The Latest
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے زیراہتمام ’’یوم حجات‘‘ کی مناسبت سے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت ایم پی اے سیدہ زہرا نقوی اور سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین لاہور شعبہ خواتین خانم حنا رضا تقوی نے کی جبکہ اس موقع پر خانم عظمیٰ نقوی، خانم نگین رضوی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھیں۔ احتجاجی مظاہرے میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کی بہادر مسلمان بیٹی مسکان خان کے حق میں نعرے درج تھے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی کا کہنا تھا کہ مسکان خان نے ہندو وحشیوں کے سامنے اللہ اکبر کا نعرہ لگا کر اپنی بہادری کی عظیم مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حجاب مسلمان عورت کا زیور ہے، جس سے کوئی طاقت محروم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے آپکو ایک جمہوری ریاست کہتا ہے، حالیہ واقعہ نے بھارت کی نام نہاد جمہوریت کےمنہ سے نقاب نوچ ڈالی ہے۔
خانم حنا تقوی کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی ریاست کرناٹک کی طالبہ مسکان نے باطل کے سامنے حق کا نعرہ بلند کیا، اللہ اکبر کا نعرہ کالج میں لگا، اللہ تعالیٰ نے پوری دنیا میں اس کے نام کے نعرے لگوا دئیے، مسکان نے ثابت کر دیا کہ مسلمان خواتین کا بہادری میں کوئی ثانی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام خواتین حجاب پہن کر احکامات دین کی پیروی کریں، حجاب ہمارا تحفظ ہے، جس سے کسی طور دستبردار نہیں ہوں گی۔
وحدت نیوز(لاہور) انقلاب اسلامی ایران مظلومین اور مستضعفین کے لیے ایک امید کی کرن ہے امام خمینی نے عوام کو طاقت کا سرچشمہ قرار دیکر اور خودمختاری کو اپنا اصلی مشن قرار دیتے ہوئے تسلط پسند طاقتوں کے خلاف قیام کیا اور ایک الہی نظام حکومت قائم کیا ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و ممبر صوبائی اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے گیارہ فروری انقلاب اسلامی ایران کی 43ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوے کیا۔
انہوں نے کہا یمن و کشمیر کے عوام اس انقلابی راستے کو اپنا کر اپنے تمام حقوق حاصل کر سکتےامام خمینی کی اس تحریک کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس نے انقلابی اقدار کو ایک دائمی اور ہمیشہ رہنے والی تحریک میں بدل دیا اور دنیا کی محروم اور مستضعف اقوام کو اس بات کا حوصلہ اور امید عطا کی ہے کہ وہ تسلط پسند نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔انہوں نے کہا ایران کے اسلامی انقلاب نے امام خمینی کے بتائے ہوئے راستے کو زندہ رکھتے ہوئے قوموں کے حقوق کے حصول کو اپنا نصب العین قرار دے رکھا ہے اور دوسرے انقلابوں کے برخلاف اپنے اصلی راستے سے منحرف نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے مذید کہا ایران کا اسلامی انقلاب علاقے میں عظیم بنیادی تبدیلیوں کا باعث بنا اور یہ وہ حقیقت ہے جو کسی سے پوشیدہ نہیں۔ امام خمینی نے اسلام کے سیاسی نظام کی صلاحیتوں اور گنجائشوں کو جس طرح پیش کیا ہے اسکے اثرات پوری دنیا کے سامنے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج چار دہائیاں گزرنے کےباوجود انقلاب اسلامی کا سورج رہبر معظم سید علی خامنہ ای حفظ اللہ کی عظیم قیادت میں پوری آب و تاب سے چمک رہا ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے بھارت میں خاتون کے پردے پر دلیرانہ اقدام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پردہ تحفظ اور پاکیزگی کی علامت ہے پردہ صرف عورتوں کی ہی ضرورت نہیں بالکہ معاشرے کو بھی پاکیزہ بناتا ہے پردہ ایک مسلمان عورت کے لئے ایمان کے بعد خوب صورت ترین تحفہ ہے جو معاشرے سے بے حیائی کی جڑ کاٹ کر اس کی نسلوں کو پاکیزہ ماحول مہیا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شعائر اسلام کو انتہا پسندی، قدامت پرستی اور دہشت گردی سے جوڑنا تعصب کا منہ بولتا ثبوت ہے خود کو انسانی حقوق کا چیمپئین گرداننے والے انتہا پسند عورت کو گز بھر کا کپڑا سر پر رکھنے کی اجازت دینے کو تیار نہیں ۔ دنیا کی کوئی طاقت عورت سے پردے کا حق چھین نہیں سکتی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا انتہا پسند ہندو نہ صرف مسلمانوں بالکہ دیگر اقلیتوں کے بنیادی حقوق غصب کرنے کے لئے ہر حد کو عبور کر رہا ہے اور بھارت بھی دنیا بھر کی استحصالی قوتوں کی تقلید میں اسلامی شعائر کو پسپا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔
انہوں نے بھارت اور مغرب کے منافقانہ طرز عمل کے لئے ہر سطح پر آواز اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام عالم حجاب کی بنیاد پر عورتوں سے امتیازی سلوک یا تعصب کا نشانہ بنانے پر نوٹس لے اور بھارت پر دباءو بڑھائے تاکہ خطے میں امن و امان کی صورت حال مزید خراب نہ ہو ۔
وحدت نیوز(اٹک) جس طرح کشمیر کی قوم مظلوم ہے اسی طرح یمن کی قوم بھی مظلوم ہے لیکن یمن کے مظلومین کی آہ و سسکیاں دنیا کو دکھائی نہیں دے رہیں ، جیسے کشمیر کے مظلومین ایک طویل عرصہ سے بھارتی ظلم و ستم کا سامنا کر رہے ہیں اور حق کی آواز بلند کرتے ہوے شہادتیں پیش کر رہے ہیں لیکن اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے اسی طرح یمن کے مظلومین بھی ایک مسلمان ملک یعنی سعودی حکومت کی جانب سے بمباری اور جنگی حملوں میں کیے جانے والے نا قابل تلافی نقصان کے باوجود مزاحمتی رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار محترمہ زینب بنت الہدی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین نے یوم یکجہتی مظلومین کشمیر اور یمن کی مناسبت سے ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین ضلع اٹک کی جانب سے مکتب قرآن و اہلبیتؑ میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔
تقریب سے محترمہ صائمہ نقوی نے بھی خطاب کیا یوم یکجہتی کشمیر و یمن کے اس پروگرام میں مرکزی سیکرٹری شماریات محترمہ فرح دیبا اور مرکزی سیکرٹری مالیات محترمہ قراتالعیین اور ضلعی سیکرٹری جنرل خواہر نزہت نقوی کے علاؤہ ضلعی کابینہ اور علاقہ کی معزز خواتین نے شرکت کی اس موقع پر ضلع اٹک کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئ اور بہترین کارکردگی انجام دینے والی اراکین میں اسناد اور تحائف تقسیم کیے گئے۔
وحدت نیوز(کراچی) المجلس ڈیزاسٹر اینڈ مینجمنٹ سیل کراچی ڈویژن شعبہ فلاح وبہبود مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے ایک فلاحی ادارے کے تعاون سے لاسی گوٹھ مدرسہ العباسؑ کے بچوں میں اعلی کوالٹی کے کمبل تقسیم کیئے گئے ۔اس موقع پر المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کراچی ڈویژن کے ڈائریکٹر سید زین رضوی،ایم ڈبلیوایم ضلع وسطی کے ڈپٹی سیکرٹری مظہر جعفری،المجلس ضلع وسطی کے ڈائریکٹر حسین رہبر،ناصر زیدی،لاسی گوٹھ یونٹ کے سیکرٹری جنرل زیشان حیدر،عرفان حیدر،مولانا سلطان علی،غلام حیدر بھٹو،امین گوپانگ اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(گلگت)موجودہ دور میں جب ہم دشمن کی چالوں میں بری طرح پھنس چکے ہیں ہمیں صراط مستقیم پر چلنا ہو گا تا کے ہم دشمن کی بچھائی سازش کو ناکام کریں ہمارا دشمن ہمارے جوانوں کو مختلف سازشوں کے زریعے تباہی کے دہانے پر لے جانا چاہتا ہے ایسے میں ہمیں دین کے قریب جانا ہوگا ہم اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑ کر ہی اس سازش کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی رکن محترمہ سائرہ ابراہیم نے محمدیہ سینٹر بارہ کہو اسلام آباد میں منعقدہ ایک تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا ہماری بچیوں کو دنیاوی علم کیساتھ ساتھ دینی تعلیم پر بھی توجہ دینی ہو گی تاکہ ہماری بچیاں جان سکیں کے بی بی فاطمہ الزہرا س اور بی بی زینب س اور تمام پاکیزہ ہستیوں نے کس طرح زندگی گزاری اور بی بی فاطمہ الزہرا سُ نے کس طرح مشکل وقت آنے پر دشمن کا سامنا کیا اپنے حق کے لئے آواز بلند کی اور دین الہی کا پرچم تھام کر میدان حق میں کھڑی رہیں اور تمام خواتین کے لیے رہتی دنیا تک مشعل راہ بن گئیں۔ بچیوں نے باغ فدک اور جناب فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیھا کے گھر کی منظر کشی کی۔ اس موقع پر تمام طالبات میں مجلس وحدت مسلمین خواتین شعبہ یوتھ کی جانب سے تحائف تقسیم کیے گئے۔
وحدت نیوز(گلگت) سیکریٹری یوتھ شعبہ خواتین مجلس وحدت مسلمین سائرہ ابراہیم نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ پشتنی باشندگان کے نام پر گلگت کے امن کو خراب کرنے والوں سے عوام لا تعلقی اختیار کریں نگر کالونی کیلئے سابقہ حکومتوں نے زمین الاٹ کیا تب کسی کو ہوش نہیں ایا ۔ اب کیا پچھتاۓ ہوت جب چڑیا چگ گٸی کھیت کے مصداق سڑکوں پر آنا علاقے کے امن کو خراب کرنے کے علاوہ کچھ نہیں ۔ چند لوگ کہتے ہیں کہ نگر کالونی واقعے کو لسانی علاقاٸی اور مذہبی تعصب کا رنگ نہ دیا جاٸےلیکن آپ کو تصویر کا دوسرا رخ بھی ملاحظہ کرنا چاہٸے۔بسین کھاری۔سکار کوٸی کنوداس سے لیکر یونیورسٹی تک تمام اراضی بندربانٹ ہوچکی ہے۔ان سب مقامات پر زیادہ تر گلگت سے باہر کے لوگ آباد ہیں۔لیکن پشتنی باشندگان کو صرف نگر کالونی ہی کھٹک گٸی ہے تو اسے آپ کون سا رنگ دینگے۔ ؟
انہوں نے کہاکہ کیا پشتنی باشندگان کا حق صرف نگر والوں نے ہڑپ کیا ہے ؟۔کیا کنوداس کی ہزاروں کنال اراضی نگر کی ملکیت ہے ؟ کیا چھموگڑھ کالونی میں پشتنی باشندے ہیں ؟کیا بگروٹ ہاسٹل بگروٹ والوں کا ہے۔کیا شاہ کریم ہاسٹل اور اس سے ملحقہ سینکڑوں کنال اراضی پشتنی باشندوں کی نہیں۔کیا کونوداس عید گاہ کی سینکڑوں کنال اراضی پر پشتنی باشندوں کا حق نہیں۔تاریخ شاہد ہے کہ ان لوگوں نے آج تلک نہ بسین دیکھا ہے۔نہ کارگاہ دیکھا ہے۔نہ سکارکوٸی میں یہ لوگ جاسکتے ہیں۔نہ کونوداس عید گاہ پر قبضہ کرسکتے ہیں۔نہ چھموگڑھ کالونی کو خالی کرسکتے ہیں۔نہ بگروٹ ہاسٹل اور شاہ کریم ہاسٹل پر چڑھاٸی کرسکتے ہیں۔اور اگر یہ لوگ نگر کالونی کو بابار کھٹکتی نظروں سے دیکھیں گے تو ہم اسے کونسا رنگ دیں گے۔آپ خود ہی بتاٸیں۔ہمارے نزدیک گلگت کے تمام عوام محترم ہیں چاہے اس کا تعلق کسی علاقے سے بھی ہو سب کو امن کے ساتھ مل جل کررہنا ہم سب کا فاٸدہ ہے۔آج ایک ٹولہ پشتنی باشندوں کے نام پر شور کرکے لسانی مذہبی تعصب کو کیوں ہوا دے رہا ہے۔جس زمیں پر جو قابض ہے اسے جینے کا حق دیں۔دل کشادہ کریں۔سب کو جذب کریں۔نہیں تو ہم سب ان فتنوں کا ایندھن بنیں گے۔
وحدت نیوز(لاہور)یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرمجلس وحدت مسلمین لاہور کی جانب سے پریس کلب لاہور پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس احتجاجی مظاہرے میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور کی ضلعی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمی نقوی اور کابینہ اراکین سمیت دیگر خواتین نے بھی شرکت کی ۔
مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کشمیر سے ہمارا روحانی اور قلبی رشتہ ہے اسکی بنیاد لا الہ الا اللہ پر قائم ہے جنت نظیر کشمیر کہ کل جہاں ٹھنڈے پانی کی نہریں بہتی تھیں آج وہاں خون کی ندیاں بہ رہی ہیں وہ درسگاہیں جہاں بچے پڑھنے جاتے تھے آج قبرستان کے مناظر پیش کر رہی ہیں انہوں نے کہا بھارت ، اسرائیل اور نام نہاد اسلامی ممالک کشمیر، فلسطین اور یمن کے مظلوم نہتے عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں لیکن مسلم امہ کے چند ایک ممالک کے علاوہ باقی تمام خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ظالم کے ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا جہاد ہے لیکن افسوس کے ساتھ آج کا مسلمان اپنے مسلمان بہن بھائیوں پر ظلم و ستم روا دیکھ کر بھی بے حسی کی چادر اوڑھے ہوئے ہیں انہوں نے کہا ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو صرف ریلیوں تک محدود نہ رکھا بلکہ اس کے حل کے لیے ہر ممکن حد تک کوشش جاری رکھے۔
وحدت نیوز(لاہور) کشمیری عوام سے یکجہتی کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع،قرارداد رکن پنجاب اسمبلی اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری شعبہ خواتین محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے جمع کروائی۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان اہل کشمیر سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کے منشاء اور رائے کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتا ہے ۔
متن میں مزید کہا گیا کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے ،اس حق کے لئے سینکڑوں کشمیریوں نے اپنی جان کا نذرانہ دیا ہے،کشمیریوں کے لیے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی ۔
پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے موقف کو دنیا کے سامنے اور عالمی اداروں تک پہنچاتے ہیں گے۔یہ ایوان کشمیریوں پر بھارت کے ڈھائے جانے والے مظالم کی پرزورمذمت کرتا ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ عالمی برادری سے بھارتی مظالم کے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتا ہے۔عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر جاری مظالم بند کرانے کے لئے بھارت پر دباؤبڑھائے ۔
وحدت نیوز(فیصل آباد) جامعۃ الزہراء (س) فیصل آباد کے زیر اہتمام ،میلاد حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے یوم مادر کے عنوان سےایک پروقار تقریب منعقد ہوئی ۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری سیاسیات محترمہ نرگس سجاد جعفری صاحبہ اس پروگرام کی مہمان خصوصی تھیں ۔ اس تقریب میں ذاکرات و عالمات اور مدرسہ کی معلمات کے علاوہ جامعۃ الزہراء (س) کی بچیوں نے مدح اہلبیت ؑ اور بی بی فاطمۃ الزہراء(س) کی شان میں قصائد پڑھے ۔ مدرسہ فاطمہ زہراء (س) کی بانی و پرنسپل معروف عالمہ و مرکزی سیکریٹری فلاح وبہبود مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین محترمہ فرحانہ گلذیب صاحبہ نے بھی خطاب کیا ۔
تقریب کی مہمان خصوصی محترمہ نرگس سجاد جعفری نے جناب سیدہ کائنات (س) کی مقام و منزلت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کا جو مقام و منزلت ہے وہ خود انکی شخصیت کی وجہ سے ہے اس وجہ سے نہیں ہے کہ وہ پیغمبر اسلام ﷺ کی بیٹی ہیں ۔اسی طرح آپکی یہ مقام و منزلت اس وجہ سے بھی نہیں تھی کہ آپ حضرت امیر المومنین علیہ السلام اور شیعوں کہ پہلے امام کی زوجہ تھیں کیوں اس لیے کہ امام کی متعدد زوجہ تھیں ۔دوسرے اماموں کی بھی متعدد زوجہ ہوتی تھیں پھر بھی کسی نے حضرت زہرا سلام اللہ علیھا کا مقام حاصل نھیں کیا۔ ان اکرمکم عند اللہ اتقاکماگرچہ خاتم النبیین حضرت پیغمبراکرم ﷺ کی بیٹی ہونا اور پہلے امام شیرخدا حضرت امام علی علیہ السلام کی زوجہ ہونا بھی کم مقام ومنزلت نہیں ۔لیکن جو تقوی اور مقام حضرت فاطمہ سلام اللہ علیھا کے لیے ہم کو ملتا ہے اس کا دوسری خواتین میں ملنا ممکن نھیں ہےاور یہی وجہ ہے کہ آپ سیدہ نساء العالمین ہیں کیوں اس لیے کہ زیارت نامہ حضرت زہرؑا کے مطابق آپ نے پہلے ہی امتحان اور آزمایش سے گذر چکی ہیں اور اسی طرح آپ کے فضیلتوں کی ایک وجہ یہ ہے کہ آپ نے ولایت و امامت کا دفاع کیا ہے۔آپؑ کا معنوی مقام، رکوع، سجود، عبادت، دعا، تلاوت، تضرّع و زاری، ملکوتی ذات اور معنویت بھری زندگی، پیغمبرِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلّم اور امیرالمؤمنین علیہ السلام کے ہم پایہ اور مساوی ہونے کی بہترین دلیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام عورت کو جس مقام کا حامل دیکھنا چاہتا ہے، اس کے لیے حقیقی نمونہ، یہی خاتون ہیں جنہیں فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کہا جاتا ہے۔فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی زندگی میں ایک خاص نکتہ پایا جاتا ہے جس پر توجہ دینا بہت ضروری ہے، اگرچہ ہم اس عظیم شخصیت کے معنوی اور روحانی مقام کی بحث میں نہیں پڑنا چاہتے اور نہ ہی ہمارے اندر فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے معنوی اور روحانی مقام و منزلت کو سمجھنے کی ہمّت ہے۔ انسانی اقدار کی بلند ترین چوٹی پر فائز اس عظیم شخصیت کی منزلت کو اللہ جانتا ہے یا وہ ہستیاں جانتی ہیں جو مقام و مرتبہ کے لحاظ سے خود اس شخصیت کی برابر ہوں۔ لہٰذا فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے مقام و مرتبہ کو آپؑ کے والدِ بزرگوارؐ یا شوہرِ نامدارؑ یا آپؑ کی معصومؑ اولاد ہی سمجھ سکتے ہیں۔اُس زمانے کے لوگ ہوں یا اس کے بعد سے لیکر آج کے لوگ، ان میں بھی اس عظیم الشان روحانی اور معنوی شخصیت کو سمجھنے کی صلاحیت نہیں پائی جاتی ہے۔ آپؑ کی معنویت کے نور کو ہر کوئی آنکھ بھانپ نہیں سکتی، خصوصاً وہ آنکھیں جو کمزور ہوں اور نزدیک کی چیزوں کو دیکھنے کی عادی ہوں، ان مین اس عظیم شخصیت میں موجود اعلیٰ انسانی اقدار کے جلوؤں کو دیکھنے کی صلاحیت ہی نہیں پائی جاتی۔