وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری نے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر دشمنان دین نے ہمارے کلیجے کو چھلنی کر دیا ہے، بے درد حیوانوں نے وہشیانہ انداز میں ٥٢ بے گناہ مسلمانوں کو موت کی نیند سلا دیا،اس بربریت کے خلاف پورے پاکستان سمیت دنیا بھر میں با ضمیر انسانوں سے کہتے ہیں کہ اپنے گھروں سے باہر نکلیں، اب ہم حکومت کو چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے، جب تک حکمران ان دہشت گردوں کے خلاف کوئی ٹھوس کاروائی عمل میں نہیں لاتے شہیدوں کے ورثا سے وعدہ کرتے ہیں کہ جب تک آپ کے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہم بھی گھر نہیں جائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیض آباد انٹر چینج پر مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی اسلام آباد کی طرف سے دئیے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیعیان پاکستان کی جاری مسلسل نسل کشی کے بعد اب پانی سر سے اوپر ہو چکا ہے، کوئٹہ میں جاری احتجاجی دھرنے کی اتباع میں ملک بھر میں دھرنے دیئے جائیں، جب تک خانوادہ شہداء کا حکم نہ ہو کوئی گھر کو نہیں جائیگا، حکمرانوں نے ہمارے خون کو انتہائی سستا سمجھا ہو ا ہے، اب ہم پوری دنیا کو بتائیں گے کہ ہمارا خون کتنی قیمت رکھتا ہے، مدارس کے نام پر بنائے گئے دہشت گرد مراکز وطن عزیز کے کے لئے ناسور بن چکے ہیں، صوبائی اور وفاقی حکومت ان دہشت گردوں سے ڈرتی ہے، ہم خوف کھانے والی قو م نہیں، اگر ہم خوفزدہ لوگ ہوتے تو میدان میں نہ ڈٹے ہوتے بلکے کسی غار میں چھپے ہوتے۔ تحریک طالبان ہو یا لشکر جھنگوی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، اب ملک گیر آپریشن باگزیر ہو چکا ہے، فوج آگے آئے اور دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لئے قدم آگے بڑھائے، قوم فوج سے ایک قدم آگے کھڑی ہو گی۔
وحدت نیوز(بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام سانحہ مستونگ کے خلاف الزہراء ہال اسکردو میں دھرنے کا آغاز ہو گیا ہے۔ جس میں خواتین جوق در جوق شریک ہو رہی ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم بلتستان شعبہ خواتین کی رہنما سیدہ عصمت نےوحدت نیوزکے ذرائع کو بتایا ہے کہ جب کوئٹہ کی شدید سردی میں خواتین مائیں، بہنیں اپنے جگر گوشوں کی لاشوں کے ہمراہ سڑکوں پر صدائے احتجاج بلند کر رہی ہوں تو ہم کیسے گھروں میں چین سے بیٹھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دل کوئٹہ کی مظلوم خواتین کے ساتھ دھڑکتا ہے، کوئٹہ کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں اپنے آپ کو ہرگز تنہا نہ سمجھیں۔ ان کے مطالبات کی منظوری کے لیے ہم بھی صدائے احتجاج بلند کرتی رہیں گی۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ سانحہ مستونگ کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین نے ملک بھر میں دھرنے اور مظاہرے کر کے اپنا پُرامن احتجاج ریکارڈ کرایا ہے لیکن سندھ حکومت کی جانب سے کھارادار کے دھرنے میں پولیس نے جس طرح لاٹھی چارج اور شیلنگ کی ہے اُس سے سندھ حکومت کی بدنیتی واضح ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے چوک نواں شہر ملتان میں مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او کے زیراہتمام احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ناصر عباس شیرازی کا مزید کہنا تھا کہ یہ شہدا کے لہو کی حرارت ہے جس نے اتنی سردی کو بھی شکست دیدی ہے، پاکستان میں ایک مخصوص مائنڈ سیٹ ہے جو اس طرح کی کاروائیاں کر رہا ہے جسے پوری قوم نے بے نقاب کر دیا ہے۔ اس موقع پر ناصر عباس شیرازی نے کراچی میں کھارادار کے مقام پر دھرنے پر فائرنگ اور شیلنگ کے بعد گرفتار نوجوانوں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا اور حکومت کو متنبہ کیا کہ حکومت ہمارے پُرامن دھرنوں اور مظاہروں کو سیکیورٹی فراہم کرے اگر کہیں نقصان ہوا تو حکومت کی ذمہ داری ہو گی۔
وحدت نیوز(بلتستان) ملک بھر کیطرح بلتستان میں بھی سانحہ مستونگ کیخلاف اور کوئٹہ میں شہداء کے لواحقین کے مطالبات کی منظوری کے لیے بلتستان میں احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے تمام شیعیان حیدر کرار (ع) کو احتجاجی دھرنے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ واضح رہے کہ اسوقت اسکردو میں سردی اپنی جوبن پر ہے اور پاکستان میں سب سے زیادہ سردی اسکردو میں ہے، اس کے علاوہ شدید برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اسکردو کے نشیبی علاقوں میں اب تک دس انچ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے۔ جذبہ ایمانی سے سرشار مومنین برف کے فرش پر بیٹھ کر دھرنا دےرہے ہیں ، اور مظلوموں کی حمایت اور ظالموں کے خللاف شعار بلند کر رہے ہیں ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے تحت سانحہ مستونگ کے خلاف ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی دھرنا جاری ہے۔ جڑواں شہروں کے سنگم پر واقع فیض آباد پل کو ہر طرح کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ شرکائے دھرنا سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ اصغر عسکری اور دیگر نے خطاب کیا۔ شدید سردی اور بارش کے باوجود دھرنے میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک ہے۔ شرکائے دھرنا کا کہنا تھا کہ سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والوں کے ورثا کے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔
وحدت نیوز(قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم کے سیکرٹری جنرل علامہ غلام محمد فخرالدین نے منگل کی شام کو مستونگ کے علاقے میں زائرین کی بس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم، افواج پاکستان کے سربراہ اور بلوچستان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مظلوم پاکستانیوں کے دلوں کی آواز کو سنیں اور پاکستان اور اسلام دشمن طالبان دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کریں۔ علامہ غلام محمد فخرالدین نے ملک بھر میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں اور سکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملوں سمیت کراچی میں پولیو کے قطرے پلانے والے رضاکاروں کی شہادت اور لاہور میں معروف مصنف اصغر ندیم سید پر ہونیوالے قاتلانہ حملے، پشاور میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنائے جانے والے معروف عالم دین مولانا عالم شاہ موسوی کی شہادت کو ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گردوں کی کارروائی قرار دیا اور کہا کہ طالبان مملکت خداداد پاکستان کے لئے کینسر بن چکے ہیں، جن کے خلاف سوائے فوجی آپریشن کے کوئی اور علاج ممکن نہیں۔