The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ایم ڈبلیو ایم کے نو منتخب چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گی۔جس میں علامہ غلام حر شبیری ،سید ناصر عباس شیرازی،علامہ عبدالخالق اسدی علامہ نیئر عباس مصطفوی ،نثار علی فیضی ،ملک اقرار حسین ،علامہ اقبال بہشتی ، علامہ شیر علی انصاری ، علامہ عیسی امینی،علامہ ڈاکٹر یونس حیدری،علامہ علی اکبر کاظمی،آصف رضا ایڈوکیٹ سمیت راولپنڈی اسلام آباد کے ضلعی عہدیداروں اور کارکنان نے شرکت کی۔
شرکاء نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو مجلس وحدت مسلمین کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور اسے ملت تشیع کے حقوق کے تحفظ اور قومی وحدت کے لیے اہم قراردیا۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تقریب کے منتظمین اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت کی طرف سے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اس کو کبھی ٹھیس نہیں لگنے دی جائے گی۔انہوں نےکہاکہ مجلس وحدت مسلمین کے قیام کا مقصد قوم کے حقوق کا تحفظ، تکفیریت کا خاتمہ، وطن عزیز کی نظریاتی سرحدوں کے دفاع اور وحدت بین المسلمین کے لیے میدان عمل میں اپنی موجودگی برقرار رکھنا ہے جس پر ہر حال میں قائم رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سنگین ترین دور سے گزر رہا ہے۔ہمارے نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے استعمال اور سماجی سرگرمیوں میں انتہائی ذمہ دارانہ انداز میں آگے بڑھنا ہو گا۔ ملک و قوم کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی پوسٹوں سے دور رہا جائے جو مذہبی منافرت یاقومی انتشار کا باعث ہوں۔مجلس وحدت مسلمین محض ایک شیعہ نمائندہ جماعت نہیں بلکہ ملک کی ایک ایسی ذمہ دار سیاسی و مذہبی جماعت ہے جس نے اپنی دانش و حکمت سے وطن عزیز کے ان دشمنوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا ہے جو مذہب و مسلک کے نام پر ملک کے گلی محلے میں نفرت کی آگ سلگانا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اصولوں پر کبھی آنچ نہیں آنے دی۔وطن عزیز کے استحکام کے لیے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔حکمرانوں کی اقتدار پرستی نے ملکی معیشت کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا۔اگر معاشی بحران سے نکلنے کے لیے فوری اور مثبت اقدامات نہ کیے گئے تو ملک کو درپیش خطرات سنگین تر ہوتے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات اور مذہبی و سیاسی جماعتوں کی ذمہ داریوں کے حوالے سے ایک ملک گیر کانفرنس کا انعقاد زیر غور ہے ۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے کہا ہے کہ معاشرے میں امن اور ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے علما، اساتذہ اور والدین اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ علماء کرام اپنی دینی اور سماجی مقام کو استعمال کرتے ہوئے عوام کو امن پسندی اور ہم آہنگی کی ترویج کریں اساتذہ اپنے مقدس پیشے کے ذریعے ملک کے معماروں کے مستقبل کی آبیاری کریں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں اساتذہ سے درخواست کروں گی کہ وہ طلبہ اور طالبات سے امن پسندی اور ہم آہنگی کے موضوعات پر کلاس روم میں گفتگو کرتے رہیں۔
سیدہ زہرا نقوی کا مزید کہنا تھا کہ والدین اپنے بچوں کی تربیت اس انداز میں کریں کہ بچوں میں نفرت، تشدد اور منفی رویوں کا رجحان نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر پاکستان کا مستقبل روشن اور پرامن بنا سکتے ہیں، معاشرے کے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ نا آگہانی صورتحال میں اپنے آپ کو مربوط رکھیں اور پُرامن طریقے اور افہام و تفہیم سے متنازعہ صورتحال کو حل کریں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ لبنان کے حالیہ انتخابات میں امریکی غلاموں کی شکست اقوام عالم میں امریکہ اور امریکی غلاموں سے عوامی نفرت کی غماز ہے۔ عالمی استکباری طاقتوں کے پروپیگنڈہ اور سازش کو ناکام بنا کر لبنانی قوم نے حزب اللہ اور اس کے اتحادیوں کو کامیاب کرایا جو در حقیقت حزب اللہ پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ جس حزب اللہ کو شیطان بزرگ امریکہ دھشتگرد قرار دیتا وہ لبنانی عوام کی مقبول ترین جماعت ہے۔ لبنانی عوام نے امریکی منصوبے خاک میں ملا دیئے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امریکی بالادستی کا سورج غروب ہو رہا ہے اور عوام میں امریکہ کے انسان دشمن عزائم اور استکباری رویوں کے خلاف شدید غم وغصہ موجود ہے جس کی واضح جھلک پاکستان میں نظر آ رہی ہے۔ پاکستان کے آئندہ انتخابات میں عوام جس انداز سے امریکی مداخلت اور امریکہ کے انسان دشمن و اسلام دشمن کردار کے خلاف جس غم وغصے کا اظہار کریں گے وہ پاکستان کی آزادی خود مختاری اور استقلال کا آئینہ دار ہوگا۔ انجمن غلامان امریکہ کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ عوام امریکہ کی غلامی اور امریکہ کے غلاموں سے بیزار ہے۔انہوں نے کہا کہ افغان طالبان نے شیطان بزرگ امریکہ کو دوستی کا پیغام بھیج کر تاریخی غلطی کی ہے۔ طالبان ان کے عبرتناک انجام سے سبق سیکھیں جنہوں نے امریکی سے دوستی کی اور شیطان بزرگ پر اعتماد کیا۔ صدام مرسی اور قذافی کا عبرتناک انجام حکمرانوں کے لئے درس عبرت ہونا چاہیے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے اعلیٰ سطح وفد کی گورنرگلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون اور وزیر اعلیٰ بیرسٹر خالد خورشید خان سے گلگت بلتستان ہاؤس اسلام آباد میں خصوصی ملاقات کی ۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان ناصر عباس شیرازی،سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید اسد عباس نقوی ،صوبائی وزیر زراعت محمد کاظم میثم اور جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ مفتی گلزار نعیمی نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید اور سابق گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون سے ملاقات کی،ملاقات میں گلگت بلتستان کے مختلف ایشوز سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وحدت نیوز(آرٹیکل)16 مئی 2022ء کو ملی یکجہتی کونسل کی مجلس قائدین کا اجلاس اسلام آباد میں کونسل کے صدر جناب ڈاکٹر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں کونسل کی بیس رکن جماعتوں کے قائدین اور اکابرین موجود تھے، جن میں جماعت اسلامی کے امیر جناب سراج الحق، مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس، ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، اسلامی تحریک کے نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی، تحریک اویسیہ کے سربراہ پیر غلام رسول اویسی، اسلامی جمہوری اتحاد کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر، امیر جماعت اہل حدیث حافظ عبد الغفار روپڑی، تحریک احیائے خلافت کے امیر قاضی ظفر الحق، جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی، تحریک جوانان پاکستان کے سربراہ عبد اللہ گل، علماء و مشائخ رابطہ کونسل کے سربراہ خواجہ معین الدین کوریجہ، وفاق علمائے شیعہ کے سیکرٹری جنرل مولانا افضل حیدری، ہدیۃ الہادی کے صدر مفتی معرفت شاہ، تحریک اللہ اکبر کے مرکزی راہنماء وحید شاہ، اسلامی تحریک کے سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی، مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی، تنظیم اسلامی کے مرکزی راہنماء راجہ محمد اصغر، جماعت اسلامی کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم، امامیہ آرگنائزیشن کے چئرمین سید سجاد نقوی، جمعیت اتحاد العلماء کے سربراہ مولانا عبد المالک اور دیگر شامل تھے۔
اس اجلاس میں دیگر امور کے علاوہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ اس سلسلے میں مختلف راہنماؤں نے اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔ بعض امور روایتی تھے اور بعض باتیں ملک کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے کی گئیں۔ سیاسی عمائدین اور قومی قائدین کا طرز عمل بھی زیر بحث آیا۔ تنقید و اعتراض کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ مذہبی جماعتوں کا کیا بیانیہ اور متفقہ لائحہ عمل ہو، اس موضوع پر بھی بات کی گئی۔ اجلاس کے آخر میں جو اعلامیہ جاری کیا گیا، اس کا پہلا نکتہ پاکستان میں اسلام کی بالادستی اور استعمار کی غلامی سے نجات کے متعلق ہے۔ اس نکتے کو اعلامیے کی روح قرار دیا جاسکتا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے:
* ملک میں انتشار، فساد، نفسا نفسی کی بڑی وجہ اور بنیاد اسلام، قرآن و سنت، آئین سے انحراف ہے۔ اغیار، استعمار، استکبار کی غلامی سے انکار اور نجات پاکستان میں فقط نظام مصطفیؐ کے قیام سے ممکن ہے۔ ماضی کی تمام حکومتوں نے قوم پر امریکہ، یورپ، عالمی استعماری مالیاتی اداروں کی غلامی مسلط کی۔ ملی یکجہتی کونسل میں شامل دینی جماعتوں کے قائدین کا متفقہ اعلان ہے کہ ان شاء اللہ اپنی قوم اور ملک کی سلامتی حقیقی آزادی اور وقار کے تحفظ نیز غیر اللہ کی غلامی سے نجات تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
تمام قائدین اور راہنماؤں کے احترام کے ساتھ راقم کی رائے میں اس اجلاس میں منفرد آواز علامہ راجہ ناصر عباس جعفری چیئرمین مجلس وحدت مسلمین کی تھی۔ اس تحریر میں ہم اپنے قارئین کی خدمت میں اجلاس میں کی گئی ان کی گفتگو کے مطالب پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آیت اللہ باقر الصدر نے فرمایا: ہر قوم کے لاشعور میں کچھ عزائم، آرزوئیں، ارمان اور حقیقی مقاصد ہوتے ہیں۔ لیڈر شپ ان آرزووں کو زبان دیتی ہے۔ جب وہ بات کرتی ہے تو لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم بات کر رہے ہیں۔ وہ حرکت کرتے ہیں تو لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم حرکت کر رہے ہیں۔ لیڈر شپ لوگوں کے عزائم، آرزوؤں اور ارمانوں کو پڑھنا اور ان کو عام فہم زبان دینے کا نام ہے۔ وہ زبان جسے عام لوگ سمجھ سکیں۔ پاکستان میں ایک بزرگ عالم دین نے امام خمینی کے بارے کہا تھا کہ امام خمینی کی باتیں بہت سادہ اور عام فہم ہوتی ہیں۔ امام خمینی ایک فقیہ، عارف، مفسر قرآن اور فلسفی تھے، اگر وہ علمی زبان میں لوگوں سے بات کرتے تو عوام کو ان کی کچھ سمجھ نہ آتی۔ اس لیے امام نے عام فہم زبان میں بات کی، جو اللہ نے انسان کے وجود کی زمین میں فطرت کے طور پر رکھی ہے۔ گھر میں روٹی پکانے والی عورت، ایک ان پڑھ عورت بھی اس زبان کو سمجھ سکتی ہے۔ اسی طرح سے بروقت بولنا اور سٹینڈ لینا بھی اہم ہے۔
میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کا دستور ایک ترقی پسند دستور ہے۔ یہ وہ دستاویز بن سکتا ہے، جس پر ہم جدوجہد کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ اس دستور میں لکھا ہے کہ حاکمیت اعلیٰ اللہ کے لیے ہے۔ پاکستان کے دستور کی روشنی میں اس ملک میں لبرل ڈیموکریسی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ مغرب میں جمہوریت کی تعریف کرتے ہوئے کہا جاتا کہ جمہوریت عوام کے ذریعے عوام پر عوام کی حکومت ہے۔ ہمارے دستور میں کہا گیا ہے کہ یہ اللہ کی حکومت ہے منتخب، صالح، صادق و امین نمائندوں کے ذریعے۔ پس ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم لوگوں کے عزائم، آرزوؤں اور ارمانوں کو پڑھیں، ان کو عام فہم زبان دیں۔ ہم جانتے ہیں کہ اللہ نے انسان کی فطرت میں آزادی اور استقلال کو رکھا ہے۔ انسان غلامی قبول نہیں کرتا۔ اللہ نے اس کے سر پر تاج کرامت رکھا ہے۔ "ولقد کرمنا بنی آدم" اللہ نے اس کے لیے ایسا کام حرام قرار دیا ہے، جو اس کی عزت نفس کے خلاف ہو۔ ذلت پذیری کو خدا اور اس کے رسول ؐ نے منع کیا ہے۔ مولا علی ؑ اپنے بیٹے سے خطاب کرتے ہوئے فرماتے ہیں: یا بنی لا تکن عبدا غیرک قد جعلک اللہ حرا "اے بیٹا! کسی کی غلامی مت اختیار کرو، اللہ نے تم کو آزاد خلق کیا ہے۔"
پس لوگوں کا لاشعور اور آرزو اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ ہم کسی کے غلام نہ ہوں۔ ہم آزاد ہوں، ہماری انسانی کرامت ہو۔ ایک قوم و ملت کے طور پر بھی ہماری عزت نفس پامال نہ ہو۔ ہمارے فیصلے اسلام آباد میں ہوں، واشنگٹن میں نہ ہوں۔ ہماری خارجہ پالیسی آزاد ہو، ہماری داخلی خود مختاری ہو۔ ہمارے قومی مفادات پر مصلحت پسندی سے کام نہ لیا جائے۔ ہماری قومی سالمیت پر کسی قسم کی آنچ نہ آئے، لیکن ہم اپنی آنکھوں سے گذشتہ کئی دہائیوں سے دیکھ رہے ہیں کہ اس قوم اور ملک کے ساتھ کتنا ظلم اور زیادتی ہوئی ہے۔ آج ہم جو کچھ بھی دیکھ رہے ہیں، اس میں ہم سب برابر کے شریک ہیں۔ خاموش رہ کر، ساتھ دے کر یا لوگوں کو مناسب راستہ نہ دکھا کر۔ کیا وجہ ہے کہ ایک شخص اٹھتا ہے، لوگ مہنگائی کی بات نہیں کر رہے، لوگ اس شخص کے آزادی کے بیانیے کو قبول کر رہے ہیں۔ امریکا مخالف بیانیہ ہمارا تھا ’’امریکہ کا جو یار ہے، غدار ہے غدار ہے‘‘ کے نعرے کئی دہائیوں تک ہم لگاتے رہے۔ یہ ہمارا بیانیہ تھا کہ امریکہ ہمارا دشمن ہے، امریکا قابل اعتماد نہیں ہے۔
جب آپ کہتے ہیں کہ ہم غلام نہیں ہیں تو وہ آپ کو اپنا دشمن سمجھتا ہے۔ اسرائیل کو امریکا اور برطانیہ نے بنایا ہے۔ یہ ممالک جہان اسلام کے دشمن ہیں۔ ہم سب یہ کہتے ہیں، بزرگان دین یہ کہتے تھے، علماء کا یہ کہنا تھا، لیکن کیا وجہ ہے کہ ہمارے فیصلے اسلام آباد کے بجائے لندن اور واشنگٹن میں ہوتے ہیں۔ عوام اس تحقیر کو برداشت نہیں کرسکتے۔ بحیثیت قوم گذشتہ دہائیوں میں پاکستانی قوم کی تحقیر ہوتی رہی ہے۔ یہاں لیاقت علی خان سے لے کر آج تک امریکا نے جو اکھاڑ پچھاڑ کی ہے، حکومتیں گرائی ہیں، لوگ اس پر خاموش رہے۔ بھٹو کو مارا گیا، پیپلز پارٹی چپ ہوگئی، ضیاء الحق کو امریکا نے مروایا، فوج نہیں بولی، بے نظیر کا قتل ایک عالمی سازش تھی، پیپلزپارٹی نہیں بولتی۔ پرویز مشرف کو امریکا نے گرایا، اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل کیانی اس سازش کا حصہ تھے، کوئی اس بارے میں بات نہیں کرتا۔ امریکا کے سامنے کوئی آواز نہیں اٹھاتا۔
ہمارا ملک ٹوٹا، اس میں امریکا ملوث تھا۔ عالم اسلام میں جتنی بھی اکھاڑ پچھاڑ ہوتی ہے، امریکہ اس سب میں ملوث ہے۔ لیبیا میں حکومت گرائی گئی، آج تک وہاں صورتحال ٹھیک نہیں ہو پائی۔ عوام آگاہ ہیں کہ کس کے کہنے پر دنیا میں تحولات آرہے ہیں۔ امریکہ اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے کے لیے ایک نیا ورلڈ آرڈر لانے کے لیے ملکوں پر جنگیں مسلط کر رہا ہے، غارت گری اور ظلم کر رہا ہے۔ ان اقدامات کی وجہ سے ہم امریکہ سے نفرت کرتے ہیں، یہ ہمارا بیانیہ تھا، جو عوام تک موثر انداز سے نہیں پہنچا۔ ہم آپس میں الجھتے رہے، ہمیں فرقوں میں لڑایا گیا اور ہم لڑے، ملک میں مذہب اور مسلک کے نام پر قتل و غارت گری ہوئی۔ یہ سب دشمن کی منصوبہ بندی تھی۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان نے اس سلسلے میں بڑا کام کیا ہے، اس اتحاد نے نفرتوں کی فضا کو توڑا ہے، تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ یہ اتحاد اس سے بڑا کردار ادا کرے۔ ہمیں قوم و ملت کا ولی اور وارث بننا چاہیے تھا۔ ہم اعتماد کی وہ فضا قائم کرتے، تاکہ لوگ ہماری قریب آتے۔ اب بھی وقت ہے، کہتے ہیں ’’دیر آید درست آید‘‘ جب بھی انسان کار خیر کے لیے قدم اٹھائے "فستبقوا الخیرات" کا مصداق ہے۔
قرآن کریم کا صریح حکم ہے: بسم اللہ الرحمن الرحیم: يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَتَّخِذُوا الْيَهُودَ وَالنَّصَارَىٰ أَوْلِيَاءَ ۘ بَعْضُهُمْ أَوْلِيَاءُ بَعْضٍ ۚ وَمَن يَتَوَلَّهُم مِّنكُمْ فَإِنَّهُ مِنْهُمْ ۗ إِنَّ اللَّهَ لَا يَهْدِي الْقَوْمَ الظَّالِمِينَ ﴿٥١﴾ فَتَرَى الَّذِينَ فِي قُلُوبِهِم مَّرَضٌ يُسَارِعُونَ فِيهِمْ يَقُولُونَ نَخْشَىٰ أَن تُصِيبَنَا دَائِرَةٌ ۚ فَعَسَى اللَّهُ أَن يَأْتِيَ بِالْفَتْحِ أَوْ أَمْرٍ مِّنْ عِندِهِ فَيُصْبِحُوا عَلَىٰ مَا أَسَرُّوا فِي أَنفُسِهِمْ نَادِمِينَ ﴿٥٢﴾ سورہ المائدہ۔ یہ آیت کہتی ہے کہ جو یہود و نصاریٰ سے دوستی کرتا ہے، اس کے دل کو بیماری لگ چکی ہے۔ ہمیں یہود و نصاریٰ کی دوستی سے منع کیا گیا۔ ہمارے علماء اس سلسلے میں کہتے ہیں کہ ’’نہی‘‘ کا ظہور حرمت پر دلالت کرتا ہے۔ اس آیت میں ایک اور نکتہ قابل غور ہے کہ یہاں ایمان والوں کو مخاطب کیا گیا، یعنی ایمان والے بھی یہود و نصاریٰ کی ولا میں گرفتار ہوسکتے ہیں۔ یہ بیماری ان کو بھی لگ سکتی ہے۔ اس آیت میں خداوند کریم نے اہل ایمان کو متوجہ اور متنبہ کیا ہے۔ ہم امریکہ کے بارے میں واضح موقف رکھتے، اسرائیل کے بارے واضح بات کرتے، اس کے اتحادیوں کے بارے واضح ہوتے۔ ہم میں سے جو بھی امریکہ اور اسرائیل کی جانب جاتا، خواہ ہمارا قریبی ہی کیوں نہ ہوتا، ہمیں اس کے خلاف سٹینڈ لینا چاہیے تھا، تاکہ لوگوں کو محسوس ہوتا کہ ہم جو بات کہتے ہیں دل و جان سے کہتے ہیں۔
آج ہمارا بیانیہ عوام نے اپنایا ہے اور اس کے لیے چھوٹا، بڑا، مرد و زن، پیر و جواں گھروں سے نکلا ہوا ہے، کیونکہ قومیں ہمیشہ کے لیے تحقیر کو برداشت نہیں کرتی ہیں۔ ایک دن وہ بول پڑتی ہیں۔ ہمیں سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اس وقت ہمارا بیانیہ کہیں اور چلا گیا ہے، کچھ اور لوگ اسے کے دعوے دار ہیں۔ اس صورتحال میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی قوم کے ساتھ کھڑے ہوں، ان سے فاصلہ نہ رکھیں، کیونکہ اس وقت جو قوم اور قومی بیانیہ سے فاصلہ رکھے گا، وہ وہاں سمجھا جائے گا، جہاں اس بیانیے کے مخالفین کھڑے ہیں۔ آج کا اعلامیہ ایسا ہونا چاہیے، جو قومی بیانیے کے ساتھ ہم آہنگ ہو۔ یہ ایک فرد، ایک سیاسی پارٹی کا بیانیہ نہیں ہے بلکہ قوم کا بیانیہ ہے۔ ہمیں قوم کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔ اگر ہم آج قوم کے ساتھ کھڑے ہوں گے تو لوگ ہم پر اعتماد کریں گے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس تقریر میں فکر انگیز، حوصلہ بخش اور راہ کشا نکات موجود ہیں، جو حریت پسند جوانوں کے دل کی آواز ہیں اور پاکستانی قوم کی بیداری کا بنیادی محرک ہیں۔ ہم ان کے اس حسن خطاب اور اعلیٰ فکر پر ان کی خدمت میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
تحریر: سید ثاقب اکبر
(ڈپٹی جنرل سیکریٹری ملی یکجہتی کونسل پاکستان)
وحدت نیوز(سکردو)سب ڈویژن گمبہ سکردو میں تعینات اسسٹنٹ کمشنر گمبہ سکردو غلام علی نے فرائض منصبی انجام دینے سے پہلے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان آغا علی رضوی اور منسٹر ایگریکلچر گلگت بلتستان و صوبائی رہنما ایم ڈبلیو ایم محمد کاظم میثم سے ملاقات کی اور کیک پیش کیے۔
اس موقع پر دونوں شخصیات نے اسسٹنٹ کمشنر کو مبارکبادی دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ حلقہ کے مسائل کے حل کے لیے تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائیں گے۔ آغا علی رضوی نے اس موقع پر نئے سب ڈویژن میں تعینات اسسٹنٹ کمشنر کے حق میں دعا کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے سب ڈویژن کا باضابطہ افتتاح کے لیے آغا علی رضوی اور منسٹر ایگریکلچر کو جمعہ کے روز بعد از نماز جمعہ دعوت بھی دی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم اور وزراء اگر لندن سے واپس آچکے ہیں اور اقتدار کی جنگ سے کچھ فراغت ملی ہے تو چولستان پہنچیں جہاں صحرائے چولستان میں عوام پانی کی بوند بوند کے لئے تڑپ رہے ہیں اور خشک سالی کے سبب صحرائے چولسان میں جانور مر رہے ہیں بہاولپور سے فقط تیس کلومیٹر کے فاصلے پر انسان اور پیاسے جانور پانی کے لئے تڑپ رہے ہیں جبکہ ایٹمی ریاست کے ارباب اقتدار و اختیار خاموش تماشائی بن کر کسی انسانی المیے کے منتظر ہیں۔ کیا یہ ضروری ہے کہ جب انسانی المیہ جنم لے اور پیاسے جانوروں کی صحراء میں لاشیں بکھری پڑی ہوں تو حکمران نیند سے اٹھیں ؟ سانحے اور المیے کو واقع ہونے سے قبل حکمران کیوں نہیں روکتے؟
انہوں نے کہا کہ 56 لاکھ ایکڑ پر محیط چولستان کا خوبصورت صحراء قدرت کا عطیہ ہے جو بے حس حکمرانوں کی عدم توجہ کا شکار ہے۔ پنجاب کے وزیراعلی اور وزراء فی الفور صحرائے چولستان کا مسئلہ حل کریں۔ ملک بھر کے اھل خیر صحرائے چولستان کے مظلوموں اور محروموں کی مدد کو پہنچیں۔ عاشقان کربلا شہدائے کربلا کی یاد میں صحرائے چولستان کے پیاسوں کے لئے حسینی سبیل کا اہتمام کریں۔انہوں نے مجلس وحدت مسلمین صوبہ جنوبی پنجاب کے رہنما جناب سلیم صدیقی سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے اپیل کی کہ مجلس وحدت مسلمین کے مقامی رہنما ان مظلوموں اور محروموں کی خبر گیری کے لئے متاثرہ علاقے کا دورہ کریں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اللہ تعالی کی بارگاہ میں باران رحمت کے لئے دعا کریں تاکہ اس خطے کی خشک سالی کا خاتمہ ہو۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) نو منتخب چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان حجۃ الاسلام و المسلمین علامہ راجا ناصر عباس جعفری کو اسلامی ممالک کے سفراء، اسلامی تحریکوں اور تنظیموں کے سربراہان اور شخصیات کی طرف سے مبارک باد اور نیک خواہشات کے پیغامات موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلے میں مجلس اعلیٰ اسلامی عراق کے سربراہ شیخ ھمام حمودی، سابق سربراہ سید عمار الحکیم، عہداللہ تحریک عراق کے سربراہ سید ہاشم الحیدری، جمعیت العمل بحرین کے رہنما شیخ عبداللہ صالح، بین الاقوامی مقاومت اسلامی سپورٹ فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یحی غدار، فلسطینی تحریک آزادی حماس کے رہنما خالد قدومی، تہران میں یمن کے سفیر ابو غدیر، پاکستان میں تعینات شام کے سفیر بسام عمران، حزب موتلفہ اسلامی تہران کے سیکرٹری بین الاقوامی امور محمد بومیان و متعدد دیگر عالمی اسلامی رہنماؤں اور شخصیات نے علامہ راجا ناصر عباس جعفری کے لیے مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیاہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) قاضی عبدالصبور ہاشمی جنرل سیکرٹری پاکستان فلاح پارٹی راولپنڈی ڈویژن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ روز مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سالانہ اجلاس منعقدہ امام بارگاہ الصادق اسلام آباد میں شرکت کا موقع ملا۔ بہت ہی عمدہ منظم اجتماع تھا جس میں وطن عزیز کے تمام مکاتب فکر کے جید زعما موجود تھے۔اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی انتخابات منعقد ہوئے جن میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کو آئندہ تین سال کے لیے چئیرمن مجلس وحدت مسلمین پاکستان منتخب کیا گیا۔ حلف برداری ہوئی اس کے بعد تمام مکاتب فکر کے جید علما و زعما نے اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے آئے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان کا جوش و جذبہ دیدنی تھا ۔اس موقع پر میرے لیے سب سے اہم بات تھی وہ تمام حاضرین اور خصوصاً مقررین کا وطن عزیز سے محبت کا جذبہ اور ملت پاکستان سے وفاداری کا جوش اور وطن عزیز سے فرقہ واریت کو نابود کر کے وحدت کو فروغ دینا کا بے مثال جذبہ تھا۔ اس سے بھی کہیں اہم استعمار اور طاغوت کی قوتوں کے خلاف یکجا ہونے کا تجدید عہد تھا۔خدائے متعال و لم یزل استقامت عطا فرمائے۔
وحدت نیوز(آرٹیکل) پاکستان کے معروضی حالات میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے شب وروز کوشش کرکے نہ صرف اپنی جگہ بنائی بلکہ اپنی طاقت کو بھی منوایا ہے کسی بھی شیعہ مذہبی سیاسی جماعت کی اب تک پاکستان میں ہونے والی سیاست سے زیادہ بڑھ چڑھ کر کردار ادا کیا اگر میں یہ بھی کہہ دو تو مبالغہ نہیں ہوگا کہ مجلس وحدت مسلمین نے جو مذہبی و سیاسی کردار اب تک پاکستان میں ادا کیا ہے اس سے پہلے کوئی مذہبی جماعت ادا نہیں کر سکی تھی۔
مجھے یاد ہے ابھی کل ہی کی بات ہےپاکستان کے گلی کوچوں میں ملت جعفریہ کا خون بہایا جارہا تھا ہر طرف وطن عزیز میں کافر کافر شیعہ کافر کا نعرہ بلند کیا جا رہا تھا ستم ظریفی تو یہ ہے کہ شیعوں سے کہا جا رہا تھا یا مسلمان ہو جاؤ یا جزیہ دو یا پاکستان چھوڑ دو۔
افسوس کی بات تھی کہ ان دہشت گرد اور تکفیری گروہوں کے سامنے ریاست بے بس نظر آ رہی تھی اور یہ بھی حقیقت ہے کہ ملت جعفریہ کے افراد نقل مکانی کر رہے تھےعزاداری پر حملے ہو رہے تھے ایک ایک دھماکے میں سینکڑوں قربانیوں کے باوجود ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بھی جاری تھا مجھے نہیں یاد پاکستان کا کوئی علاقہ اس دہشت گردی سے محفوظ رہاہو پارہ چنار کا محاصرہ ان پر عرصہ حیات تنگ کیے ہوئے تھا بے بسی کا یہ عالم تھا کہ حکومت آل پارٹیز کانفرنس بلاتی ہے کہ طالبان سے مذاکرات کیے جائیں لیکن طالبان کے ظلم کا سب سے زیادہ شکار ہونے والی ملت جعفریہ کو اس میٹنگ میں نمائندگی نہ دی گئی یعنی تکفیری گروہ اس حد تک منظم ہو چکے تھے اور دہشتگردی سرعام تھی اور پاکستان میں اسلام آباد پر قبضہ کرنے کی تاریخیں دی جا رہی تھی ایسے پر آشوب حالات میں ایک مرد مجاہد د مثل مختار میدان میں آیا اور ملت جعفریہ کے حقوق کےتحفظ کا اعلان کیا اور عملی جدوجہد کا آغاز کیا آپ نے اعلان کیا کہ بلاتحقیق جو بھی علی ولی اللہ پڑھنے والا ھے ان کی جماعت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا حصہ ہے اس کے حقوق اور اس کا تحفظ ان کی ذمہ داری ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور ان کے رفقاء کے اخلاص کی وجہ سے ملت جعفریہ نے ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کر دیا اور اس جدوجہد میں ان کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا پھر ایسا ہوا کہ مجلس کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے نواب رئیسانی کی بلوچستان حکومت کو گھر جانا پڑا پاراچنار کا محاصرہ ختم کرنا پڑا شیعہ دشمنی پر مبنی نیٹ ورک کو ٹوٹناپڑا اور مختصر سی مدت میں دیوار سے لگی ہوئی ملت جعفریہ کو میدان میں لا کھڑا کیا اور ایک طاقتور قوم کا سفر شروع کیادیکھتے ہی دیکھتے مجلس وحدت مسلمین بام عروج پر پہنچ گئی سیاسی حکمت عملی میں بھی پیچھے نہ رہی بلو چستان حکومت ھو پنجاب ہو گلگت بلتستان ہو پا را چنار ہو ہر جگہ شاندار سیاسی کردار ادا کرکے اسمبلیوں تک رسائی حاصل کی اور ملت کے مسائل کو اسمبلیوں کے فلور پر پیش کیا۔
آپ نے ہمیشہ مظلوم کی بات کی اور کہا کہ ہم ہر مظلوم کے ساتھ ہیں اور ہر ظالم کے مخالف ہیں ہم پاکستانیوں کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی نہیں ہونے دیں گے پاکستان میں اقلیتوں کو بھی تحفظ دیں گے اور ان کے حقوق کی بھی جدوجہد کرتے رہیں گے۔
ایسا رہبر ایسا قائد جس نے اپنے قول و فعل سے ثابت کردیا کہ وہ ہر عوامی مسائل میں ان کے ساتھ کھڑا ہے ایک مضبوط آواز نہ جھکنے والی نہ بکنے والی جدوجہد کی وہ لازوال داستان جو ایک مضمون میں مکمل نہیں کی جا سکتی آج جب سنا کہ آئندہ تین سال کے لیے دوبارہ سر براہ مجلس وحدت مسلمین کی حیثیت سے منتخب کرلیا گیا ہے تو ایک لمحہ کے لئے ان کے گزشتہ ادوار نظر میں آ گئے اور میں سوچ رہا تھا کہ علامہ عارف حسین الحسینی کے بعد ملت جعفریہ کی حقیقی نمائندگی کس نے کی ہے تو وہ علامہ ناصر عباس جعفری صاحب ہیں۔
عزاداری کے تحفظ کی ڈھال بنا ہے تو راجہ ناصر عباس جعفری
مسنگ پرسنز کی بات ہو تو سب سے آگے ہیں راجہ ناصر عباس جعفری
قومی مسائل کی نشاندہی کرنی ہو تو راجہ ناصر عباس جعفری
قومی مسائل کی تشخیص بتانی ہو تو علامہ راجا ناصر عباس جعفری
انٹرنیشنل سطح پر مسلمانوں کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو بے نقاب کرنا ہو تو راجہ ناصر عباس جعفری
حرمت رسول اللہ و آل محمد کا مسئلہ ہو تو سینہ سپر راجہ ناصر عباس جعفری
ملک دشمنوں کو بے نقاب کرنا حب الوطنی کا درس دینا مادر وطن کے ساتھ وفا کرنا سامراجی ایجنٹوں اور دشمن وطن قوتوں کو للکارنا حق کے ساتھ اور باطل کے مقابل کھڑے ہونا راجہ ناصر عباس جعفری ہی کا کام ہے
لیکن افسوس ملت جعفریہ آج بھی غفلت کا شکار ہے اور آج تک شہید حسینی کی شہادت پر کف افسوس ملنے والی قوم متبادل حسینی کا وہ حق ادا نہ کر سکی جو کرنا چاہیے تھا یقین رکھو راجہ ناصر عباس جعفری تمہاری جنگ لڑ رہا ہے تمہارے تحفظ کے لئے تمہارے حقوق کے لیے تمہاری خوشحالی اور ترقی کے لئے ان لمحوں کو غنیمت جانو اور راجہ ناصر عباس جعفری کا ہاتھ مضبوط کرو۔
عوامی بالادستی کی بات ہو تو آواز اٹھائے راجہ ناصر عباس جعفری
مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مخالفت کا معاملہ ہو تو تو راجہ ناصر عباس جعفری
فلسطین کے مظلوموں کے حقوق کی بات کرے تو راجہ ناصر عباس جعفری
بحرین اور یمن کے مظلوموں کی آواز بنے تو راجہ ناصر عباس جعفری
پاکستان میں انصاف کی بالادستی کے لیے برسرپیکار راجہ ناصر عباس جعفری
بیروزگاری بھوک اور افلاس کے خاتمہ کی جدوجہد راجہ ناصر عباس جعفری
تکفیری ٹولوں کو بے نقاب کرے راجہ ناصر عباس جعفری
شیعہ سنی وحدت کی مضبوط آواز بلند کرنا،اگر دنیا میں سر اٹھا کر چلنا چاہتے ہوغیرت مندوں والی زندگی گزارنا چاہتے ہو بہادروں کی طرح اپنا ذکر چاہتے ہو تو اس جری شجا مثل مختار مقاومت کا ستون راجہ ناصر عباس جعفری کے پیچھے کھڑے ہو جاؤ۔
ملت کے اتحاد کا جتنا یہ خواہشمند ہے پاکستان میں کوئی نہیں ۔خدا آپ کا رتبہ سلامت رکھے قوم کی عزت صحت اور طاقت میں اضافہ ہوگا تو ملت کے بزرگوں بچوں کی عزت میں اضافہ ہوگا اے قائدوحدت ھم تیرے ساتھ ہیں کندھے سے کندھا ملا کر اور تیری آواز پر لبیک کہتے ہیں اور آپ کی درازی عمر کی دعا کرتے ہیں۔
تحریر: ڈاکٹر سید افتخار حسین نقوی (فیصل آباد)