The Latest

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے 11 ذی القعدہ میلاد امام رضا علیہ سلام کی مناسبت سے لاھور کے علاقہ آخری منٹ امامبارگاہ قصر سکینہ میں خطاب کیا انہوں نے  فضیلت امام رضا ع اور وظائف منتظران امام زمانہ عج پر گفتگو کی  محفل کے اختتام پر نو منتخب تحصیل صدر محترمہ عندلیب علمدار اور ان کی کابینہ کی حلف برداری کی گئی۔  محترمہ عندلیب علمدار  گزشتہ سالوں میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاھور کی فعال رکن رہی ہیں انہیں مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی کی جانب سے  واھگہ ٹاؤن اور شالیمار ٹاؤن کے پانچ علاقوں کا صدر منتخب کیا گیا ۔

علاقہ آخری منٹ ، دروغہ والا ، سلامت پورہ ، مومن پورہ ،مناواں جلو موڑ سے واھگہ بارڈر تک اور شالیمار ٹاؤن کے پانچ علاقہ جات جس میں فیض باغ ، سوامی نگر ، انگوری اسکیم ، رام گڑھ اور لال پل شامل ہیں محترمہ عندلیب علمدار بطور  تحصیل صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے اپنے فرائض انجام دیں گی اور  یونٹ سازی کے عمل کو آگے بڑھائیں گی اس موقع پر مرکزی رہنما محترمہ فرحانہ فصاحت اور محترمہ عصمت بتول بھی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی کے ہمراہ موجود تھیں۔

وحدت نیوز(سکردو) صدر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان آغا سید علی رضوی کا ممبر جی بی کونسل و پولیٹیکل سیکریٹری ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان شیخ احمد نوری، صوبائی وزیر زراعت و پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کاظم میثم، سیکٹریٹری فنانس ایم ڈبلیو ایم جی بی کاچو زاہد علی خان و ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم جی بی کاچو ولایت علی خان کے ہمراہ دارلشفاء حضرت عباس (ع) ہسپتال کا دورہ۔

وفد نے ایڈمنسٹریٹر دارالشفاء ہسپتال عقیل احمد ایڈوکیٹ و ڈاکٹر محمد ابراہیم کے ساتھ ہسپتال کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ لی۔صوبائی صدر نےمہنگائی کےبدترین دور میں اسپتال میں انتہائی کم قیمتوں پہ چیک اپ اور لیب کی سہولیات اور مفت ادویات کی فراہمی پہ ہسپتال کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور مزید بہتر اقدامات اور علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وحدت نیوز(بولان)مجلس وحدت مسلین پاکستان ضلع بولان کی طرف سے ڈھاڈر میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا احتجاجی مظاہرے سے مجلس علماء مکتب اہلبیت بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ ذوالفقارعلی سعیدی اور مجلس وحدت مسلین پاکستان ضلع بولان کے صدر سید انورعلی شاہ دوپاسی نے خطاب کیا۔

 اس موقع پر علامہ ذوالفقارعلی سعیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ مہدویت امت مسلمہ کا مشترکہ عقیدہ ہے اور ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرنا تمام مسلمانوں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ گذشتہ دنوں احسن باکسر نامی ملعون نے امام زمانہ ع کی شان میں گستاخی کی جس پر تمام امت مسلمہ سراپا احتجاج ہے۔حکومت پاکستان کو چاہئے کہ اس ملعون کو جلد از جلد گرفتار کرکے سزا دے ۔

وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین ملتان کے زیر اہتمام امام مہدی علیہ السلام کی شان میں گستاخی کرنے والے ملعون احسن باکسر کے خلاف نماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ ابو الفضل العباس سے چوک کمہاراں تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت قائم مقام ضلعی صدر مرزا وجاہت علی نے کی۔ ریلی میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما سلیم عباس صدیقی، ایم ڈبلیو ایم عزاداری ونگ کے صوبائی صدر انجینئر سخاوت علی سیال، آئی ایس او ملتان کے ڈویژنل صدر ابوذر ہادی، مولانا ہادی حسین، مولانا غلام جعفر انصاری، اور دیگر نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے گستاخ امام مہدی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اسے گرفتار کر کے قرار واقعی سزا کا مطالبہ کیا۔

 ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت ابھی تک گستاخ امام مہدی کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے، پورا ملک سراپا احتجاج ہے لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور احسن باکسر نامی گستاخ امام مہدی کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے، رہنماؤں نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت ملک کے حالات خراب کیے جا رہے ہیں جس کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی، یہ ملک ہمارا ہے اور ہمیں اس ملک ک امن عزیز ہے، ریلی میں عون رضا انجم ایڈووکیٹ، احسن مہدی، دلاور زیدی، عاطف سرانی، غلام حسنین انصاری، اظہر جوئیہ ایڈووکیٹ، احتشام حیدر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز(کراچی) صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن وخطیب جمعہ جامع مسجد حیدری اورنگی ٹاون ویسٹ علامہ شیخ محمد صادق جعفری نے خطبہ جمعہ میں کہا کہ  حکومت پاکستان اور ریاستی ادارے گستاخِ  امام زمانہ ملعون احسن باکسر کو فورا گرفتار کرکے قرار  واقعی سزا دیں۔گستاخ کو گرفتار نہ کیا گیا تو مکتب تشیع احتجاج کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتےہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام زمانہ کی عظمت پر ہم اپنی جان اور مال اور اولاد کو قربان کرنے سے دریغ نہیں کرینگے۔دنیا کی ریڈنگ لائن کچھ بھی ہوسکتی ہےمگر شیعیان حیدر کرار کی آخری ریڈ لائن امام زمانہ ع ہیں۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ملک بھر احتجاجات کا آج سے باقاعدہ اعلان کیا ہے آج کے بعد پورے ملک میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے،کراچی کے عوام متوقع احتجاجی کال کیلئے تیار رہیں۔

وحدت نیوز(جلالپور)مجلس وحدت مسلمین ملتان کے زیر اہتمام تحصیل جلالپور پیر والہ میں امام مہدی علیہ السلام کی شان میں گستاخی کرنے والے ملعون احسن باکسر کے خلاف نماز جمعہ کے بعد مسجد امام بارگاہ دربار حضرت پیر قتال کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

 مظاہرے کی قیادت تحصیل صدر اظہر حسین ایڈووکیٹ اور ضلعی نائب صدر غلام اصغر سومرو نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے گستاخ امام مہدی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اسے گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔



وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد کی جانب سے بعد از نماز جمعہ مرکزی امام بارگاہ اثناء عشری جی سکس- ٹو اسلام آباد کے سامنے احسن باکسر کی طرف سے امام مھدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی شان میں کی گئی گستاخی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی، مظاہرے سے مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد  کے صدر اسد اللہ چیمہ اور امام جمعہ و جماعت علامہ اختر عباس نے خطاب کیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اختر عباس نے کہا کہ کسی بھی مذہب و مسلک کے مقدسات کی توہین کرنا جائز نہیں ہے اور اسلام بھی اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دیتا، یہ ملک کی مجموعی ہم آہنگی اور پرامن فضاء کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہے، یہ اسلامی تعلیمات کے سریحا خلاف ہے، جب ہم اسلامی مقدسات اور برگزیدہ ہستیوں کی اہانت برداشت نہیں کرتے، تو پھر خود کس طرح شعائر اللہ اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اولاد کی توہین کرتے ہیں، امام مہدی علیہ السلام کا مقام ومرتبہ تمام اسلامی مسالک میں مقدس اور قابل احترام ہے،اس قبیح فعل کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 ایم ڈبلیو ایم ضلع اسلام آباد کے صدر اسداللہ چیمہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ توہین امام مھدی علیہ السلام دراصل توہین اسلام، توہین رسول خدا ہے۔ متفق علیہ احادیث کی رو سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارھویں جانشین، امام مھدی علیہ السلام کی گستاخی پر ریاستی اداروں کو سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اس فتنہ پرور گستاخ کو جلد از جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دینی چاہیے، تاکہ دوبارہ کوئی اس طرح کی گستاخی کا مرتکب نہ ہو، کئی روز گزرنے کے باوجود انتظامیہ کی طرف سے ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود اس گستاخ امام مھدی ع کی عدم گرفتاری تشویشناک ہے، لہذا ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسے قانون کے کٹہرے میں لاکر سائبر کرائم اور توہین اہلبیت علیہم السلام کے قوانین کے مطابق سزا دے۔

وحدت نیوز(کراچی) دعا کمیٹی صوبائی سکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے زیر اہتمام ہفتہ وار مرکزی اجتماعی دعائے توسل و مجلس ترحیم شہدائے اساتذہ پارا چنار ، سانحہ مسجد امام علی رضا ، مسجد حیدری سندھ مدرستہ الاسلام محفل شاہ خراسان روڈ پر منعقد ہوئی جس میں تلاوت دعا مولانا محمد حسین ترابی نے کی تقریب میں سیاسی و مذہبی شخصیات سید موسیٰ عابدی ، خالدملک ، عظیم جاوا ، مولانا مختار علی ، ندیم حسین رضوی ، نقی لاہوتی ، صادق حسین زیدی ، ضامن عباس ، محمد رضا ، ظہیر حسین جارچوی ، ناصر آغا نے شرکت کی ۔

مجلس ترحیم سے علامہ سجاد شبیر رضوی ، ناصر آغا ، ظہیر حسین رضوی ، ناصر الحسینی ، مولانا مختار علی نے خطاب کرتے ہوئے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا ،مقررین کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ نے ملکی سلامتی اور دفاع کیلئے 80 ہزار سے زائد جانوں نے قربانیاں دیں جس میں علماء ، وکلاء ، انجینئرز ،  ڈاکٹرز ، پروفیسرز، دانشور ، پاک فوج ، پولیس ، رینجرز کے جوان شامل ہیں ہم تمام شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا زندہ قوموں کی پہچان اور فخر ہے۔

 علامہ سجاد شبیر رضوی نے کہا کہ شہداء کے لواحقین سراپا احتجاج ہیں آج بھی مختلف سانحات میں ملوث دہشتگردوں کی عدم گرفتاری حکومت و ریاستی اداروں پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ تکفیری ٹولہ شوشل میڈیا پر اہلبیت اور امام زمانہ علیہ السلام کی شان میں گستاخیاں کر رہا ہے ان کو فی الفور گرفتار کر کے توہین اہلبیت کے جرم قرار واقعی سزا دی جائے،آخر میں شہدائے پاکستان و ملت جعفریہ اور مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی بیمار مریضوں کی  جلد شفایابی اور اسیران ملت جعفریہ کی رہائی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن عزاداری کونسل کے وفد کی ڈپٹی کمشنر کورنگی ڈاکٹر سید محمد علی زیدی سے ملاقات ، محرم الحرام میں عزاداری سید الشہداء میں پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے بات چیت ، ڈپٹی کمشنر کورنگی نے مکمل یقین دہانی کروائی کے محرم الحرام سے پہلے انشاء اللہ ڈسٹرکٹ کورنگی کے تمام ادارے اپنا کام مکمل کر لینگے ۔

وفد کی سربراہی کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری نے کی جب کے ان کے ہمراہ عزاداری کونسل کراچی ڈویژن کے سیکریٹری رضی حیدر رضوی ، سیکریٹری نشرواشاعت معمبر رضا، صدر ایم ڈبلیوایم ضلع ملیر سید احسن عباس رضوی، سیکریٹری امور عزاداری ضلع ملیر قیصر رضا جعفری، ڈپٹی پولیٹیکل سیکریٹری ضلع ملیر زوالفقار علی بھٹو ، جوائنٹ سیکریٹری ضلع ملیر  قیصر عباس زیدی، صدر ایم ڈبلیوایم ضلع کورنگی رضوان رضوی، پولیٹیکل سیکریٹری ضلع کورنگی یاسر عباس و دیگر تنظیمی ذمہ داران بھی موجود تھے۔

آخر میں علامہ صادق جعفری نے وطن عزیز کی سلامتی،استحکام، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی ذاتِ گرامی عالم انسانیت کے لئے رہبر و رہنماء اور اسوہ ہیں۔ آئمہ اہل بیت علیہم السلام سے محبت اور مودت امت مسلمہ کی مشترکہ میراث ہے۔ یہ بات انہوں نے خانہ فرھنگ اسلامی جمہوریہ ایران کوئٹہ میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت اور عشرہ کرامت کی مناسبت سے منعقدہ محفل جشن سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی، تحریک منہاج القرآن کے صوبائی رہنماء علامہ سعید احمد قادری اور ڈائریکٹر جنرل خانہ فرھنگ کوئٹہ سید ابوالحسن میری نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ محفل جشن میں اہل سنت کے ممتاز نعت خوان حضرات نے بارگاہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام میں نذرانہ عقیدت پیش کیا اور مدرسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کوئٹہ گروہ تواشیح خواہران نے بھی عشرہ کرامت کی مناسبت سے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر تقریب جشن سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت سیدہ فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت یکم ذی القعدہ کو یوم دختر یعنی بیٹیوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے، جبکہ یکم تا گیارہ ذی القعدہ کو عشرہ کرامت کے طور پر مناتے ہیں۔ فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی ذاتِ گرامی عالم انسانیت کے لئے رہبر و رہنماء اور اسوہ ہیں۔ آئمہ اہل بیت علیہم السلام سے محبت اور مودت امت مسلمہ کی مشترکہ میراث ہے۔ ہر دور میں اہل سنت کے علماء اور عوام نے آئمہ اہل بیت علیہم السلام سے اپنے عشق و عقیدت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام علی رضا علیہ السلام نے ارشاد فرمایا جس نے دور کا سفر طے کرکے میرے روضہ انور کی زیارت کی میں تین مقامات پر اس کی زیارت اور مدد کے لئے آؤں گا۔ ایک جب میدان حشر میں نامہ اعمال ہاتھوں میں دیا جائے گا۔ دوسرا جب انسان پل صراط پر ہوگا۔ اور تیسرا جب میزان میں اعمال تولے جائیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree