The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کا ایک اہم اجلاس مرکزی سیکرٹری جنرل و ایم پی اے سیدہ زہرا نقوی کی زیر صدارت ہوا جس میں راولپنڈی اور اسلام آباد سے خواتین کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کی سینئر رکن و سابقہ سیکرٹری جنرل راولپنڈی محترمہ قندیل کاظمی کو مرکزی سیکرٹری یوتھ نامزد کیا گیا۔
اجلاس میں ضلع راولپنڈی کی تنظیم نو بھی کی گئی۔شرکاء اجلاس نے حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے فرح بتول کو ضلعی سیکرٹری جنرل جبکہ عفت نقوی اور ثمن زہرا کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل منتخب کیا۔اجلاس میں یونٹ علی پور اور ترلائی کی یونٹ سازی بھی ہوئی ۔نومنتخب عہدیداران سے مرکزی سیکریٹری جنرل شعبہ خواتین وایم پی اے سیدہ زہرا نقوی نے حلف لیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل زہرا نقوی نے کہا کہ پاکیزہ معاشرے کی تشکیل میں دیندار خواتین کا فعال کردار انتہائی اہم ہے۔خواتین پر گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ معاشرتی ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں۔ہم نے اسوہ زینبی سلام اللہ علیہا پر عمل کرتے ہوئے اپنے معاشرے کی اسلام کے سنہرے اصولوں کے مطابق رہنمائی کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے مغربی طرز معاشرت کی ترویج بے راہ روی اور مدر پدر آزاد معاشرے کے فروغ کا باعث بن رہا ہے ایسی صورتحال میں ہماری ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔ہم نے اسلام کی پاکیزہ تعلیمات اور اسوہ اہلبیت اطہار علیہم السلام کو طرز زندگی بنا کر یہود و نصاری کے ناپاک ارادوں کے سامنے ڈھال کا کردار ادا کرنا ہے۔نظریہ اسلام کے نام پر معرض وجود میں آنے والے ارض پاک پر ہم طاغوتی چالوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے ولادت جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کے موقع پر آن لائن خاتون جنت مضمون نویسی مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں 18 سے زائد خواتین نے عصر حاضر میں پیروان جناب سیدہ فاطمۃ الزہرا س کے عنوان پر مضمون تحریر کیے۔
ارسال شدہ مضامین میں سے پہلے تین بہترین مضامین کے انتخاب کے لیے ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ تحسین شیرازی مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی اور مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت محترمہ عظمی تقوی نے ججز کے فرائض انجام دیے ججز کے متفقہ فیصلے کے مطابق پہلی تین پوزیشن کی حقدار بالترتیب لاہور سے محترمہ خدیجہ شوکت ، آزاد کشمیر سے محترمہ فضہ ساجد اور لاہور ہی سے محترمہ صباحت رضوی قرار پائیں ۔
خاتون جنت مضمون نویسی مقابلے میں پوزیشنز حاصل کرنے والی خواہران کے لیے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے اسناد، کیش پرائز اور کتب ارسال کی گیئں جبکہ مقابلے میں حصہ لینے والی تمام خواہران کی بھی حوصلہ افزای کے لیے اسناد اور کتابیں ھدیہ کی گئیں
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و ایم پی اے سیدہ زہرا نقوی کی صدارت میں مرکزی آفس ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کا اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات محترمہ نرگس سجاد، مرکزی سیکرٹری یوتھ محترمہ سائرہ ابراہیم ، سیکرٹری جنرل گلگت بلتستان و رکن جی بی اسمبلی محترمہ کنیز فاطمہ اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سابقہ رکن جی بی اسمبلی محترمہ بی بی سلیمہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملک بھر کے اضلاع میں شعبہ خواتین کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا نیز مجموعی طور پر تنظیمی امور میں بہتری لانے اور منظم و مربوط سسٹم کے تحت فعالیت برقرار رکھنے کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
وحدت نیوز(سکھر)مجلس وحدت مسلمین ضلع سکھر شعبہ خواتین کے زیر اہتمام ولادت باسعادت شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا س کی مناسبت سے سالانہ بضعتہ الرسول کانفرنس کا انعقاد مہران کلچرل سینٹر میں کیا گیا جس میں خصوصی شرکت اور خطاب سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجا ناصر عباس جعفری اور مرکزی سیکرٹری جنرل شعبہ خواتین و ایم پی اے سیدہ زہرا نقوی نے کیا ۔
کانفرنس سے خطاب میں محترمہ سیدہ زہرا نقوی کا کہنا تھا کہ خداوند عالم کا شکر ہے کہ اس نے توفیق بخشی کہ آج جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کہ نام پر ہم سب یہاں موجود ہیں قائد وحدت علامہ راجا ناصر عباس جعفری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوۓ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے ملک کے مختلف اضلاع میں خاتون جنت جناب سیدہ سلام اللہ علیہاکی ولادت کے موقع پر جشن کی محافل ، سیمینار اور کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا اور یہ تمام تر کاوشیں اور ملک بھر میں شعبہ خواتین کا فعال ہونا قائد وحدت علامہ راجا ناصر عباس جعفری حفظ اللہ کی سرپرستی کا نتیجہ ہے جنھوں نے اپنی بھرپور قائدانہ صلاحیتوں سے خواتین کو اس ملک میں میدان عمل کی راہ دکھائی۔
ان کا کہنا تھا کہ بطور خاتون عائلی زندگی کی ذمہ داریوں کے علاوہ مختلف شعبہ ہاۓ زندگی سے تعلق رکھنے کے والی ہماری بہنیں جو اس الہی جماعت کے مقدس سفر میں ہمارے ساتھ ہیں واقعاً لائق تحسین ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک خاتون کے لیے ان گنت گھریلو اور انفرادی ذمہ داریوں کے ساتھ معاشرے میں بھی مثبت تعمیری و اجتماعی کردار ادا کرنا کسی طور آسان نہیں لیکن جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کی پیروکار بی بی کے مشن کو زندہ رکھنے کے لیے اپنی کاوشوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وحدت نیوز(اٹک) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین اور آئی ایس او طالبات کی جانب سے یوم حجاب کے عنوان سے اٹک میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں محترمہ فائزہ نقوی نے خطاب کرتے ہوئے ویلنٹائن جیسی بے ہودہ مغربی ثقافت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
ان کا کہنا تھا اسلامی ممالک کو ایسے غیر اسلامی تہوار کایکسر انکار کرنا چاہیے دین اسلام نے عورت کو شرف اور مقام و منزلت عطا کی ہے ایک خاتون کی چادر اس کا تحفظ اور وقار ہے ان کا کہنا تھا کہ ہمارا معاشرہ دین اسلام کے بارے میں اور عورت کی آزادی کے نام پر کیے جانے والے مغربی پراپگینڈہ کی ذد میں ہے اسلام نے عورت کو قدر و قیمت عطا کی اور حجاب اس کے لیے لازم قرار دیا ہے تاکہ وہ اپنی پاکدامنی کا تحفظ کر سکے۔
انھوں نے مزید کہا کہ امام خمینی رح نے خواتین کے حجاب کو شہدا کے خون سے ذیادہ افضل قرار دیا ہے لھذا جناب زینب سلام اللہ علیھا کی پیروکار اپنے حجاب شرعی کے ساتھ دین کی خدمت کا جزبہ لے کر میدان میں اتریں علاوہ ازیں بچیوں نے ٹیبلو اور حجاب کے عنوان پر اصلاحی خاکہ جات بھی پیش کیے پروگرام میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی ضلعی اراکین سمیت مرکزی خواہران محترمہ فرح دیبا، محترمہ قراۃ العین اور زینب بنت الھدی نے شرکت کی۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرانقوی نے عوامی مقامات پر خواتین کیلئے حجاب کی پابندی کو لازمی قرار دلوانے کی قرار داد پنجاب اسمبلی جمع کروادی ۔
رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروائی ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام صوبائی اسمبلیوں، الیکٹرانک میڈیا، سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں خواتین کے لئے دوپٹہ کے استعمال کو لازمی قرار دیا جائے۔پنجاب اسمبلی سمیت ملک بھر کے دفاتر اور دیگر کام کی جگہوں پر حجاب لازم قرار دیا جائے اور بغیر حجاب کے پنجاب اسمبلی میں خواتین کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے۔
سیدہ زہراء نقوی کا قرارداد میں مزید کہنا ہے کہ حفظان صحت کے ایس او پیز پر عمل ہو سکتا ہے تو دین کے ایس او پیز پر عمل درآمد کیوں نہیں ہو سکتا ،غیر اسلامی طرز عمل نئی نسل کو بے راہ روی کا فروغ دے رہا ہے،مغربی تہذیب و کلچر کو فروغ دینے پر پابندی عائد کی جائے،
انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان اسلامی ملک ہے، جسے کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا ہے، پاکستان میں اسلامی قوانین کے تحت ہی قانون سازی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حجاب خواتین کے وقار میں اضافے کا باعث ہے، اس کے اطلاق سے خواتین میں اعتماد پیدا ہوگا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے مرکزی وفد نے مرکزی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیوایم آمد کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم جی بی کے ممبران اسمبلی صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم،شیخ اکبر رجائی اور کنیز فاطمہ علی سے ملاقات کی۔ وفد میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات محترمہ نرگس سجاد ، مرکزی آفس سیکرٹری محترمہ بینا شاہ اور مرکزی سیکرٹری یوتھ و سیکرٹری جنرل گلگت محترمہ سائرہ ابراہیم شامل تھیں ۔
وفد نے اس موقع پر تینوں ممبران اسمبلی کو ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور خیر مقدم کیا۔اس موقع پر گلگت بلتستان میں خواتین کو درپیش تعلیمی مسائل اور دیگر ایشوز سمیت گلگت بلتستان کے خواتین کو امپاور کرنے اور ان کے لئے روزگار کے مواقع تلاش کرنے سمیت دیگر اہم ایشو پر تبادلہ خیال ہوا۔
سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع کھرمنگ و رکن گلگت بلتستان اسمبلی شیخ اکبر رجائی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی تحریک میں خواتین کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا لہذا خواتین کو با اختیار بنانا اور انکے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور خاص کر خواتین کی تعلیم کے حوالے سے موجودہ حکومت سنجیدہ ہے اور اس معاملے میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل وممبر پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نےکہا ہے کہ ویلنٹائن ڈے کے نام پر قوم کو غیر محسوس انداز سے مغربی ثقافت کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔نظریہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے مادر وطن میں اسلامی تعلیمات سے متصادم ایسی کسی غیر ملکی رسم یا تہذیب و ثقافت کی قطعاً گنجائش نہیں جس سے نوجوان نسل کو آزادانہ میل جول اور بے راہ روی کی ترغیب ملتی ہو۔مغربی ثقافتی یلغار کے ہتھیار کے ذریعے امت مسلمہ کو ان کی دینی اقدار سے دور کیا جا رہا ہے۔ویلنٹائن کے نام پر بے حیائی کے فروغ کو روکنے کے لیے حکومتی سطح پر بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شرم وحیا مستورات کا فطری حُسن اور پردہ حکم ربی ہے۔مغربی تہذیب کے دلدادہ ہم سے ہمارا اسلامی تشخص چھیننا چاہتے ہیں۔عالم اسلام کی خواتین کی یہ شرعی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اسلامی شناخت اور اقدار پر ہونے والے ہر حملے کا دینی حمیت کے ساتھ منہ توڑ جواب دیں۔
انہوں نے کہا کہ بے حیائی معاشرتی برائیوں کی جڑ ہے۔ثقافت کے نام پر ویلنٹائن جیسے دیگر تہواروں پر مستقل پابندی ہونی چاہیئے جن کے ذریعے لوگوں کو اسلام کی بنیادی تعلیمات سے دور کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ویلنٹائن کے مقابلے میں عفت و حیا کا پرچار کیا جائے تاکہ ناپختہ اذہان کو شیطانی قوتیں اپنی طرف راغب نہ کر سکیں۔
وحدت نیوز(لاہور) اس خدائی عجزے اور عظیم انقلاب اسلامی کے مبارک ثمرات کا دنیا نے مشاہدہ کیا ہے عالمی استعمار نے مسلمانوں کی بھاگ دوڑ اپنے ہاتھوں میں رکھنے اور ان کے تشخص کو مٹانے کے لیے دین سے سیاست کی جدای کا نعرہ لگایا اور اس ناپاک سازش کے ذریعے اسلامی معاشروں کے نظریاتی ، ثقافتی ، دینی اور قومی امور پر تسلط پیدا کرنے میں کامیاب ہوگئی لیکن امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے الہی قیام کے ساتھ نہ صرف غاصب اور اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا بلکہ اسلامئ اصولوں کی بنیاد پر الہی حاکمیت کے قیام کی خاطر ولایت فقیہ کا نظام تشکیل دے کر ایک دینی سیاسی قیادت کا بے مثال نمونہ پیش کیا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے اا فروری انقلاب اسلامی ایران کی بیالیسویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔
ان کا کہنا تھا خمینی بت شکن نے ایرانی قوم میں دینی اور سیاسی شعور پیدا کیا اور اڑھائ ہزار سالہ پرانی شہنشاہیت پر مبنی آمریت کا خاتمہ کیا ان کا کہنا تھا امام خمینی نے عالمی سامراج کی تمام تر ناپاک سازشوں کا قلع قمع کیا آپؒ نے اتحاد بین المسلمین کا نعرہ بلند کیا اور مسلمانان عالم میں وحدت کی روح پھونک دی اور انھیں یہ پیغام دیا کہ مسلکی اختلاف سے بالا تر ہو کر ظالم اور غاصب حکمرانوں کے خلاف متحد ہو کر ڈٹ جاو تاکہ خدا کے اذن اور ارادے سے مستکبرین پر مستضعفین اور باطل پر حق کا غلبہ عطا ہو۔
انہوں نے کہا یہ انقلاب اسلامی فقط ایران تک محدود نہیں بلکہ دنیا بھر کے کمزور ، ستم رسیدہ مظلوم و محروم انسانوں کے لیے ڈھارس ہے یہ خط امام خمینی ہے جس پر چلتے ہوے فلسطین و کشمیر کے مظلومین آزادی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا آج رہبر معظم سید علی خامنہ ای حفظہ اللہ کی بے باک قیادت میں انقلاب اسلامی کا یہ سورج پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے جسکی عزت و سربلندی میں اضافہ جبکہ دشمن ذلیل و رسوا ہو رہا ہے۔
وحدت نیوز(فیصل آباد) وہ بی بی جس کی خاطر خداوند عالم نے کون و مکاں کو خلق کیا جس کی عظمت و طہارت کی گواہی قرآن مجید نے دی اور جسکے بلند ترین مقام و فضیلت کو خدا کے محبوب رسولؐ نے کثرت سے بیان کیا ہے اس با عظمت خاتون نے دین کی آبیاری اور دوام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین اور ممبر پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین فیصل آباد کی جانب سے منعقدہ فاطمۃ الزہراؑ کانفرنس سے کیا۔
انہوں نے کہا جناب سیدہؑ نے خدا کے نزدیک بلند و بالا رتبہ و مقام کی حامل ہونے کے باوجود اپنی زندگی میں بے انتہا مشکلات اور پیچیدہ ترین حالات کو تحمل کیا آپؑ نے خدا کے دین کی خاطر سخت ترین مصائب کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا آپؑ کی زندگی کے ہر لمحہ میں خواتین کے لیے بہترین درس اور اسوہ ہے۔
کانفرنس میں اس موقع پر مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود محترمہ فرحانہ گلزیب نے بھی کانفرنس میں شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوۓ فضائل و سیرت جناب فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا پر روشنی ڈالی۔