وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے ترجمان الیاس صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائی پر اتر آئی ہے، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی کے وارنٹ گرفتاری انتقامی کارروائی کی کڑی ہے۔ حکومت کی کوتاہیوں اور برملا دہشت گردوں کی سرپرستی کے خلاف علامہ امین شہیدی کی زبان بندی کی یہ حکومتی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کی حقیقی داعی، مظلوموں کی حامی اور ظالم حکمرانوں کے خلاف برسرپیکار جماعت ہے۔ علامہ امین شہیدی میڈیا میں مظلوموں کی آواز اور ملک عزیز میں اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دینے نیز ظالم طاقتوں کی نشاندہی اور پاکستان مخالف طاقتوں کی سازشوں کو بے نقاب کرتے رہے ہیں۔
مملکت خداداد پاکستان کی دگرگوں حالات میں علامہ امین شہیدی نے اتحاد امت کے سلسلے میں اپنی بساط کے مطابق ہر ممکن کوشش کی ہے اور ملی یکجہتی کے پلیٹ فارم سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ نواز حکومت اپنے کرتوتوں پر پردہ ڈالنے کی خاطر اور عوامی آواز کو دبا کر بادشاہت قائم کرنا چاہتی ہے۔ علامہ امین شہیدی کو پابند سلاسل کرنے کی حکومتی کوشش بزدلانہ اقدام ہے، جو حکومت کیلئے آسان نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے طاقت کے زعم میں علامہ امین شہیدی کو گرفتار کرنے کوشش کی تو سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے اور شاہراہ قراقرم سمیت گلگت بلتستان کو جام کرینگے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
وحدت نیوز (سکردو) آئی ایس او بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام حسینی چوک پر منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے بلتستان کے معروف عالم دین اور ایم ڈبلیو ایم کے رہنما حجتہ الاسلام شیخ غلام فخرالدین نے کہا کہ کربلا حق و باطل کے پیمانے کا نام ہے، کربلا کو ماننے والے کسی ظالم نظام سے حصہ بن سکتے ہیں اور نہ کسی ظلم پر خاموش رہ سکتے ہیں۔ کربلا انسانوں کو درس حریت دیتا ہے، قافلہ کربلا میں شامل ہونے والے اپنے گلے سے ہر طرح کی غلامی کے طوق کو اتار دیتا ہے اور اعلٰی انسانی اقدار کی حفاظت کے لیے میدان میں رہتا ہے۔ کربلا کے واقعے نے انسانیت کو معراج عطا کی ہے اور امام عالی مقام نے کربلا میں تمام انسانی اقدار کو حیات نو دے کر صرف مسلمانوں کو ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کو معراج عطا کی ہے اور حفظ کیا ہے لہٰذا قافلہ کربلا کے سپہ سالار امام عالی مقام صرف مسلمانوں کے نہیں بلکہ تمام انسانوں کے محسن ہیں۔ امام عالی مقامؑ نے کربلا کے لق و دق صحر میں اپنا مال، عزت، جانیں سب کچھ قربان کر کے اسلام اور انسانی اقدار کو حیات بخشی ہے۔ آج اگر دنیا میں ظلم کے مقابلے میں کسی کو قیام کرنے کی ہمت ہے تو وہ کربلا کی مرہون منت ہے، کربلا کی حریت بخش تحریک نے دنیا بھر کی حریت پسند تحریکوں کو توانائی عطا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان میں انتقامی سیاست اور ظلم پر اتری ہوئی ہے اور بے گناہوں کو گرفتار کر کے اپنا اصل چہرہ واضح کر رہا ہے میں کہنا چاہتا ہوں کہ گلگت میں بے گناہ گرفتار شدگان کو فی الفور رہا کیا جائے ورنہ اس ظلم کیخلاف بلتستان میں تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(سکردو) اسد عاشورا کے سلسلے میں مرکزی مجلس عزا امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام منعقد ہوئی، جس میں ایم ڈبلیو ایم بلتستان کے سربراہ آغا علی رضوی نے خطاب کیا۔ آغا علی رضوی نے اپنی تقریر میں کہا کہ عزاداری ظلم کے خلاف قیام کا نام ہے، عزاداری وقت کے یزید کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا نام ہے، عزاداری انسان کو انسانی اور الہٰی اقدار کی خاطر جان دینے کا درس دیتی ہے، عزاداری سے انسانوں کو جرائت ملتی ہے، عزاداری سے ہمت ملتی ہے، عزاداری سے شجاعت ملتی ہے اور مکتب تشیع کی توانائیوں کا سرچشمہ ہی عزاداری ہے، عزاداری امام حسین ؑ تشیع کی حفاظت کے ضامن ہے، دنیا کی مخالفت کے باوجود اگر کربلا والے زندہ ہیں تو عزاداری کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں عالمی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایران اور چھ عالمی طاقتوں کا ایٹمی معاہدہ ایران کی کمزوری نہیں بلکہ ایران کی فتح کی علامت ہے اور یہ صلح حدیبیہ کی طرح اسلام دشمن طاقتوں کی شکست کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ ایران نے اس معاہدہ کے ذریعے دنیا کے سامنے ایٹمی ملک کی حیثیت کو تسلیم کروایا ہے اور امریکہ ایسا کرنے پر مجبور ہوگیا ہے۔ اس معاہدہ کے بعد بھی رہبر معظم کے نزدیک امریکہ شیطان بزرگ ہے اور عالم اسلام سمیت پاکستان کا دشمن امریکہ ہی ہے۔
انہوں نے کہا دنیا میں اسلام کو کمزور کرنے کے لئے امریکہ و اسرائیل داعش اور القاعدہ کو وجود میں لائے اور اسلام کا منحوس چہرہ پیش کر دیا۔ آج بھی ان درندوں کے ہاتھوں عراق، شام، یمن، افغانستان اور پاکستان محفوظ نہیں ہے۔ ہم ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں اور پاکستان آرمی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی شہنشاہوں کی ہمنوائی میں داعش یمن میں بھی بے گناہوں کو قتل کرنے میں مصروف ہے اور تین مہینے سے ان پر جنگ مسلط کی ہوئی ہے، رمضان جیسے بابرکت مہینے میں بھی یہ جنگ جاری رہی اور اس جنگ میں پاکستان آرمی کو دھکیلنے کی کوشش کی جو کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے ناکام بنا دی۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں سعودی جارحیت کے خلاف گلگت میں نکالی والی ریلی کے مقررین کی گرفتاری افسوسناک اور شرمناک عمل ہے، اگر گلگت بلتستان انتظامیہ نے ان گرفتار ہونے والوں کو رہا نہ کیا اور مقدمات ختم نہیں کئے تو پورے گلگت بلتستان میں صوبائی حکومت کے خلاف تحریک چلائی جائیگی۔
وحدت نیوز (ملتان) گلگت بلتستان میں مجلس وحدت مسلمین اورامامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے گرفتار بے گناہ رہنماؤں کی رہائی کے لیے ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی،ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی،آئی ایس او پاکستان کے مرکزی نائب صدر سرفراز حیدر، ڈویژنل صدر ڈاکٹر قمر علی رضا،قاسم جعفری، میثم جعفری ، محمد عباس صدیقی،مہر سخاوت علی، دلاور عباس زیدی اور دیگرنے کی۔ مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں گرفتار رہنما غلام عباس ، جی بی اسمبلی کے اُمیدوار مطہر عباس اور آئی ایس او گلگت کے ڈویژنل صدر جمال حیدر کی گرفتاری نواز حکومت کی جانب سے سیاسی انتقام کا نشانہ ہے، ہم پاکستان کے پُرامن شہری ہیں اور اپنے حقوق کی آواز بلند کرنا پاکستان کے ہر شہری کا حق ہے، گلگت میں یمن پر سعودی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنا ہمارا حق ہے، ہم پاک فوج اور قومی سلامتی اداروں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ آپریشن ضرب عضب کا دائرہ کار وزیرستان سے بڑھا کر ملک کے دیگر علاقوں میں بنائے گئے وزیرستان کا بھی خاتمہ کیا جائے۔
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی نائب صدر سرفراز حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت میں گرفتار کیے گئے رہنماؤں پر بے بنیاد مقدمات بنائے گئے ہیں جن کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، پوری دنیا جانتی ہے کہ ہم نے ہر ظلم کے خلاف اور ہر مظلوم کے حق میں آواز بلند کی ہے، گلگت بلتستان کی حکومت نے دہشتگردوں کے دباؤ میں بے گناہ رہنماؤں کو پابندسلاسل کررکھا ہے، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماعلامہ اقتدار نقوی نے وفاقی اور جی بی غکومت سے مطالبہ کیا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما غلام عباس، مطہر عباس اور آئی ایس او کے ڈویژنل صدر جمال حیدر کو فی الفور رہا کیا جائے، ورنہ احتجاج کا دائرہ پورے ملک میں پھیلا دیا جائے گا۔ اس موقع پر رہنماؤں نے گلگت بلتستان حکومت کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔
وحدت نیوز (سکردو) پاک چائنہ اقتصادی کوریڈورمیں گلگت بلتستان کی حیثیت کو یکسر نظر انداز کیا گیاہے،حسب روایت اس عظیم منصوبے کے ثمرات سے اس خطے کے عوام کو محروم رکھنے کی سازش کی جارہی ہے،مرکزی حکومت کے ترجیحی منصوبوں میں سے کوئی ایک منصوبہ بھی گلگت بلتستان میں نہیں رکھا گیا،جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ موجودہ حکومت اس خطے سے مخلص نہیں ہے،ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے رہنما ڈاکٹر کاظم سلیم نے وژن 2020کے زیراہتمام اسلام آباد میں منعقدہ سیمیناربعنوان ’پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبہ اور پاکستان کامعاشی مستقبل ‘کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر طلباءوطالبات سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات سمیت صحافیوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا کلیدی اسٹیک ہولڈر خطہ ہے، لہٰذادوسرے صوبوں سے پہلے ہمارے مفادات کا خیال رکھا جانا ضروری ہے،اس قومی منصوبے کو تمام پاکستانیوں کیلئے یکساں طورپر مفید بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ہمیں دیوار سے لگانے کا ذعم باطل ذہنوں سے نکال دیا جائے،کیوں کے ہمارے حقوق کا خیال رکھے بغیر کوئی بھی منصوبہ قابل عمل نہیں ہوگا،اس لئے ہمارے پالیسی ساز اداروں کوچاہیئےکہ اس عظیم اقتصادی منصوبے کے اجراءمیں گلگت بلتستان کےساتھ عدل وانصاف کے تقاضوں کو پورا کریں ،تاکہ بغیر کسی رکاوٹ کے یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔
ڈاکٹر کاظم سلیم نے مزید کہا کہ اقتصادی کوریڈور کی بروقت تکمیل سے نا فقط ہماری بیمار معیشت کا سنبھلنے کا موقع ملے گا بلکےبین الاقوامی سطح پر پاکستان کی اہمت میں بھی اضافہ ہوگا،کیونکہ عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی چینی معیشت کو پاکستان کے زریعے مشرق وسطیٰ ، یورپ اور ایشیائی ممالک تک رسائی دینے میں ہمارا کرداربنیادی سہولت کارکا ہوگا،انہوں نےبھارتی حکمرانوں اور میڈیا کی جانب سےاس منصوبے کے خلاف جاری منفی پروپگنڈے کی جانب اشارہ کرتےہوئے کہا کہ ہندوستان کو اس منصوبے سے ایک مضبوط اقتصادی پاکستان کا مستقبل دکھائی دے رہا ہے اس لیئے ان کی چیخیں نکلنا فطری ہیں ، انہوں نے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے حوالے سے بعض ذمہ دار افراد کے بیانات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ چند افراد گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کو لے کے دانستہ یا نا دانستہ بھارتی موقف کو مضبوط کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ،ان افراد کو چاہئے کہ حقیقت پسندانہ موقف اپنائیں ، انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کا تعین کرتے وقت اگر یہاں بسنے والے عوام کی امنگوں کا خیال نہ رکھا گیا تو اس حساس علاقے میں ایسی سنگین نفرت وعداوت جنم لے گی جو کسی صورت قابل تحمل نہیں ہوگی۔
وحدت نیوز(گلگت) مجینی محلہ گلگت میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے نوجوانوں پر فائرنگ کرنے والے مجرموں کی تاحال عدم گرفتاری حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے۔واقعے میں ملوث حقیقی مجرموں اور ان کے پشت پناہوں کو گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے،خانہ پُری کرنے کی سازش کی گئی تو سخت احتجاج کیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ترجمان محمد الیاس صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ لیگی حکومت کیلئے ٹیسٹ کیس ہے اور تمام تر مصلحتوں سے بالاتر ہوکر حقیقی مجرموں تک پہنچا جائے ۔مجرموں تاحال عدم گرفتاری سے واقعے میں زخمی ہونے والے نوجوانوں کے لواحقین تشویش میں مبتلا ہیں اور حکومت کی نا اہلی سے دہشت گردوں کے حوصلے بلند ہورہے ہیں۔دہشت گردوں کے خلاف موثر کاروائی نہ ہوئی تو یہ مجرم آئندہ اس سے بھی بڑے جرائم کا ارتکاب کرسکتے ہیں اور علاقے میں فرقہ واریت کو ہوا دیکر خطے کا امن تہ و بالا کرنے کا باعث بن سکتے ہیں ۔لہٰذا ضرور اس امر کی ہے کہ علاقے کی تعمیر و ترقی و خوشحالی کی خاطر بلا تفریق دہشت گردوں کے خلاف موثرکاروائی کی جائے اور امن عامہ کی بحال رکھنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات قبل از وقت اٹھائے جائیں۔