وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ہم ملک بھر میں نواسہ رسولؐ کی عزاداری پر کسی قسم کے دباؤ یا پابندی کو برداشت نہیں کریں گے، ملت تشیع اپنے اس آئینی و قانونی حق سے ایک اینچ بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، پنجاب میں ملت جعفریہ کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے ناعاقبت اندیش حکمران سیاسی انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہیں، علماء کرام و ذاکرین پر ضلع بندیاں ہمیں کسی بھی صورت قبول نہیں، ہم پاکستان کے محب وطن شہری اور یہاں کے باسی ہیں، مقبوضہ کشمیر میں نہیں رہتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی رہنما مولانا نشان حیدر،، مولانا احسان دانش، علامہ مبشر حسن، عبدللہ مطہری، یعقوب حسینی، عالم کربلائی، علی حسین نقوی، مولانا علی انور جعفری سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ کیتھولک گارڈن کراچی میں ایک پُرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پنجاب میں دہشتگرد مخالف شیعہ سنی مکتب فکر کو چند مٹھی بھر تکفیری دہشتگردوں کی خوشنودی کیلئے حکومت انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے، پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کو درود و سلام اور عزاداری نواسہ رسولؐ کے خلاف استعمال کر رہی ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں، نواز لیگ کے قائدین سن لیں، اگر ان کا یہ عزاداری مخالف رویہ برقرار رہا، تو ہم ملک گیر احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بھی عزاداروں کو درپیش مشکلات کے حل میں سنجیدہ نہیں، ہم محرم الحرام میں اندرون سندھ سکیورٹی انتظامات سے مطمئن نہیں، سندھ کے ضعیف العمر وزیراعلٰی حکومتی امور چلانے کے اہل نہیں رہے، گذشتہ محرم الحرام میں اندرون سندھ عزاداروں کے خلاف ساڑھے تین سو سے زائد ایف آئی آر درج کیں، ہم ان نااہل حکمران کی سازشوں سے بخوبی واقف ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کا محرم الحرام کے مقدس ایام میں انعقاد افسوس ناک ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن اور اعلٰی عدالتوں سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ایام عزا کے بعد کروایا جائے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے لاہور میں حالیہ الیکشن میں الیکشن کمیشن کی بے بسی لمحہ فکریہ ہے، نواز حکومت آپریشن ضرب عضب کو خراب کرنے کے در پے ہے، آپریشن میں بیجا حکومتی مداخلت سے تکفیری ایجنڈے کی پروموشن کی جا رہی ہے، سکیورٹی اداروں کو چاہئے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں تکفیری دہشتگرد گروہوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کے تحت شیعہ و سنی علماء کرام و ذاکرین کے خلاف مقدمات کو ختم کیا جائے، ورنہ ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا جائے گا۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے لاہور میں عزاداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چند علماء کو مراعات اور سیاسی رشوت دے کر ملت جعفریہ پر اجارہ داری کی کسی سیاسی جماعت یا حکومتِ وقت کو اجازت نہیں دینگے، نون لیگ اپنے آقاوں کو خوش کرنے کیلئے ملت تشیع کیساتھ جو برتاو کر رہی ہے، اس کے بھیانک نتائج نکلیں گے، محرم الحرام میں عزاداری سیدالشہداء کو محدود کرنے کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب نون لیگ کی جاگیر نہیں، جہاں جو شہباز شریف کا جی چاہے فرمان جاری کر دے اور پنجاب پولیس ریاست کی ملازم ہے، آئین و قانون کیخلاف نون لیگ کی انتقامی کارروائیوں کا حصہ نہ بنے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں عزاداران امام عالی مقام حسب سابق اپنے پروگرامز اور مجالس بدستور جاری رکھیں، یہ ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، اس سے کوئی ہمیں روک نہیں سکتا، عزاداری نواسہ رسولۖ پر ہم سمجھوتہ کرنے سے سر کٹانے کو ترجیح دینگے، ذاکرین اور علمائے کرام کی ضلع بندیاں ہمیں ہرگز قبول نہیں، ہم پاکستان کے شہری ہیں، بھارت کے زیرانتظام مقبوضہ کشمیر کے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مملکت خداداد پاکستان کو الباکستان نہیں بننے دینگے، علامہ اقبال اور قائداعظم کے پاکستان میں ہر مکتب فکر کو اپنی عبادات و رسومات سرانجام دینے کی مکمل آزادی ہے، ملت جعفریہ نے دہشتگردی کیخلاف سب سے زیادہ قربانیان دیں، آج ہمیں دیوار سے لگانے کی منظم سازش کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ محرم سے قبل آل پارٹیز کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں حاجی محمد خان خوشہ اور حاجی محمد عیسٰی خوشہ نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے کابینہ کو ظہرانے کی دعوت دی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رکن شورٰی عالی و امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا، حاجی محمد علی، حاجی کریم، امام جمعہ ہزارہ ٹاون سید محمد حسن مبلغ، کوئٹہ یکجہتی کونسل کے ممبران سمیت نور وہلفیئر سوسائٹی کے چئیرمین عامر علی چنگیزی کے وفد بھی موجود تھے۔ آخر میں حاجی محمد خان خوشہ نے خوشہ طائفہ سمیت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ ڈویژن میں شمولیت اختیار کی اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے سید محمد رضا کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین ملک بھر میں پاکستانی قوم کی بلاتفریق رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ خوشہ طائفہ کی ایم ڈبلیو ایم میں شمولیت انتہائی خوش آئند ہے۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے لاہور میں عزاداری سیل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عزادرای امام حسینؑ ہماری شہ رگ حیات ہے، ہم کٹ تو سکتے ہیں لیکن نواسہ رسولؑ کی عزاداری پر قدغن لگانے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے، پنجاب میں علماء و ذاکرین کی ضلع بندیاں ہمیں کسی صورت قبول نہیں، ہم مقبوضہ کشمیر میں نہیں پاکستان میں رہتے ہیں، جسے ہمارے آبا و اجداد نے جان اور مال کی قربانی دے کر حاصل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ملت جعفریہ کیخلاف انتقامی کارروائیوں سے باز رہے، ہم کسی بھی ایسے اقدام کو ہرگز قبول نہیں کریں گے جو عزاداری امام مظلومؑ کو محدود کرنے کا سبب بنے۔ انہوں نے کہا اگر حکومت پنجاب نے اپنا رویہ نہ بدلا تو ہم ملک بھر میں عاشور کے روز جلوس ہائے عزاء  روک کر پنجاب کے متعصب حکمرانوں کیخلاف صدائے احتجاج بلند کریں گے، ہم اپنے دینی و ایمانی فریضے کو ہرحال میں ادا کریں گے، چاہے اس راستے میں ہمیں جان کی قربانی ہی کیوں نہ دینی پڑے، پنجاب پولیس سٹیٹ کی ملازم ہے، پولیس کو مراعات ہمارے ٹیکس کے پیسوں سے ملتی ہیں، وہ شریف فیملی کی ملازم نہ بنے، آئین و قانون کیخلاف کسی بھی اقدام کو عزاداران امام مظلوم برداشت نہیں کریں گے۔

وحدت نیوز (گلگت) مظلومین یمن پر آل سعود کے بہیمانہ ظلم و بربرت اور وطن عزیز پاکستان سے فوج کو بھیجنے کے نواز حکومت کے فیصلے کیخلاف آواز بلند کرنے کی پاداش میں اسیر ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے سیکرٹری سیاسیات غلام عباس، ایم ڈبلیو ایم گلگت کے رہنما مولانا شہادت حسین ، مطہر عباس اورامامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان گلگت ڈویژن کے صدر جمال حیدرکو آج ضمانت پر رہائی مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق یمن پر جب آل سعود کی جانب سے حملہ ہوا اور نواز حکومت نے پاکستان سے آل سعود کی ایماء پر پاکستانی فوج کو بھیجنے کا ارادہ ظاہر کیا تو ملک بھر کی طرح گلگت میں بھی اپریل کے پہلے ہفتے میں مظلومین یمن کے حق اور آل سعود کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس احتجاجی ریلی میں ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے رہنماوں نے خطاب کرتے ہوئے مظلومین یمن کی حمایت، آل سعود کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم اور یمن میں پاکستان آرمی کو بھیجنے کی مخالفت کی۔ گلگت کی سرزمین پر اس وقت کے نگران وزیراعلٰی گلگت بلتستان اور دیگر ریاستی اداروں نے اس احتجاج کو فرقہ وارانہ رنگ دیکر ان رہنماوں پر انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرا دیا تھا۔ یمن میں دہشتگردی کی مخالفت کرنا گلگت میں دہشتگردی کے مترادف قرار دیا گیا اور انہیں پولیس نے ہتھکڑیاں پہنا کر جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا تھا۔ آج ان تمام رہنماوں کو ضمانت پر رہائی مل گئی اور جوانوں کی ایک بڑی تعداد نے اسراء کا استقبال کیا اور انہیں ریلی کی صورت میں گھروں تک پہنچایا۔

وحدت نیوز (کراچی) عید مباہلہ وعید غدیر کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام مرکزی جشن عید مباہلہ و غدیر بعنوان واثان ولایت کانفرنس مرکزی امام روڈ جعفرطیار سوسائٹی میں منعقد ہوئی جس میں شہر بھر سے ہزاروں عاشقان ولایت نے شرکت کی ، کانفرنس میں جدید علماء کرام، ذاکرین ،شعراء کرام اور منقبت خوان حضرات نے بھی شرکت کی اور خطاب کیا، جبکہ خصوصی خطاب مرکزی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس نے کیا ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے اپنے انبیا ء کے ذریعے انسانی معاشرے کی فلاح و بہود کے لئے نظام ولایت بھیجا جوخاتم النبین (ص) کے بعد ایک عادل اور معصوم امام کو غدیر کے روز سپر د کیا گیا، نظام ولایت علی دراصل ولایت انبیا ء کا تسلسل ہے جو من جانب اللہ ہے۔ اللہ جو انسان کی خلقت سے واقف ہے اس نے انسانی ضروریات کے مطابق یہ نظام دیا جس میں سیاست بھی ہے معیشت اور سماجیات بھی ہے اور نظام کو ولایت کہتے ہیں جسکا حاکم امام ہے، اور آج جبکہ امام برحق باحکم خدا پردہ غیبت میں ہیں تو اس ولایت کی حاکمیت ایک جامع شرائط فقہی کے ہاتھ میں ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ہمار ا رہبر شجاع، بہادر،بابصیرت فقیہہ ہے جو نظام باطل کے مقابلے میں کھڑا انکا مقابلہ کررہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ دنیا دو بلاک میں ایک بار پھر تقسیم ہوچکی ہے ، ایک بلاک سرمایہ دارانہ نظام، اور لبرل ازم کا بلاک ہے جسکا امام اوبامہ ہے اور دوسرا بلاک ولایت کا بلاک ہے جسکا رہبر ولی فقیہہ ہے ،سعودی عرب ،بحرین ،یمن شام اور پاکستان میں انہیں باطل اور حق کی قوتوں کا ٹکراو ہے، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سعودی عرب،ترکی اور مصر نظام باطل کے بلاک کا حصہ بن کر ولایت کے مقابل آکھڑے ہوئے ہیں اور پاکستان میں نواز حکومت سعودی عرب کی چاپلسوی میں اہل ولایت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی نواز پاکستانی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان جو دہشتگردوں کے خلاف بنایا تھااسکا رخ اب شیعہ اور سنیوں کی طرف موڑ دیا ہے جو باطل بلاک کے اہم کردار سعودی عرب کے خلاف ہیں۔

علامہ راجہ ناصر نے کہا پنجاب میں سعودی نواز حکومت نےاہلسنت مائک پر دورد شریف پڑھنے پر پابندی عائد کررکھی ہے اور اب عزاداری کے خلاف قوانین بناکر اسے محددو کرنے کی کوشیش کررہے ہیں، میں پوچھتا ہوں کہ کیا یہ تمھاری دہشتگردی کے خلاف جنگ ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہم ہرگز عزاداری سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، عزاداری سید الشہداء اس سال بھرپور انداز میں مناکر ہم تمھاری سازشوں کو ناکام بنادیں گے واضح کیا جائے کہ نیشنل ایکشن پلان دہشت گردوں کے خلاف ہے یا عزاداری سید الشہداء کے،، علامہ راجہ ناصر نے اہلسنت براداران سے بھی گذارش کی وہ بھی نواسہ رسول کی عزاداری اس سال بھرپور انداز میں منائیں تاکہ تکفیریت کا پاکستان میں راستہ روکا جائے۔ علامہ راجہ ناصر نے کہا کہ میں مجلس وحدت مسلمین کے ذمہ داران سے گذارش کرتا ہوں کے علاقائی سطح پر پنجاب حکومت کے عزاداری کے خلاف بنائے گئے کالے قانوں پر فوری پریس کانفرنس کا اہتمام کریں، اور عوام سے بھی گذارش کی اس سال محرم میں بھرپور انداز میں عزاداری کو انجام دین ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree