں۔ یہ بہت سنگین معاملہ ہے اس میں ملک کے وزیر اعظم کا نام اتنے بڑے اسکینڈل میں آیا ہے، لہذا اس معاملے کو صاف کرنے، شفاف بنانے اور پوری قوم کا اعتماد بحال کرنے کے لئے سخت تحقیقات اور احتساب کی ضرورت ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree