The Latest

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان نصاب کمیٹی کے زیراہتمام کوئٹہ میں متنازعہ نصاب تعلیم پر ملت جعفریہ کے تحفظات کے عنوان سے کنوینیر نصاب کمیٹی علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیرصدارت صوبائی مشاورتی کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس سے نصاب کمیٹی کے کنوینیر علامہ مقصودعلی ڈومکی ،ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر انجینئر حاجی جواد رفیعی ،مجمع علمائے کوئٹہ کے صدر علامہ آصف حسینی، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ برکت علی مطہری، المصطفی پبلک اسکول کے پرنسپل پروفیسر مختار حسین، ممتاز سماجی رہنماپروفیسر محترمہ عابدہ حیدری ،التوحید اسکول کے ڈائریکٹر پروفیسر تاج محمد فیض ،مجمع علمائے کوئٹہ کے جنرل سیکریٹری مولانا ابراہیم حسینی، اتحاد تاجران بلوچستان کے سرپرست حاجی طاہر نظری ،تیموری پبلک اسکول کے چیرمین مصطفی تیموری ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما مبارک علی ہزارہ، گورنمنٹ کالج کے ایسوسی ایٹ پروفیسر سید ظفر رضا ،پروفیسر سید ابوتراب جعفری، ذاکرہ معلمہ محترمہ یاسمین قاسمی، ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی سیکریٹری جنرل رقیہ کاظمی، مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ شیخ ولایت حسین جعفری و دیگر نے خطاب کیا۔

صوبائی مشاورتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ترجمان مجلس وحدت مسلمین علامہ مقصود علی  ڈومکی نے کہا کہ پاکستان شیعہ سنی مسلمانوں کا مشترکہ  وطن ہے۔ ہم صدیوں سے اکھٹے رہتے ہیں۔ نصاب تعلیم کو فرقہ واریت سے پاک اتحاد بین المسلمین کا عکاس ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی شیعہ کانفرنسز کے انعقاد کا مقصد عوامی سطح تک نصاب کے مسئلے کی تبیین ہے۔

علامہ برکت علی مطہری نے کہا کہ 21 اگست 2020 کو وزارت مذہبی امور نے امت مسلمہ میں رائج درود پاک کو بدلنے کی کوشش کی، وزارت مذہبی امور کے اس نوٹیفکیشن کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔
علامہ آصف حسینی نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں فرقہ وارانہ اختلافات پر مبنی قانون سازی سے اجتناب کیا جائے۔ انجینئرجواد رفیعی نے کہا کہ متنازعہ نصاب کو اعلی عدالتوں میں چیلنج کیا جائے۔
اس موقع پر مشترکہ قرار داد منظور کی گئیں۔

ملت جعفریہ بلوچستان کا یہ اجتماع

1- یکساں قومی نصاب کو متنازعہ قرار دیتے ہوئے یہ سمجھتا ہے کہ اس میں مکتب تشیع کے عقائد اور دینی تعلیمات کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے لہذا یہ نصاب تعلیم ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہے۔

2- مجوزہ یکساں قومی نصاب کے متنازع نکات کو حذف کرتے ہوئے نصاب اور کتاب دونوں کی نظر ثانی کے ذریعے مکمل اصلاح کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ یہ پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے لیے یکساں طور پر قابل قبول ہو۔

3- یہ اجتماع 1975 کے نصاب تعلیم کو موزوں قرار دیتے ہوئے یہ سمجھتا ہے کہ اس نصاب میں مختلف اسلامی مکاتب فکر کی تعلیمات کو مناسب طور پر شامل کیا گیا تھا لہذا نیا قومی نصاب 1975 کی طرز پر ترتیب دیا جائے۔

4- آئین پاکستان اور حقوق انسانی کا عالمی منشور ہر انسان کو اپنے مسلک اور مکتبہ فکر کے مطابق تعلیم حاصل کرنے کے حق کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے۔ موجودہ نصاب ہمارے اس بنیادی حق پر حملہ ہے اور یہ ظلم کے مترادف ہے۔

5- وطن عزیز پاکستان میں ایک سازش کے تحت بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے باوفا بیٹوں کے خلاف منظم سازش کے تحت انہیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی نمایاں مثال محرم اور صفر میں عبادت کے جرم میں عزاداروں کے خلاف ہزاروں ناجائز مقدمات کا اندراج ہے۔ اور متنازعہ نصاب تعلیم اور دہشتگردی کے نا ختم ہونے والے واقعات ہیں۔

6- یہ اجتماع وزارت مذہبی امور کی جانب سے اسمبلی قرارداد کا سہارا لے کر امت مسلمہ کے درمیان صدیوں سے رائج مسنون درود شریف کی تبدیلی کو مسترد کرتے ہوئے متنازعہ نوٹیفکیشن کی منسوخی کا مطالبہ کرتا ہے۔

7۔ یہ اجتماع کوئٹہ میں ھزاراہ شیعہ نسل کشی اور پشاور مسجد میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے گزشتہ تین دہائیوں سے جاری شیعہ نسل کشی کا تسلسل سمجھتا ہے جس کے سدباب کے لیے حکومت اور ریاستی اداروں کو سنجیدہ عملی اقدامات کرنے چاہیے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ پاکستان کے داخلی معاملات میں امریکی مداخلت قابل مذمت ہے پوری قوم کو مبینہ امریکی مداخلت کے خلاف بھرپور آواز اٹھانی چاہیے۔ امریکہ کی تاریخ آزاد ملکوں کے معاملات میں مداخلت سے بھری پڑی ہے۔ امریکہ نے ہمیشہ اقوام عالم میں شیطانی کردار ادا کیا اسی لئے رھبر کبیر حضرت امام خمینی نے اسے بڑے شیطان کا لقب دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم خود دار اور غیرت مند قوم ہے جن پر انجمن غلامان امریکہ قابض رہے ہیں جو ڈالر کے عوض اپنی دھرتی ماں بیچتے رہے ہیں۔ اب وقت آچکا ہے کہ قوم امریکی غلامی کا طوق اتار پھینکے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا بیان ان کی غلامانہ ذھنیت کا ترجمان ہے کاش وہ حضرت علامہ اقبال سے غیرت و حمیت اور خودی کا درس لیتے تو قومی عزت و وقار کی توہین نہ کرتے۔ عمران خان کے طرز حکمرانی سے اختلافات کے باوجود ہم امریکی مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں امریکی سفیر کو پاکستانی معاملات میں مداخلت کے جرم میں ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر نکالا جائے۔ امریکہ سے خیر کی امید رکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس علمائے شیعہ پاکستان ضلع اسلام آباد کاپہلا اجلاس زیر صدارت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان منعقد ہواجس میں 31 آئمہ جمعہ و جماعات ضلع اسلام آباد نے شرکت کی تلاوت قرآن پاک کی سعادت قاری مصدق امام جماعت امام علی مسجد بھارہ کہو نے حاصل کی ۔

علامہ حسنین عباس گردیزی مرکزی صدر مجلس علماء شیعہ پاکستان نے شرکاء کو اجلاس کی اہمیت ، اور مجلس علماء شیعہ پاکستان کی تشکیل کے مقاصد ،اہداف اور ابھی تک ہونے والے پیشرفت کے بارے بتایا ۔ علامہ حسنین عباس گردیزی کی بریفنگ کے بعد مجلس علماء شیعہ پاکستان ضلع اسلام آباد میں شریک علمائے کرام سے باقاعدہ رائے لی گئی جس پر اکثر علمائے کرام نے اپنی اپنی موقر رائے کا اظہار کیا ۔ جس پر آقائے گردیزی نے بڑے تحمل اور مدلل انداز میں شرکاء اجلاس کو مطمئن کیا ۔

اجلاس کے آخر میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب فرمایا اور کہا کہ یہ میرے لئے سعادت ہے کہ میں آج آئمہ جمعہ جماعات ضلع اسلام آباد کے علمائے کرام کی خدمت حاضر ہوا ہوں ۔ معاشرے میں بہت سارے مسائل اور انکا حل علماء کرام سے وابستہ ہے ، علمائے کرام اگر تحمل برداشت اور جہد مسلسل کے ساتھ آگے بڑھیں اور عوام کی خدمت کریں تو ہمارا معاشرہ ایک بہترین معاشرہ تشکیل پا سکتا ہے ۔ الحمد للہ علماء کرام میں یہ طاقت موجود ہے کہ وہ معاشرے میں انقلاب برپا کر سکتے ہیں جس کی مثال ہمارے سامنے حضرت امام خمینی رضوان اللہ تعالی علیہ کی موجود ہے ۔ ان شاءاللہ ہم اس کام کو آگے بڑھائیں گے ۔رکیں گے نہیں ہم اگلے مرحلہ میں ضلع راولپنڈی میں مجلس علماء شیعہ پاکستان ضلع راولپنڈی کا اجلاس بلائیں گے ۔ اسی طرح پنجاب ،سندھ بلوچستان ،خیبر پختونخواہ ،گلگت بلتستان اور ریاست آزاد جموں کشمیر میں بھی ضلعی سیٹ اپ تشکیل دیں گے ۔ ان شاءاللہ ۔                           

اجلاس کے آخر میں اکثریت آراء سے اگلے تین ماہ کے لئے جناب حجت الاسلام والمسلمین محمد حسین مبلغی امام جماعت جامع مسجد زینبیہ جی سکس فور اسلام آباد کو مجلس علماء شیعہ پاکستان ضلع اسلام آباد کا صدر منتخب کرلیا گیا اور جناب مولانا علی شیر انصاری کو مبلغی صاحب کا بطور معاون منتخب کیا گیا ہے ۔

وحدت نیوز(لاہور)ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے ماہ مبارک رمضان کی آمد پر تمام اہل اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوے اپنے پیغام میں کہا کہ پروردگار کا لاکھ لاکھ شکر بجا لاتے ہیں کہ اس نے ہمیں ایک بار پھر اس عظیم مہینے کی رحمتوں اور برکتوں کو سمیٹنے کا موقع عطا کیا ماہ مبارک رمضان خدا کے عظیم تحفوں میں سے ایک ہے کہ جس کے ہر ہر لمحے میں پروردگار اپنے بندوں پر رحمت و بخشش اور کرم و انعام کی بارش کرتا ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ روزہ انسان کو اپنے نفس کے ساتھ جہاد کرنا سکھاتا ہے اور تقوی الہی کی ترغیب دیتا ہے روزہ دار صبر اور اطاعت جیسی صفات کا حامل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان ماہ قرآن بھی ہے اس ماہ میں ذیادہ سے ذیادہ تلاوت قرآن ، نماز دعا و مناجات کے سلسلے کو قائم کرنا چاہیے یہ خداوند عالم کی ضیافت کا مہینہ ہے اور اس مہینہ میں تمام اہل اسلام کو چاہیے کہ توبہ کے ذریعہ اپنی روح و جان کا تزکیہ کریں  تقوی و پرہیزگاری کا لباس پہنیں اور اپنے آپ کو مکارم اخلاق کے زیور سے آراستہ کریں تاکہ اس الہی اور معنوی ضیافت کی بزم میں حاضر ہونے کے لئے آمادہ ہوجائیں ۔ اللہ تعالی ان نورانی شب و روز کے صدقے میں وطن عزیز کو خوشحالی اور استحکام عطا فرماے اور ہر اندرونی و بیرونی دشمن سے اسکی محافظت فرماے۔ الہی آمین

وحدت نیوز(گلگت) امریکہ نے ہمیشہ اسلامی ممالک کو اپنا غلام سمجھا ہے لیکن پاکستان کی باشعور عوام کبھی استعمار کا کھلونا نہیں بنے گی، مرکزی سیکریٹری یوتھ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین محترمہ سائرہ ابراہیم نے شعبہ جوان گلگت کے زیر قیادت منعقدہ امریکہ مردہ باد ہے احتجاجی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان اسلامی ریاست ہے اور اسلام کے نام پر قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا ہے امریکہ جان لے اسلام کے مضبوط قلعہ کو ہاتھ بھی لگایا تو خود ٹوٹ جائے گا پاکستان ایٹمی ملک ہے اور اس سے بھی عوام کے حوصلے بلند اور مضبوط ہیں امریکہ انشااللہ جلد اپنے ہی جال میں پھنس کر تباہ و برباد ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس کی قیادت میں ہر مشکل گھڑی  میں ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور مادر وطن پر آنچ نہی آنے دیں گے۔

وحدت نیوز(سکردو)صوبائی وزیر زراعت و رہنما مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کاظم میثم نے پریس کلب سکردو کا دورہ کیا اور پریس کلب کے نومنتخب صدر و جنرل سکریٹری اور دیگر نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی اپنے دورے کے موقع پر صوبائی وزیرکاظم میثم نےکہاکہ پریس کلب صحافیوں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے اس اہم ادارے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائےگا۔

 اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے صحافیوں نے علاقائی مسائل کے حل اور حقوق کےحصول کیلئے کلیدی کردار ادا کیا۔انشاء اللہ صوبائی حکومت صحافیوں کے درپیش مشکلات دور کی جائیں گی۔آخر میں پریس کلب کےنومنتخب صدر اور جنرل سکریٹری نےکلب کےمسائل سے صوبائی وزیرکو آگاہ کیا اور ان سےتعاون کی اپیل کی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان مسلم لیگ ن کے نائب صدر میاں شہباز شریف کی جانب سے ایک انٹرویو میں پاکستانی قوم کو بھیکاری قرار دینے پر شدیدتنقید کا اظہار کیا ہے ۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف صاحب یہ قوم بھکاری نہیں ہے،بھکاری ہمارا وہ حکمران طبقہ ہے جو امریکہ کی خوشنودی کو اقتدار کازینہ سمجھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ھمارے حکمرانوں نے مختلف ادوار میں استکباری طاقتوں کی خوشامد کی بجائے تعمیر وطن کے لیے جدوجہد کی ہوتی تو آج ہماری قوم اقوام عالم کے سامنے باوقار انداز میں کھڑی ہوتی۔

وحدت نیوز(سکردو) وزیر زراعت گلگت بلتستان و رہنما مجلس وحدت مسلمین کاظم میثم نے کہا ہے کہ مزمل حسین آغا کی شاندار کامیابی پر پاراچنار کے غیور عوام اور قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ مزمل آغا کی کامیابی جوانوں کی انسپائریشن اور پاراچنار کے روشن مستقبل کی ضامن ہے۔ سیاسی میدان میں کامیابیوں کا تسلسل ملت مظلوم پاکستان کے لیے امید کی نئی کرن ہے جو سورج بن کر وطن عزیز کے سیاسی افق پر بہت جلد طلوع ہوگا۔

وحدت نیوز(کراچی)سربراہ مجلسِ وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کال پر جمعہ کے روز امریکہ کے خلاف اسلام آباد،لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔شرکاء نے امریکہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور امریکی پرچم نذرِ آتش کیے گئے۔مقررین نے اپنے خطابات میں عالم اسلام کے خلاف امریکی ہتھکنڈوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔کراچی میں جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد اور مرکزی احتجاج مسجد و امام بارگاہ خوجا اثناء عشری کھارادر کے سامنے کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔

احتجاجی مظاہروں سے خطاب میں صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی، مرکزی رہنما علامہ۔مختار امامی نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری ہمیں اپنی جان سے بڑھ کر عزیز ہے۔جن حکمرانوں نے اپنے اقتدار کی بقا کے لیے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا وہ پوری قوم کے مجرم ہیں۔پاکستان کی سالمیت کے خلاف جو بھی آواز اٹھے گی ہم اس کی بھرپور مخالفت کریں گے۔تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ امریکہ صرف اپنے مفادات کا یار ہے۔جو طاقتیں امریکہ کو اپنے اقتدار کی بقا کا ضامن سمجھتی رہیں انہیں امریکہ کے ہاتھوں ہی ذلت و رسوائی اٹھانا پڑی۔

مقررین نے کہا کہ پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے۔ہمارے داخلی و خارجی معاملات میں مداخلت بدترین جارحیت ہے۔ہمیں امریکہ کے سفیر کو ملک سے بے دخل کرنے میں دیر نہیں کرنی چاہئے۔ امریکہ سے تعلقات کے بدلے ہمیں ستر ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دینا پڑی ہے۔پاکستان کے امن و امان کی تباہی اور معاشی و اقتصادی بدحالی کی تمام تر ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ  قومی غیرت و حمیت کا یہ تقاضا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی طرف سے  باہمی اختلافات کو نظر انداز کر کے امریکی سازشوں کے خلاف یکساں اور ٹھوس مؤقف اختیار کیا جائے۔ملکی خودمختاری پر کسی کو طاقت کے بل بوتے پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔

رہنماوں نے پاکستان کی داخلی معاملات میں امریکی مداخلت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے پاکستان سے امریکی سفارتکاروں کو ملک سے نکالنے کا مطالبہ کیا۔احتجاجی مظاہروں میں علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن،میر تقی ظفر، شبیر حسینی، ناصر الحسینی سمیت دیگر رہنماوں نے خطاب کیا۔

وحدت نیوز(پاراچنار)خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات2022 کے دوسرے مرحلے میں پاراچنار میں ہونے والے تحصیل چیئرمین کے انتخاب میں مجلس وحدت مسلمین کے نامزد امیدوار مزمل حسین فصیح واضح برتری کے ساتھ کامیاب قرار پا گئے ہیں۔ ان کے مقابل پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو بدترین شکست کا سامنا ۔

تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیوایم کے نامزد امیدوار برائے تحصیل چیئرمین پاراچنار مزمل حسین فصیح فاتح قرار پاگئے ہیں۔ ان کے مقابل پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار بری طرح شکست کھا گئے۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحصیل چیئرمین پاراچنار کی نشست پر کامیاب قرار پانے والے مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار مزمل حسین فصیح نے34 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے میدان ما ر لیا جبکہ ان کے مقابل حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار  جعفر حسین 11 ہزار سے زائد ووٹ لیکر دوسرے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوارجلال حسین 10 ہزار سے زائد ووٹ لیکرتیسرے نمبر پر رہے۔

مزمل فصیح کی کامیابی کی خبر ملتے ہی پاراچنار کے غیورمومنین اور ایم ڈبلیوایم کےکارکنان نے بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر جشن منایا اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔مزمل فصیح نے کامیابی کے بعد بڑے عوامی جلوس کے ہمراہ قبور شہداء اور بزرگ علماء کی خدمت  میں حاضری دی، مزمل فصیح کی کامیابی پر سربراہ ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سمیت دیگر قائدین نے بھی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree