The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے آئندہ تین سال کیلئے اپنی کابینہ کے اراکین کے ناموں کا مرحلہ وار اعلان شروع کردیا ہے ۔

پہلے مرحلے میں مرکزی وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی کی تقرری کے بعد سید ناصرعباس شیرازی کو ایم ڈبلیوایم کا مرکزی جنرل سیکریٹری اور اسدعباس نقوی کو سیکریٹری پولیٹیکل افیئرزمقررکردیا گیا ہے۔

علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی جانب سے تینوں نئے مرکزی عہدیداران کی تقرری کا باقائدہ نوٹیفکیشن مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری کردیا گیا ہے۔

وحدت نیوز(قم)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء اور مجلس علماء امامیہ پاکستان کے سربراہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے امام خمینیؒ کی برسی کے ایام کی مناسبت سے تہران میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت اور خطاب کیا۔

اس موقع پر انہوں نے حضرت امام خمینیؒ کی ذات کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام خمینی ؒ نے ظالم و ظلم کے خلاف قیام کے انبیاء کے مقصد کو پورا کیا اور معاشرے میں عدل الٰہی کے قیام کی ایک عظیم تحریک چلائی۔ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امام خمینیؒ انسانی معاشرے کو عزت و کرامت انسانی کی طرف دعوت اور غلامی سے نجات دلانے کے لیے انقلاب لائے اور انہوں نے کامیاب انقلاب سے دنیا بھر کے حریت پسندوں کے سامنے ایک شاندار نمونہ پیش کیا ہے۔ امام خمینی ؒ نے جہاں دنیا کے حریت پسندوں کو غیر اللہ کی غلامی سے نجات کی امید دلائی، وہیں رائج سیاست میں یہ اصول بھی واضح کر دیا کہ سب طاقتوں سے بڑی صرف اللہ تعالیٰ کی قدرت اور طاقت ہے اور اسلام کا شعار لا الہ الا اللہ کے مفہوم کو اجتماع میں قابل عمل و نفاذ بنا کر پیش کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینیؒ نے مسلمانوں کو شعور دیا کہ دشمن آپ کا مال و ثروت ہتھیانے کے لیے آپ پر غلام مسلط کرتا، مذہبی تفرقے کا سہارا لیتا اور شیعہ سنی و دیگر مذہبی فتنے ایجاد کرتا ہے۔ امام خمینی ؒ نے اتحاد بین المسلمین کی عملی دعوت دی اور اس سلسلے میں ہفتہ وحدت، اہل سنت کے ساتھ نماز باجماعت میں شرکت، اہل سنت کے مقدسات کی توہین کی ممانعت جیسے مثالی اعلان فرمائے اور مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر دیا۔ دشمن چاہتا تھا کہ امت مسلمہ کا سب سے اہم مسئلہ فلسطین فراموشی کے سپرد ہو جائے، دشمن نے مسئلہ فلسطین کے اکثر فریقوں کو لالچ، دھمکی و دیگر حربوں سے جھکنے پر مجبور کر دیا اور انہیں ذلت آمیز معاہدے تسلیم کرنے پر وادار کر دیا، لیکن امام خمینیؒ نے انقلاب کی کامیابی کے بعد پہلا شعار یہ بلند کیا کہ الیوم ایران غدا فلسطین یعنی آج ایران آزاد کروایا ہے، کل فلسطین آزاد کروائیں گے۔ امام خمینیؒ نے فلسطینی مزاحمت کی مدد کے لیے وجوہات شرعیہ دینے کے جواز کا فتویٰ دیا۔

علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا کہ یہ امام ہی تھے، جنہوں نے تہران میں اسرائیلی سفارت خانہ بند کرکے اس کی عمارت فلسطینی اتھارٹی کو دے دی اور اس پر فلسطین کا پرچم لہرا دیا۔ امام خمینی ؒ نے مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھنے کے لیے یوم القدس کا اعلان کیا، جس نے مسئلہ بیت المقدس کو ایک عالمی تحریک میں بدل دیا۔ اگرچہ آج امام خمینیؒ ہم سے جدا ہوگئے ہیں، لیکن آج بھی ہمارے دلوں اور وجدان میں زندہ ہیں۔ امام خمینیؒ کے خلف الصالح حضرت امام خامنہ ای، امام خمینی ؒ کا منہج اور آفاقی فکر ہمارے درمیان زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ کا منہج اور فکر آج ہمیں فلسطین، شام، لبنان اور یمن سمیت دنیا کے کئی ایک خطوں میں عملی ہوتی نظر آرہی ہے۔ امام کے مکتب کے شاگرد ان شاء اللہ اس آفاقی فکر کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھیں گے اور حق و باطل کے اس معرکے میں ان شا اللہ کامیاب ہوں گے۔ کانفرنس میں نامور ایرانی دانشوروں اور حکام سمیت اہم بین الاقوامی رہنماوں نے شرکت کی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھارت کی حکمران سیاسی جماعت بھارتی جنتا پارٹی کے ترجمان کی طرف سے نبی کریم ۖ کی شان میں گستاخانہ کلمات پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام مسلم ممالک کو بھارت کے ساتھ تجارتی و سفارتی تعلقات فوری طور پر منقطع کر کے ختمی مرتبت حضرت محمد ۖ سے اپنے عشق و مودت کو واضح کرنا ہو گا۔مسلمانوں کے خلاف زہر اگلنے والی بھارتی حکومت  نے اب دین اسلام اوراس کی بنیادوں پر حملہ کرنا شروع کر دیا ہے۔اگر دنیا بھر کے مسلمان بھارتی مصنوعات کا مکمل طور پر بائیکاٹ کریں تو بہت مودی حکومت کی تباہی کا آغاز بھارت کے اندر سے شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کا کسی کو حق حاصل نہیں۔ متعصبانہ سوچ کی بنیاد پر تاریخ کو مسخ  اور باعظمت شخصیات کی توہین کرنے کی کسی کو قطعاََ اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا نریندرا مودی کی طر ح اس کی جماعت کے اراکین بھی بیمار ذہنیت کے حامل ہیں۔مسلم ممالک کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بھارت کے خلاف عالمی سطح پر موثر انداز میں اپنی آواز بلند کریں اور اس کا معاشی مقاطعہ کر کے سزا دی جائے۔نبی کریم ۖ کی شان میں گستاخی بھارت کا ناقابل معافی جرم ہے ہر کلمہ گو پر واجب ہے کہ وہ بھارت سے نفرت کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کر کے اس کی سزا میں اپنا حصہ ڈالے۔انہوں نے پاکستانی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ بھارت سے سفارتی سطح پر اس واقع کی سرزنش کی جائے۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مقصود علی ڈومکی نے ھندوستان کی حکمراں جماعت بی جے پی کی مرکزی ترجمان نور پور شرما کے بعد نوین جندل کی جانب سے حضور سرور کائنات سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں بدترین گستاخی کو شرمناک عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ھندوستان کی حکمراں جماعت کی مرکزی ترجمان کے شرمناک بیان سے دنیا کے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ سید لولاک حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی سنگین جرم ہے بی جے پی کی انتہا پسند تنظیم کے ہاتھوں ھندوستان کے مسلمانوں کے ساتھ مسلسل ناروا سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔ جس کی تازہ مثال حالیہ گستاخانہ بیان ہے۔

انہوں نے کہا کہ محسن انسانیت فخر موجودات کی بے عیب ذات پر دریدہ دہنی سورج پر تھوکنے کے مترادف ہے۔ حضور وہ آفتاب عالم تاب ہیں کہ جن کی ضیاء نے پوری کائنات کو منور کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے سامنے ایک دفعہ پھر ھندوستان کا مکروہ چہرہ کھل کر سامنے آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ اور کشمیری مسلمانوں کا قتل عام بھارتی مسلمانوں پر مظالم اور مسلم خواتین سے زبردستی حجاب چھیننے کے بعد حضور رحمۃ للعالمین کی شان میں گستاخی ھندوستان کے اسلام اور امت مسلمہ سے متعلق روئیے کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ امت مسلمہ اس گستاخی پر ھندوستان سے جواب طلبی کرے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے زیر اہتمام فکر امام خمینی ؒ سیمینار کا انعقاد گلستان سوسائٹی میں کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں آج آزادی کی تحریک جاری ہے، سامراج نے انسانیت کے خاتمے کیلئے جرائم کئے، استعماری طاقتوں نے مسلم امہ کو ہمیشہ نقصان پہنچایا، ملک خداداد پاکستان برے حالات سے گزر رہا ہے، شہید قائد علامہ عارف حسن الحسینی نے ملک میں وحدت کا پرچار کیا، مجلس وحدت مسلمین نے اپنے قائد عارف حسین الحسینی کے نظریئے کو آگے بڑھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی استکباری قوتوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے امام خمینی کے جرات مندانہ طرز عمل کو مشعل راہ بنانا ہوگا، امام خمینی کی ذات سامراج و اسلام دشمن عزائم کے خلاف مضبوط ڈھال تھی، ملکی حکمران ایٹمی اسلامی جمہوری طاقت ہونے کے باوجود امریکہ سے ڈرتے ہیں، اقتدار کی رسہ کشی میں ملکی عوام بدحال ہورہی ہے، پاکستان اس وقت تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہا ہے، پایہ تخت اس وقت اسلام آ باد میں نہیں واشنگٹن میں ہے، ہم پر استعماری فیصلے مسلط ہو رہے ہیں، اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے مغربی غلام سرگرم ہیں، ہم اس عمل کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، استعمار اور اس کے حواری اس ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے پر تلے ہوئے ہیں، ہر محب وطن پر فرض ہے کہ وہ آزادی کی حفاظت کے لئے قوم کے اندر شعور پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے، غلامی کی زنجیروں کو نہ توڑا گیا تو ملک ناقابل برداشت نقصان سے دوچار ہوگا۔

علامہ احمد اقبال رضوی نے مزید کہا کہ ہمیں تقسیم کرکے امریکہ اور اس کے حواری ملک کی سا لمیت کی خلاف وار کرنے کی مکمل تیاری میں مصروف ہیں، اتحاد بین المسلمین ہی استعماری سازشوں سے مقابلے کا اصل ہتھیار ہے۔

وحدت نیوز(مشہدمقدس)مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے زیراہتمام موسسہ شہید عارف الحسینی میں امام راحل، رہبر کبیر امام خمینی رضوان اللہ علیہ کی برسی کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں علمائے کرام، طلاب اور زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تقریب سے اُمت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد شہیدی نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں امام خمینی کی ذات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ کی شخصیت کے مختلف پہلووں کو سمجھنے کے لئے وسیع مطالعہ کی ضرورت ہے۔ امام خمینی نے حوزہ علمیہ کی قدیمی روش سے ہٹ کر فقہ اہلبیت (ع) کو معاشرے میں عملی طور پر لاگو کرنے کی طرف توجہ دی اور بالآخر آپ کی کوششوں سے ایران کی سرزمین پر اسلامی انقلاب رونماء ہوا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ امام خمینی (رہ) نے اس دور میں جب دنیا کمیونزم اور سوشلزم کے بلاکوں میں تقسیم تھی، لاشرقیہ ولا غربیہ کا نعرہ لگا کر لوگوں کو اسلام کے آفاقی نظام کی طرف دعوت دی، چونکہ اس انقلاب کی بنیاد مادہ پرستی نہ تھی بلکہ معنویت اور روحانیت تھی، اسی وجہ سے چالیس سال ہونے کے باوجود اور دشموں کی اس انقلاب کے خلاف سرتوڑ کوششوں کے باوجود آج بھی پوری طاقت اور قوت سے اپنے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کی جانب سے کراچی گلستان سوسائٹی میں دو روزہ راہیان کربلا کنونشن کا انعقاد ہوا۔ کنونشن میں وحدت کانفرنس، انٹرا پارٹی الیکشن و دیگر پروگرام منعقد کئے گئے۔ انٹرا پارٹی الیکشن میں سندھ کے 27 اضلاع نے حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے علامہ باقر عباس زیدی کو مجلس وحدت مسلمین سندھ کا صدر منتخب کرلیا۔

رکن مرکزی تنظیم سازی کونسل آصف رضا ایڈوکیٹ کی زیر نگرانی ہونے والے الیکشن میں رائے شماری کیلئے علامہ مختار امامی، علامہ مقصود ڈومکی اور علامہ باقر زیدی کے نام پیش کئے گئے، جس میں کثرت رائے سے علامہ باقر عباس زیدی کو منتخب کرلیا گیا۔

چیئرمین شوریٰ عالی ایم ڈبلیوایم و بزرگ عالم دین علامہ شیخ حسن صلاح الدین نے نومنتخب صوبائی صدر کے نام کا اعلان کیا اور ان سے ان کے عہدے کا حلف بھی لیا۔دو روزہ کنونشن کے اختتام پر نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے اضلاع کے ذمہ داران کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔

دو روزہ تنظیمی کنونشن میں مرکزی رہنما آصف رضا ایڈووکیٹ، رکن مرکزی شوریٰ عالی علامہ شیخ حسن صلاح الدین، علامہ باقر عباس زیدی، سید علی حسین نقوی، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، چوہدری اظہر حسین، مولانا علی انور جعفری، ارشد اللہ مکتبی، فدا حسین، حیدر زیدی، عالم کربلائی، اسد عباس، ناصر الحسینی، آغا ندیم جعفری، علی احمر زیدی، میر تقی ظفر، زین رضا، فائق جاکھرانی سمیت سندھ بھر کے دیگر اضلاع کے ذمہ داران موجود تھے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مدرسہ خاتم النبیین کوئٹہ کے زیر اہتمام رہبر کبیر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی 23 ویں برسی کی مناسبت سے تعزیتی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی جدوجہد عصر حاضر کے تمام مسلمانوں کے لئے اور رہبروں کے لئے نمونہ عمل ہے۔ آپ نے عوام کی طاقت سے طویل جدوجہد کے نتیجے میں ایران میں ڈھائی ہزار سالہ شہنشاہیت کو نشان عبرت بنادیا۔

انہوں نے کہا کہ امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے ظالم سامراجی قوت امریکہ کو شیطان بزرگ قرار دیا اور اس بڑے شیطان کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا۔ آپ نے مظلوموں اور محروموں کی رہنمائی کرتے ہوئے انہیں مستکبرین کے خلاف قیام کا درس دیا۔ بحیثیت حکمران آپ نے محلات میں رہائش پذیر ہونے کی بجائے معمولی سادہ گھر میں رہائش اختیار کی۔ اپنے خاندان میں سے کسی کو اقتدار میں نہیں لائے بلکہ جب ان کے بیٹے کو وزارت عظمیٰ کی پیشکش کی گئی تو آپ نے اسے نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ انقلاب اسلامی اس لئے نہیں کہ میرا خاندان اقتدار میں آئے۔

تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ملک محمد ساسولی نے کہا کہ امام خمینی اتحاد بین المسلمین کے علمبردار تھے اور آپ نے امریکہ کو شیطان بزرگ قرار دیتے ہوئے اس کے انسان دشمن عزائم کو بے نقاب کیا۔ قائد انقلاب اسلامی کی سامراج دشمن جدوجہد آج بھی تمام علماء اور دینی قائدین کے لئے مشعل راہ ہے۔تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیٹریاٹک موومنٹ کے چیئرمین معراج محمد خان کاکڑ نے کہا کہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے عبادت الٰہی اور بندگی کے ذریعے قرب خدا کو حاصل کیا اور آپ خدا کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے تھے یہی سبب ہے کہ انہوں نے دو سپر پاورز امریکہ اور سوویت یونین کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کر دین اسلام کے پیغام کو دنیا تک پہنچایا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان قبائل کے صدر حاجی ندا خان درانی نے کہا کہ شیعہ سنی اسلام کے دو بازو ہیں اور یہ آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ امام خمینی نے شیعہ سنی وحدت کا جو پیغام دیا وہ امریکہ اسرائیل اور تمام اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو خاک میں ملا رہا ہے۔تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز سماجی رہنما راز خان لونی نے کہا کہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ ایک عظیم انقلابی رہنما تھے جن کی انقلابی جدوجہد اور تعلیمات تمام مسلمانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔تعزیتی تقریب میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے رہنما قاری سجاد حسین استاد محمد بخش قاری مولانا محمد رضا محمدی و دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر معزز مہمانوں کو رہبر کبیر حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی تصاویر اور کتب کا تحفہ پیش کیا گیا۔

وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹریٹ پشاور میں برسی امام خمینی (رہ) کے حوالے سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی، علامہ احسان اللہ خطیب جامعہ شہید سید عارف الحسینی، علامہ سید زکی الحسن سمیت پشاور کے مختلف عمائدین اور نوجوانوں نے شرکت کی۔

 پروگرام سے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی نے خصوصی خطاب کیا اور امام خمینی (رہ) کی خدمات و شخصیت پر روشنی ڈالی، علامہ سید زکی الحسن نے اختتامی دعا و مختصر خطاب بھی کیا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے یوم وفات امام خمینی کی مناسبت پر کہا ہے کہ امام خمینی دنیا کو دین، معنویت اور انسایت کو درست سمت پر لانے کیلئے انقلاب لے کر آئے۔ جب دنیا مادی، خواہشات نفسانی اور انا پرستی کی آگ میں جل رہی تھی، ہر طرف مادیت پرستی کا دور دورہ تھا اور انسان نے انسانیت سے ہٹ کر حیوانیت کا روپ دھار لیا تھا، ایسے حالات میں سرزمین قم سے ایک ایسی ہستی، اللہ، رسول اور آل رسول کا پیغام لے کر نکلی اور ایک ظالم آمر کا خاتمہ کرکے ایک نئے نظام کا سربراہ بنی۔ امام خمینی نے دنیا کو یہ بتایا کہ جس سمت کی طرف دنیا والے جا رہے ہیں، وہ انسانیت نہیں بلکہ بربادی، حیوانیت اور پستی ہے۔ انہوں نے دنیا کو بتایا کہ اگر دنیا و آخریت کی بھلائی، کامیابی اور خوبیاں چاہتے ہو تو شیطانی طاقتوں، حیوانیت اور خواہشات نفسانی کو چھوڑ کر اللہ و رسول (ص)، اہلبیت (ع) اور قرآن کی طرف آؤ، اس طرح سب فلاح پائیں گے۔

علامہ ہاشم موسوی نے کہا کہ امام خمینی کا یہ پیغام دنیا میں بہت سی مثبت تبدیلیاں لے کر آیا۔ انسانیت اس بات پر سوچنے پر مجبور ہوئی کہ جس راستہ پر وہ گامزن ہے، وہ راستہ صحیح نہیں بلکہ معنویت کا راستہ صحیح ہے۔ لہٰذا ایک بار پھر وہ ادیان جو تحریف ہوچکے تھے اور ان کے پیروکاروں نے انہیں چھوڑ دیا تھا، ان ادیان کے پیروکاروں کو بھی فرصت ملی کہ وہ اپنے دین کی طرف آئیں۔ امام خمینی نے بھی انہیں اپنے دین کی طرف راغب کیا اور مکتب اہلبیت (ع) جو اسلام کی صحیح تصویر ہے، اس کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔ انہوں نے دنیا کو بتایا کہ وہ اصلی ہستی جو اس انسانیت کی بگڑی صورت کو ٹھیک کر دینگے، وہ حضرت مہدی (عج) ہیں۔ امام خمینی نے دنیا کو ان (عج) کی آمد کا ایک وسیلہ و راستہ دکھایا اور لوگوں کو اس طرف متوجہ کیا۔ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ ہم امام خمینی کے راستہ پر چلتے ہوئے مصلح کل صاحب عصر و زمان (عج) کے راستہ کے راہی بنیں اور پوری انسانیت کی بھلائی کے بارے میں سوچیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree