The Latest

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے یکسان نصاب کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف نصابی کتب سے دل آزار مواد کو نکالا اور صرف مشترکہ اور متفقہ مذہبی مواد شامل کیا جائے، نصاب کیلئے متعارف کروائے گئے اقداری نظام پر نظرثانی اور اسے علامہ اقبالؒ کے اسلامی اقداری نظام سے ہم آہنگ کیا جائے اور اس میں خودی، غیرت، حمیت، ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت، شجاعت، حریت اور سماجی انصاف جیسی اعلی اقدار شامل کی جائیں اور نصاب و درسی کتب میں اس کے مطابق تبدیلی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامیات کے نصاب سے متنازعہ شخصیات کے ابواب حذف کیے اور ان کی جگہ مسلمہ اور متفقہ اسلامی شخصیات شامل کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئین مذہبی تعلیم کے حوالے سے کسی ایک مسلک کی تعلیمات کو کسی دوسرے مسلک پر مسلط کرنے سے منع کرتا ہے۔ لہذا نصاب میں مذہبی تعلیمات شامل کرتے ہوئے اس آئینی اصول کو ملحوظ رکھا جائے، مذہب کی تعلیم کیلئے شیعہ بچوں کیلئے 1975 کے نصاب کی طرز پر علیحدہ نصاب ترتیب دیا جائے۔

وحدت نیوز(لاہور) رمضان المبارک عبادات کا مہینہ ہے اور سب سے بڑی عبادت خدمت خلق ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ اپنے اردگرد مستحق لوگوں کی مدد کریں، ان کیلئے سحر و افطار کیلئے خصوصی اہتمام کریں اور اس عمل کی تشہیر نہ کریں، غریبوں کی بھی عزت نفس ہوتی ہے، اس کا خیال رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بعض تنظیمیں راشن تقسیم کرتے ہوئے تصاویر بناتی ہیں اور پھر انہیں میڈیا میں شائع و نشر کروایا جاتا ہے، جو اچھی بات نہیں، نیکی کریں، لیکن تشہیر نہ کریں۔ علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ کارکنوں کو ہدایت کرتا ہوں کہ اپنے اردگرد سروے کریں، مستحقین کو تلاش کریں اور پھر خاموشی سے ان کی مدد کریں، اس مقصد کیلئے مخیر حضرات سے رابطے کریں اور ان سے راشن اور دیگر ضروری اشیاء لے کر مستحقین تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے اور اسلام انسانیت کو دین ہے،اپنے ہمسایوں کو خصوصی خیال رکھیں اور انہیں اپنے ساتھ عبادات میں لازمی شریک کریں، عید کے موقع پر بھی مستحقین کی بڑھ چڑھ کر مدد کریں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مادر وطن کے داخلی معاملات میں عالمی استعمار امریکہ کی بیجا مداخلت کے خلاف گذشتہ شب ملک بھرمیں اپنے گھروں سے نکل کر احتجاج کرنے والے محبان وطن کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیرت مند،باشعور بچوں بڑوں، خواتین اور مردوں پرسلام،آج آپ نے regime changeکی سازش کرنے والے امریکہ کے غرور کوخاک میں ملادیا اور beggarsکو رسوا کردیا،مکمل آزادی کی منزل تک پہنچنے کے لئے میدان میں حاضر رھنا ھوگا۔انشاءاللہ جیت غلامی کے طوق کوپاؤں تلے روندنے والوں کی ہوگی۔

اپنے ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ امریکہ سفارتی و اخلاقی آداب سے عاری  بدمعاش ریاست کا نام ہےپاکستان کے حساس اور  قومی نوعیت کے معاملات میں امریکی مداخلت پوری قوم کی عزت و حمیت پر کاری ضرب ہے۔ہم آزاد و خودمختار ریاست کے باسی ہیں۔کسی سامراجی قوت کی غلامی قوم کو قطعاً قبول نہیں چاہے وہ عملاً ہو یا کہ فکری اعتبار سے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ام المومنین حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کے یوم وفات پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دین اسلام کے فروغ کے لیے ملیکۃ العرب حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا نے جس انداز سے جانی و مالی ایثار کا عملی اظہار کیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔یہ وہ ہستی ہیں جنہیں خاتم الانبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حقیقی معرفت حاصل تھی۔ دین اسلام کی ترویج میں ام المومنین سلام اللہ علیہا کا کردار ہمیشہ مثالی رہا۔دین اسلام کی تبلیغ سے لے کر دین کی بقا کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے والے گھرانہ اولاد خدیجہ سلام اللہ علیہا کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے ام المومنین حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا سے جدائی کے سال کو "عام الحزن"یعنی غم کا سال قرار دے کر ان کی عظمت و مرتبے کو واضح کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ کے ہر لفظ کو حکم کا درجہ دینے والی عرب کی اس عظیم ملکہ کو سماجی مقاطعہ کے دوران شعب ابی طالب ع میں جو سختیاں برداشت کرنا پڑیں اس پر دین اسلام ان کا مقروض ہے۔حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کی ذات مبارکہ اور ان کا ہر عمل خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہے۔معاشرے کو پاکیزہ بنانے کے لیے خاندان رسالت کے کردار کو شعار بنانا ہو گا ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ یوتھ کے سیکرٹری علامہ اعجاز حسین بہشتی نے ملکی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہ کہ اس وقت پاکستان میں جو سیاسی بحران پیدا ہوا ہے اس کے پیچھے امریکہ ہے، ہماری اپوزیشن اور کچھ طاقتور حلقے اس وقت امریکہ کی ایما پر ملک میں انارکی اور افراتفری پھیلانے میں مصروف ہے۔ لیکن اس سے بھی افسوس کا مقام ہماری عدالتی فیصلوں پر ہے جہاں پر قانون اور آئین کی دھجیاں اڑا دی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے منتخب شدہ وزیراعظم کو دھمکیاں ملنا در حقیقت وطن عزیز کو دھمکی ہے بائس کروڈ عوام کو دھمکی ہے لیکن بد قسمتی سے وطن کے محافظ اسی دھمکی میں خوش نظر آتے ہیں اور سہولت کاری کا کام انجام دے رہے ہیں۔ لہذا ہم مکتب تشیع نہ تاریخ میں کبھی کسی ظالم و جابر کے سامنے تسلیم نہیں ہوئےہیں اور نہ ہی آئندہ کبھی ہوں گے۔ ہم نے ہمیشہ سے مظلومین کا ساتھ دیا ہے اور آج جب وطن عزیز پر مشکل پڑی ہے تو ہم ہمیشہ کہ طرح اپنے ملک کے دفاع کریں گے اور کسی کی غلامی کو قبول نہیںکریں گے۔

علامہ اعجاز بہشتی کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کے حوالے سے ہمارا ہمیشہ سے یہی موقف رہا ہے کہ یہ ایک ظالم اور شیطان بزرگ ہے دنیا میں فساد کی جڑ یہی ہے آج پاکستانی عوام کو بھی اس حقیقت کا علم ہوا ہے۔ ہم امریکی دھمکیوں کی اور پاکستان میں موجود ان کے سہولت کاروں کی پُر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور یہ بتانا چاہتے ہیں کہ جو بھی شیطان بزرگ سے مقابلہ کرے گا ہم اُن کے ساتھ ہونگے۔ ہمیں افسوس ہے کہ ہم ایک طاقتور فوج اور ایٹمی قوت ہونے کے باوجود حقیقی آزادی کو حاصل نہیں کر سکے ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصودعلی ڈومکی نے 9  اپریل عالم اسلام کے مجاہد مبارز عالم دین اور عصر حاضر کے عظیم مفکر مصلح فیلسوف شہید آیہ اللہ سید محمد باقر الصدر کے 42 ویں برسی کے موقع پر کہا ہے کہ شہید باقر الصدر نابغہ عصر اور عظیم مفکر تھے جنہوں نے علم فلسفہ اور اقتصاد اسلامی پر معرکہ الآراء کتب تحریر کیں۔ آپ اسلامی حکومت کو بشری ضرورت قرار دیتے ہوئے اسے انسانی صلاحیتوں کے ارتقاء کا واحد ذریعہ سمجھتے تھے۔ نظریہ ولایت فقیہ اور حکومت اسلامی کے زبردست حامی تھے۔ حضرت امام خمینی اور انقلاب اسلامی سے محبت کا یہ عالم تھا کہ آپ نے فرمایا۔ امام خمینی کی ذات میں یوں فنا ہو جاو جیسے وہ اسلام میں فنا ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید باقر الصدر فقط عراق ہی نہیں بلکہ عالم انسانیت کا عظیم سرمایہ ہیں۔ ظالم حاکم کے سامنے کلمہ حق ادا کرکے آپ نے افضل جہاد کیا جو آپ کی شہادت پر منتہی ہوا۔ آپ کی بہادر بہن سیدہ آمنہ بنت الھدی بھی اپنے بھائی کی جرئت مجاہدت علم اور تقوی کا عکس تھیں آپ صدامی مظالم کے سامنے کوہ گراں ثابت ہوئیں۔آپ نے بعث پارٹی کی ممبرشپ کو حرام قرار دینے کا تاریخی فتوی صادر کیا۔

شہید باقر الصدر نے اپنے پاکیزہ خون سے اپنی صداقت کی گواہی دی۔ باقر الصدر آج بھی زندہ ہیں۔ ان کے پاکیزہ افکار کروڑوں عاشقوں کی صورت زندہ و تابندہ ہیں۔ صدام نابود جبکہ باقر الصدرو آمنہ بنت الہدیٰ آج بھی زندہ و تابندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرزمین عراق نے ہر دور میں ایسی مایہ ناز شخصیات کو جنم دیا ہے جو عالم انسانیت کا سرمایہ افتخار رہے ہیں۔ عراقی عوام اور امت مسلمہ پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ شہید سید باقر الصدر کے افکار اور تعلیمات کو زندہ رکھیں۔ اور عراق کی مقدس سر زمین کو امریکی استکبار اور طاغوت کے نجس وجود سے پاک کرتے ہوئے شہید باقر الصدر کے حکومت اسلامی کے خواب کو حقیقت کا روپ دیں۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے وفد نے سانحہ پشاور کے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی ،وفد مرکزی اراکین مرکزی سیکرٹری سیاسیات محترمہ نرگس سجاد ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محترمہ زینب بنت الھدی، مرکزی آفس سیکرٹری محترمہ بینا شاہ، مرکزی سیکرٹری فنانس محترمہ سیدہ قراہ العین، ضلع اسلام آباد کی سیکرٹری جنرل محترمہ صدیقہ کائنات اور ضلع راولپنڈی سے محترمہ سمیہ بنگش پر مشتمل تھا ،وفد نے خانوادہ شہداء میں رقم بطور ھدیہ تقسیم کی۔

 اس موقع پر محترمہ نرگس سجاد کا کہنا تھا ہم شہداء کے گھرانوں کے ساتھ دکھ میں برابر کے شریک ہیں ہماری قوم نے اس ملک کی خاطر بے شمار جانیں دی ہیں دشمن ایسے ہی لوگوں کی تاک میں رہتا ہے جو اس ملک سے وفادار ہیں۔

 انہوں نے کہا آج اپنے ملک و قوم کی سربلندی، تحفظ اور سلامتی کے لیے خواتین کو بھی کردار زینبی نبھاتے ہوئے میدان میں آنا ہوگا سانحہ پشاور کے شہید امام مسجد مولانا ارشاد حسین خلیلی کی زوجہ نے کہا کہ شہداء کا خون ضائع نہ جائے گا قوم سے عرض ہے کہ اپنے شہیدوں کی قربانیوں کو فراموش نہ کریں اور ان کے راستے کو زندہ رکھیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایم ڈبلیوایم کے فلاحی شعبے نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے خصوصی تعاون سے ایک کروڑ روپے کی امدادی رقوم وارثان شہداء میں تقسیم کی تھیں۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کے شالیمار ٹاؤن کے یونٹ انگوری سکیم میں پانچ روزہ دروس کا اہتمام کیا گیا۔ دروس میں سیکرٹری جنرل خانم حنا تقوی نے تربیت اولاد پر درس دیتے ہوئے کہا کہ اگر والدین یہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچے کسی برائی کی طرف نہ جائیں تو وہ اپنے بچوں کو خود سے اتنا قریب کرلیں کہ بچہ گھر کے باہر دوست اور راز دان تلاش نہ کرے اور ہر اچھی و بری بات وہ صرف اپنے والدین سے کرے۔

ڈپٹی سیکرٹری جنرل خانم عظمیٰ نقوی ،خانم نجبہ علوی، خواہر حنا کاظمی، خواہر معصومہ محقق ، خواہر عندلیب نے اپنے اپنے فرائض کے مطابق دروس دیئے جبکہ خواہر رضوانہ نے دروس کے تمام انتظامات بخوبی انجام دئیے دروس میں خواتین کے ساتھ ساتھ بچوں نے بھی بھر پور شرکت کی ۔

محترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم لاہور نے نابالغ بچے اور بچیوں کو روزے کی فضیلت بتاتے ہوئے بچوں کے اندر روزہ رکھنے کا شوق کو بیدار کیا اور انہیں فرضی روزہ رکھوایا پھر نہایت خوبصورت انداز میں ان بچوں کی روزہ کشائی کی اور اختتام میں ان بچوں کو تحائف پیش کئے اور دعا کی گئی کہ اللّٰہ ہم سب کے روزے قبول و منظور فرمائے اود ان نابالغ بچوں کے روزوں کا اجر و ثواب ان کے مرحومین کو اور شہدائے ملت جعفریہ کو پہنچے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے موجودہ ملکی صورتحال پر کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ امریکی  ڈپلومیٹس بغیر کسی روک ٹوک کے ملک بھر میں غیر سفارتی نقل حرکت اور مختلف سیاسی مذہبی شخصیات سے ملاقاتیں کررہے ہیں اور ایسےمیں اعلیٰ عدالتوں کی جانب سے امریکی مداخلت پر خاموشی، ہر خوددار اور محب وطن پاکستانی کے لئے سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے اجلاس میں اعلیٰ عدالتوں اور مقتدر قوتوں سے سوال کیا کہ پشاور میں ہمارے ستر سے زائد شہداء پر آپ نے سوموٹو ایکشن کیوں نہیں  لیا؟اے پی ایس کے ماسٹر مائینڈ احسان اللہ احسان کے فرار پر سوموٹو ایکشن لے کر تحقیقات کیوں نہیں کی گئیں ؟غیر ملکی خصوصا” امریکی ڈپلومیٹس کی ملکی سیاست میں مداخلت پر سوموٹو ایکشن کیوں نہیں لیا گیا ؟ماڈل ٹاون کے دل خراش سانحے پر اب تک مقتولین کے خانوادوں کو انصاف فراہم کیوں نہیں کیا گیا؟لہذا ملک میں آئین کی بحالی ، مظلوم کی دادرسی اور ملکی استقلال اور خود مختاری ہر چیز سے زیادہ اہم ہونی چاہئیے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی نصاب کمیٹی کا اہم اجلاس کمیٹی کنوینیر و مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی سیکریٹری تعلیم نثار علی فیضی رکن نصاب کمیٹی سید ابن حسن شاہ بخاری اور عارف الجانی شریک ہوئے۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ اسلام آباد کی شیعہ قومی کانفرنس کی کامیابی کے بعد صوبائی کافرنسز کا آغاز کیا گیا جس کے پہلے مرحلے میں صوبہ بلوچستان کی نصاب تعلیم سے متعلق کانفرنس منعقد ہوئی۔ ان کانفرنسز کی تجاویز کی روشنی میں نصاب تعلیم کے سلسلے میں ہم جلد ہی کورٹ جائیں گے۔ متنازعہ نصاب تعلیم کے ذریعے ہمارے آئینی حق کو چھینا گیا ہے۔ عدالت عالیہ پاکستان کے کروڑوں شہریوں کے حقوق سلب ہونے پر اسٹے آرڈر جاری کرے۔

انہوں نے کہا کہ نصاب تعلیم کے حوالے سے ملک گیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کا پہلا باضابطہ آن لائن اجلاس اتوار 10 اپریل کو ہوگا۔برادر نثار علی فیضی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم نے مرکزی دفتر میں نصاب ڈیسک قائم کیا ہے جو اسی ھفتے اپنے کام کا آغاز کرے گا۔

سید ابن حسن شاہ نے کہا کہ اصلاح نصاب کے سلسلے میں ماہرین تعلیم اور میڈیا کے شعبے سے وابستہ شخصیات کی دو الگ میٹنگز منعقد کی گئیں۔اس موقع پر اجلاس نے فیصلہ کیا کہ عوامی آگاہی مہم اور اصلاح نصاب تحریک کے سلسلے میں کتابچہ اور وال پوسٹر شایع کئے جائیں گے۔ اور مرکزی کنوینشن ایم ڈبلیو ایم کے موقع پر ایک مستقل سیشن رکھا جائے گا۔
.

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree