وحدت نیوز (آرٹیکل)  شام اورعراق میں جیسے جیسے داعش اور ان جیسے دیگر دہشت گرد گروہوں کو شکست ہو رہی  ہےان کی پشت پناہی کرنے والے ممالک میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔ اس وقت عالمی میڈیا پر شام کے شہر ادلب کے حوالے سے ہر روز کوئی نہ کوئی نئی خبر سامنے آرہی ہے اور سب سے زیادہ واویلا امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی طرف سے سامنے آرہا ہے۔

شامی شہر ادلب کو دہشت گردوں کا مرکز سمجھا جاتا ہے جو ۲۰۱۱ سے ہی دہشت گردوں کی مضبوط پناہ گاہ کے طور پر سامنے رہا ہے۔ یہاں پر مختلف دہشتگرد تنظیموں کا کنٹرول رہا ہے اور اس وقت الحرار الشام نامی القاعدہ سے مربوط دہشتگرد تنظیم کا گھڑ ہے۔ ادلب وہ شہر ہے جہاں سے شامی حکومت کے خلاف مظاہروں کا آغاز ہوا اور آج بھی شام میں ادلب کو دہشتگردوں کی آخری پناہ گاہ تصور کیا جاتا ہے۔

شامی حکومت اپنے اتحادیوں روس، ایران، حزب اللہ کے ساتھ مل کر ادلب سے دہشتگردوں کا صفایا کرنا چاہتا ہے جس کے لئے حکومتی تیاریاں جاری ہے۔ جب سےاسد حکومت نے ادلب آپریشن کا اعلان کیا ہے امریکہ، اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کی چیخیں نکل رہی ہیں، امریکہ صدر دونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بشاراسد کو ادلب پر حملہ نہیں کرنا چاہیے، روسی اور ایرانیوں کو انسانی اورتاریخی غلطی کا سامنا کرنا ہوگا، سینکڑوں، ہزاروں لوگ مارے جائینگے اور ایسا ہونے نہیں دینگے۔

لیکن حقیقت یہ ہے کہ شامی حکومت چاہتی ہے وہاں محصور شہریوں کو دہشتگردوں کی چنگل سے آزاد کیا جائے اور دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو تباہ کیا جائے۔ دہشتگردوں کے حوالے سے ہم سب جانتے ہیں کہ وہ بچے، خواتین، جوانوں سب کو اپنی مفاد کے لئے استعمال کرتے ہیں اور کسی پر کسی بھی قسم کا کوئی رحم نہیں کھاتے۔

یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر وہاں دہشتگرد ہے تو امریکہ کو کیوں مشکل ہو رہی ہے؟ تو جواب یہ ہے کہ امریکی مشکلات کے بہت سے پہلو ہیں ان میں سے کچھ یہ ہے کہ:

۱۔ امریکہ نہیں چاہتا شام سے دہشتگردوں کا خآتمہ ہوں کیونکہ دہشتگرد خود امریکہ کی پیداوار ہے اور جس جس ملک میں امریکہ نے دہشتگردی کےخلاف جنگ کی ہے اُن ملکوں میں امن کے بجائے تشدد اور دہشتگردی میں اضافہ ہوا ہے اور دیشتگرد پہلے سے زیادہ طاقت ور اور بھیانک ہو کر اُبھرے ہیں، افغانستان اور عراق کی مثالیں ہمارے سامنے موجود ہے جہاں پر امریکیوں کے آنے کے بعد داعش جیسے تکفیری وجود میں آئے۔

۲۔ امریکہ کا دوسرے ملکوں پرحملہ کرنے اور ان کے قدرتی ذخائر پر قبضہ کرنے کا بہترین بہانہ دہشتگردی کے خلاف جھوٹا جنگ ہے۔

۳۔ دہشتگردی کا اگر خاتمہ ہوجائے تو غاصب امریکیوں کو دوسرے ملکوں میں بیٹھنے کا موقع نہیں ملے گا، یعنی دہشتگردی اور دہشتگردوں کے خلاف جنگ دوسرے ملکوں میں ناجائز قبضے جمائے رکھنے کا زریعہ ہے۔

۴۔ امریکی اقتصاد کا ایک ستون اسلحوں کی فروخت پر قائم ہے، امریکہ، کینڈا اور دوسرے مغربی ممالک جو اپنے آپ کو انسانی حقوق اور عالمی تحفظ کا علمبردار مانتے ہیں دنیا میں جنگ، نامنیت اور غربت کے پیچھے انہی قوتوں کا ہاتھ ہے، یہی ممالک ہیں جو میڈیا پر جمہوریت اور انسانی حقوق کی بتاتیں کرتے ہیں اور پس پشت کمزور ممالک میں خانہ جنگی اور دہشتگردوں کی پرورش، منشیات اور اسلحوں کی خرید و فروخت کے دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔ جس دن دنیا میں امن ہوگا ان کے بنائے ہوئے اسلحے کسی کام کے نہیں رہنگے۔

۵۔ امریکہ نہیں چاہتا کہ کوئی ملک سر اٹھآ کر جیئے وہ چاہتا ہے کہ ہر ملک اس کا محتاج بنے رہے۔۶۔ مشرق وسطی کے قددرتی ذخائر پر قبضہ۔ ۷۔ مشرق وسطی میں امریکیوں کے رہنے کی ایک سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ اسرائیل کے ناجائز وجود کی دفاع کر سکیں۔۔۔۔

لہذٰاا امریکیوں کا شور مچانا بے جا نہیں، وہ اقوام متحدہ کے زریعے بھی شامی حکومت پر دباو جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایک نیوز رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے خبردار کیا ہے کہ شام کے شمال مغربی علاقے ادلب میں فوجی کاروائی کے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔ ان کا کہنا ہے کہ ادلب میں وسیع فوجی آپریشن بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضایع اور خون خرابے کا موجب بن سکتا ہے۔ دوسری طرف روس کی طرف سے بھی امریکہ کو خبردار کیا جا رہا ہے کہ وہ دہشتگردوں کو مالی و سلاحی  کمک روک دیں اور خطے کو مزید خون خرابے کی طرف نہ لے جائیں۔

امریکہ شام میں موجود فلاحی تنظیم وائٹ ہیلمیٹ اور دیگر این جی اوز کے زریعے دہشتگردوں کی مدد کر رہا ہے۔ بلکہ کچھ میڈا رپورٹز میں امریکی تیار کردہ ڈرامہ "اسد حکومت کی طرف سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال" کا بھانڈا پھوٹ دیا گیا۔ ادلب میں دہشت گردوں نے ابھی سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی شوٹنگ شروع کی ہے جس کی صداقت صرف کیمرہ کی حد تک ہے اس مقصد کے لئے انہوں نے شام کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں بچوں کو بھی اغواء کیا۔ اس سے پہلے بھی شام میں کیمائی اسلحلوں کی استعمال کا ڈرامہ رچایا جا چکا ہے جس میں پہلے سے تیار کردہ فیک اور جعلی تصاویریں اور ویڈیوز کو پبلک کیا گیا تھا اور اس کی حقیقت بھی سامنے آگئی تھی۔

ہمیں ان حالات میں امریکہ اور نیٹو کا منافقانہ اور مکارانہ چہرہ بھی نظر آرہا  ہے، دیکھیں ۹/۱۱ کے واقعہ کے بعد جس القاعدہ کو دنیا بھر میں دہشت گرد بناکر افغانستان پر حملہ کیا گیا آج اسی القاعدہ کے دہشت گردوں کو بچانے کے لئے شام میں سر توڑ کوششیں کی جارہی ہے۔ امریکی خود اعتراف کرتے ہیں کی شام کے شہر ادلب القاعدہ کی پناہ گاہ ہے۔ ٹرمپ کے خصوصی صدارتی سفیر برٹ میک گروک کا کہنا تھا کہ" ۹/۱۱ کے بعد القاعدہ کا سب سے بڑا پناہ گاہ شامی شہر ادلب ہے"۔ اسی طرح وہاں موجود دشگردوں نے بھی کئی دفعہ اس بات کا اقرار کیا ہے کہ امریکہ و نیٹو ہماری طرف ہے اور ہمیں تیسری پارٹی کے زریعے اسلحلے و دیگر ضروریات کی چیزیں مہیا کرتا ہے۔

لہذا امریکی جانب سے ادلب میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا شور شرابہ بلکل ویسے ہی ہے جیسے عراق پر حملے کے وقت کیا گیا تھا اور ہوسکتا ہے  یہ واویلا بھی کسی بڑے سانحے کے لئے زمینہ سازی ہو۔

لہذٰا ہمیں بیداری اور ہوشیاری کے ساتھ دشمنوں کے حربوں اور سازشوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے، کیونکہ ہمارے معاشرے کے اکثر افراد و نوجوان عالمی حالات اور ولڈ پولیٹکس سے بے خبر ہیں، اور ساری چیزوں کو ظاہری اور جذباتی طور پر لیتے ہیں خصوصا سوشل میڈا استعمال کرنے والے اس طرح کی خبروں کا فوری شکار بن جاتا ہے اور وہ اصل اور جعلی خبروں کی تمیز نہیں کر پاتے ہیں ایسے حالات میں ہمیں صرف سوشل میڈا پر ہی نہیں بلکہ جب بھی جہاں بھی کوئی حادثہ رونما ہو تو پہلے اس کے حقیقت کی تصدیق کریں پھر اقدام کریں، کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم جانے انجانے میں دشمنوں کی سازشوں کا حصہ بن جائے۔

تحریر: ناصر رینگچن

پیغامِ کربلا

وحدت نیوز (آرٹیکل) چودہ سو سال سے وقت کھڑا ہے، ایک سا سماں ہے، ایک ہی ساعت ہے، کوئی تھرتھراہٹ نہیں، کوئی آہٹ نہیں، کوفے میں چہ مہ گوئیاں ہو رہی ہیں، لوگ ایک دوسرے سے خوفزدہ ہیں،دروازوں پر تبدیلی دستک دے رہی ہے مگر ضمیروں کے کواڑ بند ہیں۔

جب بانی اسلامﷺ کی جان کو خطرہ تھا تو حضرت ابوطالب سائبان بن کر بھتیجے کے سر پر کھڑے ہو گئے، یہ چچا اور بھتیجے کی محبت نہیں تھی بلکہ عقیدے کی جنگ تھی ورنہ چچا تو ابولہب بھی تھا۔جب دشمنوں کی سازشیں عروج پر پہنچیں تو آمنہؓ کے لخت جگرﷺ  نے شعب ابی طالب میں جا کر پناہ لی، جب حضرت ابوطالب ؑ  اورام المومنین  حضرت خدیجہؑ  کا وصال ہوگیا تو اس سال کو عام الحزن قرار دیا گیا،اس میں کوئی خاص بات تھی ورنہ رسولﷺ کے چچے اور بھی تھے اور امہات المومنین بھی دیگر تھیں  کسی کی وفات کے سال  کو عام الحزن قرار نہیں دیا گیا۔

مسلمانوں نے حبشہ کی طرف ہجرت کی تو کفار کا ایک وفد مسلمانوں کے تعاقب میں بادشاہِ حبشہ کے دربار میں پہنچا۔ بادشاہَ حبشہ ،یعنی  نجاشی  کے دربار میں مسلمانوں کی ترجمانی کرنے  کے لئے پھر کوئی اور نہیں حضرت ابوطالب کا بیٹا جعفر ابن ابیطالبؑ اٹھا ۔

اسلام کے ساتھ حضرت ابو طالبؑ کا عجیب رشتہ ہے۔ ہر غزوے میں اسلام کا علمدار حضرت ابوطالب ؑ کا بیٹا “ علیؑ ”رہا۔ یہانتک کہ غزوہ خیبر میں ختم نبوت کا تاجدار پکار اٹھا:۔

قالَ: لاءُعطِيَنَّ الرّايَةَ غَدا رَجُلا يُحِبُّ اللّهَ وَ رَسُولَهُ و يُحِبُّهُ اللّهُ وَ رَسُولُهُ كَرّارٌ غَيْْرُ فَرّارٍ، لا يَرْجِعُ حَتّى يَفْتَحُ اللّهُ عَلَى يَدَيْهِ

کل میں علم اس کو دوںگا کہ جو خدا اور رسول کودوست رکھتا ہوگا اور خداو رسول اس کو دوست رکھتے ہونگے ،مردہوگا کرار ہوگا ، فرار نہ ہوگا یعنی جم کر لڑنے والا ہوگا بھاگنے والا نہ ہوگا اور اس کے ہاتھوں کامیابی و فتح حاصل ہوگی ۔

پھر چشمِ فلک نے دیکھا کہ یہ علم حضرت ابوطالب کے بیٹے کو عطا کیا گیا، جب علی ابن ابیطالب ؑ کو شہید کردیا گیا تو پھر ابوطالب کے پوتے میدان میں اتر آئے اور اکسٹھ ہجری میں ابوطالب کا پوتا حسینؑ ابن علی ؑ یہ کہہ کر میدان میں اترا:

إِنّى لَمْ أَخْرُجْ أَشِرًا وَلا بَطَرًا وَلا مُفْسِدًا وَلا ظالِمًا وَإِنَّما خَرَجْتُ لِطَلَبِ الاِْصْلاحِ فى أُمَّةِ جَدّى، أُريدُ أَنْ آمُرَ بِالْمَعْرُوفِ وَأَنْهى عَنِ الْمُنْكَرِ وَأَسيرَ بِسيرَةِجَدّى وَأَبى عَلِىِّ بْنِ أَبيطالِب

میں خود خواہی یا سیر و تفریح کے لئے مدینہ سے نہیں نکل رہا اور نہ ہی میرے سفر کا مقصد فساد اور ظلم ہے بلکہ میرے اس سفر کا مقصد امر بالمعروف اور نہی عن المنکر ہے۔ اور میں صرف اور صرف اپنے جد کی امت کی اصلاح کے لئے نکلا ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ امر بالمعروف کروں اور نہی عن المنکر کروں اور میری یہ سیرت میرے جد رسول اللہ ﷺ کی اور میرے بابا علی ؑکی بھی سیرت ہے۔

یعنی جو راستہ حضرت ابوطالبؑ کا تھا وہی حضرت ابوطالب کے بیٹے اور پوتے کا بھی تھا، اکسٹھ ہجری میں ابوسفیان کے پوتے نے سوچا کہ میں آل بیطالب ؑ کو لق و دق صحرا میں دفنا کر مٹا دوں گا اور یوں پیغامِ مصطفیﷺ مٹ جائیگا لیکن عین اسی لمحے ابوطالب کی پوتی زینب کبریٰ ، عقیلہ بنی ہا شم سامنے آگئی اور یوں اسلام ابوطالب ؑ کی اولاد کی قربانیوں کے صدقے میں پروان چڑھتا رہا ، حتی کہ چودہ سو سال گزر گئے اور لوگ ظالم اور اوباش بادشاہوں کو ظل الٰہی کہنے لگے ۔ لوگ بادشاہوں کو اسلام کا مالک سمجھنے لگے ایسے میں اسلام کے دفاع کے لئے ، بادشاہت کے خلاف اگر کسی نے قیام کیا تو اور کسی نے بھی نہیں کیا بلکہ  اس نے قیام کیا جس کی رگوں میں حضرت ابوطالب کا خون تھا اور دنیا جسے امام خمینیؒ کے نام سے جانتی ہے۔

چودہ سو سال کے بعد ابوطالب کے بیٹے خمینیؒ نے بادشاہت کا تختہ الٹ کر اقوام عالم کو یہ پیغام دیا کہ حقیقی اسلام وہ نہیں ہے جو بادشاہوں کے قدموں میں سانس لیتا ہے  بلکہ حقیقی اسلام وہ ہے  جو آج بھی بادشاہوں کے تختے الٹ دیتا ہے۔

جب  بادشاہوں کے تخت تھرانے لگے تو اسرائیل کو  مرحب کے طور پر سامنے لایا گیا، عرب بادشاہوں نے اس کی طاقت کا کلمہ پڑھ لیا، دنیا بھر میں اسرائیل کی طاقت  کے چرچے ہونے لگے ایسے میں ابوطالب کے ایک بیٹے سید حسن نصرااللہ نے  اسرائیل سے تینتیس روزہ جنگ مول لے کر اسرائیل کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔

آج بھی مغرب اور مشرق کی شیطانی حکومتیں اور بادشاہتیں اگر کسی کے نام سے تھراتی ہیں تو وہ کسی اور کا نام نہیں بلکہ ابوطالب کے ایک بیٹے سید علی خامنہ ای کا نام ہے۔

شام سے لے کر عراق تک ، اور اسرائیل سے لے کر افغانستان تک  پے درپے شکستیں  کھانے کے بعد اب  عالم کفر کو  یہ احساس ہو چکا ہے کہ اسلام لاوارث نہیں ہے، دنیا میں جب تک  اسلام پر حملے ہوتے رہیں گے ابو طالبؑ کی اولاد اسلام کے دفاع کے لئے قیام کرتی رہے گی،یہ تاریخِ اسلام کا بھی سنہری درس ہے اور کربلا کا بھی زرّیں پیغام ہے کہ  جب تک آل ابوطالب دنیا میں موجود ہے اسلام سربلند و سرفراز رہے گا۔


تحریر۔۔۔نذر حافی

This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.

وحدت نیوز (آرٹیکل) پاکستان کی اہمیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، مدتوں بعد تحریک انصاف کو پاکستان کی تقدیر سنوارنے کا موقع ملا ہے، ہمسایہ ممالک کے علاوہ عالمی برادری بھی پاکستان کے بدلتے حالات پر نظریں لگائے ہوئے ہے۔گویا پاکستان دنیا میں ایک کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ گزشتہ ہفتے  ایران کے وزیرخارجہ  جواد ظریف نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور آج اس وقت امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو ،  امریکی فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ کے ہمراہ پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

امریکی وزیرخارجہ کے دورہ پاکستان سے پہلے امریکہ نے پاکستان پر اپنا سفارتی  اور اقتصادی دباو بہت زیادہ بڑھا دیا تھا، شاید اس دباو کے بڑھانے کا مقصد اس دورے کو کامیاب کروانا تھا۔ یہ تو ہم جانتے ہی ہیں کہ کسی بھی دورے کی کامیابی کا انحصار ایجنڈے پر عملدرآمد پر ہوتا ہے، یوں تو پاکستان کئی دہائیوں سے امریکی ایجنڈے پر عملدرآمد کرتا چلا آرہا ہے لیکن اس مرتبہ شاید امریکہ ہمیشہ کی طرح اپنے مقاصد مکمل سو فیصد  حاصل نہ کرپائے۔

 امریکی ایجنڈے کی عدم تکمیل کی ایک وجہ عوام میں امریکہ کے خلاف شدید نفرت کا پایا جانا بھی ہے۔ اگرچہ ماضی میں بھی لوگ امریکہ سے نفرت کرتے تھے لیکن اس مرتبہ عوام  کے اندر خاصا اعتماد پایا جاتا ہے، اس اعتماد کی ایک وجہ پاکستان میں موروثی سیاست کا خاتمہ اور ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی بندش بھی ہے۔ عوام کو اب یہ احساس ہورہا ہے کہ ہم بھی بحیثیت قوم  ایک وزن اور حیثیت رکھتے ہیں۔

دوسری طرف امریکہ کا تندوتیز لہجہ اور بھارت کی طرف نمایاں جھکاو بھی اس مرتبہ تعلقات کو سنوارنے  اور آگے بڑھانے میں آڑے آئے گا۔

امریکہ نے اس منطقے میں بھارت کو پاکستان پر ترجیح دینے کے لئے گزشتہ چند سالوں میں  طالبان کا کنٹرول بھارت کے ہاتھوں میں دیدیا ہے۔اب طالبان یعنی مجاہد بھائی جان  بھارتی ایجنڈے کے مطابق پاکستانی و افغانی عوام کو کشت و خون میں غلطاں کرتے ہیں اور اس کا ملبہ حکومت پاکستان پر گرادیا جاتا ہے۔

پاکستان جو ایک عرصے سے اس منطقے میں امریکی و سعودی اتحادی تھا اور طالبان کے بنانے کے عمل میں برابر کا شریک تھا اس کے لئے یہ سب کچھ ایک بہت بڑا دھچکا ہے۔گزشتہ چند سالوں سے افغانستان کے حساس مقامات پر طالبان سے حملے کروا کر امریکہ و افغانستان کو یہ باور کروایا جاتا ہے کہ اب بھی طالبان کے بعض دھڑے پاکستان کے کنٹرول میں ہیں اور وہ یہ سب کارروائیاں ، پاکستان کی ایما پر  کر رہے ہیں۔

ان دنوں  افغانستان میں داعش کو بھی آباد کیا جا چکا ہے جو کبھی بھی پاکستان کی سیکورٹی اور سلامتی  کے لئے خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔اس وقت پاکستان امریکہ کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر بات کرنے کے بجائے طالبان و داعش نیز بھارتی بالا دستی کے مسائل میں ہی الجھا رہے گا۔

جبکہ حقیقت یہ ہے کہ امریکہ کو مسئلہ کشمیر اور پاکستان کی سلامتی سے کوئی دلچسبی نہیں ، لہذا امریکی ہمیشہ کی طرح محض احکامات صادر کریں گے  اور کوشش کریں گے کہ سابقہ حکومتوں کی طرح ان حکمرانوں کے سامنے بھی پیسہ پھینکیں اور تماشا دیکھیں۔

پاکستان اگرچہ اقتصادی دباو اور مشکلات  کا شکار ہے تاہم اس مرتبہ صرف پیسے کی خاطر امریکیوں کی  ہاں میں ہاں ملانا آسان نہیں ہوگا اور اگر امریکیوں کی ہاں میں ہاں نہیں ملائی گئی تو پاکستان کو مزید پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

امریکہ فقط یہ  چاہے گا کہ پاکستان اپنی  افغان پالیسی کو بھارتی احکام کے تابع انجام دے۔یہ پاکستان کے حکمرانوں کے لئے کڑے امتحان کا وقت ہے کہ وہ پیسہ لے کر بھارتی بالادستی کو تسلیم کر تے ہیں اور یا پھر انکار کر کے  اپنے لئے مزید مشکلات کھڑی کرتے ہیں۔

انکار کی صورت میں پوری ملت پاکستان کو ایک صبر آزما دور سے گزرنا پڑے گا ، البتہ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ قومیں مشکلات سے گزر کر ہی کندن بنتی ہیں۔

یہاں پر یہ بھی قابل ذکر نکتہ ہے کہ طالبان کے گوریلا کمانڈر جلال الدین حقانی کی موت کی خبر گزشتہ پانچ سالوں میں کئی مرتبہ چلائی گئی ہے لیکن اس مرتبہ امریکی وزیرخارجہ کے دورہ پاکستان  سے صرف ایک دن پہلے افغا ن طالبان کی طرف سے حقانی کی ہلاکت کا باضابطہ اعلان بھی کسی اہم راز کا پیش خیمہ ہو سکتا ہے۔

المختصر یہ کہ امریکی وزیر خارجہ کا یہ دورہ پاکستان اور امریکہ دونوں کے لئے ایک کڑوا گھونٹ ہے،اس گھونٹ کے بعد اس کے نتائج ناقابلِ یقین حد تک مثبت یا منفی ہو سکتے ہیں۔

امکان ہے کہ اس مرتبہ پیسہ پھینکو اور تماشا دیکھو کا منصوبہ زیادہ کارگر ثابت نہیں ہوگا۔

تحریر۔۔۔نذر حافی

This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.

وحدت نیوز (آرٹیکل) جہالت ہر درد کی ماں ہے،پسماندگی کی جڑ ہے،  شیاطین اور طاغوت کا ہتھیار ہے، انسان دشمنوں کا اوزار ہے اور انسان کی بدبختیوں کا سرچشمہ ہے۔ دینِ اسلام کسی طور بھی انسانوں کو جاہل رکھنے کے خلاف ہے۔ انسانوں کو دوطرح سے جاہل رکھا جاتا ہے، ایک یہ کہ تعلیمی داروں کو بند کر دیا جائے اور یا پھر انہیں غیر معیاری کر دیا جائے جبکہ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ  تعلیمی ادارے تو کھلے رہیں لیکن وہ  علمی معیارات کے بجائےتعصب ، ضد اور ہٹ دھرمی پر قائم اپنے نظریات لوگوں کے سامنے پیش کریں۔

ظہورِ اسلام سے پہلے لوگوں میں یہ وہم عام تھا کہ چاند گہن اور سورج گہن اس وقت لگتا ہے کہ جب زمین پر کوئی ناخوشگوار حادثہ پیش آتا ہے چنانچہ   جب نبی اکرمﷺ کی زندگی میں ایک مرتبہ سورج گہن لگا تو اسی روز اتفاق سے آپ کے فرزند حضرت ابراہیمؑ کا انتقال بھی  ہوا  اور لوگوں نے یہ چہ مہ گوئیاں شروع کر دیں کہ یہ سورج گہن جنابِ ابراہیم کی وفات کی وجہ سے لگا ہے۔

اس وقت نبی اکرمﷺ نے لوگوں کی جہالت کو دور کرتے ہوئے فرمایا:

سورج اور چاند خدا کی دو نشانیاں ہیں انہیں کسی کی موت کی وجہ سے گہن نہیں لگتا ہے۔[1]

اپنے آپ کو نبی اکرم ﷺ کا جانشن اور وارث کہنے والوں کی یہ اولین زمہ داری بنتی ہے کہ وہ ببانگِ دہل عوامی جہالت کے خلاف آواز اٹھائیں اور جہالت کے مقابلے میں اپنا علمی نظریہ پیش کریں۔

عصرِ حاضر میں عوام اس مسئلے میں سرگرداں ہیں کہ نبی اکرمﷺ کے بعد وہ کونسا نظامِ حکومت ہے جس کے نفاذ کے لئے تگ و دو اور کوشش کی جائے۔

میں نے اسلامی نظامِ حکومت کا پرچار کرنے والے بہت سارے لوگوں سے پوچھا  کہ بھائی دنیا تشنہ ہے، لوگ جاننا چاہتے ہیں، آپ بتائیں کہ عصرِ حاضر کے لئے اسلام کا مجوزہ نظامِ حکومت کیا ہے!؟ بعض نے کہا کہ بھائی ولایت و امامت ہی عصرِ حاضر کا مطلوبہ نظام ہے۔ میں نے خوش ہوتے ہوئے عرض کیا اچھا تو یہ بتائیں کہ ولایت کی واو پر فتحہ ہوتو اس کا کیا مطلب ہے اور کسرہ ہوتو س کا کیا مطلب ہے!؟ بہت سارے دانشور تو یہیں پر پھسل گئے ، اب جو رہ گئے ان سے ہم نے پوچھا کہ یہ جو نظام ولایت و امامت ہے آپ نص خاص کے ذریعے اس کے معتقد ہیں یا نص عام کے ذریعے ۔۔۔

کہنے لگے جب آمر ہوگا تو نظام آمریت ہوگا، بادشاہ ہوگا تو نظامِ بادشاہت ہوگا، جمہور ہونگے تو نظام جمہوریت ہوگا اسی طرح جب امام ہونگے تو نظامِ امامت ہوگا۔  اس پر ہم نے عرض کیا کہ کیا اس وقت امام ؑ موجود ہیں!!!؟

 کہنے لگے نہیں اس وقت عصر غیبت ہے اور ہمیں نص عام کے ذریعے نظام مرجعیت کی طرف دعوت دی گئی ہے۔

امام مہدی علیہ السلام نے  سنہ260ہجری قمری میں اپنی امامت کے آغاز ہی سے شیعیان آل رسول(ص) سے اپنا تعلق نمائندگان خاص کے ذریعے محدود کیا ہوا تھا۔ آپ(عج) کے آخری نائب علی بن محمد سمری تھے جو 15 شعبان سنہ 329 ہجری قمری / 9 مئی 941 عیسوی کو وفات پاگئے۔

ان کی وفات سے صرف ایک ہفتہ قبل امام زمانہ(عج) کی جانب سے ان کی طرف ایک توقیع جاری ہوئی جس میں امام(عج) نے انہیں لکھا تھا:

علی بن محمد سمری! خداوند متعال تمہارے بھائیوں کو تمہارے حوالے سے [یعنی تمہاری وفات کے حوالے سے] اجر عطا فرمائے؛ کیونکہ تم 6 دن بعد وفات پاو گے؛ اپنے آپ کو تیار کرو اور کسی کو بھی اپنی موت کے بعد اپنا جانشین نہ بناؤ۔ کیونکہ ابھی سے غیبت کبری کا آغاز ہوچکا ہے، اور کسی قسم کا ظہور نہ ہوگا اس وقت تک جب خداوند متعال اذن عطا کرے گا۔ اور وہ [اذن] طویل مدت کے بعد ہوگا، جب لوگوں کے دل پتھروں جیسے ہوچکے ہونگے اور دنیا ظلم و جور سے بھر چکی ہوگی۔ اور اس عرصے میں بعض لوگ میرے حامیوں (پیروکاروں) کی طرف آئیں گے اور دعوی کریں گے کہ انھوں نے مجھ سے ملاقات کی ہے؛ لیکن آگار رہو کہ جس نے بھی سفیانی کے خروج اور آسمانی چیخ سے قبل میرے دیدار کا دعوی کیا وہ الزام لگانے والا اور جھوٹا ہے۔[2]

امام مہدی(عج) نے سنہ 329ہجری قمری میں چوتھے نائب خاص کی وفات کے بعد کسی نائب کا تعین نہیں کیا اور یوں عوام کے ساتھ آپ(عج) کا براہ راست تعلق بھی اور آپ(عج) کی وکالت خاصہ کا دور بھی اختتام پذیر ہوا۔ دوران غیبت کے بارے میں منقولہ روایات ـ منجملہ امام مہدی(عج) سے منقولہ ایک روایت ـ میں شیعیان اہل بیت کو دین و دنیا کے امور میں فقہاء سے رجوع کرنے پر مامور کیا ہے، غیبت کے دور میں امام مہدی(عج) کی نیابت عامہ کا منصب فقہاء نے سنبھالا۔

"عام" ’’عام ‘‘کی قید "خاص" کے مقابلے میں آئی ہے اور مراد یہ ہے کہ اس دور میں کوئی بھی امام مہدی(عج) کی طرف سے خاص اور متعینہ نیابت کا عہدیدار نہیں ہے بلکہ جامع الشرائط فقہاء ـ جن کی شرطیں روایت میں منقول ہیں؛ امام عسکری(ع) نے فرمایا:

"فَأَمَّا مَنْ کَانَ مِنَ الْفُقَهَاءِ صَائِناً لِنَفْسِهِ حَافِظاً لِدِینِهِ مُخَالِفاً عَلَى هَوَاهُ مُطِیعاً لِأَمْرِ مَوْلَاهُ فَلِلْعَوَامِّ أَنْ یُقَلِّدُوهُ۔ [3]

ترجمہ: پس جو فقیہ اپنے نفس پر قابو رکھنے والا اور اپنے دین کا نگہبان ہو اور اپنی نفسانی خواہشات کا کی مخالفت کرے اور اپنے مولا کے فرمان کا مطیع و فرمانبردار ہو، تو عوا پر واجب ہے کہ اس کی تقلید کرے۔ اور ان شرائط پر پورے اترنے والے فقہاء عام طور پر نیابت امام زمانہ(عج) کے حامل ہیں۔
نتیجہ:۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ عصرِ حاضر میں ہمارے پاس ہماری نجات کے لئے نظامِ مرجعیت موجود ہے۔ اگر کوئی نظام مرجعیت کی رعایت نہیں کرتا تو وہ در اصل نظامِ امامت سے ہی کٹ جاتا ہے۔ اس دور میں یہ مراجع عظام ہی ہیں جو یہ بتا سکتے ہیں کہ دنیا کے کس خطے میں کونسا نظامِ حکومت مناسب ہے اور لوگوں کو ووٹ دینا چاہیے یا نہیں، نظام مرجعیت کو نظرانداز کر کے اور پس پشت ڈال کر یا پھر  مسترد کر کے ہم نظامِ امامت تک نہیں پہنچ سکتے۔

عصر غیبت میں یہ مراجع کرام ہی ہیں جو دین کے چراغ، ہدایت کے ستون اور تحریکوں کے قطب ہیں۔ لہذا ہمیں اپنے تمام تر مسائل میں مراجع عظام کی طرف ہی رجوع کرنا چاہیے۔

جب تک ہم نظام مرجعیت کے اتنظام و احترام پر پورےنہیں اترتے تب تک نظام امامت کی باتیں کرنا بالکل ایسے ہی ہے جیسے پہلی کلاس کے بچے کو پی ایچ ڈی میں داخل کرانے کی ضد کی جائے۔

 

تحریر۔۔۔نذر حافی

This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.

وحدت نیوز (آرٹیکل)  خوشیاں منانے کا روز تھا، عید کا دن تھا، بازار بند تھے، مارکیٹیں سنسان تھیں، ہر طرف ہو کا عالم تھا، سکوت تھا، سناٹا تھا، خاموشی تھی اور اس خاموشی اور سکوت کے درمیان میں کچھ لوگ سراپا احتجاج بنے ہوئے تھے، میری طرح یقینا آپ بھی سوچ رہے ہونگے کہ یہ عید کے دن غم کیسا! یہ جشن کے روز ماتم کیوں اور  یہ خوشی کے دن سیاہ پٹیاں کیوں! یہ لوگ بازار میں نکلے تھے  احتجاج کرنے، ظلم کے خلاف، بربریت کے خلاف ، دھاندلی کے خلاف، بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف اور ارباب اقتدار کی موج مستی کے خلاف ۔

عین اس وقت جب  مقبوضہ کشمیر میں سری نگر کے مقام پر  قابض فوج نے نماز عید کے دوران نمازیوں پرآنسو گیس شیلنگ اور پیلٹ گنز سے گولیوں کی بوچھاڑ کردی اور اس کے بعد وادی بھر میں بھارتی فوج اور نہتے کشمیریوں کے درمیان جھڑپوں کا آغاز ہوا اور بھارتی فوج کی بربریت کے خلاف کشمیری عوام سڑکوں پر نکل آئے  تو  تو دوسری طرف  کوٹلی آزاد کشمیر کے  شہید چوک میں بھی  کچھ لوگ  محکمہ لائیو اسٹاک کے خلاف نعرہ بازی کر رہے تھے، یہ ان کے احتجاج کا تیسرا دن تھا۔ یوں تو ہر طرف  ہی ظلم و زیادتی کا راج ہے لیکن ظلم کے خلاف بولنے والے اور آواز اٹھانے والے کہیں کہیں ہی نظر آتے ہیں ۔ ان چند لوگوں میں انجمن تحفظ حقوق عامہ کوٹلی آزاد کشمیر کے ممبران بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق  علاقے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ  اور پانی کے قطع ہونے  کے علاوہ متعدد مسائل اپنے عروج پر ہیں جس کے ساتھ ساتھ سرکاری اداروں میں بھی لوٹ کھسوٹ اور دھونس دھاندلی عام ہے۔

اس احتجاج کے پیشِ نظر فوری مسئلہ یہ تھا کہ   محکمہ لائیو اسٹاک کوٹلی کے دفتر میں خالی ہونیوالی چوکیدار کی آسامی پر ڈسٹرکٹ لائیو اسٹاک آفیسر سردار فرید نے آسامی کومشتہر کئے بغیر اپنے کسی عزیز کو  تعینات کیا ہے۔ قابلِ توجہ نکتہ یہ ہے کہ  اس آسامی سے ریٹائرڈ ہونے والی شخصیت سید شہپال حسین شاہ کے دو  جوان بیٹے   میرٹ پر پورے اترتے ہیں اور قانونی طور پر یہ ان کا حق بنتا تھا جسے نظر انداز کیا گیا اور اس پر عوام ِ علاقہ نے اخوت باہمی کے تحت احتجاج شروع کردیا جو آج چوتھے روز میں داخل ہو گیا ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر ایک طرف تو گڈ گورننس کے دعوے کرتے ہیں اور دوسری طرف  سرکاری اداروں میں ڈنکے کی چوٹ پر میرٹ کو پامال کیا جاتا ہے، افسوس کا مقام یہ ہے کہ عوامی  احتجاج کے باوجود اشرافیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی اور متعلقہ محکمے شکایات کا نوٹس تک نہیں لیتے ۔

ستم بالائے ستم یہ ہے کہ محکمہ لائیو اسٹاک کے ریٹائر ہونے والی جس شخصیت کے بیٹوں کو نظر انداز کیا گیا ہے ، ان کا ایک بیٹا کشمیرکی آزادی کی خاطر ہندوستان میں پچیس سال جیل کاٹ کر واپس آزاد کشمیر آیا ہے۔ اس طرح اس ستم دیدہ فیملی کے ساتھ  ہمدردی کے بجائے مزید ظلم یہ کیا گیا کہ بے روزگاری اور مہنگائی کے اس دور میں اس خاندان کے میرٹ کو پامال کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرین کے مطابق آزاد کشمیر میں اس طرح کی بے ضابطگیاں عام ہیں، جن پر کوئی آواز نہیں اٹھائی جاتی اور عام عوام خاموشی سے ان مظالم کو برداشت کرتی چلی آرہی ہے لیکن اب کی بار عوام نے احتجاج کرنے کا راستہ اختیار کیا ہے جسے جاری رکھا جائے گا اورتمام مطالبات پورے ہونے تک عوامی و قانونی جدوجہد کے ساتھ عوامِ علاقہ کے حقوق کا دفاع کیا جائے گا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کو مقبوضہ کشمیر نہ بنایا جائے اور عوامی حقوق کا احترام کیا جائے۔


تحریر۔۔۔نذر حافی

This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.

وحدت نیوز (آرٹیکل) سردی بہت تھی، کسان نے سانپ کے بچے کو کھیت سے اٹھایا، گھرلایا، چولہے کے نزدیک رکھ کر گرمایش پہنچائی اور نیم گرم دودھ پلایا، جیسے ہی سانپ کا بچہ ہوش میں آیا تو اس نے کسان کے بچے کو ڈس لیا۔ ایسا ہی کچھ پاکستان کے ساتھ بھی ہو رہا ہے، پاکستانی ایک جوانمرد ، شجاع ، بہادر، دلیر اور مخلص قوم ہیں۔ پاکستانیوں نے سب کے ساتھ ہمدردی کی حتی کہ پاکستان کے قیام کے دشمنوں کو بھی اپنی آغوش میں جگہ دی اور ان کے لئے سیاست کے دروازے کھولے۔

قیام پاکستان کے چند بڑے مخالفین میں دو نام سرِ فہرست ہیں۔ایک خان عبدالغفار خان ہیں جنہیں باچا خان اور سرحدی گاندھی کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے، 1987ء میں آپ پہلے شخص تھے جن کو بھارتی شہری نہ ہونے کے باوجود “بھارت رتنا ایوارڈ“ سے نوازا گیا جو سب سے عظیم بھارتی سول ایوارڈ ہے۔اسی طرح  جب  1988ء میں آپ کا انتقال ہوا تو آپ  نے پاکستان میں دفن ہونا پسند نہیں کیا اور آپ کو  آپ کی وصیت کے مطابق جلال آباد افغانستان میں دفن کیا گیا۔    دوسری اہم اور نامور شخصیت جو قیام پاکستان سے خائف تھی وہ مولانا فضل الرحمان کے والد مفتی محمود ہیں جنہوں نے ببانگ دہل یہ کہا تھا کہ خدا کا شکر ہے کہ ہم پاکستان بنانے کے گناہ میں شریک نہیں تھے۔ وہ کانگریس پارٹی کے رکن اور جمیعت علمائے اسلام کے بانی   اراکین میں سے تھے۔

اگرچہ مفتی محمود کے نزدیک پاکستان بنانا گناہ تھا  اور وہ  اپنی جماعت و مسلک سمیت ، قیامِ پاکستان کے گناہ  میں شریک نہیں تھے تاہم انہوں نے اپنے بیٹے فضل الرحمان کی طرح اس گناہ سے بھرپور فائدہ اٹھایا اور وزیرِ اعلیٰ سرحد بھی رہے۔آج جب مولانا فضل الرحمان یہ اعلان کرتے ہیں کہ ہم ۱۴ اگست کو یومِ آزادی نہیں منائیں گے اور پاکستان کی فوج کو دھمکاتے ہیں تو اس میں اچنبھے کی کوئی بات نہیں چونکہ مولانا کی تنظیم، عقیدہ  اور مسلک ہی قیام پاکستان اور آزادی ِ پاکستان سے خوش نہیں ہے۔

مولانا کے ہم فکر اور ہم مکتب لوگ جہاں بھی ہیں وہ  پاکستان اور افواج پاکستان سے اتنی عداوت رکھتے ہیں کہ نہ صرف پاکستان کو کافرستان تک کہہ جاتے ہیں بلکہ پاکستانی فوجیوں کے سروں سے فٹبال کھیلنا ان کا محبوب مشغلہ  بھی ہے۔ یاد رہے کہ  مولانا اور ان کے ہمنوا، صرف اور صرف پاکستان میں زبان چلانا اور ہتھیار اٹھانا جانتے ہیں۔

مولانا اور ان کے ارادتمندوں کے نزدیک صرف پاکستان کا بنانا ہی گناہ ہے یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے علمی و عقیدتی مرکز دیوبند سے کبھی بھی کشمیر کی آزادی کے لئے کوئی ریلی نہیں نکالتے اور اسی طرح  وہ اپنے دوسرے بڑے مسلکی مرکز سعوی عرب سے بھی کبھی اسرائیل کے خلاف کوئی جلسہ جلوس نہیں نکالتے، چونکہ ان کے نزدیک جیسے پاکستان کا بنانا گناہ ہے اسی طرح کشمیر اور فلسطین کے حق میں کوئی جلسہ جلوس نکالنا بھی گناہ ہے۔اسی لئے مولانا فضل الرحمان ایک لمبے عرصے تک کشمیر کمیٹی کے چئیرمین رہنے کے باوجود اخباری بیانات سے آگے نہیں بڑھے۔

یہ اس وقت تک نا خوش رہتے ہیں جب تک انہیں شریکِ اقتدار نہیں کیا جاتا ،انہیں اگر شریکِ اقتدار کرلیا جائے تو یہ ہر سال  بڑے شوق سے یومِ آزادی مناتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان خیر سے بابائے طالبان بھی ہیں  لال مسجد کی طرح ایک نہیں ہزاروں مساجد ان کی سرپرستی میں چل رہی ہیں اور مولانا عبدالعزیز کی طرح سینکڑوں برقعہ پوش مولوی حضرات ان کی آواز پر لبیک کہنے کو تلے ہوئے ہیں لہذا ہمارے سیکورٹی اداروں کو چاہیے کہ وہ مولانا کی طرف سے ملنے والی  دھمکیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور خصوصا ً یومِ آزادی کے موقع پر مولانا کی آل و  اولاد یعنی طالبان ، اپنے باپ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے کسی بھی قسم کی گھٹیا حرکت کر سکتے ہیں، اس لئے ہمارے سیکورٹی اداروں کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔

یہ ٹھیک ہے کہ مجموعی طور پر  اہلیانِ پاکستان نے مولانا اور ان کے مکتب کے ساتھ کوئی متعصبانہ رویہ نہیں اپنایا لیکن ان لوگوں کو جب بھی فرصت ملی انہوں نے ملت پاکستان کو ڈسا ہے، پاکستان کے یومِ آزادی کے بائیکاٹ کا اعلان کر کے مولانا نے در اصل اپنی تاریخی شناخت پر مہرِ تصدیق ثبت کردی ہے۔ اس میں ہمارے لئے بھی یہ درس ہے کہ جب تک ہماری صفوں میں اس قماش کے لوگ موجود رہیں گے تب تک ہمیں اپنی فوج کے ساتھ مل کر اپنی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنی ہوگی۔

 تحریر۔۔۔نذر حافی

This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree