وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف مربوط فوجی اور انٹیلی جنس آپریشن کی ضرورت ہے، حکومت سمیت بعض سیاسی جماعتیں نان ایشوزکو اُٹھاکرقوم کی یکسوئی کہ سبوتاژ کررہی ہیں ، مذہبی جماعتیں اپنے اندر موجود تکفیری عناصر سے چھٹکارا حاصل کریں ۔ سانحہ پشاور دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کا طویل ڈرامہ رچانے کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں صوبے بھر کے عہدیداران کی تین روزہ تربیتی ورکشاپ اور بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ تربیت کے مرکزی سیکریٹری علامہ احمد اقبال رضوی،مرکزی سیکریٹری سیاسیات ناصرشیرازی، علامہ اقتدار نقوی، علامہ حسن رضا ہمدانی، علامہ غلام مصطفی انصاری، علامہ اصغر عسکری، علامہ عسکری الہدایت، علامہ قاضی نادر حسین علوی، اسد عباس نقوی، محمد عباس صدیقی، سید دلاور عباس زیدی، زاہد حسین مہدوی سمیت دیگر رہنما بھی موجودتھے۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ پشاور سفاکیت ، بربریت اور ظلم کی انتہا ہے، جس معاشرے میں پانچ سالہ بچے کو بیدردی سے گولیاں ماری جائیں، مستقبل کے معماروں کو ذبح کیا جائے اور معلمہ کو پٹرول چھڑ ک کر آگ لگائی جائے یہ اُس ریاست کے حکمرانوں کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے اور ان غیر معمولی حالات میں حکمرانوں اور عسکری قیادت کو غیرمعمولی فیصلے کرنا ہوں گے۔ ہمیں پاکستان کی عدالتوں سے انصاف کی توقع نہیں لہذافوجی عدالتوں کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ فوجی عدالتیں دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گی۔ اُنہوں نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب بھی دہشت گردی کا گڑھ بن چکا ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردانہ کاروائیاں بھی یہیں سے ہوتی ہیں ، ہمیں شہباز حکومت سے کسی طور پر خیر کی توقع نہیں ہے کیونکہ پنجاب حکومت کے دہشت گردوں کے ساتھ سیاسی روابط تھے ۔ ایک سوال کے جواب میں علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجودتمام مدارس ہر گز دہشت گردی میں ملوث نہیں ، قلیل تعداد میں موجود ایسے مدارس جو دہشت گردی اورفرقہ واریت کو سپورٹ کرتے ہیں ان کے خلاف بھرپور کاروائی ہونی چاہیے اور اُمت کو نقصان پہنچانے والی مساجد کا بھی سختی سے نوٹس لیا جانا چاہیے۔ اُنہوں نے میڈیا، عوام، دانشوروں اور اہل علم ودانش سے بھی گزارش کی کہ وہ دہشت گردی ، تکفیریت اور فرقہ پرستی کے خلاف اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین نے پاراچنار میں مصالحتی کردار ادا کرنے کیلئے علامہ شیخ صلاح الدین کی قیادت میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ اسلام آباد میں علامہ شیخ صلاح الدین کی زیرصدارت ایم ڈبلیو ایم کی شوریٰ عالیٰ کا دو روزہ اجلاس ہوا جس میں پاراچنار کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں علامہ حیدر علی جوادی، علامہ امین شہیدی، علامہ ناصرعباس جعفری، ناصرعباس شیرازی، علامہ شبیرحسین بخاری،علامہ اقبال بہشتی،علامہ حیدرعباس عابدی، اکبر علی،علامہ ہاشم موسوی، رائےعلی رضا بھٹی، آل محمد جعفری،علامہ مقصود ڈومکی، علامہ مختار امامی اور علامہ سبطین حسین الحسینی سمیت شوریٰ عالی کے دیگر ارکان شریک تھے۔ اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کی مجموعی مذہبی و سیاسی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی گئی، اجلاس کی خاص بات پاراچنار کی صورتحال تھی جس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شوریٰ عالی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ علامہ شیخ صلاح الدین پر مشتمل آٹھ رکنی کمیٹی آئندہ چند روزہ میں پاراچنار کا تفصیلی دورہ کریگی، کمیٹی کے ارکان پاراچنار کی مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کرینگے اور مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔
وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری نے اپنے حالیہ دورہ پشاور کے موقع پرمدرسہ جامعہ شہید عارف حسینی ؒمیں مدرسین اور طلاب دینیہ سے خصوصی ملاقات کی اورجامعہ کےاحاطے میں موجود جائے شہادت شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ پر فاتحہ خوانی بھی کی، اس موقع پرجامعہ شہید عارف حسینی کے پرنسپل علامہ نذیر حسین مطہری ،ایم ڈبلیوایم اورکزئی کے سیکرٹری جنرل علامہ مصطفی بہشتی ،انوار اہلیبت مدرسہ کلایہ کے پرنسپل علامہ سید جمیل شیرازی، علامہ صادق حسین، علامہ سید ناصیر شیرازی، طوری بنگش سپریم کونسل کے صدر حاجی گلاب حسین، گلزار ہوٹل کے مالک گلزار حسین،سید حامدحسین ، ارشد حیدری رہنما ایم ڈبلیوایم پشاور اور دیگر کارکنان شامل تھے۔
علامہ ناصرعباس جعفری نے علامہ عابد شاکری اور طلباء سے بھی ملاقات کی اس دوران مدرسہ جامعہ شہید کے مدارسین سے خطاب بھی کیا ،علامہ ناصر عباس جعفری نے مدرسے کے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ یہ وہ عظیم درس گاہ میں ایک ہے جہان پر مرد مجاہد علامہ عارف حسین حسینی کا خون گرا ہے، شہید عارف حسین نے ملت تشیع کی آبیاری اپنی خون سے کی لہذا ضروری ہم اس کی لاج ہر موقع پر رکھیں ، شہید حسینی ایک عظیم قائد تھے جنہوں نے ہمشہ حق کی بات کی آپ بھی حق کے داعی بنیں ، آپ اپنے مطالعہ اس انداز سے کریں کہ جب کھانا کھائے تو وہ کھانا حلال کھانا ہو کیونکہ اگر آپ مطالعہ نہیں کرینگے تو امام کے دسترخوان پر بیٹھنے کاحق ادا نہیں کر رہے ہیں جو جائز نہیں۔علامہ ناصرعباس نے خطاب کے اختتام پر مدرسے کے طلاب کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری سانحہ آرمی پبلک اسکول کے زخمی طلباء کی عیادت کیلئے پشاور پہنچ گئے ہیں ،ان کے ہمراہ مرکزی رہنما علامہ شیخ اعجاز بہشتی، صوبائی رہنما ارشاد بنگش اور عدیل عباس بھی موجود ہیں ، علامہ ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زخمی طلباء کی عیادت کی اور ان کی خدمت میں پھولوں کے گلدستے پیش کیئے، علامہ ناصرعباس جعفری نے سانحہ میں زخمی طلباء کے بلند حوصلوں ،جواں امنگوں اور مضبو ط ارادوں کو خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر زخمیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ تعلیم یافتہ معاشرہ ہی جہالت اور مذہبی انتہاپسندی کا تدارک کر سکتا ہے، تعلیم دشمن طالبان نے علم کے چراغ کو بجھانے کی کوشش کی لیکن آپ کے شہید ساتھیوں نے اپنے پاکیزہ لہوسے ا س چراغ کی لو کو مذید روشن کر دیا ہے۔بعد ازاں علامہ ناصر عباس جعفری نے ورسک روڈ پر واقع آرمی پبلک اسکول کا دورہ بھی کیا جہاں سفا ک طالبان دہشت گردوں نے 142بے گناہ طلباء اور اساتذہ کو بے دردی سے گولیوں کا نشانہ بنایا ۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) پشاور میں آرمی پپلک اسکول پر دہشت گرد حملے اوراساتذہ سمیت 126طلباءکی بہیمانہ شہادت کے بعد اس اندہوناک اور پاکستان کی تاریخ کے سفاک ترین سانحے پر اپنے درعمل کا اظہا رکرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے شدید غم و غصےکا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ تاریخ پاکستان کے عظیم ترین سانحے پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، وطن عزیزکے معماروں کو چن چن کر گولیو ں کا نشانہ بنایا گیا، کل تک مزاروں ، اما م بارگاہوں ، بازاروں ، اسپتالوں کو نشانہ بنانے والے آج اسکول میں گھس آئے ،سسکی بلکتی ماوں کی آہیں عرش الہیٰ لرز ا رہی ہیں ، پشاور اسکول سانحہ غیرت مند پاکستانیوں کے لئے مقام عبرت ہے، حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف مسلسل نرم رویہ ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا رہا ہے، پاک فوج آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں ملک بھر میں پھیل جانے والے دہشت گردوں اور ان کے سیاسی سرپرستوں اور ہمدردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن کلین اپ کرے، انہوں نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے اس اندھوناک سانحے کے بعد تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، جبکہ مرکزی کابینہ کے ارکین پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد کو فوری طور پر پشاور پہنچنے کی ہدایت جاری کی ہے، ساتھ ہی تمام اضلاع کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ جہاں جہاں ممکن ہو اس ظلم عظیم پر احتجاج کریں اور شہداءکی یاد میں چراغاں کیا جائے۔
واضح رہے کہ پشاور میں ورسک روڈ پر قائم آرمی سکول دہشتگردوں کا نشانہ بن گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے بعد فوجی وردیوں میں ملبوس دہشتگرد سکول کے اندر داخل ہوئے، جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس میں خاتون ٹیچرزسمیت 130طلباءشہید جبکہ دو ٹیچروں سمیت 100سے زائد زخمی ہوگئے۔ کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ سکول میں چھ فدائی حملہ آور داخل ہوئے ہیں۔ حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سکول کے قریبی راستوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے، جبکہ شہر کہ تمام داخلی و خارجی راستے سیل کر دیئے گئے ہیں ، فوج نے اسکول سے متعدد طالب علموں کو بازیاب کرا لیا ہے، جس میں سے ایک طالب علم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھ سے سات افراد کالی وردیوں میں ملبوس تھے اور کلاسوں میں داخل ہو کر فائرنگ کر رہے تھے، جس کے بعد میں کلاس کے پیچھے چھپ گیا جب آرمی والے آئے تو انھوں نے مجھے باہر نکالا۔میڈیا نمائندگان کے مطابق دہشت گرد بھاری اسلحے سے لیس ہیں ، چار دہشت گرد خودکش جیکٹس پہنے ہوئے ہیں ، سکیورٹی فورسزاور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق تمام دہشت گرد واصل جہنم ہو چکے ہیں ، لاشوں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ، الائیڈ اور لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،وفاقی اور تمام صوبائی حکومتوں نے اس عظیم سانحے پر تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے، ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
وحدت نیوز(راولپنڈی/کراچی/لاہور ) چہلم امام حسین و شہدائے کربلا کا جلوس ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے نکالے گئےجو کے اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئےاپنی منزل مقصود پر اختتام پذیر ہوئے، عزاداران امام حسین نے روائتی جو ش جذبے کیساتھ جلوس ہائے عزاء میں بھر پور شرکت کی ،راولپنڈی میں بھی چہلم شہدائے کربلا عقیدت و احترام سے منایا گیا، چہلم سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کا مرکزی جلوس صبح امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہوا، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا قدیمی امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوا،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ امین شہیدی نے راولپنڈی جلوس چہلم سید شہداء میں شرکت اور جلوس کی قیادت کی ،جبکہ نماز ظہرین دوران مرکزی جلوس علامہ محمد امین شہیدی کی زیر اقتداء ادا کی گئی،عزاداران کی حفاظت کے لئے وحدت ا سکاوٹس اور مقامی رضا کاروں نے انتظامیہ کیساتھ بھر پور تعاون کیا ،لاہور میں مرکزی جلوس کے راستوں میں مجلس وحدت مسلمین لاہور کی جانب سے عزاداروں کی سہولیات کے لئے سبیل ،میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا تھا ،جلوس میں خواتین،بچے بوڑھے اور معذور افراد نے شرکت کرکے امام عالی مقام اور شہدائے کربلا کو خراج عقید ت پیش کیا ،کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادرپر اختتام پذیر ہوا ، جلوس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےمرکزی رہنما سید ناصر شیرازی ،علامہ احمد اقبال رضوی،ایم ڈبلیوایم سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی ،حسن ہاشمی سمیت سنی اتحاد کونسل کےوفد نے مرکزی رہنما صاحبزادہ اظہر رضا قادری اور آل پاکستان سنی تحریک کے وفدنے مرکزی چیئرمین طلوب اعوان قادری کی سربراہی میں مرکزی جلوس چہلم امام حسین ؑ کراچی میں خصوصی شرکت کی۔
راولپنڈی میں عزاداران امام عالی مقام سے خطاب کرتے ہوئے سربرا ہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کا کہنا تھا کہ عزاداری امام حسین ہماری شہ رگ حیات ہے اور مظلوم کربلا کی یاد اسلامی اقدار کی بقا کا ضامن ہے دشمن درس حریت سے خوف زدہ ہے ملک میں استعماری قوتیں عزاداری کو محدود کرانے کی سازشوں میں مصروف ہیں میرا سلام ہو عاشقان حسین اور کربلا کے راہیوں پر آپ نے جس استقامت اورجذبے کیساتھ آج اس جلوس میں شرکت کی ہے اس سے اسلام دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے ہیںانہوں نے کہا اسلام امن و محب کا دین ہے دشمن ہمیں فرقوں میں تقسیم کرکے اسلامی تشخص کو پامال کرنے کے درپے ہیں ہم نے اپنے مشترکہ دشمن کو پہچاننا ہے اور اس کے خلاف کھڑا ہو نا ہے تاکہ امت محمدیۖ ازلی دشمن کیخلاف مل کر مقابلہ کر سکیں آج عراق،شام ،لبنان کے شیعہ سنی مسلمانوں نے اپنے دشمن کو نہ صرف بے نقاب کیا ہے بلکہ اس کے لئے دنیا بھر میں زمین تنگ کردی ہے استعمار خود ساختہ جہادیوں کو اسلام کے روپ میں مسلمانوں پر مسلط کرکے اسلام کو بدنام کر رہاہے ایسے میں ہمیں کسی مکتب یا فرقے کا نہیں اسلام کا دفاع کرنا ہے کلمہ لاالہ الا اللہ پڑھنے والوں کا خون بہنا حرام ہے۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہم وحدت امت کو فروغ دے کر دشمن کو رسوا کرینگے اور شیعہ سنی مل کر وطن عزیز اور مسلمانوں کے مشترکہ دشمن کیخلاف میدان میں اتریں گے انشااللہ قائد اور اقبال کے پاکستان کو تکفیری سٹیٹ نہیں بننے دینگے پاکستان میں بسنے والے اقلیتی برادری ہمارے بھائی ہیں اور ان کی جان مال ناموس کی حفاظت ہم پر فرض ہے انہوں نے کہا کہ پیغام حسینیت ظلم اور فاسد نظام کے کیخلاف سینہ سپر ہونا اور کسی بھی جابر حکمران کے سامنے نہ جھکنا ہے انشااللہ وہ دن دور نہیں جب قائد اعظم اور اقبال کے پاکستان میں کرپٹ حکمرانوں کا خاتمہ اور عدل وانصاف کا بول بالاہوگا ۔