The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان آغا سید علی رضوی کی سربراہی میں ایم ڈبلیو ایم کی اعلیٰ حکومتی شخصیات اورگلگت بلتستان کے  کے رہنماؤں کے وفد کی سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات۔ملاقات میں موجودہ ملکی صورتحال،گلگت بلتستان کے مختلف ایشوز سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایم ڈبلیو ایم جی بی کے وفد میں ممبر گلگت بلتستان کونسل شیخ احمد علی نوری،منسٹر ایگریکلچر گلگت بلتستان کاظم میثم،معاون خصوصی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان الیاس صدیقی،صوبائی رہنما ایم ڈبلیو ایم الحاج محمد علی شامل تھے۔اس موقع مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ احمد اقبال رضوی،سیدناصر شیرازی اور اسدعباس نقوی بھی شریک تھے۔

وحدت نیوز(بیروت) ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ اختلافات کے باوجود ہم اس حساس موقع پر پاکستان کے اندر امریکی مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بیروت دفتر میں عرب ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے کہا امریکہ کی تاریخ رہی ہے وہ چھوٹے ممالک میں دھونس دھمکی یا لالچ و طمع کے ذریعے مداخلت کرتا اور ان کی داخلی و خارجہ پالیسی پر اثر انداز ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں داخلی سطح پر اس وقت اقتدار کی ایک رسہ کشی جاری ہے جو مکمل طور پر پاکستان کا داخلی معاملہ ہے اور ہم آئین اور قانون کے تناظر میں اس کا حل دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ایسے میں امریکی حکام کی طرف سے پاکستان کے خلاف دھمکی آمیز اور غیر سفارتی زبان کا استعمال انتہائی قابل تشویش ہے۔

 ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا گزشتہ کچھ عرصہ کی پاکستان میں تعینات امریکی سفیر کی نقل و حرکت پر بھی پاکستان کی غیور عوام کو شدید تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا اب وقت ہے کہ پاکستان قوم امریکہ کی مداخلت اور دھونس دھمکیوں کے مقابلے میں اٹھ کھڑی ہو اور بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے آزاد خارجہ پالیسی کے خواب کو پورا کیا جائے۔

 ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے پاکستان کی حالیہ داخلی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا پاکستان میں اپوزیشن جماعتیں حکومتی اتحاد کے خلاف اکھٹی ہوچکی اور ان کا مطالبہ ہے کہ آئینی لحاظ سے پی ٹی آئی حکومت پارلیمان میں اکثریت کھو چکی ہے لہذا وزیراعظم عمران کو استعفی دینا چاہئے جس کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کروائی ہے۔

انہوں نے کہا پارلیمانی نظام حکومت میں یہ دیگر پارلیمانی جماعتوں کا حق ہے کہ وہ جب محسوس کریں کہ حکومت اکثریت کھو چکی ہے تو وہ اس کے خلاف قانون اور آئین کی رو سے اقدام کریں لیکن اقتدار میں تبدیلی کی ایسی کسی مہم کا خیر مقدم نہیں کیا جاسکتا جو کسی بین الاقوامی سازش یا کسی غیر ملکی عنصر کی پشت پناہی کے نتیجے میں شروع کی گئی ہو، انہوں نے کہا بیرونی عناصر کی ایما پر ایسی کوئی بھی کوشش قابل مذمت اور قوم کے اجتماعی مفادات کے خلاف ہے۔

 ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا پاکستان کا مفاد اسی میں ہے کہ وہ ایک خود مختار اور آزاد خارجہ پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائے اور عالمی محاذ آرائی اس کی پالیسی پر اثر انداز نہ ہو اور داخلی طور پر بین الاقوامی عناصر پر کم سے کم انحصار ہو۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کے داخلی و خارجی معاملات میں امریکی مداخلت کی شدید الفاظ میں مذمت اور امریکہ کے سفیر کو ملک سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سے تعلقات کے بدلے ہمیں ستر ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دینا پڑی ہے، پاکستان کے امن و امان کی تباہی اور معاشی و اقتصادی بدحالی کی تمام تر ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے، قومی غیرت و حمیت کا یہ تقاضا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی طرف سے باہمی اختلافات کو نظر انداز کرکے امریکی سازشیوں کے خلاف یکساں مؤقف اختیار کیا جائے، ماضی میں متعدد قومی معاملات پر وزیراعظم کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ملت تشیع کے لئے مایوس کن رہا، پشاور اور کوئٹہ کے سانحات میں حکومت کی بے حسی نے ہمارے دلوں کو زخمی کیا۔

علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ان سارے اختلافات کے باوجود امریکہ کے خلاف وزیراعظم کے موقف کی تائید کرتے ہیں، ملکی خود مختاری پر کسی کو طاقت کے بل بوتے پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، امریکہ کے خلاف جمعہ کے روز ملک بھر میں مظاہروں کی اپیل کرتے ہیں، امریکی پرچم نظر آتش کرکے پاکستانی قوم امریکی حکومت کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھمکی کب دی گئی، کیوں دی گئی، یہ وقت ایسے سوالوں کا نہیں بلکہ دھمکی دینے والے کو دندان شکن جواب دینے کا ہے، امریکہ کا اصل چہرہ کھل کر سامنے آنے کے بعد کسی کے لئے اب کوئی ابہام باقی نہیں، پوری قوم امریکی مداخلت کو اپنی خود مختاری پر حملہ سمجھتے ہوئے اس کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) ڈی آئی جی کوئٹہ سید فدا حسین شاہ سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ کوئٹہ بلوچستان کو امن کی ضرورت ہے۔ دھشت گردی کے نیٹ ورک کے خلاف سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ مجلس وحدت مسلمین امن و اتحاد کے فروغ کے لئے مصروف عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے درمیان مذہبی رواداری یکجہتی اور اتحاد و اخوت کی ضرورت ہے۔ جس کے لئے ایک ایسا نصاب تعلیم ترتیب دیا جائے جو قوم اور نوجوان نسل میں اتحاد  اخوت حب الوطنی اور ھمآھنگی کو فروغ دے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی سید فدا حسین شاہ نے کہا کہ دھشت گردی ملک و قوم کے دشمن ہیں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تندھی سے سماج دشمن دھشت گردوں کا تعاقب کر رہے ہیں۔ ہم کوئٹہ کو امن کا گہوارہ دیکھنا چاہتے ہیں۔اس موقع علامہ علی ڈومکی نے ڈی آئی جی فدا حسین شاہ کو بلوچ تاریخ اور مفتی نظام الدین شامزئی کی معروف کتاب عقیدہ ظہور مہدی تحفہ دی۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان اور نصاب کمیٹی کے کنوینیر مقصود علی ڈومکی نے تنظیم نسل نو ہزارہ مغل کے چیرمین نادرعلی ہزارہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما مبارک علی ہزارہ اتحاد تاجران بلوچستان کے سرپرست حاجی محمد طاہر نظری اور ادارہ نور الولایة کے سربراہ مولانا موسی حسینی سے ملاقات کی اور انہیں 2  اپریل کو کوئٹہ میں متنازعہ نصاب تعلیم کے حوالے سے ہونے والی شیعہ قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ مذہب کی تعلیم ہر بچے کو اس کے اپنے مکتب فکر کے عقائد، حدیث اور فقہ کے مطابق پڑھائی جائے جس کے لیے نصاب سازی، درسی کتب کی تدوین، تدریس اور امتحانی نظام کی تشکیل میں ہر مکتب فکر کے جید علماء شریک ہوں۔آئین مذہبی تعلیم کے حوالے سے کسی ایک مسلک کی تعلیمات کو کسی دوسرے مسلک پر مسلط کرنے سے منع کرتا ہے لہذا نصاب میں مذہبی تعلیمات شامل کرتے ہوئے اس آئینی اصول کو ملحوظ رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مذہب کی تعلیم کے لیے شیعہ بچوں کے لیے 1975 کے نصاب کی طرز پر علیحدہ نصاب ترتیب دیا جائے۔اسلامیات کے نصاب سے متنازعہ شخصیات کے ابواب حذف کیے اور ان کی جگہ مسلمہ اور متفقہ اسلامی شخصیات شامل کی جائیں۔ مختلف نصابی کتب سے دل آزار مواد کو نکالا اور صرف مشترکہ اور متفقہ مذہبی مواد شامل کیا جائے۔امام مہدی عج مسلمانوں کا متفقہ اور مسلمہ عقیدہ ہے اسے مستقبل کی امید اور مسلمانوں کی عظمت رفتہ کی بحالی کے تناظر میں نصاب میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نصاب کے لیے متعارف کروائے گئے اقداری نظام پر نظر ثانی اور اسے علامہ اقبال رح کے اسلامی اقداری نظام سے ہم آہنگ کیا جائے اور اس میں خودی، غیرت، حمیت، ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت، شجاعت، حریت اور سماجی انصاف جیسی اعلی اقدار شامل کی جائیں اور نصاب و درسی کتب میں اس کے مطابق تبدیلی کی جائے۔

وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کال پر یکم اپریل جمعہ کو ملک بھر میں متنازعہ یکساں قومی نصاب کے خلاف یوم احتجاج منایا جائے گا، جنوبی پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ جنوبی پنجاب کی مرکزی احتجاجی ریلی نماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ ابوالفضل العباس سے چوک کمہارانوالہ تک نکالی جائے گی، ریلی میں ایم ڈبلیو ایم کے علاوہ دیگر مذہبی رہنماء شرکت اور خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے پلیٹ فارم سے یکساں قومی نصاب میں موجود متنازعہ نکات کے خلاف احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کی کال دی گئی ہے۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹریٹ کا باقاعدہ افتتاح یکم اپریل جمعۃ المبارک کو ہوگا، سیکرٹریٹ کا افتتاح ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی کریں گے، اس موقع پر مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، علامہ اقتدار حسین نقوی اور دیگر صوبائی رہنماء بھی موجود ہوں گے۔

ایم ڈبلیوایم جنوبی پنجاب کا صوبائی سیکرٹریٹ گلشن واحد فیز 1، نزد حمیدہ رشید انسٹیٹیوٹ ننگانہ چوک پر واقع ہے، محل وقوع کے اعتبار سے صوبائی سیکرٹریٹ ملتان کے عین وسط میں بنایا گیا ہے، افتتاح کے موقع پر مسجد و امام بارگاہ ولی العصر میں نماز جمعہ کا بھی افتتاح کیا جائے گا۔

وحدت نیوز(چنیوٹ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین چینیوٹ کی جانب سے منجی بشریت و شہداء اسلام کے عنوان سے سالانہ ایک روزہ کنونشن ٹھٹھی شرقی امامبارگاہ چینیوٹ میں منعقد ہوا ، کنونشن میں ضلع چینیوٹ کے تمام یونٹس سے بھرپور شرکت تھی منجی بشریت و شہداے  اسلام کنونشن میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن صوبائی اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی ، اور مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی نے خصوصی شرکت کی۔

 اپنے خطاب میں سیدہ زہرا نقوی نے کہا کہ اگر ہماری قوم اخلاص قلبی کیساتھ متحد ہوجاے تو کسی میں جرات نہ ہو کہ ہمیں اس بے دردی سے شہید کرے ، یہ ہمارے اختلافات اور کمزوریاں ہیں جن سے ہمارا دشمن فائدہ اٹھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے امام عج کے منتظر تو ہیں لیکن کیا ہم نے ان کی آمد کے لیے اپنی سرزمین کو تیار کر لیا ہے؟  ہم بے شمار قربانیاں دینے کے باوجود اب تک امام کے ظہور کے لیے آمادہ نہیں ہوسکے کیونکہ ہم متحد نہیں ہیں ہمیں دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے بصیرت، حکمت اور آپس میں وحدت قائم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خدا کی آخری حجت کے ظہور کے لیے اپنی سرزمین کو تیار کر سکیں۔

 کنونشن کے دوران ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین چینیوٹ کی خواہران نے شہداے پشاور کے حوالے سے زبردست خاکہ پیش کیا جبکہ جامعہ بعثت کی طالبات نے بھی بہترین انداز میں انقلابی ٹیبلو پیش کیا۔

وحدت نیوز (گلگت) ہفتہ نصاب کے حوالے سے مرکزی سیکریٹری یوتھ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین محترمہ سائرہ ابراہیم کی صدارت میں وحدت سیکریٹریٹ میں یوتھ کمیٹی گلگت کا اہم اجلاس منعقد ہو۔

انہوں نے کہا کہ ملت تشیع علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں نصاب  کے مسئلے پر شانہ بشانہ کھڑی ہے، 1975 کے نصاب کے طرز پر نصاب ترتیب دیا جائے۔ ایسے میں گلگت بلتستان کی عوام اپنی آواز بلند نہ کریں ایسا ممکن نہیں ہے۔

 اجلاس میں پروگرام کا لائحہ تیار کیا گیا انشااللہ 31 مارچ بروز جمعرات کو گلگت میں ہفتہ نصاب منعقد کیا جائے گا جس میں گلگت بھر سے معلمات اور اساتذہ شرکت فرمائیں گے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان اور نصاب کمیٹی کے کنوینیر مقصود علی ڈومکی نے بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر حاجی جواد رفیعی مسجد ولی عصر ہزارہ ٹاون کوئٹہ کے خطیب مولانا عارف قزلباش اور مسجد امام زمانہ علیہ السلام کے خطیب مولانا افضلی سے ملاقات کی اور انہیں 2  اپریل کو کوئٹہ میں متنازعہ نصاب تعلیم کے حوالے سے ہونے والی شیعہ قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ شیعہ قومی کانفرنس قومی وحدت اور بیداری کا اظہار ہوگی۔ پاک وطن کے باوفا بیٹوں کو دیوار سے لگانے کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔

مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نصاب تعلیم اہم قومی مسئلہ ہے.فرقہ وارانہ متعصبانہ اور غیر آئینی نصاب تعلیم ہمیں منظور نہیں ہے۔آئین پاکستان ہر شہری کی مذہبی آزادی کا محافظ ہے۔ پاکستان کے کروڑوں شہریوں کا مطالبہ ہے کہ ہمیں ایسا نصاب تعلیم چاہیے جو عظمت حضرت سید الانبیاء محمد مصطفی ص اور سیرت طیبہ کا عکاس ہو۔آئمہ اھل البیت کی پاکیزہ سیرت اور تعلیمات پر مشتمل ہو۔ اصحاب باوفا کی عظیم قربانیوں اور سبق آموز واقعات پر مشتمل ہو۔ اتحاد بین المسلمین اور اسلامی اخوت کا آئینہ دار ہو۔ دھشت گردی اور ظلم و ظالم سے نفرت کا عکاس ہو۔ہم نئے متنازعہ غیر آئینی نصاب تعلیم کو مسترد کرتے ہوئے  1975 کے نصاب تعلیم کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس لئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ہر صوبے میں شیعہ قومی کانفرنس طلب کی ہے تاکہ ملک بھر کے شیعہ علماء خطباء ذاکرین مسولین مدارس ماہرین تعلیم اور تنظیمی نمائندے مل بیٹھ کر نصاب پر مشاورت کریں اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملت کی نمائندہ قومی جماعت کی حیثیت سے ملت کے حقوق کے حصول کے لئے مسلسل میدان عمل میں ہے۔  نصاب تعلیم حساس مسئلہ ہے۔ اصلاح نصاب کے سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم کی کاوشیں جاری ہیں۔ نصاب تعلیم سے قوم کا مستقبل وابستہ ہے تعلیمی نصاب میں ملت جعفریہ کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے جو کہ افسوس ناک ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree