وحدت نیوز(ڈیرہ اسماعیل خان) خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک بار پھر سے محکمہ اوقاف نے کوٹلی امام حسینؑ کی زمین پر ناجائز قبضہ کرنیوالوں کو کھلے عام مارکیٹ بنانے کی اجازت دے دی، اس کے ساتھ ہی کوٹلی امام حسینؑ کی زمین کے کچھ حصے کا انتقال بھی کر دیا۔ آج بعد از نماز جمعہ کوٹلی امام حسینؑ میں مجلس وحدت مسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، انجمن تھلہ متولیان اور شیعہ ینگ مین نے مل کر محکمہ اوقاف کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پر امن مظاہرین نے محکمہ اوقاف کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور کوٹلی امام حسینؑ کے ناجائز قبضے کو فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے شرکاء سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ غضنفر عباس شاہ نے کہا ہے کہ کوٹلی امام حسینؑ پر محکمہ اوقاف ناجائز قابض ہے، ہم نے ڈپٹی کمشنر سے کئی بار گذارشات کیں کہ اس معاملے کو احسن طریقے سے حل کریں، مگر انہوں نے کسی قسم کا تعاون نہیں کیا، کوٹلی امام حسین کا مسئلہ ہم نے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے سامنے بھی پیش کیا، لیکن انہوں نے بھی کوئی تعاون نہیں کیا اور صرف زبانی دعووں تک محدود رہے۔ علامہ غضنفر عباس کا مزید کہنا تھا کہ کوٹلی امام حسینؑ کی 327 کنال اراضی ایک ہندو شخص نے پاک و ہند کی تقسیم سے پہلے عزاداری کیلئے وقف کی تھی اور یہ کیسے مسلمان ہیں، جو امام حسینؑ کی جاگیر اونے پونے داموں بیچ رہے ہیں۔ ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ پرامن رہتے ہوئے اس مسئلے کا حل نکال لیں، شاید ڈی آئی خان کی انتظامیہ بھول گئی ہے کہ 10 ستمبر 1988ء کو ہم نے اپنے خون سے تاریخ لکھی اور امام حسینؑ کی عزاداری پر آنچ تک نہیں آنے دی، لہٰذا حکومت کو چاہیئے کہ ہمیں مجبور نہ کرے کہ پھر سے ڈیرہ اسماعیل خان کا امن خراب ہو۔

وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے پولیس بھرتیوں کے مہینوں بعد بھی آرڈرز جاری نہ کرنے پر حکومت اور محکمہ پولیس کے ذمہ داران کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے متنبہ کیا کہ ایک علاقے میں اقربا پروری کی شکایات پر پورے خطے کی بھرتیوں کو روکنا عوام کیساتھ زیادتی ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ گلگت کیساتھ بلتستان اور دیگر علاقوں میں بھی اپنی من مانی کے تحت بھرتیاں کریں، جسے ہم کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔ آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ چونکہ بلتستان ریجن میں کہیں بھی کسی بھی فریق کو پولیس بھرتیوں پر کوئی شکایت نہیں اسلئے حکومت کے لئے ضروری ہے کہ فی الفور تعیناتی کے آرڈر جاری کراکر خطے کی سکیورٹی ضروریات کو پوری کرنے کیلئے پولیس کی نفری بڑھائیں۔ حکومت پہلے ہی کئی مہینے ضائع کرچکے اب مزید تاخیری حربے اختیار کریں تو ہم بھرپور عوامی ردعمل پر مجبور ہونگے۔ آئی جی پی اور دیگر ذمہ داران اپنی ذمہ داریوں کو پوری کرتے ہوئے عوامی آواز اور محکمے کی ضروریات کو پوری کرنے کیلئے فوری اقدام کریں۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن کا آغاز جامعۃ الصادقؑ اسلام آباد میں ہو چکا ہے۔کنونشن کے پہلے روز جشن مولود کعبہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ظہیر الحسن نقوی نے مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہا حضرت علی علیہ السلام کے خطبات ، فرمودات اور خطوط نہ صرف فصاحت و بلاغت کا نادر نمونہ ہے بلکہ باوقار زندگی گزارنے کے پُرحکمت اصول بھی ان میں وضع کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا حضرت علی علیہ السلام کی سیاسی زندگی کمالات سے بھرپور ہے۔مولا کائنات جب اپنا کوئی ذاتی کام کرنے لگتے تو بیت المال کی طرف سے ملے گئے چراغ کو بجا دیتے ۔صاحبان اقتدار اگر حضرت علی علیہ السلام کے کردار کو عملی زندگی میں اپنا لیں تو بہت سارے بحرانوں سے نکلا جا سکتا ہے۔

مولانا علی اکبر کاظمی نے کہا کہ حضرت علی ؑ کے دور میں جن خارجیوں نے اسلام کے نام پر دین کو من پسند ڈگر پر چلانے کی کوشش کی آج ان کی اولادیں داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں بنا کر اسلام کے تشخص کو داغدار کرنا چاہتی ہیں۔ ان سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے حضرت علی ؑ کی جرات اور افکار کی پیروی کرنا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ مولائے کائنات سے محبت و عقیدت کا عملی اظہار اپنے کردار کو اسلام کے اصولوں میں ڈھال کر کیا جا سکتا ہے۔

تقریب میں شاعر اہلبیت زوار حسین بسمل،اعتزاز حیدر اور فرحان علی وارث نے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔تقریب کے پہلے روز کی آخری نشست کا انعقاد شب شہدا کے طور پر کیا گیا جس میں علامہ احمد اقبال رضوی نے خطاب کیا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری اور سابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ، اس موقع پر دونوں رہنماوں کے درمیان موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت پانامہ کیس، سعودی فوجی اتحاد میں شمولیت اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،علامہ راجہ ناصرعباس کا نیئربخاری سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ پانامہ کیس کے فیصلے میں تعطل ایک اندیکھے سیاسی بحران کو جنم دے رہا ہے، عوام قومی مفاد میں اعلیٰ عدلیہ کےاس اہم فیصلےکے انتظارمیں  اضطراب کا شکار ہیں ، انہوں نے کہا کہ پی پی پی ایوان بالا اور ایوان زیریں میں سعودی فوجی اتحاد میں پاکستان کی بلا مشاورت شمولیت پر صدائے احتجاج بلند کرے ،اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی ، مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری اسدعباس شاہ اور آصف رضا ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سالانہ تین روزہ  مرکزی تنظیمی وتربیتی عرفان ولایت کنونشن اور علمائے شیعہ کانفرنس کا باقائدہ آغاز جامعہ امام صادقؑ اسلام آباد میں ہو گیا ہے ،چیئرمین کنونشن کی ذمہ داری مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی کو تفویض کی گئی ہے، تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیوایم کے مرکزی کنونشن میں ملک بھرکے سوسے زائد اضلاع سے اراکین شوریٰ مرکزی ، علمائے کرام، اکابرین ملت شرکت کررہے ہیں ، جمعہ 14اپریل کو شروع ہونے والے کنونشن کے پہلے روزدن میں جشن مولود کعبہ کا شاندار انعقاد کیا گیا،  جس میں خصوصی خطاب خطیب حرم امام حسین ؑ علامہ سید ظہیر الحسن کربلائی، علامہ علی اکبر کاظمی، زوارحسین بسمل نے کیا  جبکہ بین الاقوامی شہرت یافتہ منقبت خواں فرحان علی وارث نے بارگاہ مولائے کائنات ؑ میں زبردست نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

 پہلے روز کے اختتامی سیشن میں شب شہداءبھی منعقد کی جائے گی جس سے خصوصی خطاب ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی کریں گے، جبکہ اس شب شہداء میں خانوادہ شہداء کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے جس میں شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی ؒ کے فرزند اور شہید وطن لیفٹینٹ سید یاسر عباس کی خواہر کی آمد متوقع ہے،کنونشن کے دوسرے روز 15اپریل کوپہلاسیشن سفیر انقلاب شہید ڈاکٹرمحمد علی نقوی ؒ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے جس میں مقررین شہید کی حیات اور سیرت پر روشنی ڈالیں گے ، دوسرا سیشن شہید آیت اللہ مرتضیٰ مطہری ؒ کے نام سے منسوب ہے جس میں مقررین استاد شہید مطہری ؒکے افکار ونظریات پر تفصیلی خطابات کریں گے، تیسری نشست شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی ؒکے نام سے منسوب کی گئی ہے، جس میں مقررین شہید قائد کی عملی  زندگی اور اجتماعی خدمات پر تفصیلی خطاب کریں گے۔

کنونشن کے تیسرے اور آخری روز یعنیٰ 16اپریل کو پہلی نشست امام امت خمینی ؒ بت شکن کے نام سے منسوب ہے جس میں مقررین رہبر کبیر انقلاب اسلامی کے سیرت وکردار پر روشنی ڈالیں گے، اس سیشن میں مجلس وحدت مسلمین کے دستور میں ترامیم کی منظوری بھی شوریٰ مرکزی سے لی جائے گی، آخری روز کی دوسری نشست میں شعبہ امور سیاسیات اپنی کارکردگی شوریٰ مرکزی کے سامنے پیش کرے گا اور آئندہ کی حکمت عملی اور پروگرام کا اعلان کرے گا، جبکہ مرکزی عرفان ولایت کنونشن کے اختتامی سیشن میں ملک گیر علمائے شیعہ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں چیئرمین شوریٰ عالی علامہ شیخ محمد حسن صلاح الدین ، علامہ مرزایوسف حسین سمیت دیگر جید اور بزرگ علمائے کرام خطاب کریں گے جبکہ خصوصی پالیسی ساز خطاب مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کریں گےاور کانفرنس کے اختتام پر میڈیا کو بریفنگ بھی دی جائے گی۔

واضح رہے کہ کنونشن میں ہر صوبہ کے دو ماڈل اضلاع کی جانب سے پورے سال کی کارکردگی رپورٹ اجلاس میں پیش کی جائے گی، جبکہ مرکزی کابینہ کے تمام شعبہ جات بھی اپنی اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کریں گے، مرکز ،صوبہ ، ڈویژن  ، ضلع میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کارکنان اور عہدیداران میں اعزازی شیلڈز برائے حسن کارکردگی بھی تقسیم کی جائیں گی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید اسد عباس شاہ اور آصف رضا ایڈووکیٹ بھی موجود تھے، رہنما وں کے درمیان موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت، پانامہ کیس، سعودی فوجی اتحاد میں شمولت اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ صاحبزادہ حامد رضا نے حالیہ دنوں دبئی میں سابق صدر پاکستان اور سربراہ آل پاکستان مسلم لیگ جنرل (ر)پرویز مشرف سے ہو نے والی ملاقات اور گفتگو کے حوالے سے بھی علامہ راجہ ناصرعباس اور چوہدری شجاعت حسین کو آگا ہ کیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree