The Latest
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین لاہور و دعا کمیٹی لاہور کے زیر اہتمام برسی امام خمینی (ر) کی مناسبت سے قومی مرکز شادمان لاہور میں پروگرام منعقد کیا گیا۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز برادر کاظم کربلائی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ممبر دعا کیمٹی لاہور برادر سبط محمد نے دعائے توسل اور قاسم مہندی سے منقبت خوانی کی۔مرکزی خطاب مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے کیا۔
پروگرام میں مجلس وحدت مسلمین لاہور کے کارکنان کی کثیر تعداد سمیت ماتمی دستہ وحدت ،ممبر متحدہ علماء بورڈ پنجاب علامہ سید حسن رضا ہمدانی ، خطیب جمعہ و جماعت جامعہ مسجد امامیہ سمن آباد علامہ سید امتیاز کاظمی ، خطیب مسجد شاہ کاظمین اقبال ٹاؤن نیلم بلاک علامہ سید بشیر رضوی اور سابق چیئرمین امامیہ آرگنائزیشن افسر رضا خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید احمد اقبال رضوی کو ایم ڈبلیو ایم کا وائس چیئرمین مقررکر لیا ہے۔اس سلسلے میں مرکزی سیکریٹریٹ کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ علامہ احمد اقبال رضوی ایک باعمل عالم دین ہیں اور اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے انفرادی شناخت رکھتے ہیں۔وہ جماعت کے بانی اراکین میں شامل ہیں جبکہ اس سے قبل وہ مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل کے عہدے پر فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ، صوبائی اور ضلعی عہدیداروں نے اس فیصلے کو تنظیم کی ترقی و استحکام کے لیے مثبت پیش رفت اور لائق تحسین اقدام قرار دیا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین علامہ سید احمد اقبال کا پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار ، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ پٹرول کی قیمتوں میں 60 روپے تک اضافہ عوام پر ظلم کے مترادف ہے۔امپورٹڈ ایجنڈے پر کام کرنے والی امپورٹڈ حکومت کو عوامی مفاد سے کوئی دلچسپی نہیں۔ہر روز عوام پر مہنگائی کے بم گرائے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں صبح شام کے لحاظ سے اضافہ ہو رہا ہے۔ایک ہی دن میں بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا ۔بجلی کی لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔مہنگائی غربت و افلاس کے سبب غریب عوام آج دو وقت کی روٹی کے لئے پریشان ہیں۔
انہوںنے مزید کہا کہ مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کرنے والوں نے عوام کو آئی ایم ایف کے خونخوار پنچوں میں دے دیا ہے ۔آئی ایم ایف انسان دشمن اور عوام دشمن سامراجی ادارہ ہے ۔آئی ایم ایف ملکوں کی معیشت درست کرنے کی بجائے ملکوں کی معیشت کی بربادی کا سبب ہے۔ اپنے کپڑے بیچ کر عوام کو سستا آٹا دینےکے شوشے چھوڑنے والے اپنے اور زرداری کے بیروں ملک اثاثے واپس لا کر عوام کو ریلیف دیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ کا اسلام آباد میں برسی امام خمینی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکہ اپنے غلاموں کو امریکی نیشنل انٹرسٹ کے لئے استعمال کرتا ہے جس نے بھی امریکہ پر اعتماد کیا وہ ہمیشہ دھوکے میں رہا،امام خمینی نے امریکہ کو بدترین مکار قرار دے کر یہ ثابت کیا کہ انسانیت اور عوام کی بھلائی اسی میں ہے کہ اس کے حکمران امریکہ پر انحصار ختم کرے،ہمارے وہ حکمران جو اپنے آپ کو کمانڈو کہتے تھے امریکی وزیر خارجہ کے ایک ٹیلی فون کال پر ڈھیر ہو گئے،پاکستان کو امریکی جنگ میں جھونک کر قوم کو ایک دلدل میں پھنسایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم میں اس فکر کو عام کیا جانا چاہئے کہ ہم کسی کی غلامی کو برداشت نہیں کرینگے،پاکستان اس وقت تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ استعمار اور اس کے حواری اس ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے میں مصروف ہے،ہر محب وطن پر فرض ہے کہ وہ قوم میں شعور پیدا کریں تاکہ آزادی کی حفاظت کے لئے وہ اپنا کردار ادا کریں، منحوس امریکی بلاک سے الگ نہ ہوئے اور غلامی کی زنجیروں کو نہ توڑا گیا تو ملک ناقابل برداشت نقصان سے دوچار ہوگا،ہمیں تقسیم کرکے امریکہ اور اس کے حواری ملک کی سالمیت کی خلاف وار کرنے کی مکمل تیاری میں مصروف ہیں،ملک میں اتحاد بین المسلمین ہی استعماری سازشوں سے مقابلے کا اصل ہتھیار ہے،امریکہ نے جو طبقہ ہم پر مسلط کیا ہوا ان کیخلاف خاموشی ملک کو ایک ناقابل یقین نقصان سے دوچار کرے گا،پاکستان میں کمزور اور غلام حکمران امریکہ کی خواہش ہے تاکہ وہ اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کر سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کو استعماری قوتوں سے آزادی کے لئے طویل جدوجہد کی ضرورت ہے،یہ دنوں اور مہینوں کا کام نہیں جہد مسلسل کی ضرورت ہے،ہمارا پایہ تخت اس وقت اسلام باد میں نہیں واشنگٹن میں ہے ہم پر استعماری فیصلے مسلط ہو رہے ہیں،اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے یہ مغربی غلام سرگرم ہے،ہم اس عمل کو کسی صورت برداشت نہیں کرینگے،ہمارے پاس کھونے کو اب کچھ نہیں،ہم مادر وطن کو کھونے نہیں دینگے ہم سب کچھ قربان کرینگے لیکن ان وطن فروشوں کو تسلیم نہیں کریں گے،ہم ایک آزاد قوم ہے آزاد جئیں گے آزاد مرینگے،لیکن امریکی غلامی کو قبول نہیں کریں گے۔
وحدت نیوز(لاہور) امام خمینی نے اسلامی انقلاب کے ذریعہ نہ صرف ایرانیوں بلکہ پوری دنیا کے لوگوں کو اپنا عاشق بنا دیا اسلامی انقلاب کے وقوع پذیر ہونے کے ساتھ ایک بار پھر مستضعفین کو روئے زمین کی حکومت عطا ہوئی اسلام کا چمکتا ہوا سورج ایک بار پھر نئی روح و حیات لے کر سر زمین ایران کی افق سے نمودار ہوا اور دھیرے دھیرے پوری دنیا میں نور افشانی کرتا چلا جا رہا ہے۔ دنیا کے کونے کونے سے اٹھنے والی اسلامی تحریکیں اسی آفتاب کی روشنی میں اپنا راستہ ڈھونڈتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ کی 33ویں برسی کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوے کیا۔
انہوں نے کہا حضرت امام خمینی(رہ) کے اصولوں میں خالص اسلام محمدی کا اثبات امریکی اسلام کی نفی، اللہ تعالی کے وعدے پر اعتقاد ، عوامی طاقت و عزم پر اعتماد دنیا کے مظلومین کی حمایت ،بین الاقوامی منہ زور طاقتوں کی آشکارا مخالفت شامل ہے انہوں نے کہا امام خمینی وہ نڈر رہنما و رہبر کبیر انقلاب ہےجنہوں نے خواتین کو حضرت سیدہ زینب (س) کی خوبصورت زندگی کی تجزیانہ شرح پیش کر کے عورتوں کو ان کی عظمت رفتہ اور حقیقت کی پہچان کرا دی آج عالم اسلام کے حالات انتہائی خراب ہیں ، سامراجی ذرائع ابلاغ، سچ کو جھوٹ ، جھوٹ کو سچ قرار دے رہے ہیں اور آج ان کی سازشوں کے مقابلے میں حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے زریں اصولوں کی افادیت پہلے سے کہیں زیادہ واضح ہو رہی ہے ۔ ہم اس عظیم شخصیت کی عظمت کو سلام کرتے ہیں۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدتِ مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے امام خمینیؒ کی 33ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سامراجی نظام اور عالمی استکباری قوتوں کے خلاف اس صدی کی سب سے مضبوط آواز امام خمینیؒ کی تھی جس نے دنیائے اسلام کے ہر باضمیر و باشعور انسانی کو بیدار کیا اور انقلابی روح پھونکی۔
انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کے اس عظیم رہنما نے امریکہ کے اسلام دشمن عزائم کو بھانپ لیا تھا۔ وہ مسلم ممالک میں امریکی مداخلت کے سخت مخالف تھے۔ملک کے داخلی معاملات میں اغیار کی مداخلت کی بھرپور مخالفت امام خمینی کا وہ زریں اور اٹل اصول تھا جس پر ان کے مخالفین بھی داد دیے بغیر نہیں رہتے۔امام خمینی محض ایک شیعہ رہنما نہ تھے بلکہ امت مسلمہ کی ایک مدبر و بابصیرت شخصیت، ایک بہترین فکری رہنما اور ایک با عمل معلم تھے جنہوں نے اپنے کردار سے اپنی گفتار کی تصدیق کی۔
انہوں نے غیر کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کو اسلامی غیرت و عظمت کے منافی قرار دیتے ہوئےاعلی اسلامی اقدار سے روشناس کرایا۔موجودہ دور میں صیہونی و نصرانی تسلط سے چھٹکارا حاصل کرنے کا واحد ذریعہ فکرِامام خمینی پر عمل پیرا ہونا ہے۔ عالمی استعمار آج بھی مرجیعت سے سخت خوفزدہ ہے۔اسے مراجع عظام کی موجودگی میں اپنی دال گلتی نظر نہیں آتی۔ اس لیے عالم اسلام کے جرات مند رہنماؤں کے خلاف مختلف طریقوں سے پروپیگنڈے کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی اور مرجعیت کا بغور مطالعہ قوم کے ہر فرد کے لیے ضروری ہے تاکہ دین کے باوقار اور منظم اصولوں سے آگہی حاصل ہو۔
وحدت نیوز(گلگت) امام خمینی رح کی قیادت میں حقیقی معنوں میں عالم اسلام میں انقلاب برپا ہوا ہے اقوام عالم میں امریکہ مردہ باد کی صدائیں بلند ہوئی ہیں اور انشااللہ بہت جلد امریکہ کی بربادی قریب ہے، ان خیالات کا اظہار مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین محترمہ سائرہ ابراہیم نے امام خمینی رح کی 33ویں برسی کے موقع پر جاری بیان میں کہا کے رہبر کبیر امام خمینی نے اپنی تعلیمات میں ہمیشہ خواتین کو تربیت اولاد پر زور دیا ۔
انہوں نے کہا رہبر انقلاب حضرت امام خمینی رح فرماتے ہیں کے عورتوں کو ہر میدان میں مردوں کے شانہ بشانہ ہونا چاہیے، انہوں نے کہا رہبر انقلاب فرماتے ہیں کے دشمن ہمارے شہدا کے خون سے ذیادہ ہماری خواتین کے حجاب سے خوف ذمہ ہے آج عصر حاضر میں رہبر انقلاب امام خمینی کی کہی ہر بات سچ ثابت ہو رہی ہے اور انشااللہ جلد ہی اسرائیل اور امریکہ نیست و نابود ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کے ملک کی بقا و سلامتی کے لئے اٹھائے گے مشکل فیصلے اور تکلیفیں آنے والی نسل کے لئے آسانی فراہم کرتی ہیں ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مقصود علی ڈومکی نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات میں ظالمانہ اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ پٹرول کی قیمتوں میں 60 روپے تک اضافہ عوام پر ظلم کے مترادف ہے جس سے ملک میں مہنگائی کا شدید طوفان آئے گا۔ مہنگائی غربت و افلاس کے سبب غریب عوام آج دو وقت کی روٹی کے لئے پریشان ہیں۔ مہنگائی کے طوفان نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ملک میں مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کیا تعجب ہے کہ وہ موجودہ صورتحال پر کیوں خاموش ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ضروریاتِ زندگی کی ہر چیز کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ مہنگائی کی تازہ لہر نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف انسان دشمن اور عوام دشمن سامراجی ادارہ ہے جو ملکوں کی معیشت درست کرنے کی بجائے ملکوں کی معیشت کی بربادی کا سبب ہے۔ جس نے کبھی حکمران طبقے وزراء و اراکین اسمبلی سے اپنی عیاشی اور مراعات میں کمی کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ اس نے ہمیشہ غریب عوام پر ہی بوجھ ڈالا ہے۔ حکمرانوں کی شاہانہ طرز زندگی اور روز افزوں بینک بیلنس کے باوجود عوام ہر گزرتے دن کے ساتھ غریب سے غریب تر ہوتے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے کپڑے بیچ کر عوام کو سستا آٹا دینے والے وزیراعظم بیرونی ممالک میں پڑے اپنے اور زرداری خاندان کے قیمتی اثاثے لوٹی ہوئی ملکی دولت اور کروڑوں ڈالر واپس لا کر غربت و افلاس میں کمی کر سکتے ہیں اور عوام سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کر سکتے ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور)یکم ذی القعدہ آغاز عشرہ کرامت و روز ولادت با سعادت کریمہ اھلبیت حضرت فاطمہ معصومہ کے پر مسرت موقع کی مناسبت سے تمام عاشقان و محبان اہلبیت علیھم السلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوے مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا فضائل و کمالات کی بلندی پر فائز ہیں اہل بیت علیہم السلام کی زبانی آپ کے فضائل کا بیان ہونا، آپ کے بلند مقام اور عظیم کمالات کی نشاندہی کرتا ہے عبادت و زہد، پارسائی اور تقوی، صداقت اور حلم، مشکلات و مصائب میں صبر و استقامت، جود و سخا، رحمت و کرم، پاکدامنی اور ذکر و یاد الہی سے اس پاک ہستی کی سیرت مبارکہ مزین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ سلام اللہ علیھا کو معصومہ کا لقب آپؑ کے بھائی آٹھویں امام حضرت امام علی رضا علیہ السلام نے عطا فرمایا امام سے روایت ہے "جو شخص معصومہ کی قم میں زیارت کرے، اس شخص کی طرح ہے جس نے میری زیارت کی" حضرت بی بی معصومہ کا امام رضا (ع) سے رابطہ اور تعلق صرف بھائی اور بہن کی محبت اور خونی رشتہ کا نہیں تھا بلکہ ایک پاکیزہ کردار اور طیب و طاہر انسان ، الہی نمائندہ اور امام کے عنوان سے تھا اور آپ کا اپنے بھائی امام رضا (ع) سے عشق اور لگاؤ فضائل اور کرامات سے لگاؤ تھا ان مذید کہنا تھا کہ جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کی سیرت طیبہ تمام خواتین کے لیے نمونہ عمل ہے اپنے وقت کے امام کی معرفت رکھنا انکی اطاعت کرنا ، ان کی نصرت کے لیے آلام و مصائب تحمل کرنا اور ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے آمادہ رہنا حضرت معصومہ قم کی عظیم سیرت و کردار کی روشن مثالیں ہیں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مدرسہ خاتم النبیین شعبہ خواتین کوئٹہ کے زیراہتمام حضرت سیدہ فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر یوم دختر منایا گیا۔یوم دختر کی مناسبت سے بچیوں میں پھولوں کے تحفے تقسیم کئے گئے اور کیک کاٹا گیا۔
بیٹیوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ بیٹی رحمت ہے اور ہمیں چاہئے کہ بیٹیوں کی قدر کریں اور ان کی بہتر تعلیم اور تربیت کا اہتمام کریں۔ زمانہ جاہلیت میں بیٹی کو ذلت کی علامت سمجھا جاتا تھا مگر رسول رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں بیٹی کی عظیم قدر و منزلت کو بیان کیا اور اسے رحمت پروردگار قرار دیا۔ بیٹیوں کی بہتر تعلیم و تربیت کے ذریعے ہم معاشرے کی اصلاح کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یکم سے گیارہ ذوالقعدہ تک پوری دنیا میں عاشقان اھل بیت کی جانب سے عشرہ کرامت منایا جاتا ہے جو آل رسول سے تعلق رکھنے والی دو عظیم ہستیوں حضرت سیدہ فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا اور امام ہشتم حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے ایام ولادت باسعادت پر مشتمل ہے اس دوران مدرسہ خاتم النبیین کوئٹہ کے زیراہتمام تصویری نمائش اور جشن میلاد کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن سامراجی قوتیں اپنی دشمنی اور خباثت سے باز آنے کے لیے تیار نہیں ہیں حال ہی میں صیہونی لابی اور استکباری قوتوں کی حمایت سے امام ہشتم حضرت امام علی رضا علیہ السلام اسلامی تعلیمات انقلاب اسلامی اور روضہ اقدس امام ہشتم کی شان میں گستاخی پر مبنی شرمناک فلم تیار کی گئی ہے جس کا عنوان رکھا گیا ہے عنکبوت مقدس۔ دین اسلام اور اھل بیت علیھم السلام کی شان اقدس میں صیہونی لابی کی یہ جسارت ناقابل معافی جرم ہے۔ جسے اسرائیل کی صیہونی لابی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔